Tag: mohmand Dam

  • مہمند ڈیم پراجیکٹ کے لیے سعودی عرب کی جانب سے قرض منظور

    مہمند ڈیم پراجیکٹ کے لیے سعودی عرب کی جانب سے قرض منظور

    اسلام آباد: سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ مہمند ڈیم پراجیکٹ کے لیے 240 ملین ڈالر پاکستان کو دے گا، قابل تجدید توانائی سے چلنے والا مہمند ڈیم منصوبہ 800 میگا واٹ بجلی پیدا کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے جس کے تحت سعودی فنڈ برائے ترقی نے مہمند ڈیم منصوبے کے لیے 240 ملین ڈالر قرض منظور کرلیا ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رقم مہمند ملٹی پرپز ڈیم پراجیکٹ کے لیے سعودی فنڈ برائے ترقی نے فراہم کی ہے۔

    وزارت اقتصادی امور کا کہنا ہے کہ معاہدے نے پائیدار ترقی کے لیے دو طرفہ شراکت داری کو مضبوط کیا ہے، 240 ملین ڈالر کے قرض سے توانائی کی حفاظت کو فروغ ملے گا۔

    وزارت کے مطابق قابل تجدید توانائی سے چلنے والا مہمند ڈیم منصوبہ 800 میگا واٹ بجلی پیدا کرے گا، مہمند ڈیم منصوبہ پائیدار زراعت کو فروغ اور نئی زمین کی آبپاشی کو قابل بنایا جائے گا۔

  • وزیر اعظم عمران خان نے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    وزیر اعظم عمران خان نے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    مہمند: وزیر اعظم عمران خان نے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مہمند ایجنسی پر ساڑھے 4 ارب روپے خرچ کرنے کا اعلان بھی کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے تاریخ ساز منصوبے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے بھی تقریب میں شرکت کی اور خطاب کیا، جبکہ تقریب میں وفاقی وزرا، چیئرمین واپڈا اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ بھی شریک ہیں۔

    مہمند ڈیم ضلع مہمند میں دریائے سوات پر منڈا ہیڈ ورکس سے 5 کلومیٹر اپ سٹریم تعمیر کیا جا رہا ہے، 700 فٹ بلند ڈیم میں 12 لاکھ 9 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا۔ مہمند ڈیم کی تعمیر نومبر 2024 میں مکمل ہو جائے گی۔

    آبی ذخائر سے ابتدا میں 16 ہزار 37 ایکڑ رقبہ سیراب کیا جا سکے گا، ڈیم کی تعمیر سے سیلاب کے نقصانات پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی جبکہ اس سے 800 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس 6 جولائی 2018 کو کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق ہونے والی سماعت میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے فوری طور پر دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے احکامات اور فنڈز قائم کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

    ان کے احکامات کے بعد دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے لیے کھولے جانے والے فنڈز میں پاکستانیوں کی جانب سے عطیات دینے کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے اور اب تک ڈیم فنڈ میں 10 ارب سے زائد رقم جمع ہوچکی ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا خطاب

    وزیر اعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل واوڈا کے جو دل میں تھا سب کہہ دیا ہے، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا مشکور ہوں انہوں نے ڈیم کے لیے جدوجہد کی۔

    انہوں نے کہا کہ یہ عدالتوں کا کام نہیں کہ ڈیم بنائیں، حکومتوں کا کام ہے لیکن ہماری حکومتوں کی نااہلی کی وجہ سے جوڈیشری کو آگے آنا پڑا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ وادی تیراہ وہ علاقہ ہے جہاں انگریزوں کو شکست ہوئی، پاک فوج کو سلام پیش کرتا ہوں دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔ جنگ زدہ علاقوں میں لوگ سرمایہ کاری نہیں کرتے۔ آج لوگ پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، سرمایہ کاری چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ خوش آئند بات ہے پاکستان کا وزیر اعظم تیراہ گیا، قبائلی علاقوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں۔ سنہ 1960 کی دہائی میں پاکستان ترقی کر رہا تھا، کیا وجہ ہے برصغیر کے دیگر ممالک پاکستان سے آگے نکل گئے۔ چین کی ترقی مثال ہے، وہاں کی قیادت الیکشن کا نہیں سوچتی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ صوبائی دارالحکومت پر ترقیاتی فنڈز سے متعلق مثال دیکھ لیں، لاہور میں اوسط فی کس 70 ہزار روپے خرچ ہوتے تھے، دیگر علاقوں کے لوگوں نے بھی لاہور کا رخ کرلیا۔ اس وجہ سے لاہور کی آبادی بڑھی اور پانی جیسے مسائل پیدا ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ فیصلہ کیا ہے ساڑھے 4 ارب روپے مہمند پر خرچ کیے جائیں گے، سوئی کے علاقے سے قدرتی گیس نکلی اور پورے ملک میں چلی گئی، سوئی کے علاقے کو دیکھیں تو موئن جو دڑو کا مقابلہ کر رہا ہے۔ فیصلہ کیا ہے جس علاقے میں قدرتی وسائل ہوں گے انہیں فائدہ ہوگا۔ افغانستان کے ساتھ تجارت کے راستے کھولے جائیں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں 2 جی اور 3 جی کی سہولت دی جائے گی، قبائلی علاقوں میں تعلیم اولین ترجیح ہے فوری اقدامات کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ چین کا دورہ کر کے آیا ہوں، چین نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ الیکشن کے لیے گفتگو نہیں کروں گا ہم نے کام کر کے دکھانا ہے۔ ہمارے پاس صرف 2 بڑے ڈیم اور باقی چھوٹے چھوٹے ڈیم ہیں۔ چین میں 80 ہزار ڈیم ہیں وہ مستقبل کا سوچ رہے ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 50 لاکھ گھروں کے منصوبے کو جلد سے جلد مکمل کرنا ہے، چین کی نئی ٹیکنالوجی ہے ایک ہفتے میں ایک فلور تعمیر کر دیتے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کی حامل چینی کمپنی پاکستان میں بھی جلد کھلنے والی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مجھ سے جب جائیداد کے بارے میں پوچھا گیا تو ایک سال میں 60 دستاویزات پیش کیں، کہہ سکتا تھا کہ میں کھلاڑی تھا، قانون مجھ پر لاگو نہیں ہوتا لیکن میں نےتمام ثبوت پیش کیے اور عدالت نے مجھے بری کیا۔ ان سے پوچھو تو جمہوریت کے پیچھے چھپ رہے ہوتے ہیں۔

    وفاقی وزیر برائے آبی وسائل کا خطاب

    تقریب سے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ڈیم نہیں بنائے گئے کیونکہ کمائی پر توجہ تھی، مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے جا رہے ہیں جس پر بہت خوشی ہے، کوشش کی کالا باغ ڈیم بھی بن جائے لیکن کامیاب نہیں ہوسکا۔

    فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ بیرونی طاقتوں اور دشمن قوتوں نے ملک کو بنجر بنانے کی پوری کوشش کی، میری وزارت میں 128 لوگ ہوتے تھے ہم نے 6 افراد پر وزارت چلائی۔ پروپیگنڈا کیا گیا کہ مجھے سابق چیف جسٹس کی ڈیم فنڈنگ سے مسئلہ ہے، مجھے سابق چیف جسٹس کی ڈیم فنڈنگ سے کوئی مسئلہ نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس اور جسٹس صاحبان کی تقریب میں شرکت پر مشکور ہوں۔

    فیصل واوڈا نے 10 ویں روزے سے پہلے اپنے حلقے سے نوکریاں دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ احساس پروگرام کے ذریعے نوکریاں دینے کا آغاز کر رہے ہیں۔ ماضی کے حکمرانوں نے اپنے مفاد کے لیے ملک کو اندھیروں میں دھکیلا۔ ماضی میں حکمرانوں نے اپنی جیبیں اور تجوریاں بھریں، ملک کو تباہ کردیا۔

    انہوں نے کہا کہ 3 مرتبہ وزیر اعظم رہے اور آج جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں۔ سمدھی، بیٹے، داماد، بھائی اور ان کا پورا ٹبر آج ملک سے بھاگا ہوا ہے۔ وزیر اعظم صاحب آپ کو عوام نے ان لوگوں کے احتساب کے لیے منتخب کیا۔

    سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا خطاب

    سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں، آج اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا جس کے لیے سب نے جدوجہد کی، سپریم کورٹ اور ججز نے ڈیم سے متعلق فرض نبھایا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے یا سپریم کورٹ نے کسی پر کوئی احسان نہیں کیا۔ ڈیم فنڈز کے لیے اوور سیز پاکستانیوں نے دل کھول کر مدد کی۔ جس طرح کام ہو رہا ہے امید ہے ڈیم وقت مقررہ پر مکمل ہوجائے گا۔

  • مہمند ڈیم کی افتتاحی تقریب، آرمی چیف اور سابق چیف جسٹس کو بھی مدعو کیا گیا ہے

    مہمند ڈیم کی افتتاحی تقریب، آرمی چیف اور سابق چیف جسٹس کو بھی مدعو کیا گیا ہے

    اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت ہی مہمند ڈیم کی تعمیر کا منصوبہ مکمل کرے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے ساتھ خصوصی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے مہمند ڈیم کی تعمیرکا فیصلہ کیا ہے، وفاقی کابینہ اجلاس میں مہمند ڈیم کی تعمیرکی منظوری دی گئی، افتتاح 2 مئی کو کیا جا رہا ہے، وزیر اعظم سنگ بنیاد رکھیں گے۔

    فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ بیرونی اوراندرونی قوتوں نے مہمند ڈیم کو کالا باغ بنانے کی کوشش کی، مگر انھیں ناکامی ہوئی۔ وزیر اعظم سنگ بنیاد رکھیں گے، افتتاحی تقریب کے لئے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار آرمی چیف کو بھی مدعوکیا گیا ہے.

    پریس کانفرنس: صرف ہفتے دس دن میں پاکستان میں نوکریوں کی بارش ہونے والی ہے،فیصل واوڈا

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مہمند ڈیم کا پروجیکٹ 54 سال سے پھنسا ہوا تھا، یہ میری پیدائش سے بھی پہلے کا منصوبہ تھا، جو اس دور حکومت میں مکمل ہوگا.

    خیال رہے کہ اس موقع پر کابینہ اجلاس سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ وزیر اعظم نے اوگرا کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پر نظر ثانی کی ہدایت کی ہے۔

    اس موقع پر انھوں نے پی ٹی ایم کی ملک دشمن سرگرمیوں پر بھی روشنی ڈالی۔

  • وزیر اعظم عمران خان 2 مئی کو مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    وزیر اعظم عمران خان 2 مئی کو مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان 2مئی کو مہمندڈیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے، تقریب میں شرکت کے لئے دعوت نامے ارسال کردیئے گئے ہیں، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار بھی تقریب سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے مہمند ڈیم کی تعمیر شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، ڈیم کا سنگ بنیاد 2مئی کو رکھا جائے گا، جس کے لئے دعوت نامے ارسال کردیئے گئے ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان اس تاریخ ساز منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار بھی تقریب سے خطاب کریں گے جبکہ وفاقی وزرا ، چیئرمین واپڈا ، چیف منسٹر کے پی شریک ہوں گے۔

    یاد رہے چند روز قبل وفاقی وزیرآبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا تھا مہمندڈیم کاٹھیکہ ایوارڈ ہوگیا، جلدسنگ بنیادرکھا جائے گا، جسٹس(ر)ثاقب نثارکومہمندڈیم سنگ بنیادپربلائیں گے ، سابق چیف جسٹس ثاقب نثارکاڈیم کےلیےبہت اچھاکرداررہا۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم جلد مہمندڈیم کی تعمیر کا باقاعدہ افتتاح کریں گے،فیصل واوڈا

    واضح رہے کہ مہمند ڈیم ضلع مہمند میں دریائے سوات پر منڈا ہیڈ ورکس سے 5 کلومیٹر اپ سٹریم تعمیر کیا جا رہا ہے،700 فٹ بلنڈ ڈیم میں 1.293 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا،مہمند ڈیم کی تعمیر نومبر 2024 میں مکمل ہو گی۔

    خیال رہے 6 جولائی 2018 کو کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس آف پاکستان نے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے فوری طور پر دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے احکامات اور فنڈز قائم کرنے کا حکم بھی جاری کیا تھا۔

    جس کے بعد دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے لیے کھولے جانے والے فنڈز میں پاکستانیوں کی جانب سے عطیات دینے کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے اور اب تک ڈیم فنڈ میں 10 ارب سے زائد رقم جمع ہوچکی ہے۔

  • مہمند ڈیم کی نوکریوں میں مقامی افراد کو سو فیصد ترجیح دیں گے، محمود خان

    مہمند ڈیم کی نوکریوں میں مقامی افراد کو سو فیصد ترجیح دیں گے، محمود خان

    پشاور : خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ مہمند ڈیم کی نوکریوں میں مقامی افراد کو سو فیصد ترجیح دیں گے، بہت جلد مہمند میں بھی تھری جی اور فور جی سروس کا آغاز کیا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ نے جشن بہاراں کی تقریب میں بھی شرکت کی ۔خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے ضلع مہمند کا دورہ کیا اور جشن بہاراں کی رنگا رنگ تقریب میں شرکت کی۔

    تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت ضلع مہمند میں یونیورسٹی کیمپس بنانے کو یقینی بنائی گی، وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ قبائل نے بہت عرصے تک مشکلات جھیلیں،عوام اورسیکیورٹی اداروں کی قربانیوں سے امن قائم ہو چکاہے، نوجوانوں اب نے مستقبل سنبھالنا ہے،اب قبائلی عوام نے بڑھ چڑھ کر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

    وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ آج مہمند کے عوام کے لیے روزگاراسکیم کا افتتاح کر دیا ہے،ایک ارب روپے روزگار اسکیم کے لیے مختص کیے جا چکے ہیں،اسکیم سے ضلع مہمند کے نوجوانوں اور مستحق افراد کو بلا سود قرضے دیئے جائیں گے۔

    جشن بہاراں کے موقع پر کیپٹن روح اللہ شہید اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے سامنے مختلف کرتب بھی دکھائے،وزیر اعلی نے جشن بہاراں سپورٹس فیسٹول میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں شیلڈ بھی تقسیم کیے۔

  • شیخ رشید کی چیف جسٹس سے ملاقات، ڈیم فنڈز کے لیے ریلوے کی طرف سے خطیر رقم کا چیک پیش

    شیخ رشید کی چیف جسٹس سے ملاقات، ڈیم فنڈز کے لیے ریلوے کی طرف سے خطیر رقم کا چیک پیش

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے لیے ادارے کی جانب سے خطیر رقم کا چیک پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان کی ہدایت پر کھولے جانے والے سپریم کورٹ اور وزیراعظم ڈیم فنڈ میں پاکستانی ملی وحدت کے ساتھ بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور ہر کوئی اپنے طور پر ڈیموں کی تعمیر کےلیے عطیات جمع کروا رہا ہے۔

    دیامربھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے قائم فنڈ میں اب تک اسٹیٹ بینک و دیگر و نجی بینکوں سمیت دیگر سرکاری و پرائیوٹ اداروں کے ملازمین اور عوام نے کروڑوں روپے عطیہ کیے جس کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    شیخ رشید احمد نے محکمہ ریلوے کی جانب سے 6 کروڑ روپے کا چیک چیف جسٹس آف پاکستان کو دیا۔

    سائٹ پر ڈیمز فنڈ کے لیے جمع ہونے والے عطیات کی تفصیل

    دوسری جانب سپریم کورٹ آف پاکستان کی ویب کے مطابق اب تک پاکستانیوں نے ڈیبیٹ کریڈٹ کارڈ، میسجز اور کیش کی صورت میں 9 ارب 18 کروڑ 90 لاکھ 89 ہزار 585 روپے کی خطیر رقم دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کے لیے عطیہ کی۔

    پاکستانیوں نے ڈیبٹ / کریڈٹ کارڈ اور موبائل میسج کے ذریعے بھی ڈیم فنڈ میں عطیات جمع کروائے جبکہ مختلف بینکوں میں کھولے جانے والے ڈیمز فنڈ میں رقم جمع ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

    مزید پڑھیں: ڈیم فنڈ: نارروے میں‌ مقیم پاکستانیوں‌ نے دو گھنٹے میں 8 کروڑ روپے عطیہ کردیے

    سپریم کورٹ کی جانب سے قائم کیے جانے والے ڈیم فنڈ میں اب تک پاک فوج کی جانب سے سب سے زیادہ 58 کروڑ سے زائد کی رقم جمع کرائی جبکہ اے آر وائی کے سی ای او سلمان اقبال نے بھی ایک لاکھ ڈالر کی خطیر رقم عطیہ کی۔

    ڈیم فنڈز کھولنے کا حکم

    یاد رہے کہ 6 جولائی کو کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس آف پاکستان نے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے فوری طور پر دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے احکامات اور فنڈز قائم کرنے کا حکم بھی جاری کیا تھا۔

    چیف جسٹس آف پاکستان کی ہدایت پر کھولے جانے والے ڈیم فنڈ میں ہر پاکستانی اپنی استطاعت کے مطابق حصہ لے رہا ہے جبکہ بہت سے صارفین موبائل میسج کے ذریعے 10 روپے کی رقم بھی عطیہ کررہے ہیں۔

    چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے 15 لاکھ جبکہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اداکار حمزہ علی عباسی سمیت ملک میں بسنے والے دیگر لوگوں نے بھی ڈیمز کی تعمیر میں حصہ ڈالا، شاہد آفریدی نے اپنی اور فاؤنڈیشن کی جانب سے 15 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا بعدازاں پاکستانی نژاد برطانوی باکسر نے بھی 10 لاکھ روپے عطیہ کیے۔

    یہ بھی پڑھیں: واشنگٹن : ڈیم فنڈ ریزنگ تقریب میں دس کروڑ سے زائد کے عطیات جمع

    چیف جسٹس آف پاکستان نے خود بھی ڈیم فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور خطیر رقم جمع کرائی اس کے علاوہ مختلف ممالک میں مقیم سمندر پار پاکستانیوں نے بھی دل کھول کر عطیات جمع کرائے۔

    ایک روز قبل امریکی گلوکار ایکون نے بھی پاکستانیوں سے اپیل کی تھی کہ وہ ڈیم فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ پاکستان کو محفوظ مستقبل دیا جاسکے۔

  • ن لیگ اور پیپلز پارٹی مہمند ڈیم کو متنازع بنا رہی ہیں: فیصل واوڈا

    ن لیگ اور پیپلز پارٹی مہمند ڈیم کو متنازع بنا رہی ہیں: فیصل واوڈا

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے مہمند ڈیم پر جھوٹا بیانیہ ایوان میں پیش کیا.

    ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے قومی اسمبلی میں تقریر کرتےہوئے کیا. اس دوران انھوں‌ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی تقریر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا.

    [bs-quote quote=”پاکستان کی بہتری کے لئے مہمند ڈیم کی تعمیر نہیں رکے گی، مہمند ڈیم کا افتتاح ہوگا، تعمیر ہوگا اور پھر مکمل بھی ہوگا،” style=”style-7″ align=”left” author_name=”فیصل واوڈا”][/bs-quote]

    فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے  پارلیمنٹ میں جھوٹا بیانیہ دیا اور ایوان سے بھاگ گئے، جس بربریت سے ملک کو لوٹا گیا، اسی بربریت سے جھوٹا بیانیہ بنایا گیا، وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن لیڈرنے جو پیپرا رولز بتائے، وہ جھوٹ پر مبنی ہیں، پیپرا رولز انگریزی میں سمجھ نہیں آتے تو اردو میں لاؤں گا.

    فیصل واوڈا نے کہا کہ 54 سال سے مہمند ڈیم تاخیر کا شکار اور فائلوں کی حد تک تھا، مہمند ڈیم پر چیف جسٹس پاکستان کا نوٹس لینے پر شکریہ ادا کرتا ہوں.

    انھوں نے کہا کہ جو اشتہار کے ذریعے ہوں، اُسے سنگل بڈنگ نہیں کہا جا سکتا، سنگل بڈنگ کے لئے وزیراعظم اور کابینہ کی منظوری لازمی ہوتی ہے، وزیراعظم اور کابینہ کسی رشتے دار کو کنٹریکٹ دینے کی مجاز نہیں.

    فیصل واوڈا نے کہا کہ ہمارے مخالفین کو تکلیف ہے کہ مہمند ڈیم کیوں بنایاجارہا ہے، مہمند ڈیم کے معاملے پر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی، انھوں‌نے پہلے بھی ملک میں ایسے کام کئے کہ انھیں منہ چھپانا پڑا.

    پاکستان کی بہتری کے لئے مہمند ڈیم کی تعمیر نہیں رکے گی، مہمند ڈیم کا افتتاح ہوگا، تعمیر ہوگا اور پھر مکمل بھی ہوگا.

    مزید پڑھیں: آئندہ نسلوں کو بچانے کے لیے ڈیم کے سوا کوئی راستہ نہیں، چیف جسٹس

    فیصل واوڈا کے مطابق چیف جسٹس نے نوٹس لے کر پاکستان کی سالمیت کی بات کی، مہمند ڈیم کے معاملے پر 5 کمپنیوں نے بڈنگ کے عمل میں حصہ لیا، 2017 نومبر میں ٹینڈرزکو کال ان کیا گیا، جون 2018 میں دستاویز جمع ہوئے، جون 2018 میں پی ٹی آئی حکومت یا عمران خان وزیراعظم نہیں تھے، ٹینڈر کا فیصلہ حکومت نہیں بلکہ ملکی و غیرملکی فورمز کی رپورٹ پر کیا گیا.

    فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی دونوں مہمند ڈیم کو متنازع بنا رہی ہیں، پاکستان کے مسئلے حل ہوگئے تو ان کی سیاست دفن ہوجائی گی.

    ان کا کہنا تھا کہ فوج پر تنقید کرنے والوں نے آج آرمی چیف کی تعریف کی، جس کی خوشی ہوئی.

  • مہمند ڈیم کے ٹھیکے  سے متعلق پارلیمنٹ کی کمیٹی بنائی جائے ،شہبازشریف

    مہمند ڈیم کے ٹھیکے سے متعلق پارلیمنٹ کی کمیٹی بنائی جائے ،شہبازشریف

    اسلام آباد : قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہمند ڈیم کیلئے بھی ہماری حکومت نے دو ارب روپے مختص کیے تھے، زمین بھی ن لیگ نے خریدی، مہمند ڈیم کے ٹھیکے سے متعلق پارلیمنٹ کی کمیٹی بنائی جائے۔

    ان خیالات کااظہار انہوں نے قومی اسمبلی سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مہمند ڈیم سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ آبی ذخائراورہائیڈرل پاورپراجیکٹ وقت کی اہم ضرورت ہیں، مہمند ڈیم بہت اہمیت کا حامل ہے، دیامر بھاشا ڈیم پر100ارب کے اخراجات آئے، ن لیگ نے زمین خریدی۔

    مہمند ڈیم کیلئے بھی ہماری حکومت نے دو ارب روپے مختص کیے تھے، مہمند ڈیم کا ٹھیکہ جس کو دیا گیا اس پر بہت بڑا سوال ہے، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت شروع ہوئی تو18،18گھنٹےلوڈ شیڈنگ اور کاروبار بند تھا، اسپتالوں اور اسکولوں میں بجلی نہیں تھی اور ایکسپورٹ تباہ تھیں، ان مسائل کا ذمہ دار کسی ایک حکومت کو نہیں ٹھہرایا جاسکتا۔

    ہمارے دورحکومت میں مسائل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا گیا،3پلانٹس لگائے گئے جو اس وقت 3600میگا واٹ بجلی فراہم کررہے ہیں،1200میگاواٹ کا چوتھا پلانٹس انسولیشن میں ہے، میں الزام تراشی نہیں کرنا چاہتا جو کوئی کرے گا تو وہ بھرے گا، ہمیں بھی جواب دینا آتاہے۔

    اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ مہمند ڈیم کا عمل پچھلے کئی سالوں سے جاری ہے، مہمند ڈیم کی بڈنگ کا عمل ہمارے دور حکومت میں شروع کیا گیا، مہمند ڈیم کا ٹھیکہ پی ٹی آئی کی حکومت میں دیا گیا، مہمند ڈیم کے کنٹریکٹ کی ذمہ داری پی ٹی آئی حکومت کی ہے،800میگاواٹ کے مہمند ڈیم کی تکمیل کے5سے6سال درکار ہیں۔

    سنگل بڈ پیپرا قوانین کےخلاف نہیں، اس کے ساتھ کچھ لوازمات ہیں،3پاورپلانٹس منصوبوں میں بڈنگ قوانین پرپوری طرح عمل کیاگیا، سنگل بڈ پرکنٹریکٹ دیاجاتاہے تواس کےساتھ ضرورتیں پوری کرناہوتی ہیں،3600میگاواٹ کے3پلانٹس آدھی بجلی پیداکررہےہیں، لوڈشیڈنگ دم توڑ چکی ہے تو مہمند ڈیم پرایسی کیا جلدی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ عوام پرمہنگائی،بےروزگاری کاپہاڑچڑھ گیااسکاکوئی ذمہ دارہے، مہمند ڈیم کی سنگل بڈنگ کیوں منظورکی گئی دوبارہ کیوں نہیں ہوئی، مہمند ڈیم کی سنگل بڈ منظور کرنے کی کیا وجہ تھی ، پی ٹی آئی کو روشن پاکستان تحفہ میں دیاہے پھر کیا جلدی تھی، حکومت نےمہمندڈیم کی بولی میں پیپرارولزنظراندازکئے۔

    شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی مدد کو آنے پرسعودی عرب، یواےای اور چین کی مہربانی ہے، دوست ممالک آرمی چیف کی وجہ سے ملک کو قرضہ دے رہےہیں، قرضہ ملنے پر حکومت کا اس میں کوئی کمال نہیں، حکومت 5ماہ سےشفافیت اور میرٹ کاشور مچارہی ہے، مہمند ڈیم کاسنگل بڈنگ پرٹھیکہ عوامی وسائل پرڈاکےکےمترادف ہے۔

  • چیف جسٹس کا شکوہ : وزیراعظم کی مہمند ڈیم کی افتتاحی تقریب کی تاریخ تبدیل کرنے کی ہدایت

    چیف جسٹس کا شکوہ : وزیراعظم کی مہمند ڈیم کی افتتاحی تقریب کی تاریخ تبدیل کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے چیف جسٹس ثاقب نثار کے شکوے کے سبب مہمند ڈیم کی افتتاحی تقریب کی تاریخ تبدیل کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے ملاقات کی اور انہیں مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کی تاریخ کی تبدیلی پر چیف جسٹس کے اظہار برہمی سے آگاہ کیا۔

    فیصل واوڈا نے بتایا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار ڈیم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے آمادہ نہیں ہیں جبکہ میں چیف جسٹس سے تاریخ کی تبدیلی پر معذرت بھی کر چکا ہوں۔

    وزیراعظم نے تمام صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصل واوڈا کو ہدایت دی کہ ڈیم کی افتتاحی تقریب ملتوی کی جائے اور چیف جسٹس کے راضی ہونے تک افتتاحی تقریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا جائے۔

    مزید پڑھیں: چیف جسٹس کا مہمند ڈیم کے سنگ بنیاد کی تاریخ بدلنے پر حکومت سے شکوہ

    یاد رہے کہ مہمند ڈیم کی افتتاحی تقریب پہلے دو جنوری کو ہونا تھی جسے تبدیل کرکے13جنوری کو کردیا گیا، آج کیس کی سماعت کے موقع پر چیف جسٹس نے تاریخ کی تبدیلی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تقریب میں شرکت سے انکار کردیا۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے مہمند ڈیم کےسنگ بنیاد کی تاریخ بدلنے پر حکومت سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سےاجازت لیے بغیر سنگ بنیاد کی تاریخ بدل دی گئی، شاید میں سنگ بنیاد تقریب میں نہ جاؤں آپ وزیراعظم کو لے جائیں۔

  • وزارت آبی وسائل یاواپڈا نہیں سپریم کورٹ کی نگرانی میں ڈیم بنےگا، ‌‌‌‌چیف جسٹس

    وزارت آبی وسائل یاواپڈا نہیں سپریم کورٹ کی نگرانی میں ڈیم بنےگا، ‌‌‌‌چیف جسٹس

    اسلام آباد: چیف جسٹس نے واپڈاسے ڈیم کی تعمیرکاحتمی شیڈول تحریری طورپرطلب کرلیا اور  گورنراسٹیٹ بینک کوڈونرزکی مشکلات حل کرنے کی  ہدایت دیتے ہوئے کہا وزارت آبی وسائل یاواپڈانہیں سپریم کورٹ کی نگرانی میں ڈیم بنےگا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 5رکنی لارجربینچ نے دیامر بھاشا،مہمندڈیم کےحوالے سے کیس کی سماعت کی، اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔

    اٹارنی جنرل نے دیامربھاشاڈیم تعمیرکاٹائم فریم پیش کردیا، جس پر چیف جسٹس نے کہا واپڈاہم سےکوئی رابطہ نہیں کررہا، واپڈاسمجھتاہے اسےآزادی مل گئی اب وہ مرضی سےکام کرےگا، ڈیمزکی تعمیرکی ابتداعدالت عظمیٰ نے کی، ڈیمزکی تعمیر کی نگرانی سپریم کورٹ کرےگی، وزارت آبی وسائل یا واپڈا نہیں سپریم کورٹ کی نگرانی میں ڈیم بنےگا۔

    چیف جسٹس نے استفسار کیا ہمیں بتائیں کب افتتاح کرناہے کب کام شروع کرناہے، جس پر اٹارنی جنرل نے کہا ایک ڈیم 2027 میں بنےگا، چیف جسٹس نے مزید کہا آپ کےوزیراعظم کےمطابق2025 میں ملک میں پانی ختم ہوجائےگا، بابوسرٹاپ سے مشینری لے جانا ممکن نہیں، وہاں ٹنل بنائے بغیر گزارا نہیں۔

    اٹارنی جنرل نے کہا بھاشاڈیم تک رسائی کیلئے دوسرے راستوں کو بھی استعمال کیاجائے گا ، این ایچ اے بابوسر سرنگ کے لیے کنسلٹنٹ کی رپورٹ دے گا، سردیوں میں برفباری کے باعث سرنگ کاکام متاثرہوگا۔

    جسٹس اعجازالاحسن نے کہا سرنگ کی تعمیرمیں 5سال لگ جائیں گے ، جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ این ایچ اے حکومت کاحصہ ہے، منصوبے پر کام کے لیے منصوبہ بندی حکومت نےکرنی ہے۔

    قوم ڈیم کے لیے پیسہ دے رہی ہے، حکومت نے فنڈز اکھٹے کرنے کے لیے کیاکیا ہے؟ چیف جسٹس

    چیف جسٹس نے استفسار کیا کیاواپڈا تعمیرکی سکت رکھتا ہے، کیا ڈیم کی تعمیر کے لیے کسی دوسرے ادارے کی خدمات لینا پڑیں گی، کیا وزیراعظم نے معاملے پر کو آرڈی نیشن کمیٹی تشکیل دی ہے، کیا 5 سال ایسے ہی گزر جائیں گے۔

    اٹارنی جنرل نے بتایا بابوسرسرنگ کی لمبائی 30 کلومیٹر ہے، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا قوم ڈیم کے لیے پیسہ دے رہی ہے، حکومت نے فنڈز اکھٹے کرنے کے لیے کیاکیا ہے؟ لوگ پوچھتے ہیں، عدالت عظمیٰ کے نام پر لوگ پیسہ دے رہے ہیں، لوگ مدد کرنے کے لیے تیار ہیں۔

    چیف جسٹس نے مزید کہا کیاحکومت نے صرف بیان بازی کی ہے؟ حکومت نے ڈیمز کے لیے کیا کیا اب تک؟ یہ عدالت کامعاملہ نہیں قوم کی بقا کا معاملہ ہے،  جسٹس فیصل عرب کا کہنا تھا کہ سرنگ کے لیے 450 ارب کی لاگت سمجھ سے بالاتر ہے، جس پر اٹارنی جنرل نے بتایا ایک کلومیٹر پر ایک ارب روپے لاگت آئےگی۔

    اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا ڈیم کا کل تخمینہ 1450ارب روپے ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا حکومت نے کبھی سوچا ڈیم بنانے کے لئے پیسے کہاں سے آئیں  گے، کبھی نہیں کہا فنڈ سے ڈیم بن جائےگا لیکن کمپین بن جائےگی، یہ ایک کمپین بن گئی ہے۔

    جسٹس ثاقب نثار نے کہا آج بھی ایک شخص 10لاکھ کاچیک دےگیا میری جیب میں پڑاہے، یہ ہےوہ جذبہ جس سےکام ہوتے ہیں، آپ کا صرف یہ کام ہے،  ٹی وی پر ایک دوسرے کے خلاف بیان دیں، میں نے کہا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کمیٹی قائم کریں۔

    جسٹس میاں ثاقب نثار نے  ریمارکس میں کہا ہمیں حکومت کی پالیسی درکار ہے، کیاحکومت ڈیمزکی تعمیر میں سنجیدہ ہے؟ کیوں ناروزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت کریں۔

    ڈیمز کا کوئی تنازع ہوا تو عدالت عظمیٰ اٹھایا جائے، ڈیمز کا تنازع دوسری عدالتوں میں نہیں سناجائےگا

    چیئرمین واپڈا اور وفاقی وزیرآبی وسائل فیصل واوڈاعدالت میں پیش ہوئے، چیئرمین واپڈا نے بتایا واپڈا کو بدنام کیا جارہاہے،ڈیم کی تاخیرکی مہم چلائی جا رہی  ہے، ڈیم کے ٹھیکے سے متعلق بھی غلط الزام لگایاجا رہاہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا حکم دیں گے ڈیمز کا کوئی تنازع ہوا تو عدالت عظمیٰ اٹھایا جائے، ڈیمز کا تنازع دوسری عدالتوں میں نہیں سناجائےگا۔

    جسٹس اعجازالاحسن نے کہا قومی منصوبہ پرسیاست المیہ ہے، جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیے مہمندڈیم کے لیے فنڈز کیسے اکھٹے ہوں گے، چیئرمین  واپڈا نے عدالت کو بتایا مہمند ڈیم کے لیے 309 ارب درکار ہوں گے، حکومت 114ارب 6سال میں دےگی۔

    جسٹس فیصل عرب نے استفسار کیا کیاایک ارب روپے فی کلومیٹر میں سڑک بنتی ہے، جسٹس اعجازالاحسن نے کہا چیئرمین این ایچ اے ٹنل سے متعلق بہتر  بتاسکتے ہیں،جسٹس عمر عطابندیال کا کہنا تھا ڈیم سے متعلق کوئی کمٹمنٹ نظرنہیں آرہی۔

    چیئرمین واپڈا نے کہا آئندہ ہفتے مہمندڈیم کی تعمیرکاکام شروع ہوگا، 4سال پہلے جہاں جنگ تھی اب وہاں ڈیم بنےگا، آئندہ اتوار کو مہمند اور جولائی میں دیامر بھاشا ڈیم کا افتتاح ہوگا، ڈیمز بنانے کیخلاف جنگ جاری ہے، جس کا مقصد ڈیمزکی تعمیرمیں تاخیر ہے، نومبر2023میں سپل وےکی تعمیرمکمل ہوگی۔

     ڈیمزتعمیرکی ٹائم لائن تحریری طور  پر دیں، چیف جسٹس کی ہدایت

    چیف جسٹس نے ہدایت کی ڈیمزتعمیرکی ٹائم لائن تحریری طور  پر دیں، واپڈا کو ڈیمز سے متعلق قابل احتساب بنائیں گے، واپڈا کی رفتار سے خوش نہیں ہوں۔

    چیئرمین واپڈا نے مزید بتایا جس تیزی سےکام ہورہا ہے مطمئن ہوں، 2024 میں بننے والا ڈیم2023 میں مکمل کریں گے، مارچ کے وسط تک ٹھیکیدار اپنا کام شروع  کر دے گا، علاقہ عمائدین کے تعاون سے زمین میں کوئی مشکل نہیں، زمین کے حصول کے لئے 684 ملین روپے ادا کرچکے ہیں۔

    جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس میں کہا پروپیگنڈا چلنے سے کام نہیں رک سکتے، پروپیگنڈہ چلتا رہتا ہے، اس کی پرواہ نہ کریں، ڈیم کےتمام معاملات عملدرآمد بینچ دیکھےگا، شفافیت سمیت کسی کوکوئی اعتراض ہوتو سپریم کورٹ آئے، آپ چاہتے ہیں ہم ٹی وی پر ہونے والی بحث پرپابندی لگادیں۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اظہاررائےکےنام پرڈیمزکےخلاف پروپیگنڈہ کیاجارہاہے، جس کوتکلیف ہےعدالت آئےہم جائزہ لیں گے، عدالت نے پانی کی قیمت مقرر کی، لوگ کہہ رہےہیں موبائل کارڈکاٹیکس ڈیمزفنڈکودیں، کسی نےموبائل ٹیکس سے متعلق عدالت سےرجوع نہیں کیا۔

    جسٹس ثاقب نثار نے کہا بیرون ملک سےلوگوں کوفنڈنگ میں مسائل ہیں گورنراسٹیٹ بینک کوکئی بارفنڈنگ کامسئلہ حل کرنے کا کہا، گورنراسٹیٹ بینک نے  عدالت کو بتایا مقامی چارجزختم کرچکے ہیں، انٹرنیشنل چارجزختم کرناہمارا اختیارنہیں، جس پر چیف جسٹس نے کہا ڈیمز فنڈ کی رقم کہاں انوسٹ کی جائے۔

    گورنراسٹیٹ بینک نے مزید بتایا عدالت کوتحریری طورپرسرمایہ کاری سےآگاہ کرچکاہوں، 10 اعشاریہ 349 فیصد پر 3ماہ کے لئے ٹریثری بل جاری کیے جا سکتے  ہیں، چیف جسٹس کا کہنا تھا ٹریژری بلز  پر حکومت کامؤقف بھی سن لیں گے، موبائل ٹیکس سے متعلق کل ایف بی آر کا مؤقف بھی لیں گے، اینگرو اور  ٹیکسٹائل والے بھی مفت پانی لے رہے ہیں۔

    گورنراسٹیٹ بینک کا کہنا تھا واٹرسیس لگایاجائے تو کسی اور مقصدکے لئے پیسہ استعمال نہیں ہوگا، چیئرمین واپڈا نے کہا بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لئے کمپنی بنائی جائےگی، کمپنی کیلئے ایس ای سی پی سے رابطہ کرلیاگیا ہے۔

    چیف جسٹس نے کہا پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تعمیر کیوں نہیں کرتے، عوام کوڈیمز کے شیئرزکیوں نہیں دیتے۔

    ڈیم سے متعلق ہر  تنازع پر براہ راست سپریم کورٹ فیصلہ کرےگی

    چیف جسٹس نے واپڈا سے ڈیم کی تعمیرکاحتمی شیڈول تحریری طور پر طلب کرلیا اور گورنر اسٹیٹ بینک کوڈونرزکی مشکلات حل کرنےکی ہدایت کی جبکہ موبائل کارڈز کے معطل شدہ ٹیکس سے متعلق فیصلےکے لئے چیئرمین ایف بی آر کو طلب کرلیا۔

    عدالت نے کہا آگاہ کیاجائے کیا موبائل ٹیکس،واٹرسیس کی صورت میں پیسہ جمع کیاجاسکتاہے،  ڈیم سے متعلق ہر  تنازع پر براہ راست سپریم کورٹ فیصلہ کرےگی۔

    ڈیمزکےخلاف پروپیگنڈے پر عدالت نے چیئرمین پیمراکو طلب کرلیا اور  ڈیمز سے  متعلق کیس کی سماعت بدھ تک ملتوی کردی۔