Tag: Mohammad Irfan

  • محمد عرفان دراز قد کے باعث جہاز کی سیٹوں میں‌ پھنس گئے

    محمد عرفان دراز قد کے باعث جہاز کی سیٹوں میں‌ پھنس گئے

    ڈھاکا : لمبے قد سے بلے بازوں کو پریشان کرنے والے پاکستانی بولر محمد عرفان نے دوران پرواز سیٹوں کے درمیان پھنس گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ فاسٹ بولر محمد عرفان ان دنوں بنگلا دیش پریمیئر لیگ میں سلہٹ سکسرز کی نمائندگی کررہے ہیں، فاسٹ بولر بنگلا دیش میں سفر کےلیے جہاز میں سوار ہوئے طویل القامت قد کے باعث خود مشکل کا شکار ہوگئے۔

    فاسٹ بولر محمد عرفان جہاز میں سوار ہوئے تو سیٹوں کے درمیان جگہ کم ہونے کے باعث ان کی ٹانگیں پھنس گئیں۔

    آسڑیلیا کے سابق کرکٹر ڈین جونز نے سوشل میڈیا پر محمد عرفان کی ویڈیو شیئر کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جہاز کے عملے نے محمد عرفان کو مشکل میں گرفتار دیکھا تو انہیں اکانوی کلاس سے بزنس کلاس یں منتقل کردیا۔

  • محمد عرفان نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

    محمد عرفان نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

    بارباڈوس: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عرفان نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں سب سے بہترین بولنگ کراتے ہوئے عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کیریبئن پریمیئر لیگ میں بارباڈوس کے لیے کھیلتے ہوئے محمد عرفان نے چار اوورز میں صرف ایک رن دیا، عرفان نے اسپیل کی پہلی گیند پر کرس گیل کو آؤٹ کیا اور دوسرے اوور میں ایون لوئس کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    عرفان نے اسپیل کے پہلے تین اوورز میڈن کرائے، چوتھے اوور کی پانچ گیندیں بھی ڈاٹ ہوئی، عرفان نے چار اوورز میں صرف ایک رن دیا جو اوور کی آخری گیند پر بنا۔

    محمد عرفان ایک اوور میں 0.25 کا رن ریٹ دے کر جنوبی افریقہ کے کرکٹر کرس مورس کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہوئے، نومبر 2014 میں کرس مورس نے 0.5 کے رن ریٹ کا ریکارڈ بنایا تھا۔

    محمد عرفان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی ریکارڈ قائم کرنا اعزاز کی بات ہے، جس پر وہ بہت اچھا محسوس کررہے ہیں، عرفان نے اپنے ٹویٹ میں بولنگ کا چارٹ شیئر کرنے کے ساتھ وکٹ حاصل کرنے کے بعد کی ایک تصویر بھی شیئر کی۔

  • محمد عرفان نے امریکی باسکٹ بال ٹیم کے لیے کھیلنے کی پیشکش مسترد کردی

    محمد عرفان نے امریکی باسکٹ بال ٹیم کے لیے کھیلنے کی پیشکش مسترد کردی

    پاکستانی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عرفان کا کہنا ہے کہ انہیں امریکا کی باسکٹ بال ٹیم کے لیے کھیلنے کی پیشکش ہوئی مگر انہوں نے وہ پیشکش مسترد کردی۔

    ایک انٹرویو میں محمد عرفان نے بتایا کہ ’مجھے امریکا کی طرف سے کھیلنے کی پیشکش کی گئی لیکن میں نے کہا کہ پاکستان ہی میرے لیے سب کچھ ہے اور پاکستان ہی کی وجہ سے میرا نام ہے‘۔

    عرفان نے بتایا کہ انہیں امریکی شہریت کی بھی پیشکش کی گئی تاہم انہوں نے اسے ٹھکراتے ہوئے امریکیوں پر واضح کردیا کہ وہ صرف پاکستان کے لیے ہی کھیلنا چاہتے ہیں اور ان کی ساری صلاحیتیں پاکستان کے لیے ہیں۔

    یاد رہے کہ سنہ 2010 سے اپنا ڈیبیو کرنے والے محمد عرفان اب تک 57 ون ڈے میچز کھیل چکے ہیں جن میں وہ 78 وکٹیں لے چکے ہیں۔ محمد عرفان نے 4 ٹیسٹ میچز میں بھی 10 وکٹیں لی ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کبھی اسپاٹ یامیچ فکسنگ نہیں کی‘ محمدعرفان

    کبھی اسپاٹ یامیچ فکسنگ نہیں کی‘ محمدعرفان

    لاہور: فاسٹ باؤلر محمد عرفان کاکہناہےکہ کبھی اسپاٹ یا میچ فکسنگ نہیں کی لیکن کچھ لوگ تاثر دے رہے ہیں کہ میں نے فکسنگ کی۔

    تفصیلات کےمطابق فاسٹ باؤلر محمد عرفان نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہاہےکہ اسپاٹ فکسنگ سےمتعلق بروقت بورڈ کو آگاہ نہ کرنے کی غطی پر پوری قوم سےمعافی مانگتاہوں۔

    فاسٹ باؤلر محمد عرفان کاکہناہےکہ کچھ لوگ تاثردےرہے ہیں کہ میں نےفکسنگ کی لیکن میری غلطی اتنی ہےکہ بروقت بورڈ کو نہیں بتایا۔

    خیال رہےکہ گزشتہ ماہ پی ایس ایل فکسنگ اسکینڈل میں ملوث فاسٹ باؤلر محمد عرفان نے پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کی چارج شیٹ کا جواب جمع کرا دیاتھا۔جس میں محمد عرفان نے اپنی غلطی تسلیم کی تھی۔


    عرفان نے غلطی مان لی‘ دس لاکھ جرمانہ اور1 سال کی پابندی عائد


    بعدازاں پی سی بی کی جانب سے فاسٹ باؤلر کو ایک سال کے لیے معطل کر دیا گیاتھاجبکہ ان پرچھ ماہ تک کرکٹ کھیلنے پابندی کےساتھ ان کا سینٹرل کانٹریکٹ بھی چھ ماہ کے لیے معطل کر دیا گیاتھا۔اور ان پر10 لاکھ روپےجرمانہ بھی عائد کیا گیاتھا۔

    پی سی بی ہیڈکوارٹرز میں اپنے وکیل اور بورڈ حکام کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئےمحمد عرفان نےکہا تھاکہ میں اپنی غلطی تسلیم کرتا ہوں اور قوم سے معافی مانگتا ہوں۔

    یاد رہےکہ محمد عرفان نے پاکستان کی جانب سے 4 ٹیسٹ میچ، 60 ون ڈے انٹرنیشنل، اور 20 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں۔

    واضح رہے کہ رواں سال فروری میں کھیلے جانے والی پاکستان سپر لیگ کے سیزن ٹو کے آغاز پر پاکستانی کھلاڑیوں شرجیل خان، خالد لطیف، ناصر جمشید، شاہ زیب حسن خان اور محمد عرفان پراسپاٹ فکسنگ کا الزام عائدکیاگیا تھا۔

  • اسپاٹ فکسنگ : محمد عرفان اورخالد لطیف نے بیان ریکارڈ کرادیا

    اسپاٹ فکسنگ : محمد عرفان اورخالد لطیف نے بیان ریکارڈ کرادیا

    لاہور : معطل کرکٹرز محمد عرفان اور خالد لطیف نے ایف آئی اے میں اپنا وضاحتی بیان ریکارڈ کرادیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے بکی سے ملنے کا اعتراف تو کیا لیکن اسپاٹ فکسنگ کے الزامات ماننے سے پھرانکارکردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپاٹ فکسنگ کیس کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اے حرکت میں آگئی ایف آئی اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹسز پر کرکٹر خالد لطیف اورمحمد عرفان لاہور میں ایف آئی اے کے سامنے پیش ہو گئے دونوں کرکٹر نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں اپنا بیان بھی حکام کو ریکارڈ کروا دیا۔

    ان دونوں کا پھر یہی کہنا تھا کہ سٹے باز سے پیسے نہیں لیے ایف آئی اے حکام نےڈھائی گھنٹے عرفان سے تفتیش کی۔ محمد عرفان نے بیان دیا کہ بکی نے رابطہ ضرور کیا لیکن فکسنگ نہیں کی، والد کا انتقال ہوچکا تھا اور والدہ بیمار تھی پریشانی میں بورڈ کو آگاہ نہیں کر پایا۔

    محمدعرفان نےاس سے پہلے پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کوبھی یہی بتایا تھا۔ ایف آئی اے عرفان کےضبط موبائل فون کا بھی جائزہ لےگی۔

    اس کے علاوہ خالد لطیف نے بھی ایف آئی اے کے سامنے صحت جرم سےانکار کرتے ہوئے اسپاٹ فکسنگ کے الزام کو مسترد کردیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل کرنے کے بعد فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کے خلاف مقدمات بھی درج کئے جائیں گے۔

  • اسپاٹ فکسنگ : محمد عرفان کل اورشاہ زیب منگل کو بیان ریکارڈ کرائیں گے

    اسپاٹ فکسنگ : محمد عرفان کل اورشاہ زیب منگل کو بیان ریکارڈ کرائیں گے

    لاہور : اسپاٹ فکسنگ میں کرکٹر محمد عرفان اور شاہ زیب حسن کو پی سی بی نے پیشی کیلئے سمن جاری کردیئے، دونوں کھلاڑی پیر اور منگل کو علیحدہ علیحدہ پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ میں اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے جس کے بعد مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے سلسلے میں محمد عرفان اور شاہ زیب حسن کو طلب کرلیا ہے، دونوں کرکٹرز کو پیش ہونے کے لیے باقاعدہ سمن جاری کردیئے گئے ہیں۔

    پی سی بی کے میڈیا ڈائریکٹر کے مطابق پیر کو محمد عرفان اور منگل کو شاہ زیب حسن سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ دونوں کھلاڑیوں کےخلاف اگر ثبوت ملے تو انہیں بھی نوٹس جاری کردیا جائےگا۔

    محمد عرفان کےخلاف پاکستان سپرلیگ کے دوران بھی تحقیقات کی گئی تھیں تاہم محمد عرفان ابھی تک کلیئر نہیں ہوئے ہیں، دونوں کرکٹرزدورہ ویسٹ انڈیز کے لئے لگائے جانے والے کیمپ میں اب تک شامل نہیں ہوئے ہیں۔

    مزید پڑھیں : پی ایس ایل فکسنگ، محمد عرفان اور شاہ زیب سے تحقیقات کا فیصلہ

    اس سے قبل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل منظرعام پر آنے کے بعد پی سی بی شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کرچکا ہے۔ اس کے علاوہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستان کرکٹ بورڈ قومی ٹیم کے اوپنر ناصر جمشید کو بھی معطل کیا جا چکا ہے۔ اسپاٹ فکسنگ کیس کی تحقیقات پی سی بی کا قائم کردہ ٹریبونل کرےگا۔