Tag: mohsin naqvi

  • مظاہرین ڈی چوک پر آئے تو انتہائی قدم اٹھائیں گے، وزیر داخلہ

    مظاہرین ڈی چوک پر آئے تو انتہائی قدم اٹھائیں گے، وزیر داخلہ

    اسلام آباد : وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہم نے پی ٹی آئی کو کہا تھا کہ سنگجانی میں احتجاج کرلیں، اگر وہ ڈی چوک پر آنے پر بضد رہے تو ہم ہر قدم اٹھائیں گے چاہے دفعہ 245 ہی کیوں نہ لگانی پڑے۔

    انہوں نے بتایا کہ ریکارڈ پر رکھ رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کو سنگجانی میں احتجاج کی پیش کش کی گئی تھی اطلاعات ہیں کہ پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے بھی اجازت مل گئی ہے، لیکن اگر وہ ڈی چوک پر آنے پر بضد ہیں تو ہم ہر قدم اٹھائیں گے بےشک245لگانا پڑے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں دوسرے ملک کے سربراہ آئے ہوئے ہیں، سخت قدم نہیں اٹھانا چاہتے، ہمیں ریڈ لائن کراس نہ کرنے دیں، وہ ریڈلائن پی ٹی آئی کو بھی بتادی گئی ہے،وہ کراس کی گئی تو انتہائی قدم اٹھائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اب پی ٹی آئی نے فیصلہ کرنا ہے کہ اسے سنگجانی جانا ہے یا نہیں جانا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہمیں ہدایت دی تھی کہ بات کرلیں، چیف کمشنر نے بھی رابطہ کیا ہے، سنگجانی کی اجازت دی گئی ہے۔ تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے ابھی تک ہمیں فائنل جواب نہیں آیا۔

    وزیر داخلہ نے متنبہ کیا کہ پہلے سے بتارہے ہیں ہمیں مجبور کیا گیا تو سخت قدم اٹھائیں گے، بار بار سمجھا رہے ہیں، ریڈ لائن کراس کرنے پرمجبور نہ کریں۔ اس سے پہلے بھی ڈی چوک میں کبھی کسی کو احتجاج کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

    اس سے قبل اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف سے کسی قسم کے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بھی ڈی چوک پہنچے گا اس کیخلاف قانونی کارروائی ہوگی۔

    پی ٹی آئی سے مذاکرات سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ منسٹر انکلیو میں میری کسی سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔

    محسن نقوی نے کہا ہے کہ جو ڈی چوک پہنچے گا وہ گرفتار ہوگا، وہ آئیں اور ہم انہیں جانے دیں یہ نہیں ہوگا، رینجرز موجود ہے اگر 5 منٹ فائرنگ ہو تو ایک بندہ نظر نہیں آئے گا۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک میں عالمی سطح کے وفود آرہے ہیں مخصوص وقت پر احتجاج کی کال کیوں دی گئی سامنے آجائے گا جو شخص بھی یہاں پہنچے گا قانون کے مطابق ان سے نمٹیں گے۔

    میانوالی میں فائرنگ کی گئی جس سے واضح ہوگیا کہ یہ شرپسند عناصر کسی بھی طریقے سے لاشیں گرانا چاہتے ہیں، ہمارے پاس گولیوں سے زخمی اہلکار اور شواہد موجود ہیں۔

    محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہم صبر کررہے ہیں، یہ واضح ہے کہ یہ لوگ لاشیں چاہتے ہیں وہی ان کی پالیسی ہے۔

    پولیس اہلکار کے قتل کامقدمہ کس کے خلاف درج ہوگا؟ محسن نقوی نے بتادیا

    اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ پولیس اہلکار کی شہادت کا مقدمہ احتجاج کی کال دینے والوں کیخلاف درج کیا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار کی شہادت میں ملوث ان تمام افراد کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

    انہوں واضح کیا کہ جن لوگوں نے احتجاج کی کال دی وہ سب پولیس اہلکارکی شہادت کے ذمہ دار ہیں، کسی کو نہیں چھوڑیں گے سب پر ایف آئی آر درج کی جائیں گی۔

    وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ہم بھی گولی کاجواب گولی سے دے سکتے تھے بہت آسان تھا لیکن تحمل کا مظاہرہ کیا، پولیس نے گولی کا جواب آنسو گیس یا ربڑ بلٹ کے ذریعے دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور اسلام آباد پولیس کا جو نقصان ہوا وہ بھی بتائیں گے، پولیس کی22سے زائد گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے، پولیس اہلکاروں پر گولیاں چلائی گئی ہیں، 119پولیس اہلکار زخمی ہیں جن میں4اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے۔

    یہ پہلی بارنہیں ہوا کہ ہمارے جوان شہید ہورہے ہیں، پولیس اہلکار مبشر بھی فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہوئے، اسلام آباد پولیس کے بھی 15اہلکار زخمی ہیں۔

  • کسی سے مذاکرات کی ضرورت نہیں، وزیر داخلہ کا دو ٹوک موقف

    کسی سے مذاکرات کی ضرورت نہیں، وزیر داخلہ کا دو ٹوک موقف

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کسی مذاکرات کی ضرورت نہیں اور نہ ہونے چاہئیں، دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا ہے کسی جلسہ، جلوس کی اجازت نہیں، جو دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہم اپنے قانون پر عملدر آمد کرنے کے پابند ہیں، جو دھاوا بولنے کیلئے آرہے ہیں وہی ذمہ دار ہونگے، میں مانتا ہوں کہ کاروبار اور دکانیں بند نہیں ہونی چاہیے، میں تو خود کہتا ہوں دکان، کاروبار، سڑک، موبائل سروس بند نہیں ہونی چاہئے، میں آج شام وزیراعظم سے بات کرونگا جس طرح وہ کہیں گے کرلیں گے، اگر یہ دھرنا دیتے ہیں یا آنے کی کوشش کرتے ہیں تو دیکھ لیں گے۔

    محسن نقوی کا کہنا تھا کہ میرا اڈیالہ جیل انتظامیہ سےکوئی رابطہ نہیں ہے، مجھےکوئی ایک جگہ بتادیں جہاں انہیں اجازت نہیں ملی، جو لوگ اسلام آباد ہائیکورٹ کا آرڈر توڑیں گے وہ ذمہ دار ہونگے، جو خلاف ورزی کریں گے دھاوا بولیں گے وہی ذمہ دار ہونگے۔

    انہوں نے کہا کہ آج خیبرپختونخوا میں ایک طرف جنازے اور دوسری طرف دھاوا بولنے  کی تیاری ہو رہی ہے، کےپی میں لااینڈ آرڈر کی ذمہ داری انکی حکومت کی ہے، کےپی حکومت کی توجہ دہشتگردی پر ہونی چاہئے یا وفاق پر ہونی چاہئے۔

    محسن نقوی نے مزید کہا کہ کچھ لوگ سیاست کیلئے کبھی امریکا تو کبھی سعودی عرب کو بیچ میں لے آئے، اب بیلا روس کے صدر آرہے ہیں ان کا بھی خیال نہیں رکھ رہے، سب نے دیکھا امریکا کے جھنڈے بھی آگئے جشن بھی ہوگیا کہ ٹرمپ آگیا ہے۔

    محسن نقوی نے کہا کہ 10 دن کا وقت لینے کی ایک بار بھی بات نہیں ہوئی، اور کسی مذاکرات کی ضرورت نہیں نہ ہونے چاہئیں، ایسا نہیں ہوگا ایک طرف مذاکرات دوسری طرف دھاوا بولیں، اگر آپ یا میرے لئےکسی نے آواز اٹھانی ہے تو فورم موجود ہے، اگر انہوں نے دھاوا ہی بولنا ہے تو میں کہوں گا مذاکرات نہیں ہونے چاہئیں۔

  • محسن نقوی کا نیشنل بینک اسٹیڈیم کا دورہ، تعمیراتی کاموں کا جائزہ

    محسن نقوی کا نیشنل بینک اسٹیڈیم کا دورہ، تعمیراتی کاموں کا جائزہ

    کراچی: نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم اپ گریڈیشن منصوبہ تیزی سے آگے بڑھنے لگا، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اسٹیڈیم کا دورہ کرکے پیش رفت کا جائزہ لیا۔

    چیئرمین پی سی بی کو ایف ڈبلیو او حکام نے اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی، اس موقع پر انہوں نے اسٹیڈیم میں جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔

    چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اسکور اسکرین کومناسب جگہ نصب کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ اسکرین کو اونچائی پر نصب کیا جائے تاکہ شائقین کودشواری نہ ہو۔

    چیئرمین پی سی بی نے ایف ڈبلیو او حکام کو ہدایت کی کہ شائقین کی سہولت کیلئے پارکنگ ایریا کو اسٹیڈیم کے قریب کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ دن رات ایک کر کے منصوبے کو وقت سے قبل مکمل کیا جائے، پاکستان کے لئے چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد ایک اعزاز ہے۔

    اس سے قبل چیئرمین پی سی بی نے وائٹ بال ٹیم کے نئے کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا سے ملاقات کر کے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    قومی ٹیم کے دوسرے گروپ کے آسٹریلیا روانگی سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے وائٹ بال ٹیم کے نئے کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا سے ملاقات کی اور ٹیم کے دورہ آسٹریلیا اور زمبابوے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    پاکستان کے لیجنڈ ایتھلیٹ اعزازی کیپٹن محمد یونس چل بسے

    چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ وائٹ بال ٹیم کی قیادت ایک اعزاز ہے اور قوم کو آپ کی قیادت میں ٹیم سے اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔ امید ہے آپ کی قیادت میں ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریگی۔

  • قومی کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کر کے فتح اپنے نام کی: چیئرمین پی سی بی

    قومی کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کر کے فتح اپنے نام کی: چیئرمین پی سی بی

    پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ قومی کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کر کے فتح اپنے نام کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق  چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹیسٹ سیریز جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ نئے کھلاڑیوں نے کارکردگی سے ٹیم میں شمولیت کو درست ثابت کیا۔

    محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ساجد خان، نعمان علی نے شاندار بالنگ کر کے صلاحیتوں کو ثابت کیا، سعود شکیل نے سنچری  اسکور کر کے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔

    محسن نقوی نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف جیت سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوگا، قوم کے ساتھ کھلاڑیوں کو ایسی شاندار فتح کا انتظار تھا۔

    پاکستان نے انگلینڈ کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو صفر سے شکست دی ہے، پاکستان نے انگلینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میں 9 وکٹوں سے شکست دی۔

  • گنڈا پور پاکستان کے کسی ادارے کی حراست میں نہیں ہے: محسن نقوی

    گنڈا پور پاکستان کے کسی ادارے کی حراست میں نہیں ہے: محسن نقوی

    وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور پاکستان کے کسی ادارے کی حراست میں نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈی چوک پر پی ٹی آئی احتجاج کے دوران مظاہرین کے تشدد سے شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رات کو افسوسناک اطلاع آئی کہ عبدالحمید شہید ہوگئے ہیں۔

    محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد پولیس اور اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، شہید کانسٹیبل کے واقعے میں جو بھی ملوث ہے ان میں سے کوئی نہیں بچے گا۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید کے دو بیٹے ہیں، ایک سی ڈی اے میں ملازم ہے، شہید عبدالحمید کیلئے شہید پیکج ایک دو روز میں دیا جائیگا۔

    محسن نقوی کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور نہ ہماری اور نہ کسی اور ادارے کی حراست میں ہیں، علی امین گنڈاپور کل رات بھاگ گئے تھے، علی امین گنڈاپور کے پی ہاؤس میں بھی موجود نہیں ہیں۔

     وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ علی امین گنڈا پور اسلام آباد کی حدود میں ہونگے تو پولیس گرفتار کرے گی، علی امین گنڈا پور خود بھاگے ہیں، ہم نے 2،3 چھاپے مارے تھے، شک تھا کہ وہ موجود ہوں گے لیکن وہ وہاں نہیں تھے، علم نہیں کہ علی امین کے پی پہنچ گئے یا نہیں، کے پی ہاؤس سے علی امین کے بھاگنے کی فوٹیج موجود ہے۔

  • کسی کو ریڈ زون میں آنے کی اجازت نہیں دے سکتے: محسن نقوی

    کسی کو ریڈ زون میں آنے کی اجازت نہیں دے سکتے: محسن نقوی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں  امن عامہ کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    اس موقعے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کسی کو ریڈ زون میں آنے کی اجازت نہیں دے سکتے، امن عامہ برقرار رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

    محسن نقوی نے کہا کہ احتجاج کرنا ہر ایک کا حق ہے، احتجاج مناسب جگہ پر ہونا چاہیے، احتجاج سے عوام کے روز مرہ معمولات میں خلل نہیں پڑنا چاہیے، عوام کے جان ومال کا تحفظ پہلی ذمہ داری ہے۔

    محسن نقوی نے مزید کہا کہ عوام کے جان ومال کے لئے قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جائے گا، قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

  • محسن نقوی نے کرکٹ کے معاملات وقار یونس کو سونپ دیے

    محسن نقوی نے کرکٹ کے معاملات وقار یونس کو سونپ دیے

    لاہور: ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کرکٹ کے معاملات وقار یونس کو سونپنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پی سی بی کے چیئرمین نے آئین کے مطابق اپنے اختیارات وقار یونس کو دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد اب کرکٹ بورڈ کے انتظامی امور محسن نقوی خود دیکھیں گے جب کہ کرکٹ کے معاملات وقار یونس دیکھیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ کے حوالے سے تمام فیصلوں کا ذمہ دار اب ایک کرکٹر ہوگا، سلیکشن، انٹرنیشنل ڈومیسٹک، این او سی سمیت تمام فیصلے ایک کرکٹر کرے گا، جب کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ساری توجہ ایڈ منسٹریشن پر دیں گے۔

    وزیر داخلہ یا چیئرمین پی سی بی، محسن نقوی ایک عہدہ چھوڑ دیں، شاہد آفریدی

    بتایا جا رہا ہے کہ چیئرمین محسن نقوی نے چیمپئنز ٹرافی کے انتظامی امور پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے، اس لیے وقار یونس قومی ٹیم سے متعلق تمام امور کے نگراں ہوں گے، اور نیشنل سلیکشن کمیٹی وائٹ بال، ریڈ بال کوچز کو دیکھیں گے۔

    خیال رہے کہ پی سی بی آئین 2014 کے مطابق چیئرمین اپنی پاور کسی اور کو سونپنے کا اختیار رکھتا ہے۔

  • چیئرمین پی سی بی کا گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی سے متعلق بڑا فیصلہ

    چیئرمین پی سی بی کا گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی سے متعلق بڑا فیصلہ

    لاہور: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ ڈسپلن پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، نظم و ضبط کی خلاف ورزی والے کھلاڑی کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہو گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کی مدت ایک سال کیلئے ہوگی، رقم فی الحال کم نہیں کی جائے گی۔

    کنٹریکٹ کاکھلاڑیوں کی پرفارمنس اور فنٹس کا ہر سال جائزہ لیا جائیگا، سینٹرل کنٹریکٹ کی مختلف کیٹگریز میں کھلاڑیوں کی شمولیت طریقہ کار کے تحت ہوگی۔

    لیگز کھیلنے کیلئے این او سیز کے اجرا کا ٹیکنیکل طریقہ کار طے کیا جائیگا جبکہ فٹنس، پرفارمنس کے معیار پر پورا اترنے والے کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع ملے گا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے طریقہ کار کو سلیکشن کمیٹی حتمی شکل دیگی جبکہ گیری کرسٹن اورجیسن گلیسپی بھی سلیکشن کمیٹی میں شامل ہوں گے۔

    ہر کھلاڑی کا 3ماہ بعد فٹنس ٹیسٹ ہوگا جبکہ کھلاڑی کو ڈومیسٹک کرکٹ لازمی کھیلنا ہوگی، ڈسپلن پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔

    چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ٹیم کے اندر یونٹی اور اتفاق نظر آنا چاہیے، گروپنگ کرنے والوں کو برداشت نہیں کرینگے۔

    انہوں نے کہا کہ ٹیم میں گروپنگ پر مینجمنٹ کوسخت ایکشن لینا چاہیے، ڈسپلن کی پابندی نہ کرنیوالے کھلاڑیوں کی ٹیم میں جگہ نہیں ہو گی۔

    چیئرمین پی سی بی کیا کرنے جارہے ہیں؟ اندر کی خبر آگئی

    چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ڈسپلن کی خلاف ورزی پر کسی کھلاڑی کے بارے میں میری سفارش بھی نہ مانیں، انہوں نے ہائی پرفارمنس سینٹرزکی اپ گریڈیشن اور کوچزکی ٹریننگ کا معیار بڑھانے کا پلان بھی طلب کرلیا۔

  • محسن نقوی کی امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات، باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق

    محسن نقوی کی امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات، باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق

    اسلام آباد : وزیر داخلہ محسن نقوی کی امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات میں انسداد دہشتگردی، انسداد منشیات اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا ، جہاں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا خیرمقدم کیا۔

    اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

    محسن نقوی کی امریکی سفیر سے ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا اور انسداد دہشتگردی، انسداد منشیات اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ باہمی اشتراک سے اکتوبر میں لا انفورسمنٹ ڈائیلاگ کا انعقاد کیا جائے گا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادکار بڑھانے میں امریکی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے،باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں وزارت داخلہ بھر پور معاونت کرے گی۔

    ملاقات میں حالیہ دورہ نیویارک میں اسلام آباد پولیس اور نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے درمیان تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی، وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ باہمی تعاون کے مواقع سے استفادہ کرنے کے لیے اسلام آباد پولیس کا وفد جلد نیویارک کا دورہ کرے گا، اسلام آباد پولیس کے افسران کو نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ سے ٹریننگ کے خواہشمند ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان میں مقیم تمام اقلیتوں کو آئین پاکستان کے تحت مساوی حقوق حاصل ہیں، اقلیتوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے گئے ہیں اورجڑانوالہ سانحہ کے تمام ملزمان کو گرفتار کر کے قانوں کے سامنے پیش کیا گیا

    وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ امریکہ میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا انعقاد کامیاب رہا، بہترین انتظامات کئے گئے، امریکہ بین الاقوامی کرکٹ کی نئی منزل بنا ہے، پاکستان، امریکہ اور کینیڈا کی سہ ملکی سیریز اور امریکہ اور کینیڈا میں ایک کرکٹ لیگ کے انعقاد پر کام کر رہے ہیں.

    امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا شائقین کی بڑی تعداد دلچسپ اور سنسنسی خیز میچوں سے محظوظ ہوئی۔

  • چیئرمین پی سی بی کا کپتان کی تبدیلی سے متعلق اہم بیان آ گیا

    چیئرمین پی سی بی کا کپتان کی تبدیلی سے متعلق اہم بیان آ گیا

    لاہور: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ بابر اعظم کی تبدیلی کا فی الحال فیصلہ نہیں ہوا، سابق کرکٹرز سے مشاورت کریں گے۔

    لاہور میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں قومی ٹیم کی سرجری، ڈومیسٹک اور کرکٹ کی بہتری پر گفتگو کی، بابر اعظم سے متعلق انھوں نے کہا کہ پی سی بی میں کچھ تبدیلیاں ہوئی ہیں کچھ کرنے والے ہیں، لیکن بابر اعظم کو تبدیل کرنے سے متعلق ابھی ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

    محسن نقوی نے کہا کپتان کو تبدیل کرنے سے متعلق سابق کرکٹرز فیصلہ کریں گے، مجھے بھی محسوس ہوا غلطیاں ہوئی ہیں لیکن سابق کرکٹرز فیصلہ کریں گے، دونوں ہیڈ کوچز اور چار سے پانچ کمیٹیاں کپتان سے متعلق بحث کریں گے، انھوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے بعد بابر اعظم اور وہاب ریاض سے ملاقات نہیں ہوئی۔

    سلیکشن کمیٹی اور وہاب ریاض

    چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ وہاب ریاض کو انھوں نے چیف سلیکٹر نہیں بنایا، بلکہ چیف سلیکٹر سے صرف سلیکٹر بنایا تھا، سلیکشن میں جس نے غلطی کی ان کا احتساب ہوگا، عنقریب سب کو پتا لگ جائے گا سلیکشن کمیٹی میں کون رہتا کون نہیں، ویمن ٹیم کا کوئی وارث نہیں، لڑکیوں کی سلیکشن کیسے ہو رہی ہے کسی کو پتا ہی نہیں، ورلڈ کپ میں ڈریسنگ روم میں کون انسٹرکشن فالو کر رہا تھا کون نہیں سب پتا لگ جائے گا۔

    انھوں نے کہا دونوں فارمیٹ کے ہیڈ کوچز کو پاکستان بلا لیا ہے، گیری کرسٹن، جیسن گلیسپی اور اظہر محمود کے ساتھ سیشنز کیے جائیں گے۔

    کرکٹرز کے ساتھ بد تمیزی

    محسن نقوی نے کہا کہ کرکٹرز کے ساتھ شائقین بدتمیزی کریں گے تو نتائج کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے، حارث رؤف کے ساتھ جس نے بدتمیزی کی اس کے پیچھے ایف آئی اے لگوا دی ہے، بدتمیزی کرنے والوں کو دعوت دیتا ہوں جلد پاکستان آئیں، ایف آئی اے ان کا استقبال کرے گی۔

    شان مسعود سے متعلق فیصلہ؟

    چیئرمین پی سی بی نے کہا شان مسعود کے ساتھ بھی بات ہوئی تھی کہ کیسے بہتر کیا جا سکتا ہے، ان سے متعلق بہت لوگوں کی مثبت رپورٹ ملی ہے، شان مسعود کو ہٹانے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

    لیگز، سینٹرل کنٹریکٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ

    چیئرمین پی سی بی نے لیگز، سینٹرل کنٹریکٹ اور ڈومیسٹک سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا، انھوں نے کہا لیگز کھیلنے والے کھلاڑی سن لیں پہلے پاکستان بعد میں دوسری چیز ہوگی، جنھوں نے ٹیسٹ سیریز سے پہلے این او سی کی درخواست کی نہیں ملے گی، واضح رہے کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم، شاہین آفریدی اور رضوان نے جی ٹی 20 کے لیے این او سی مانگنے کی درخواست کی ہے۔

    محسن نقوی نے کہا جو کھلاڑی فٹنس کے معیار پر پورا اترے گا اسے سینٹرل کنٹریکٹ ملے گا، اور جس کا جو حق بنتا ہے وہی ملے گا، سینٹرل کنٹریکٹ میں بھی پوسٹ مارٹم ہوگا، ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹرز کے لیے فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا لازم ہوگا، فٹنس پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، جو انٹرنیشنل کھلاڑی ڈومیسٹک نہیں کھیلے گا دوبارہ ٹیم میں نہیں آ سکے گا، جو ڈومیسٹک میں پرفارمنس دے گا وہی قومی ٹیم کا حصہ ہوگا۔

    سابق کرکٹرز، پی سی بی ٹوئٹر

    انھوں نے کہا سابق کرکٹرز نے بڑی محنت سے بہتری کے لیے تفصیلی رپورٹ دی ہے، مجھے آئے ہوئے 4 ماہ ہوئے ہیں یہاں آوے کا آوا بگڑا ہوا ہے، نہ کبھی ٹوئٹس دیکھ کر فیصلے کرتا ہوں نہ کروں گا، نہ پی سی بی ٹوئٹر سے چلتا ہے نہ چلنے دوں گا، دن میں پی سی بی یا میرے خلاف 4،4 ٹوئٹس کریں کوئی فرق نہیں پڑتا، مجھے چیلنجز لینے کا شوق ہے اور آئندہ کام بہترین ہوں گے۔

    محسن نقوی نے کہا سب سے بڑا ٹارگٹ یہ ہے کہ قومی ٹیم کی منفی کارکردگی کو بہتر کیسے بنایا جائے، پی سی بی کے اندر معاملات کو بہتر کرنا بھی ایک چیلنج ہے، اندر کے لوگ دکھاتے کچھ ہیں اور گراؤنڈ میں سچائی کچھ اور ہوتی ہے۔

    انھوں نے کہا کبھی کوئی فیصلہ غصے میں نہیں کرتے، جلد بازی کے فیصلے نقصان دیتے ہیں، ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے ورلڈ کپ کارکردگی سے متعلق رپورٹ جمع کروا دی ہے، سابق بہترین کھلاڑیوں سے بھی رابطے میں ہوں ان سے مشورے لے رہے ہیں وہ کرکٹ کو بہتر کرنا جانتے ہیں، وہ سابق کرکٹرز اب نظام سنبھالیں گے جن کی روزی روٹی مختلف ٹی وی چینلز پر بولنا نہیں، اب ان کو لایا جائے گا جو صرف کمنٹری کرتے ہیں تجزیہ نہیں پیش کرتے۔

    بنگلادیش ٹیسٹ سیریز اور اسٹڈیمز

    پی سی بی چیئرمین نے کہا اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن بھی بہت بڑا چیلنج ہے، بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی میزبانی لاہور میں ممکن نہیں، وینیوز میں ملتان، کراچی اور راولپنڈی شامل ہیں، وینیوز اور تاریخیں فائنل ہو چکی ہیں اعلان ہو جائے گا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ محکمہ داخلہ والے ناراض ہیں کہ آپ پی سی بی کو زیادہ وقت دیتے ہیں، اس لیے محکمہ داخلہ کو کہا ہے کہ 3 سے 4 ماہ پی سی بی کو دے دوں یہ خود ٹریک پر آ جائے گا۔