Tag: money laundering

  • کویت : منی لانڈرنگ، ٹک ٹاک اسٹارز کی شامت آگئی، حکومت نے ایکشن لے لیا

    کویت : منی لانڈرنگ، ٹک ٹاک اسٹارز کی شامت آگئی، حکومت نے ایکشن لے لیا

    کویت سٹی : کویت میں پبلک پراسیکیوٹر نے بینک بیلنس حد سے زیادہ بڑھ جانے پر دس معروف سوشل میڈیا سٹارز کے اکاونٹس منجمد کردیے۔

    کویتی پبلک پراسیکیوٹر ضرار العسعوسی نے سوشل میڈیا کی دس معروف شخصیات کے اثاثے منجمد کردیے اور ان کے سفر پر پابندی لگادی۔

    کویتی جریدے کے مطابق پبلک پراسیکیوٹر نے یہ فیصلہ سوشل میڈیا سٹارز کے خلاف مالیاتی امور کے سراغرساں ادارے کی اس رپورٹ کی بنیاد پر کیا ہے جس میں بتایا گیا تھا کہ ان کے بینک اکاؤنٹ کے بیلنس حیران کن حد تک بڑھ گئے ہیں۔

    پبلک پراسیکیوشن نے گزشتہ ہفتے یہ معاملہ ریاستی سلامتی کے ادارے کے حوالے کیا تھا۔ جس سے کہا گیا تھا کہ وہ سوشل میڈیا کی معروف شخصیتوں کے اثاثوں کا پتہ لگائے اور اس بات کا ثبوت حاصل کرے کہ ان کے پاس اتنی بری رقم کہاں سے کہاں سے آئی ہے، سوشل میڈیا کی ان شخصیات منی لانڈرنگ کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

    مزید پڑھیں : ٹک ٹاک اسٹار کو کرتب دکھانا مہنگا پڑ گیا، ویڈیو وائرل

    چین میں واقعہ فیروزن جھیل میں ٹک اسٹار نے ویڈیو بنانے کی تھانی تو اسے لینے کے دینے پڑ گئے، ٹک ٹاک اسٹار خوش قسمتی سے موت کے منہ سے واپس آگیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ برف سے ڈھکی جھیل میں ایک جگہ سے جیسن کلارک اندر کی جانب چلے جاتے ہیں اور دوسرا شخص ویڈیو بنانے میں مصروف ہیں لیکن وہ تیرتے ہوئے راستہ بھٹک جاتے ہیں جس کے سبب ان کی مشکلات میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

  • شہبازشریف خاندان کو بیرون ملک سے اربوں روپے کیسے منتقل ہوئے؟

    شہبازشریف خاندان کو بیرون ملک سے اربوں روپے کیسے منتقل ہوئے؟

    لاہور : شریف فیملی منی لانڈرنگ انکوائری  میں بڑے انکشافات سامنے آگئے، نیب کا کہنا ہے کہ  شریف فیملی کو بیرون ملک سے ترسیلات کی مد میں 1 ارب 59 کروڑ 30 لاکھ روپے منتقل ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق شریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ سے متعلق نیب انکوائری میں شہباز شریف خاندان کو اربوں روپے منتقلی سے متعلق تفصیلات سامنے آگئی۔

    نیب دستاویزات میں بتایا گیا کہ شریف فیملی کو بیرون ملک سے ترسیلات کی مد میں 1 ارب 59 کروڑ 30 لاکھ روپے منتقل ہوئے، سلمان شہباز کو 124 ٹرانزیکشن کے زریعے 1 ارب 17 کروڑ 90 لاکھ کی رقم منتقل ہوئی، سلمان شہباز کو منتقل ہونے والی رقم ڈالرز، درہم پر مشتمل تھی۔

    دستاویزات کے ممطابق حمزہ شہباز کو 18 کروڑ 16 لاکھ 11 ہزار 87 روپے منتقل ہوئے، حمزہ شہباز کو رقوم 2005 سے 2012 کے دوران امریکن ڈالرز میں منتقل ہوئیں۔

    نیب کا کہنا ہے کہ نصرت شہباز کو 14 کروڑ 77 لاکھ 17 ہزار 326 روپے کی رقم ڈالرز میں منتقل ہوئی جبکہ شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران کو 5 کروڑ 75 لاکھ 16 ہزار 981 روپے اور جویریہ علی کو 7 ٹرانزیکشن میں 2 کروڑ 73 لاکھ 29 ہزار 375 روپے منتقل ہوئے۔

  • سعودی عرب : غیر قانونی کام کرنے والے غیر ملکی گرفتار

    سعودی عرب : غیر قانونی کام کرنے والے غیر ملکی گرفتار

    ریاض : سعودی عرب میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر دس ملزمان کو گرفتار کیا ہے جن پر منی لانڈرنگ اور سعودی شہریوں کے نام سے اپنا کاروبار کرنے کے الزامات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی پولیس نے منی لانڈرنگ اور مقامی شہریوں کے نام سے اپنا کاروبار کرنے والے دس غیر ملکیوں کو گرفتار کیا ہے، سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ کارروائی ایک شہری کی شکایت پر وزارت تجارت اور جدہ پولیس نے مشترکہ طور پر کی۔

    سعودی شہری نے اطلاع دی کہ غیر ملکی افراد پرانی عمارت کے ایک فلیٹ میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں، ان کیخلاف تحقیقات کرکے مؤثر کارروائی کی جائے۔

    شہری کی شکایت پر ایکشن لیتے ہوئے پولیس نے ان مشکوک غیر ملکیوں کو پولیس اسٹیشن طلب کیا۔ دوران تفتیش شہری کی شکایت درست ثابت ہونے پرغیرملکیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    سعودی شہریوں کے نام پر اپنا کاروبار کرنے والے غیرملکی گرفتار

    یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں سعودی حکومت نے مقامی افراد کے نام پر کاروبار کرنے والے افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا تھا، مذکورہ افراد کے قبضے سے نامعلوم ذرائع سے حاصل ہونے والی بھاری رقم بھی برآمد ہوئی۔

    سعودی پولیس، وزارت تجارت، محکمہ ٹریفک، محکمہ صحت، وزارت محنت اور ریاض گورنریٹ کے نمائندوں پر مشتمل مشترکہ کمیٹی نے مختلف بازاروں میں چھاپے مارے، کارروائی کے دوران 56دکانداروں کو گرفتار کرلیا۔

  • ایف بی آر نے دوملزمان  کیخلاف ٹیکس چوری و منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرلیا

    ایف بی آر نے دوملزمان کیخلاف ٹیکس چوری و منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرلیا

    کراچی : فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کلیئرنگ ایجنٹس کے خلاف ٹیکس چوری و منی لانڈرنگ کا ایک اور مقدمہ درج کرلیا، عدالت نے ملزمان کے مزید 14بینک اکاؤنٹس بھی منجمد کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹیکس چوری و منی لانڈرنگ کیخلاف ایف بی آر کراچی نے ایک اوربڑی کارروائی کی ہے، کلیئرنگ ایجنٹس محمد منشا اور کرامت علی کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ایف بی آر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف26کروڑ ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا گیا، عدالت نے ملزمان کے مزید 14 بینک اکاؤنٹس بھی منجمد کر دیئے۔

    ملزمان کے 20 لاکھ روپے کے عوض قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیئے گئے ہیں، ایف آئی آر کے متن میں لکھا ہے کہ ملزمان میسرز ملک برادرز لاجسٹکس کے ڈائریکٹرز ہیں، ملزمان ٹیکس چوری اورمنی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ملزمان کے بینک اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے منتقل ہوئے، مقدمہ انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو ایف بی آر نے درج کروایا۔

  • منی لانڈرنگ اور دہشتگردی میں ملوث ملزم ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

    منی لانڈرنگ اور دہشتگردی میں ملوث ملزم ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

    اسلام آباد : عدالت نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی سہولت کاری میں ملوث گرفتار ملزم کو 12روز کے ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، گرفتار ملزم کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔

    وکیل ایف آئی اے نے کہا کہ ملزم دہشت گردی کی وارداتوں میں مالی معاونت اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہے، ایف آئی اے نے عدالت سے ملزم کا14 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی۔

    جس پر عدالت نے ملزم سید محمد کو12 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا، یاد رہے کہ مذکورہ ملزم سید محمد کو گزشتہ روز احاطہ عدالت سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں : منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کے لیے جرمانے اور سزا میں اضافہ

    واضح رہے کہ چیئرمین فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کے لیے سزاؤں میں اضافے کی تجویز دی گئی۔

    تجویز میں کہا گیا تھا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کو 50 لاکھ جرمانہ، 10 سال قید کی سزا اور جائیداد ضبط کی جائے۔

    سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کے لیے50 لاکھ جرمانے اور زیادہ سے زیادہ 10 سال قید کی سزا اور جائیداد ضبط کی سفارش منظور کرلی۔

  • منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کے لیے جرمانے اور سزا میں اضافہ

    منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کے لیے جرمانے اور سزا میں اضافہ

    اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کے لیے 50 لاکھ جرمانے، زیادہ سے زیادہ 10 سال قید کی سزا اور جائیداد ضبط کی سفارش منظور کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں اینٹی منی لانڈرنگ ترمیمی بل 2019 کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کے لیے سزاؤں میں اضافے کی تجویز دی گئی، تجویز میں کہا گیا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کو 50 لاکھ جرمانہ، 10 سال قید کی سزا اور جائیداد ضبط کی جائے۔

    فنانشنل مانیٹرنگ یونٹ (ایف ایم یو) کے ڈائریکٹر جنرل منصور صدیقی نے کہا کہ سخت سزاؤں کا مقصد منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کے خلاف سفارشات پر عمل ہے۔ سعودی عرب میں منی لانڈرنگ پر 10 سال قید اور 50 لاکھ ریال جرمانہ ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ سنگاپور میں منی لانڈرنگ پر 5 لاکھ ڈالر جرمانہ ہے۔

    چئیرمین کمیٹی فاروق ایچ نائیک نے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کا متعلقہ حصہ پڑھا جس کے بعد سینیٹر عائشہ رضا نے کہا کہ جو ترمیم کی جا رہی ہے وہ ایف اے ٹی ایف سفارشات کے مطابق نہیں۔

    فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ منی لانڈرنگ کے خلاف کم از کم سزا ایک سال برقرار رہنی چاہیئے، اصل مسودہ قانون مناسب ہے اس میں ترمیم کی ضرورت نہیں۔ کم از کم سزا ختم کرنا مناسب نہیں۔

    بعد ازاں کمیٹی نے جائیداد ضبطگی کا دورانیہ 90 دن سے بڑھا کر 180 دن کرنے کی سفارش منظور کر لی۔

    وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل واجد ضیا نے کہا کہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے لیے زیادہ دورانیہ درکارہے۔ منی لانڈرنگ کے ملزمان کے خلاف تحقیقات 90 دن میں مکمل نہیں ہوسکتی۔

    واجد ضیا نے کہا کہ بینک ریکارڈ اور تحقیقات کے لیے 190 دن ضروری ہیں۔

  • منی لانڈرنگ میں ملوث ملزمان کو 72 برس قید کی سزا

    منی لانڈرنگ میں ملوث ملزمان کو 72 برس قید کی سزا

    ریاض: سعودی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں ملوث 17 ملزمان کو مجموعی طور پر 72 برس قید کی سزا سنادی، برآمد ہونے والی رقم ضبط کرلی گئی۔

    سعودی ویب سائٹ نے سعودی پبلک پراسیکیوشن کے ایک عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ مملکت کے مختلف علاقوں میں منی لانڈرنگ میں سرگرم 17 رکنی گروہ کو گرفتار کیا گیا تھا۔

    یہ گروہ ریاض، مکہ مکرمہ اور الشرقیہ صوبوں میں اپنی مذموم سرگرمیوں میں مصروف تھا، گروپ کے ایک رکن کے پکڑے جانے پر پوچھ گچھ کے نتیجے میں دیگر افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

    گروہ کے سرغنہ دو غیر ملکی تھے، دونوں غیر ملکی غیر قانونی طریقے سے رقم جمع کرتے اور انہیں سعودی عرب کے اندر محفوظ مقام پر منتقل کرکے ترسیل زر کررہے تھے۔

    عہدیدار کے مطابق تحقیقات سے یہ بھی پتہ چلا کہ گروہ مربوط اور منظم انداز میں کام کررہا تھا اور بعض سرکاری اہلکار ان کی مدد کر رہے تھے۔

    گرفتاری کے بعد پبلک پراسیکیوشن نے ملزمان کے خلاف 120 سے زائد شواہد جمع کر کے فرد جرم کے ساتھ متعلقہ عدالت کے حوالے کیا۔

    عدالت نے تمام شواہد کو دیکھتے ہوئے ملزمان کو منی لانڈرنگ کا مجرم قرار دیا۔ ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والی رقم ضبط کرلی گئی جو 10 لاکھ ریال سے زیادہ تھی جبکہ ضبط شدہ مال میں 2 گاڑیاں بھی شامل ہیں۔

  • لاہور ایئر پورٹ : منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام، مسافر کے قبضے سے بھاری رقم برآمد

    لاہور ایئر پورٹ : منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام، مسافر کے قبضے سے بھاری رقم برآمد

    لاہور : ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مسافر کے قبضے سے بھاری رقم برآمد کرکے منی لانڈرنگ کی کوشش کو ناکام بنادیا۔

    اس حوالے سے اے ایس ایف ذرائع کا کہنا ہے کہ علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر اے ایس ایف اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے مسافر محمد شریف کے قبضے سے بھاری تعداد میں غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی.

    مذکورہ مسافر غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز ای وائی 242 کے ذریعے ابوظہبی جارہا تھا، اے ایس ایف نے مسافر کے سامان کی تلاشی لی تو 18ہزار50یورو برآمد کرلئے گئے۔

    مسافر نے بیرون ملک روانگی سے قبل لاہور ایئرپورٹ پر قائم ڈکلیئریشن فارم بھی نہیں بھرا تھا اور نہ ہی کرنسی سے متعلق کسٹم کو آگاہ کیا تھا۔

    قانون کے مطابق بیرون ملک جانے والے مسافر کو 10ہزار ڈالر یا اس سے مساوی رقم لے جانے کی اجازت ہے۔ اے ایس ایف نے مسافر محمد شریف کو کسٹم کے حوالے کردیا۔

    بعد ازاں کسٹم نے مسافر سے کرنسی قبضے میں لے کر اسے جانے کی اجازت دے دی، مسافر غیر ملکی ایئرلائن کے کاؤنٹر پر پہنچا تو ایئرلائن نے تاخیر پر پہنچنے پر بورڈنگ پاس جاری کرنے سے انکار کردیا اور مسافر کو آف لوڈ کردیا گیا۔

  • معاشرے کو منشیات سے بچانے کیلیے اسمگلنگ کی روک تھام ضروری ہے، ڈاکٹرعارف علوی

    معاشرے کو منشیات سے بچانے کیلیے اسمگلنگ کی روک تھام ضروری ہے، ڈاکٹرعارف علوی

    اسلام آباد : صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ منشیات معاشرے کو تباہ کر دیتی ہے، اس سے لوگوں بچانے کا بہترین طریقہ اس کی اسمگلنگ روکنا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے دنیا بھر میں منشیات اور منی لانڈرنگ کے مجرموں کے ڈیٹابیس سے متعلق مصنوعی ذہانت کے مقامی طور پر تیارکردہ منصوبے امان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حکومت منشیات کی روک تھام کے لئے انقلابی اقدام کر رہی ہے۔ دنیا میں منشیات کی مہلک ترین اقسام بنائی جا رہی ہیں اور اس لعنت کے باعث ہلاکتوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، لہذا اس کے تدارک کے لئے مربوط کاوشیں درکار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ افغان جنگ کے بعد بڑے پیمانے پر افغان مہاجرین کی پاکستان آمد سے ملک میں منشیات کی سمگلنگ میں اضافہ ہوا۔ منشیات صرف پاکستان کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے۔

    مغربی ممالک میں منشیات کاشت نہیں کی جاتیں تاہم سنتھیٹک ڈرگز کی پیداوار کے باعث ان ممالک میں منشیات کا استعمال بہت تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے قوانین موجود ہیں لیکن ان پر عملدرآمد محدود کیا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ لوگ ڈپریشن اور نفسیاتی مسائل کا شکار ہونے کے باعث منشیات کی طرف راغب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کے ساتھ ساتھ اس کے علاج پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

  • منی لانڈرنگ کے سدباب کے لئے نیشنل ٹاسک فورس کا اجلاس، اداروں کو مراسلہ ارسال

    منی لانڈرنگ کے سدباب کے لئے نیشنل ٹاسک فورس کا اجلاس، اداروں کو مراسلہ ارسال

    کراچی : منی لانڈرنگ کے سدباب کے لئے نیشنل ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی ٹاسک فورس اور بارڈر ٹاسک فورس سے ماہانہ کارکردگی کی تفصیلات طلب کی گئیں۔

    تفصیلات کے لئے وزارت داخلہ کا مختلف اسٹیک ہولڈرز کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے، مراسلہ میں مختلف کالمز پر مبنی مخصوص فارم کے ذریعے تفصیلات فراہمی کی ہدایات کی گئی ہیں۔

    ماہانہ بنیادوں پر پکڑی یا ضبط کی گئی کرنسی، آئٹمز اور ان کی مالیت کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں، مراسلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ٹی ایف، بی ٹی ایف کی کارروائیوں اور کیسزکی تعداد بھی فراہم کی جائیں۔

    اس کے علاوہ گرفتار ملزمان کی تعداد اور سزاؤں کی تفصیلات بھی درکار ہیں، یہ مراسلہ ایف آئی اے، ڈی جی اے ایس ایف اور ڈی جی آئی ایس آئی کو ارسال کیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ ممبرکسٹمز، ڈی جی فنانشل مانیٹرنگ یونٹ اسٹیٹ بینک اور گورنراسٹیٹ بینک، چاروں صوبوں، آزادکشمیر، گلگت بلتستان کے ہوم سیکرٹریز کو بھی کو بھی مراسلہ بھیجا گیا ہے۔

    مذکورہ مراسلہ ڈی جی آئی بی، چیئرمین ایس ای سی پی، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خزانہ کو ارسال کیا گیا ہے۔