Tag: money laundering

  • پیپلز پارٹی نے آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری کی تردید کردی

    پیپلز پارٹی نے آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری کی تردید کردی

     

    کراچی: منی لانڈرنگ کیس میں بینکنگ کورٹ نے سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری سمیت دیگر ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں، سینئر وکیل فارو ق ایچ نائیک نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آٓصف علی زرداری کے وارنٹ جاری ہونے کی تردید کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہونے والی سماعت میں عدالت نے مقدمے میں ملوث ،مفرور ملزمان کو گرفتار کرکے 4 ستمبر کو عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا ہے، سابق صدر کی ہمشیرہ اسی مقدمے میں فریال تالپور ضمانت پر ہیں لہذا انہیں حراست میں نہیں لیا جائے گا۔

    پیپلز پارٹی کے رہنما اورسینئر وکیل فاروق ایچ نائیک نے آصف علی زرداری کے وارنٹ جاری ہونے کی تردید کردی، ان کا کہنا ہے کہ عدالت نے آصف علی زرداری کے وارنٹ جاری نہیں کیے، میڈیا پر چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

    پیپلز پارٹی فرحت اللہ بابر نے بھی وکیل فارق ایچ نائیک کی بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کےوارنٹ گرفتاری سےمتعلق چلائی جانےوالی خبریں بے بنیاد ہیں۔

    واضح رہے میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر اور شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر نے کی خبریں سامنے آئیں تھیں ۔مقدمے میں شریک دیگر ملزمان میں نمرمجید،اسلم مسعود،عارف خان،نصیرعبداللہ حسین لوتھا،عدنان جاوید، عمیر،اقبال آرائیں ، اعظم وزیرخان،مصطفی ذوالقرنین ودیگرکےنام شامل ہیں۔

    ملزمان کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں رپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے اور ایف آئی اے نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ وہ ملزمان جو تحقیقات کے لیے پیش نہیں ہورہے ہیں، ان کے وارنٹ جاری کیے جائیں ،اس سلسلے میں حسین لوائی ، طحہٰ رضا ، انور مجید اور عبد الغنی پہلے ہی گرفتار کیے جاچکے ہیں، اومنی گروپ کے مالک انور مجید اور عبد الغنی کو گزشتہ روز ایف آئی اے کی کسٹڈی میں اسلام آباد سے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔

    اے آروائی نیوزکے بیورو چیف اسلام آباد صابر شاکر کے مطابق وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد ایف آئی اے کو اختیار حاصل ہے کہ وہ سابق صدر سمیت دیگر ملزمان کو کسی بھی وقت حراست میں لے سکتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سابق صدر کے پاس صرف ایک آپشن ہے کہ وہ ہائی کورٹ سے راہداری ضمانت حاصل کرلیں۔ اگر وہ یہ ضمانت حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو یہ ضمانت بینکنگ کورٹ تک پہنچنے تک کارآمد رہے گی اس کے بعد بینکنگ کورٹ کو اختیار ہوگا کہ وہ ملزمان کی ضمانت منظور کریں یا انہیں گرفتار کرنے کا حکم صادر کریں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ حسین لوائی کی گرفتاری کے بعد  سیکیورٹی ایسکچینج کمیشن پاکستان نے پاکستان سیکیورٹی ایکسچینج کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے حسین لوائی کو عہدے سے برطرف کرنےکی ہدایت اورنوٹی فکیشن جاری کیا تھا،  جس کے مطابق انہیں ایس ای سی پی کے قانون 2015 کے سیکشن 12 اور انڈر سیکشن 170  عہدے سے برطرف کیے جانے کا حکم دیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ الیکشن کے تین دن بعد منی لانڈرنگ کیس میں پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپورعدالت میں پیش ہوئی تھیں اورانہوں نے بیکنگ کورٹ میں 20 لاکھ روپے زرضمانت جمع کراکر اپنے لیے ضمانت حاصل کی تھی۔

     اس سے قبل 12 جولائی کو سپریم کورٹ میں مبینہ جعلی اکاؤنٹس سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نےحکم دیا تھا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کوالیکشن تک نہ بلایا جائے۔

    دوسری جانب نیب لاہور نے آج منی لانڈرنگ کیس میں کاروباری شخصیت میاں منشا کو بھی طلب کیا، نیب حکام کے مطابق میاں منشا کو کہا گیا ہے کہ وہ 2010 میں لندن میں خریدے گئے ہوٹل کی تفصیلات مہیا کریں، جبکہ منی لانڈرنگ سے متعلق مزید پوچھ گچھ بھی کی جائے گی۔

  • جعلی بینک اکاؤنٹ کیس: انورمجید بیٹے سمیت عدالت سے گرفتار

    جعلی بینک اکاؤنٹ کیس: انورمجید بیٹے سمیت عدالت سے گرفتار

    اسلام آباد: جعلی بینک اکاؤنٹ کیس میں اومنی گروپ کے انور مجید اور ان کے بیٹے کو گرفتار کرلیا گیا ہے، حفاظتی ضمانت اور بینک اکاؤنٹ بحال کرنے کی درخواست مسترد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں اومنی گروپ کے سربراہپ انور مجید اپنے چاروں بیٹوں کے ساتھ پیش ہوئے، سماعت میں چیف جسٹس آف پاکستان نے انور مجید فیملی کی جانب سے دائر کردہ حفاظتی ضمانت مسترد کردی۔

    سپریم کورٹ نے انور مجید فیملی کا نام ایگز ٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا حکم بھی صادر کیا ، سماعت ختم ہونے کے بعد انور مجید اور ان کے بیٹے عبدالغنی کو کمرہ عدالت کے باہر سے حراست میں لے لیا گیا۔

    سماعت میں سپریم کورٹ نے انور مجید کی جانب سے کی جانے والی حفاظتی ضمانت کی استدعا بھی مسترد کردی اور کہا کہ انور مجید فیملی کی ضمانت ذیلی عدالت کا معاملہ ہے۔

    عدالت کی جانب سے اومنی گروپ کے بینک اکاؤنٹس بحال کرنے کی درخواست بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے کے کام میں مداخلت نہیں کرسکتے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر چیف جسٹس نےانور مجید فیملی کے عدالت میں پیش نہ ہونے سے متعلق درخواست مسترد کردی اور اومنی گروپ کی جائیدادیں اور بینک اکاؤنٹ کی قرقی کا حکم دے دیا۔

    چیف جسٹس نے اومنی گروپ مالکان کی عدم پیشی پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکم عدولی پر مجید فیملی کوتوہین عدالت کا نوٹس دیں؟۔

    جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس میں کہا تھا کہ پیش نہ ہونےکی وجوہات بتائیں ؟ مجید فیملی کو کہیں کہ وہ عدالت میں پیش ہوں ، رات 8 بجے تک انہیں بلائیں ہم دوبارہ عدالت لگا دیں گے، آپ کوخدشات ہیں کہ موکل کوگرفتار کیا جائے گا، اگرعدالتی حکم پرعمل نہیں کراسکتے تو پھر بتائیں ہم کیا کریں۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اومنی گروپ کی جائیدادیں،اکاؤنٹس ایف آئی اے نے قرق کیں، اب ہم بھی ان کی جائیداد کی قرقی کا حکم دیتے ہیں۔

  • ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم پر آج فرد جرم عائد کی جائے گی

    ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم پر آج فرد جرم عائد کی جائے گی

    کوالالمپور: ملائیشیائی عدالت کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس میں ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق پر آج فرد جرم عائد کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ کئی عرصے سے سابق ملائیشیائی وزیر اعظم نجیب رزاق کے خلاف منی لانڈرنگ کیس سے متعلق تحیقات جاری تھیں، جبکہ آج ان پر ملائیشیا کی عدالت فرد جرم عائد کرے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملائیشیائی اینٹی کرپشن کمیشن گزشتہ کچھ عرصے سے سابق وزیراعظم نجیب رزاق سے بدعنوانی کے مختلف معاملات کی تفتیش جاری رکھے ہوئے تھے۔

    گزشتہ ماہ انتخابات میں شکست کے بعد نجیب رزاق کو حراست میں بھی لیا گیا تھا، اُن پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور اعتماد شکنی کے فوجداری الزامات عائد کیے گئے تھے۔


    کرپشن کے الزامات، ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق گرفتار


    خیال رہے کہ مہاتیر محمد نے منصبِ وزارت عظمیٰ سنبھالتے ہی نجیب رزاق کے خلاف مبینہ کرپشن کے الزامات کی تفتیش کرانے کا حکم جاری کیا تھا۔

    اس دوران اُن کی رہائش گاہ کے علاوہ مختلف ٹھکانوں پر پولیس نے چھاپے مار کر کئی قیمتی اشیاء اپنے قبضے میں لے لی تھیں، تاہم اب عدالت کی جانب سے ان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

    خیال ہے کہ نجیب رزاق کے خلاف چھاپوں کے دوران 273 ملین ڈالرز برآمد کیے گئے تھے، جن میں 12 ہزار سے زائد زیورات، 423 مہنگی گھڑیاں، مشہور برانڈ کے 234 چشمے اور 567 ہینڈ بیگز ہیں جو سابق وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ روسماء منصور کے زیر استعمال تھے۔

  • مولانا فضل الرحمان ایک کلو گوشت کیلئے پوری بھینس ذبح کرنا چاہتے ہیں، فواد چوہدری

    مولانا فضل الرحمان ایک کلو گوشت کیلئے پوری بھینس ذبح کرنا چاہتے ہیں، فواد چوہدری

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ پر سخت پالیسی بنے گی جسے دنیا کا تعاون حاصل ہوگا، حکومت پھولوں کی سیج نہیں کانٹوں کا بستر ہے، مولانا فضل الرحمان اپنے ایک کلو گوشت کےلئے پوری بھینس ذبح کرنا چاہتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنی گالہ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ عمران خان وزرائے اعلیٰ اور وزراء کے فیصلے11تاریخ تک کرلیں گے، قومی اسمبلی سے8آزاد امیدوار اور 26 آزاد ایم پی ایز پی ٹی آئی میں شامل ہوچکے ہیں، قومی اسمبلی میں ہمارے نمبرز177، پنجاب میں186کےقریب ہیں، گیارہ تاریخ کو ایوان مکمل ہوجائے گا۔

    کےپی میں بھی دوتہائی اکثریت سے حکومت بنائیں گے، فاٹا کے دو آزاد ارکان پی ٹی آئی کو ووٹ دے رہے ہیں، پرویزخٹک ان سے رابطے میں ہیں، جبکہ بلوچستان میں اتحادیوں سے مل کر مخلوط حکومت تشکیل دیں گے، حکومت سازی کا یہ عمل ایک سے ڈیڑھ ہفتےمیں مکمل ہوجائے گا، تاہم اب تک حلف برداری کی کوئی تاریخ مقررنہیں کی گئی ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ملک کے48حلقوں میں دوبارہ گنتی ہوئی لیکن اس سے زیادہ فرق نہیں پڑا، عمران خان نے کہا ہے کہ جو حلقے کھلوانے ہیں کھلوالیں، اپوزیشن اپنے اعتراضات لائے، ہم آئین کے مطابق انہیں حل کرینگے۔

    ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ اپوزیشن اپنے مطالبات تو سامنے لے کر آئے، الیکشن ہم نے نہیں کرائے بلکہ الیکشن کمیشن نے کرائے ہیں، جس کو بھی کوئی شکایت ہے ان سے رابطہ کرے ہماری طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان دو نشستوں سے الیکشن ہارے ہیں، وہ دس دفعہ بھی الیکشن لڑلیں پھر بھی ہاریں گے، مولانا صاحب اپنے ایک کلو گوشت کے لئے پوری بھینس ذبح کرنا چاہتے ہیں، حکومت میں میرٹ پر لوگ ہونگے، کوئی سفارش نہیں چلے گی۔

    ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ حکومت پھولوں کی سیج نہیں کانٹوں کا بستر ہے، عوام کی جو توقعات ہیں ان پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے، عمران خان محل میں رہ رہے ہیں نہ پروٹوکول لے رہےہیں۔

    ملاقات کیلئے آنے والے سفیروں سے کہا ہے کہ وہ بیرون ممالک سے رقم لانے کیلئے ہماری مدد کریں، پاکستان سے باہر منی لانڈرنگ کیا گیا پیسہ واپس لانا ملک کے مفاد میں ہے، پاکستان کے لوگوں کاپیسہ لندن، یواےای میں گیا ہے، منی لانڈرنگ پر سخت پالیسی بنے گی اور اسے دنیا کا تعاون حاصل ہوگا۔

    فواد چوہدری نے مزید بتایا کہ پاکستان کے دنیا کے ممالک سے برابری کی بنیاد پر تعلقات ہوں گے، نوازشریف کی طرح ذاتی تعلقات نہیں بنائیں گے، نوازشریف سے عمران خان کی کوئی ذاتی لڑائی نہیں۔

    ایون فیلڈ پراپرٹیز کا معاملہ برطانوی حکومت سے اٹھایا جائے گا، برطانوی حکومت سے کہیں گے کہ ایون فیلڈ پراپرٹیز پاکستانیوں کی ملکیت ہے، اس کا پیسہ پاکستانی عوام کا ہے جو واپس لانا حکومت کا فرض ہے۔

  • برطانیہ پاکستان سے منی لانڈرنگ کا بڑا مرکزبنا ہوا ہے، برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی

    برطانیہ پاکستان سے منی لانڈرنگ کا بڑا مرکزبنا ہوا ہے، برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی

    لندن : برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ پاکستان سے منی لانڈرنگ کا بڑا مرکزبنا ہوا ہے، کرپٹ سیاستدان منی لانڈرنگ کے ذریعے کرپشن کی رقم برطانیہ منتقل کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کرپٹ غیر ملکی سیاستدانوں کے لئے برطانیہ پسندیدہ ملک بن گیا، برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان، روس اور نائجیریا کے کرپٹ سیاستدان منی لانڈرنگ سے کرپشن کی رقم برطانیہ منتقل کررہے ہیں۔

    برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کے مطابق سینکڑوں پاکستانیوں نے حکومت کو بتائے بغیر برطانیہ میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے، منی لانڈرنگ کی رقم پراپرٹی کی خریداری میں استعمال ہورہی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آف شورکمپنیاں کم ٹیکس اورمعلومات خفیہ رکھنے کی سہولت فراہم کرتی ہیں، اس لئے برطانیہ میں جائیدادوں کی ملکیت اوراصل بینیفیشل اونرشپ چھپانے کے لئے کرپٹ سیاستدان بدستورآف شورکمپنیوں کا استعمال کررہے ہیں۔

    این سی اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ کے قانون نافذ کرنے والے اداروں، سرکاری محکموں، انٹیلیجنس کمیونٹی اور نجی اور رضاکار شعبوں کی رپورٹس کی معلومات پر تیار کی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ہر سال سینکڑوں ارب پونڈز منی لانڈرنگ کے ذریعے برطانیہ لائے جا رہے ہیں اور ٹرسٹ اور کمپنیوں سے وابستہ اکاؤنٹنگ اور قانونی پروفیشنلز کی جانب سے مجرمانہ طریقے سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔


    مزید پڑھیں : برطانیہ میں غیرقانونی دولت سے بنائی گئی جائیداد کا نیا قانون لاگو


    یاد رہے فروری میں برطانیہ میں غیرقانونی دولت سے بنائی گئی جائیداد کا نیا قانون لاگو کیا گیا تھا، اس اقدام کا مقصد برطانیہ منتقل کی گئی دولت کی شفافیت میں موجود سقم دور کرنا ہے، نئے قانون کے بعد ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے 5متنازع جائیدادوں کی چھان بین کیلئے کہہ دیا ہے۔

    جس کے بعد شریف فیملی کی برطانیہ میں بنائی گئی جائیداد قانون کی زد میں آگئی، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے ایوان فیلڈ جائیداد کی کھوج کیلئے حکام کو مراسلہ لکھ دیا تھا۔

    مراسلے میں مطالبہ کیا گیا کہ ایوان فیلڈ جائیداد کی فوری تحقیقات کی جائیں، نئے برطانوی قانون کو ’’ان ایکسپلینڈ ویلتھ آرڈر‘‘ کا نام دیا گیا ہے، جس کے مطابق برطانوی ایجنسیاں کسی بھی جائیداد کی رقم کی منتقلی اور جائیداد کیلئے حاصل رقم کے بارے میں بھی چھان بین کی مجازہوں گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانےکے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • برازیل کے سابق صدر کا گرفتاری دینے سے انکار

    برازیل کے سابق صدر کا گرفتاری دینے سے انکار

    ساؤ پالو: سابق برازیلی صدر لیوزانوسیو لولا ڈی سلوا نے خود کو وفاقی پولیس کے حوالے کرنے سے انکارکردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لولا ڈی سلوا کو وفاقی عدالت نے کرپشن کے الزام میں بارہ سال قید کی سزا سنائی تھی‘ وہ برازیل کے میٹل ورکرز یونین بلڈنگ کے ہیڈکوارٹرز میں قیام پذیر ہیں۔

    اس موقع پرسابق صدر کی حمایت میں بڑی تعداد میں لوگ عمارت کے سامنے جمع ہوگئے ہیں جو ان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ بہتّر سالہ لولا ڈی سلوا کے خلاف گرفتاری وارنٹ کے مطابق انھیں جمعے کے روز خود کو پولیس کے حوالے کرنا تھا۔

    برازیل کی اعلیٰ عدالت کے جج نے سابق صدر کی گرفتاری کی ڈیڈ لائن سے کچھ دیر قبل قید میں ڈالنے کے وقت کو مؤخر کرنے کی درخواست مسترد کردی تھی۔ واضح رہے سابق صدر نے عدالت سے اکتوبر میں ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے آزاد رہنے کی درخواست کی تھی جسے منظور نہیں کیا گیا۔

    فی الحال آٹھ سال تک حکومت کرنے والے برازیل  کے سابق صدر آزادی سے اپنی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں ‘ انہوں نے ہفتے کے روزاپنی آنجہانی اہلیہ ماریسا لیاشیا کی اڑسٹھ ویں سالگرہ  بھی منائی تھی۔ ان کی عوام میں مقبولیت تاحال برقرار ہے اگرچہ عدالت میں ان پر کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات ثابت ہوچکے ہیں۔

    کرپشن کا الزام: برازیل کےسابق صدرکوساڑھےنوسال قید کی سزا

    لولا ڈی سلوا نے اپنے اوپر لگے الزامات کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا جبکہ ان کے وکلا کا کہنا ہے کہ سابق صدر کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    سابق صدر پر الزام ہے کہ انھوں نے ایک کنسٹرکشن کمپنی سے 1.1 ملین ڈالر رشوت لی اور اس کے بدلے مذکورہ کمپنی کو ریاست کے زیر انتظام چلنے والی تیل کمپنی سے کنٹریکٹس حاصل کرنے میں مدد دی۔

    واضح رہے برازیل کی سوشلسٹ سیاسی پارٹی کے بانی رکن لولا ڈی سلوا کی بیوی کو بھی کرپشن میں ملوث قرار دیا گیا تھا لیکن ان کا گزشتہ سال فروری میں انتقال ہوگیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نیب نے عثمان ڈارسے خواجہ آصف کے خلاف ثبوت مانگ لیے

    نیب نے عثمان ڈارسے خواجہ آصف کے خلاف ثبوت مانگ لیے

    اسلام آباد: منی لانڈرنگ کیس میں نیب نےعثمان ڈار سےخواجہ آصف کےخلاف حاصل دستاویزی ثبوت اور دیگر شواہد مانگ لیے‘ عثمان ڈارکہتےہیں نیب کےخط پرقانونی ٹیم سےمشاورت شروع کردی ہےتمام شواہدنیب کومہیا کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے عثمان ڈار سے خواجہ آصف کے خلاف ثبوت اور شواہد حاصل کرنے کے لیے عثمان ڈار سے معاونت حاصل کرنے کےلیے خط لکھ دیا ہے۔نیب نے پی ٹی آئی رہنما کوخط لکھا ہے کہ خواجہ آصف کی مبینہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کے معاملے کا بغور جائزہ لیا۔عثمان ڈار انویسٹی گیشن ونگ آکرثبوت فراہم کریں۔

    عثمان ڈار نے نیب کےخط کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ قانونی ٹیم سے مشاورت شروع کردی ہے،خواجہ آصف کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں ،وعدےکےمطابق تمام ثبوت نیب کے حوالےکروں گا۔عثمان ڈار نے کہابیرون ملک دولت،اکاؤنٹس اورہوٹلوں کاریکارڈ نیب کودیں گے‘ خواجہ آصف کے بے نقاب ہونے تک ہرمحاذپر جنگ لڑوں گا۔

    واضح رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے وزیر خارجہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

    عثمان ڈار نے کچھ عرصہ قبل کہا تھا کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف کی کرپشن اور آمدن سے زائد اثاثوں کے ثبوت موجود ہیں، نیب کو یہ اقدام بہت پہلے کرلینا چاہئے تھا، چیئرمین نیب مجھے بلائیں گے تو ثبوت پیش کروں گا۔

    یاد رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نیب کے سربراہ کو خط لکھ کر خواجہ آصف کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کی تفصیلات فراہم کرنے کو تیار ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • پاکستان تحریک انصاف کا خواجہ آصف کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا مطالبہ

    پاکستان تحریک انصاف کا خواجہ آصف کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا مطالبہ

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے چیئر مین نیب سے خواجہ آصف کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے چیئر مین نیب کو خط لکھا ، خط پی ٹی آئی رہنماعثمان ڈار کی جانب سے لکھا گیا ، جس میں خواجہ آصف کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف منی لانڈرنگ اورمالی جرائم میں ملوث ہیں، خواجہ آصف کےفارن اکاؤنٹس میں کروڑوں روپےمنتقل ہوئے ، منی لانڈرنگ کے لئے اہلیہ کے فارن اکاونٹس بھی استعمال کئےگئے۔

    پی ٹی آئی کی جانب سے خط میں لکھا گیا کہ فارن اکاؤنٹس میں مشکوک،بےنامی ٹرانزکشنزکی گئیں ، غیر ملکی ہوٹلزاور مشکوک بینک اکاوٴنٹس کا ریکارڈحاصل کر لیا ہے، کروڑوں روپےکی منتقلی کاریکارڈالیکشن کمیشن کےگوشواروں میں نہیں۔

    خط میں مزید کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف غیر ملکی کمپنی میں ملازمت اوراقامہ تسلیم کر چکے، خط نواز شریف اور خواجہ آصف کےکیس میں مماثلت ہے۔

    تحریک انصاف نے مطالبہ کیا ہے کہ نیب خواجہ آصف کےخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا آغاز کرے، غیرملکی ہوٹلز،بینک اکاؤنٹس، بے نامی ٹرانزکشنز کے ثبوت دیں گے۔


    مزید پڑھیں : پی ٹی آئی نے خواجہ آصف کیخلاف نیب جانے کی تیاری کرلی


    گذشتہ روز وزیر خارجہ خواجہ آصف کی مبینہ کرپشن پر تحریک انصاف نے ان کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا تھا اور اس حوالے سے پی ٹی آئی نے نیب سے رابطے کا فیصلہ کیا تھا اور کہا گیا تھا کہ خواجہ آصف قوم کےلیےسیکیورٹی رسک ہیں، خواجہ آصف کی کرپشن کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

    چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت کور گروپ کے اجلاس میں خواجہ آصف کیخلاف نیب میں ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی تھی اور عثمان ڈارکوخواجہ آصف کےخلاف نیب کوخط لکھنےکی ذمےداری سونپ دی گئی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • دبئی کی کیپیٹل ایف زیڈ ای کمپنی شریف خاندان کی منی لانڈرنگ کا مرکز نکلی، ذرائع

    دبئی کی کیپیٹل ایف زیڈ ای کمپنی شریف خاندان کی منی لانڈرنگ کا مرکز نکلی، ذرائع

    اسلام آباد : نواز شریف جس اقامےپر نااہل ہوئے، وہ کمپنی شریف خاندان کی منی لانڈرنگ کامرکز نکلی، کیپیٹل ایف زیڈ ای کا اکاؤنٹ حسن نواز کا تھا، جو صرف رقوم کی خاص انداز میں منتقلی کیلئے استعمال ہوا، رقوم برطانیہ،سعودی عرب منتقل کی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کیپیٹل ایف زیڈ ای شریف خاندان کی منی لانڈرنگ کا مرکز نکلا، نوازشریف کو31 دسمبر2009کوایف زیڈ ای سےایک ملین ڈالر بھیجے گئے، نوازشریف نے اپنے بینک اسٹیٹمنٹ میں یہ رقم تحفے کے طور پر ظاہر کی جبکہ کیپیٹل ایف زیڈ ای سےرقوم برطانیہ،سعودی عرب منتقل کی گئیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانیہ،سعودی عرب منتقلی پھر رقوم شریف خاندان کے ذاتی اکاؤنٹس میں گئیں ، کیپیٹل ایف زیڈ ای سے شریف خاندان کورقوم خاص طریقےسےبھیجی گئیں ، سپریم کورٹ نے نوازشریف کو اسی کمپنی کا اقامہ ظاہرنہ کرنے پر نااہل کیا۔

    ذرائع کے مطابق منی لانڈرنگ کاانکشاف شریف خاندان کے خلاف انکوائری میں ہوا، کیپیٹل ایف زیڈ ای کے بینک اسٹیٹمنٹ کاروباری امور بتانے سے قاصر ہیں جبکہ کیپیٹل ایف زیڈ ای کے اکاؤنٹس میں صرف رقوم کی منتقلی کا انکشاف ہوا۔

    کیپیٹل ایف زیڈ ای کاایک اکاؤنٹ دبئی کےایمریٹس بینک میں تھا، 2009 سے2017تک بینک اسٹیٹمنٹ میں خاص اندازمیں رقوم کی منتقلی کا بھی انکشاف ہوا، ایمریٹس بینک دبئی میں کیپیٹل ایف زیڈای اکاؤنٹ حسن نواز کا تھا اور حسن نوازکا دبئی کے ایمریٹس بینک میں ایک ذاتی اکاؤنٹ بھی تھا۔


    مزید پڑھیں : نوازشریف وزیراعظم ہونے کے ساتھ غیر ملکی کمپنی کے ملازم بھی نکلے


    یاد رہے کہ پاناما کیس میں جے آئی ٹی رپورٹ میں غیر قانونی اثاثوں کا بھانڈا پھوٹنے کے بعد وزیر اعظم کو جاری کیا گیا ملازمت کا سرٹیفیکٹ بھی منظر عام پر آگیا۔ جبل علی زون کی دستاویزات کے مطابق وزیر اعظم اگست دو ہزارچھ سے اپریل دوہزارچودہ تک کپیٹل ایف زیڈای کے چیئرمین رہے اور کمپنی سے دس ہزار درہم تنخواہ لی جبکہ رہائش اور دیگر الاونسسز بھی حاصل کئے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کرپشن الزامات: بنگلہ دیشی چیف جسٹس مستعفی

    کرپشن الزامات: بنگلہ دیشی چیف جسٹس مستعفی

    ڈھاکہ : کرپشن الزامات کا سامنا کرنے والے بنگلا دیش کے چیف جسٹس بالاخر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے‘ وہ گزشتہ ایک ماہ سےجبری رخصت پر تھے۔

    تفصیلات کے کے مطابق بنگلہ دیش کی عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس ‘جسٹس سنہا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے‘ بنگلہ دیشی صدر کے ترجمان نے استعفے کی تصدیق کردی۔

    یاد رہے کہ بنگلہ دیشی چیف جسٹس سریندر کمار سنہا کے خلاف کرپشن اور منی لانڈرنگ کے 11 مقدمات ہیں ‘ جن کے سبب انہوں نے استعفیٰ دیا ہے۔

    دوسری جانب چیف جسٹس سنہا کی جانب سے چند ماہ قبل سنائے گئے فیصلے کے سبب بنگلہ حکومت اور چیف جسٹس کے درمیان کشمکش جاری ہے‘ فیصلے میں قرار دیا گیا تھا کہ پارلیمنٹ‘ عدالتِ عظمی ٰ کے ججز کو برطرف نہیں کرسکتی ۔

    اس ساری صورتحال کے پیشِ نظر حکومت نے چیف جسٹس کو ایک ماہ کی جبری رخصت پر بھیجا ہوا تھا‘ اور ان پر کرپشن اور منی لانڈرنگ کے مقدمات بھی درج تھے ‘ جس کے نتیجے میں بالاخر انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔