Tag: Mohmand

  • افسوسناک واقعہ : پانی سے بھری ٹنکی کھیلتے بچوں پر جاگری، 7 جاں بحق

    افسوسناک واقعہ : پانی سے بھری ٹنکی کھیلتے بچوں پر جاگری، 7 جاں بحق

    مہمند: صوبہ خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں پیش آئے افسوسناک واقعے نے ہر آنکھ کو اشکبار کردیا ہے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق مطابق مہمند کے علاقے میں پیش آیا، جہاں بچے پانی کی ٹنکی کے نیچے کھیل رہے تھے کہ اچانک پانی کی بھاری بھر کم ٹنکی ننھے بچوں پر آگری، جس کے باعث آٹھ بچے ٹنکی کے ملبے تلے دب گئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق دلخراش واقعے کی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں جائے حادثے پر پہنچی اور ملبے تلے دبے بچوں کو نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن شروع کیا، امدادی ٹیموں کے مطابق ملبے تلے دبے سات بچے دم توڑ چکے تھے جبکہ ایک بچے کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا، جہاں اسے طبی امداد دی جارہی تھی۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق بچوں کی عمریں چار سے بارہ سال کے درمیان ہیں، علاقے میں پیش آئے دلخراش واقعے پر ہر آنکھ اشکبار ہے اور پورا علاقے میں سوگ کی کیفیت ہے۔

    وزیراعلیٰ کے پی محمود خان نے مہمندمیں ٹینکی گرنےسے سات بچوں کےجاں بحق ہونےپر اظہار افسوس کیا ہے، اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

     

  • وزیراعظم نے آبی ذخائر سے متعلق بڑی خوشخبری سنادی

    وزیراعظم نے آبی ذخائر سے متعلق بڑی خوشخبری سنادی

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان پانچ دہائیوں بعد پانی کے دو بڑے ذخائربنانے جا رہاہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ منگلا، تربیلا کے بعد مہمند اوربھاشابڑے ڈیم ہوں گے، وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹ میں مہمند او ربھاشا ڈیمز کی تعمیرات سے متعلق ویڈیو بھی شیئر کی۔

    واضح رہے کہ دو مئی دو ہزار انیس میں وزیر اعظم عمران خان نے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھا تھا، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے بھی اس تقریب میں شرکت کی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  دیامیر بھاشا ڈیم سے پاکستان کو کیا فوائد مل سکیں‌ گے؟

    مہمند ڈیم ضلع مہمند میں دریائے سوات پر منڈا ہیڈ ورکس سے 5 کلومیٹر اپ سٹریم تعمیر کیا جا رہا ہے، 700 فٹ بلند ڈیم میں 12 لاکھ 9 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا۔ مہمند ڈیم کی تعمیر نومبر 2024 میں مکمل ہو جائے گی۔

    آبی ذخائر سے ابتدا میں 16 ہزار 37 ایکڑ رقبہ سیراب کیا جا سکے گا، ڈیم کی تعمیر سے سیلاب کے نقصانات پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی جبکہ اس سے 800 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔

  • وزیراعظم کا افغانستان سے تجارت کرنیوالوں کیلئے بارڈر مارکیٹیں کھولنے کا اعلان

    وزیراعظم کا افغانستان سے تجارت کرنیوالوں کیلئے بارڈر مارکیٹیں کھولنے کا اعلان

    مہمند : وزیراعظم عمران‌ خان کا کہنا ہے کہ اسمگلنگ پاکستان کو تباہی کررہی ہے، صنعتیں آگے نہیں بڑھ رہیں، افغانستان سے تجارت کرنیوالوں کیلئے بارڈرمارکیٹس کھول رہے ہیں،افغانستان میں امن سے قبائلی علاقوں میں بڑی تبدیلی آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق مہمند میں وزیراعظم عمران‌ خان نے عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت کی پالیسی سے معزز عمائدین کو آگاہ کرنا چاہتاہوں، نظریہ حکومت کا روڈ میپ ہوتا ہے ، مدینہ کی ریاست جن اصولوں پر کھڑی تھی وہی ہمارا نظریہ ہے، کمزور طبقے کو اوپرلانا ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نظریہ اور پالیسی سازی حکومت کی سمت کا تعین کرتی ہے ، ملک میں ترقی ہوتی ہے تو وہ سب کو اوپر اٹھانے کیلئےہونی چاہیے، ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ ایک علاقہ اٹھ جائےاورباقی پیچھے رہ جائیں۔

    عمران‌ خان نے کہا کہ ڈی جی خان،میانوالی،اندرون سندھ کےعلاقے پیچھے رہ گئے، پیچھے رہ جانیوالےوالوں میں قبائلی علاقے سب سے نمایاں ہیں، ماضی میں قبائلی علاقے کے ووٹ سے کوئی اقتدار میں نہیں آتا تھا، جو پارٹی اندرون سندھ سے آتی ہے وہ کراچی کیلئے کچھ نہیں کرتی۔

    ان کا کہنا تھا کہ پوری کوشش ہے کہ زیادہ سےزیادہ فنڈ قبائلی علاقوں پر خرچ کریں، صوبوں نے وعدہ کیا تھا کہ 3فیصد این ایف سی ایوارڈقبائلی علاقوں کو دیں گے ، افسوس ہے ہمیں حکومت ملی تو صوبوں کو اپنا وعدہ یاد نہیں ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ کے پی نے قبائلی علاقوں کو اپنا شیئر دے دیا،باقی کہتے ہیں برے حالات ہیں،وسطی پنجاب سے ن لیگ آئی اس نے جنوبی پنجاب پر توجہ نہیں دی، میری پوری کوشش ہےقبائلی علاقوں اور بلوچستان کو پورافنڈ ملے، قبائلی علاقوں کیلئے فنڈز کی فراہمی کیلئے پورا زور لگارہےہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ جو عناصر کےپی اور قبائلی علاقوں کاانضمام نہیں وہ افراتفری پھیلانے کی پوری کوشش کررہےہیں، کےپی اور قبائلی علاقوں کے انضمام روکنے کیلئے رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں ، اسمگلنگ پاکستان کو تباہی کررہی ہے، صنعتیں آگے نہیں بڑھ رہیں۔

    انھوں نے مزید کہا بارڈر مارکیٹس کھولنے کی تیاری کررہےہیں ، افغانستان سے تجارت کرنیوالوں کیلئے بارڈرمارکیٹس کھول رہے ہیں، افغان حکومت اور طالبان میں امن مذاکرات کی کامیابی کیلئے دعاگو ہیں، ایسے عناصر موجود ہیں جو نہیں چاہتے افغانستان میں امن ہو۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن سے قبائلی علاقوں میں بڑی تبدیلی آئے گی ، تجارت کے راستے کھلیں گے، افغان امن عمل کامیاب ہواتو خطے میں خوشحالی اور ترقی آئے گی۔

    عمران خان نے کہا کہ قبائلی علاقوں کی ترقی کیلئے کے پی حکومت کی ہر قسم کی مدد کی جائےگی ، 70سالوں میں قبائلی علاقوں میں سب سےزیادہ غربت ہے، قبائلی علاقوں میں تعلیم اور روزگار کے مواقع کم ہیں، ہماری کوشش ہے قبائلی علاقوں میں زیتون کے درخت لگائے جائیں، درخت ہم لگارہے ہیں،اگلے 4،3 سال تک اتنی آمدنی ہوگی جس کا اندازا نہیں، زیتون کے درخت لگانےسے ایکسپورٹ بھی بڑھے گی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک دشمن قوتیں مختلف طریقوں سے انتشار پھیلانے کی کوشش کرتی ہیں، افغانستان میں امن سے علاقائی ترقی کا نیا دور شروع ہوگا ،کمزور طبقے کو آگے لانے کا مطلب ان علاقوں کو آگے لے جانا ہے جو پیچھے رہ گئے ہیں۔

  • وزیر اعظم کی قبائلی علاقوں میں 3 اور 4 جی سروسز پہنچانے کی ہدایت

    وزیر اعظم کی قبائلی علاقوں میں 3 اور 4 جی سروسز پہنچانے کی ہدایت

    مہمند: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ سے انضمام کے بعد قبائلی لوگوں کو آگے لانے کا موقع ملاہے، 3 اور 4 جی سروسز قبائلی علاقوں میں لانے کی ذمہ داری مراد سعید کو دیتا ہوں۔ مشکل وقت سے گزر گئے، اب انشا اللہ اچھا وقت آئے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع مہمند پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال ہوا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ شاندار استقبال پر مہمند کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتاہوں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک عظیم نظریے پر بنا تھا، مسلمانوں کے لیے مدینہ کی ریاست نبی کی سنت ہے۔ مدینہ کی ریاست پر زندگی میں پیچھے رہنے والوں کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ احساس پروگرام بھی مدینہ کی ریاست کے ماڈل کے مطابق ہے۔ قبائلی علاقے کے لوگ دیگر پاکستان سے پیچھے رہ گئے ہیں، سب سے زیادہ غریب لوگ قبائلی علاقوں میں رہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نوکریوں کے لیے قبائلی لوگ دیگر شہروں اور ممالک میں جاتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ کا سب سے زیادہ نقصان قبائلی علاقوں میں ہوا۔ قبائلی علاقے پختونخواہ میں ضم ہوئے اور الیکشن ہوئے، کوئی بھی یہ نہیں سمجھتا تھا کہ قبائلی علاقے ضم ہوجائیں گے۔ اب ہمیں قبائلی لوگوں کو آگے لانے کا موقع ملا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کسانوں کو ٹیکنالوجی دے دی جائے تو بہت ترقی ہوگی، پورے مہمند میں زیتون کے باغات لگائیں گے، باغات لگانے سے ہمیں باہر سے زیتون منگوانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ احساس پروگرام کے تحت کاروبار کے لیے نوجوانوں کو قرضے دے رہے ہیں۔ آمدنی بڑھانے کے لیے خواتین کو گائے، بھینسیں اور مرغیاں لے کر دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہر سال نوجوانوں کو اسکالر شپس دیں گے، قبائلی علاقوں کے ڈھائی ہزار نوجوانوں نے اسکالر شپس کے لیے اپلائی کیا ہے۔ مہمند میں بہترین قسم کا سنگ مرمر کا ماربل ملتا ہے۔ مہمند میں سنگ مرمر کی انڈسٹری لگائیں گے۔ مہمند ڈیم سے قبائلی علاقوں میں پینے کا پانی فراہم کریں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جب میں قبائلی علاقوں کی بات کرتا تھا اس وقت کوئی بات نہیں کرتا تھا، قبائلی علاقوں کی آواز اب صوبائی اسمبلی میں اٹھے گی۔ 3 جی، 4 جی قبائلی نوجوانوں کا حق ہے۔ 3 اور 4 جی سروسز قبائلی علاقوں میں لانے کی ذمہ داری مراد سعید کو دیتا ہوں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حکمران پیسہ لوٹ کر باہر جائیں تو ملک غریب ہوتا ہے، کبھی ایسی جماعت کو ووٹ نہ دیں جس کے لیڈرز کا پیسہ ملک سے باہر ہو۔ ہم نے نظام ٹھیک کرنا شروع کردیا ہے، مشکل وقت سے گزر گئے، اب انشا اللہ اچھا وقت آئے گا۔

  • قبائلی ضلع مہمند میں انسداد پولیو ورکر کو قتل کردیا گیا ، ایک ملزم گرفتار

    قبائلی ضلع مہمند میں انسداد پولیو ورکر کو قتل کردیا گیا ، ایک ملزم گرفتار

    اسلام آباد: خیبرپختونخوا کے قبائلی علاقے کے ضلع مہمند میں واجد نامی انسدادپولیو ورکر  کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا،  ملزمان  میں سے ایک کو گرفتار کرلیا گیا ہے، گرفتار ملزم کےمطابق واجد کو ذاتی دشمنی پر قتل کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون برائے انسداد پولیو بابر بن عطا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا قبائلی ضلع مہمند میں واجد نامی انسدادپولیو ورکر کو شہید کر دیا گیا، شہید ورکروالدین کو پولیو ویکسی نیشن کیلئے آمادہ کررہا تھا، شہید کےخاندان کو انصاف دلانے کےلیےبھرپور کردار ادا کروں گا، ادارے قاتل کی گرفتاری کےلیےکارروائی کر رہے ہیں، انسدادپولیو ٹیموں سے وعدہ ہے کارروائی ضرورہوگی۔

    بابر بن عطا نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا مہمند ضلع میں پولیوورکر کو شہید کرنے والے ملزمان میں سے ایک کو گرفتار کرلیا ہے ، گرفتار ملزم کےمطابق واجد کو ذاتی دشمنی پر قتل کیا، انسدادپولیو ورکر کی شہادت پرسرکاری بیان جلد جاری کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ مقتول واجد یونین کونسل کی سطح پر پولیو ٹیم کے انچارج تھے اور پولیو مہم کی مانیٹرنگ میں مصروف تھے۔

  • ڈیم فنڈ، اداکارہ بابرہ شریف کی طرف سے 10 لاکھ روپے کا عطیہ

    ڈیم فنڈ، اداکارہ بابرہ شریف کی طرف سے 10 لاکھ روپے کا عطیہ

    لاہور: پاکستانی فلم انڈسٹری کی مشہور اداکارہ بابرہ شریف نےڈیمزفنڈمیں 10لاکھ روپےجمع کرادیئے۔

    تفصیلات کے مطابق اداکارہ بابرہ شریف نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار  سے ملاقات کی اور ڈیموں کی تعمیر کے حوالے سے 10 لاکھ روپے کا چیک دیا۔

    اس موقع پر بابرہ شریف کا کہنا تھا کہ ملک نےہمیں بہت کچھ دیا،اب ملک کےلیےکچھ کرناچاہیے، ہرپاکستانی کو دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کے فنڈ میں دل کھول کر حصہ لینا چاہیے۔ انہوں نے اپیل کی کہ ہر شہری کو اپنی استطاعت کے مطابق  فنڈ دینا  چاہے وہ 10روپے ہی کیوں نہ ہوں۔

    یاد رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کے حکم پر کھولے گئے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ میں پاکستانی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور اب تک انہوں نے کروڑوں روپے عطیہ کردیے۔

    مزید پڑھیں: ڈیم فنڈ، جناح اسپتال کے ملازمین کا دو دن کی تنخواہیں دینے کا اعلان

    سپریم کورٹ آف پاکستان کی ویب سائٹ پر 6 جولائی سے 18 اگست تک ڈیموں کی تعمیر کے لیے جمع ہونے والے فنڈ کے اعداد و شمار جاری کیے گئے، جس کے مطابق اب تک (ایک ارب گیارہ کروڑ نو لاکھ چورانوے ہزار دو سو سولہ روپے) عطیات جمع ہوچکے۔

    ڈیم فنڈ میں اب تک جمع ہونے والی رقم کی تفصیل

    واضح رہے 6 جولائی کو کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس آف پاکستان نے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے فوری طور پر دیامر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے احکامات اور فنڈز قائم کرنے کا حکم بھی جاری کیا تھا۔

    فنانس ڈویژن نے دیامربھاشا ڈیم فنڈز قائم کرنے کے لیے مختلف اداروں کو خط ارسال کیا تھا جس میں آڈیٹر جنرل، کنٹرولرجنرل اکاؤنٹس، اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان اور دیگر اداروں کے حکام سے لوگوں کی رقوم اسٹیٹ بینک اورنیشنل بینک کی برانچزمیں جمع کرانے کے انتظامات اور اس ضمن میں اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

    بعد ازاں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سب سے پہلے ڈیموں کی تعمیر کے لئے دس لاکھ روپے کا عطیہ جمع کرایا پھر میئر کراچی اور پیر پگارا نے ہر قسم کے تعاون کی پیشکش کی تھی اور وسیم اختر نے اپنی اور کے ایم سی افسران کی طرف سے ایک ایک لاکھ روپے فنڈ عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: ڈیم کی تعمیر کے لیے ایک ارب روپے جمع ہوگئے، رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے: چیف جسٹس

    مسلح افواج نے ڈیموں کی تعمیر کے کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ تینوں مسلح افواج کے افسران 2دن کی تنخواہ فنڈ میں جمع کرائی جبکہ گزشتہ ماہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے ملازمین نے بھی 2 کروڑ روپے چیک چیف جسٹس کو دیا جبکہ بحریہ ٹاؤن کراچی نے بھی خطیر رقم جمع کرانے کا اعلان کیا تھا۔

    چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے 15 لاکھ جبکہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اداکار حمزہ علی عباسی سمیت ملک میں بسنے والے دیگر لوگوں نے بھی ڈیمز کی تعمیر میں حصہ ڈالا، شاہد آفریدی نے اپنی اور فاؤنڈیشن کی جانب سے 15 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا بعدازاں پاکستانی نژاد برطانوی باکسر نے بھی 10 لاکھ روپے عطیہ کیے۔

    سیکیورٹی ایکسچینج آف پاکستان نے ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے 14 جولائی کو اہم فیصلہ کرتے ہوئے سرکلر جاری کیا تھا جس میں تمام رجسٹرڈ کمپنیوں کو کمرشل سماجی ذمہ داری کے تحت ڈیموں کی تعمیر میں عطیات دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔

    اسے بھی پڑھیں: چیف جسٹس کی 8 سالہ نواسی نے ڈیم کے لیے اپنی جیب خرچ عطیہ کردی

    سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر بنائے جانے والے دیامربھاشا اورمہمند کی تعمیر کے لیے فنڈقائم کیا جس میں اب اسٹیٹ بینک و دیگر نجی بینکوں ، سرکاری و پرائیوٹ اداروں کے ملازمین اور عوام کی جانب سے عطیات دینے کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔

    قومی بینک کی جانب سے عطیات جمع کرانے والے شہریوں کے نام اور رقم تاریخ کے ساتھ اپنی ویب سائٹ پر باقاعدگی کے ساتھ شیئر کیے جارہے ہیں۔ اسٹیٹ بینک نے ڈیمز اکاؤنٹ میں جمع کرائے گئے فنڈز کو بالحاظ ڈونر اور بینک ترتیب دیا اور  قومی بینک کے ترجمان یہ شہریوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ عطیہ کنندہ اپنی رقم اور تفصیل مذکورہ تاریخ پر جاکر دیکھ سکتا ہے۔

  • مہمند: مقامی انتظامیہ کا بچوں اور خواتین کے لیے پارکس کا تحفہ

    مہمند: مقامی انتظامیہ کا بچوں اور خواتین کے لیے پارکس کا تحفہ

    پشاور: قبائلی علاقے مہمند ایجنسی کے ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر مقامی انتظامیہ نے بچوں اور خواتین کی تفریح کے لیے خستہ حال کمیونٹی پارکوں کو دوبارہ بحال کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر مہمند ایجنسی واصف سعید کی ہدایت پر مقامی انتظامیہ نے علاقے کے خستہ حال پارک کو بحال کر کے بچوں اور خواتین کے لیے کھول دیا۔ مذکورہ پارک کی مرمت اور بحالی پر آنے والے اخراجات مقامی انتظامیہ اپنی مدد آپ کے تحت خود ادا کیے۔

    اعلامیے  کے مطابق خواتین اور بچوں کے لئے اس طرح کے پارکوں کی تعمیر اور اُن کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے جس کے لیے  ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر  باقاعدہ منصوبہ بندی کی گئی۔

    اعلامیے کے مطابق مکینوں کو خصوصی سہولیات فراہم کرنے کے لیے وسائل کی تخصیص، زمین کی خریداری اور وقت کا تعین ایک اہم ضرورت ہے اس لئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ ضلع بھر میں موجود تعلیمی ادارں میں کھیل کود کے میدان دوبارہ تعمیر کیے جائیں تاکہ طلباء کی زیادی سے زیادہ تعداد مستفید ہو۔

    مقامی حکومت کا ماننا ہے کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے میدان قائم ہونے سے مقامی بچے دن کے وقت کھیل سکیں گے جبکہ دوپہر کے بعد خواتین اسے بطور کمیونٹی پارک استعمال کریں گے۔

    اس ضمن میں سرگرمی کے لئے فنڈز کا اہتمام اپنی مدد آپ کے تحت کیا گیا جس میں مقامی لوگوں نے اپنے طور پر رضا کارانہ تعاون پیش کیا۔

    ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پہلے مرحلے میں قلیل وسائل کے باعث 10 تعلیمی اداروں میں کھیل کود کے میدان قائم کیے گئے جس سے 21ہزار سے زائد طالبات لطف اندوز ہوں گے۔

    علاوہ ازیں منتخب اسکولوں سے 5 کلومیٹر کے فاصلے پر کُل 114 تعلیمی اداروں میں 14703 طلباء زیرِ تعلیم ہیں، ضلع مہمند کی تمام تحصیلوں میں قائم کیے جانے والے کمیونٹی پارکس سے مقامی بچے اور خواتین لطف اندوز ہوسکیں گے۔