Tag: Money Loundring case

  • 25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا کیس : کب؟ کہاں؟ کیا ہوا؟

    25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا کیس : کب؟ کہاں؟ کیا ہوا؟

    وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے بیٹوں کے خلاف نومبر 2020 میں منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، کیس میں شہبازشریف، حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز مرکزی ملزم قرار پائے، تینوں باپ بیٹوں پر25ارب روپے منی لانڈرنگ کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

    ایف آئی اے کی جانب سے بینکنگ کورٹ میں کیس چلا، ملزمان کی جانب سے عدالتی دائرہ کار کو چیلنج کیا گیا جس کے بعد یہ کیس اسپیشل کورٹ سینٹرل میں منتقل ہوگیا۔

    ملزمان کی نومبر دوہزار بیس اور جولائی دوہزار اکیس میں عبوری ضمانتیں منظور ہوئیں اور ملزمان ایک سال تین ماہ ضمانتوں پر رہے۔ ایف آئی اے نے مارچ 2022 میں چالان جمع کرایا، جس میں سولہ ارب روپے کی منی لانڈرنگ الزام لگایا گیا جبکہ ملزمان پر درج ایف آئی آر میں پچیس ارب روپے کا ذکر تھا۔

    ایف آئی اے تحقیقات کے مطابق ملک مقصود کے نام سے بنے ایک بینک اکاؤنٹ میں جنوری دو ہزار سترہ سے فروری دوہزار اٹھارہ کے دوران تین کروڑ روپے اور اسی عرصے میں دوسرے اکاؤنٹ میں سات کروڑ اکتالیس لاکھ روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی تھی حالانکہ ملک مقصود کی ماہانہ تنخواہ صرف پچیس ہزار روپے تھی۔

    اس کیس کے تین ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا، جن میں سلیمان شہباز، طاہرنقوی اور مقصود چپڑاسی شامل تھے۔ کیس چلتا رہا اس دوران ایک گواہ گلزار کا انتقال ہوگیا۔

    اس کے علاوہ ملزم مقصود چپڑاسی بھی دبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ پائے گئے، اسی کیس میں قائم جے آئی ٹی کے سربراہ ڈاکٹر رضوان ہارٹ اٹیک کے باعث انتقال کرچکے ہیں۔

  • منی لانڈرنگ کیس : مونس الہٰی دیگرکی ضمانتوں میں توسیع

    منی لانڈرنگ کیس : مونس الہٰی دیگرکی ضمانتوں میں توسیع

    لاہور: منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں مونس الہٰی سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 14 جولائی تک توسیع کردی گئی۔

    بینکنگ عدالت میں مونس الہٰی، محمد خان بھٹی اور واجد احمد نے حاضری مکمل کرائی، اس موقع پر تفتیشی افسر نے عدالت کے روبرو بیان دیا کہ تمام ملزمان شامل تفتیش ہوچکے ہیں انہوں نے گزشتہ ہفتے تفتیش جوائن کی ہے اور اپنے دفاع میں دستاویزات جمع کرانے کی مہلت مانگی۔

    تفتیشی افسر نے بتایا کہ کمپنی کے شئیر ہولڈرز سے متعلق بھی تفتیش جاری ہے اور شئیر ہولڈرز کے تعین کے بعد مونس الہٰی کو دوبارہ طلب کیا جائے گا ۔47 فیصد ریکارڈ آچکا ہے جس کا ابھی فرانزک ہونا ہے۔

    عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ آپ وقت ضائع کیوں کررہے ہو؟ جس پر آئی او نے کہا کہ مختلف افراد سے ریکارڈ طلب کیا ہے جس کے بعد تفتیش مکمل ہوجائے گی۔

    تفتیشی افسر کا مزید کہنا تھا کہ47فیصد ریکارڈ موصول ہوچکا ہے، عدالت نے تفتیشی افسر کو تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کردی۔

    یاد رہے کہ ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کے الزامات پر مونس الٰہی سمیت دیگر کے خلاف 24 ارب روپےکی منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کررکھا ہے۔

  • منی لانڈرنگ کیس : شہباز شریف کی عدم حاضری کی درخواست پر فیصلہ جاری

    منی لانڈرنگ کیس : شہباز شریف کی عدم حاضری کی درخواست پر فیصلہ جاری

    لاہور : منی لانڈرنگ کیس میں آج کی کارروائی کے بعد لاہور کے اسپیشل جج سینٹرل نے تحریری فیصلہ جاری کردیا، سماعت 21 مئی تک ملتوی کردی گئی۔

    تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی گئی، شہباز شریف کے وکیل نے بتایا کہ ان کے یو کے میں اہم معاملات ہیں۔

    فیصلے کے مطابق13مئی کو شہباز شریف نے واپس آکرعدالت میں پیش ہونا تھا، وکیل نے بتایا کہ ڈاکٹر سے اپائنٹمنٹ کے باعث شہنٓباز شریف یوکے میں ہی ہیں۔

    تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کو بطور وزیراعظم یو اے ای کے صدر کی تعزیت کے لیے جانا ہے، شہباز شریف کی حاضری معافی کی پراسیکیوٹر نے بھی مخالفت نہیں کی۔

    فیصلہ میں بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کی جاتی ہے، اسپیشل پراسیکیوٹر فاروق باجوہ نے بتایا کہ ان کی تعیناتی حال میں ہی ہوئی ہے۔

    عدالت کا کہنا ہے کہ اسپیشل پراسیکیوٹر نے کیس کی تیاری کے لیے مہلت طلب کی ہے، بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 21 مئی تک ملتوی کردی۔

  • منی لانڈرنگ کیس : شہباز شریف اور حمزہ کی عدالت سے غیرحاضری

    منی لانڈرنگ کیس : شہباز شریف اور حمزہ کی عدالت سے غیرحاضری

    لاہور کی بینکنگ جرائم کورٹ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں عدالت کے دائرہ اختیار پر وکلاء کو تیاری کے لیے حتمی مہلت دے دی۔

    بینکنگ کورٹ کے جج سردار طاہر صابر نے ایف آٸی اے کی جانب سے دائرہ اختیار پر دائراعتراض پر سماعت کی، وکلا نے کیس پر تیاری کے لیے مزید مہلت کی استدعا کی جس کو منظور کرتے ہوٸے عدالت نے سماعت چار جنوری تک ملتوی کر دی۔

    عدالت نے قرار دیا کہ آٸندہ سماعت پر فریقین کے وکلاء عدالتی دائرہ اختیار پر دلائل مکمل کریں۔ شوگر انکواٸری منی لانڈرنگ کیس میں ایف آٸی اے نے عدالت کے داٸرہ اختیار پر اعتراضات اٹھاٸے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ بینکنگ کورٹ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پر سماعت نہیں کر سکتی۔

    اس حوالے سے مشیر احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ آج منی لانڈرنگ کیس سے شہباز شریف کے وکلا غیر حاضر  رہے، روز روز چالان مانگنے والے آج عدالت سے فرار ہوگئے۔

    دوسری جانب شہبازگل نے بھی طنزیہ وار کرتے ہوئے کہا کہ اب چابی بھری ترجمان کیا فرماتی ہیں، جھوٹی باجی کو اطلاع دینی تھی کہ شہباز شریف عدالت سے بھاگ رہے ہیں۔

  • شہباز شریف خاندان  کو قید، جرمانہ کی سزا ہوسکتی ہے، ایف آئی اے

    شہباز شریف خاندان کو قید، جرمانہ کی سزا ہوسکتی ہے، ایف آئی اے

    لاہور: شہباز شریف اور خاندان کے خلاف 16 ارب منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے نے شہباز، حمزہ اور سیلمان شہباز کے 45 اکاؤنٹس کی تفصیلات جمع کرادیں۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق بے نامی اکاؤنٹس سے خاندان کے اکاؤنٹس میں 16 ارب 34 کروڑ روپے جمع ہوئے، حکام کا کہنا ہے کہ الزمات ثابت ہونے پر ملزمان کو7 سال قید، جرمانہ اور جائیداد ضبطی کی سزا ہوسکتی ہے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ شہباز شریف، حمزہ شہباز اور سیلمان شہباز کو متعدد مواقع فراہم کیے گئے لیکن تمام ملزمان الزمات سے متعلق تفتیشی ٹیم کو مطمئن نہ کرسکے۔

    دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف خاندان کے 45 اکاؤنٹس میں منی لانڈرنگ کی رقوم جمع ہوئیں، شہباز شریف کے نام پر 14 بینک اکاونٹس رجسٹرڈ ہیں۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق شہباز شریف کے نام پر2008سے 2018 تک ایک برانچ میں 10 اکاونٹس کھولے گئے جبکہ حمزہ شہباز کے نام پر 13 بینک اکاونٹس کھولے گئے۔

    دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز کے نام پر2005 سے2018 کے دوران بینک اکاؤنٹ کھولے گئے، سلیمان شہباز کے نام پر 2004 سے2018 تک18 بینک اکاؤنٹ کھولے گئے۔ سرکاری افسریاپبلک آفس ہولڈرمنقولہ، غیر منقولہ جائیداد، اثاثہ جات پرجواب دہ ہے۔،

  • شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں اہم پیشرفت

    شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں اہم پیشرفت

    لاہور : شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، متعلقہ بینک افسران نے عدالت میں اپنا بیان دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں 6بینک افسران نے ضلع کچہری میں 164کا بیان ریکارڈ کرادیا۔

    بینک افسران نے رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ سے متعلق بیان قلمبند کرایا، ذرائع کے مطابق عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بھی آج طلب کر رکھا ہے۔

    اس کے علاوہ بینک افسران نے مختلف بینک اکاؤنٹس میں ٹرانزیکشنز سے متعلق بھی بیان ریکارڈ کرایا، مذکورہ بیانات جوڈیشل مجسٹریٹ کامران ظفر کی عدالت میں ریکارڈ کیےگئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ رمضان شوگر ملز کے چوکیداراور سیکیورٹی گارڈ کےاکاؤنٹ سے متعلق بھی مزید بیانات قلمبند کیے جائیں گے۔

    ضلع کچہری کی عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام بینک افسران کو طلب کرلیا ہے، آج کی کارروائی کے بعد معزز عدالت نے کیس کی سماعت23 ستمبر تک ملتوی کردی۔

  • منی لانڈرنگ کیس : شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع

    منی لانڈرنگ کیس : شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع

    لاہور : احتساب عدالت نے شہباز شریف کو 20 اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے جبکہ ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں27 اکتوبر تک توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں لاہور کی احتساب عدالت نے نیب کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنادیا، عدالت نے قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف اور ن لیگ کے صدر شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں 7دن کی توسیع کرتے ہوئے نیب حکام کے حوالے کردیا۔

    احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے فیصلہ محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے شہباز شریف کا 20 اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

    واضح رہے کہ لاہور کی احتساب عدالت نے شہباز شریف کے خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت کے دوران نیب کی میاں شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ اس کے علاوہ عدالت نے حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 27 اکتوبر تک توسیع کردی۔

    قبل ازیں کیس سماعت شروع ہوئی تو ن لیگ کے رہنما حمزہ شہباز کو پیش کر دیا گیا جبکہ ن لیگ کے صدر شہباز شریف کو پیش کرنے میں تاخیر ہوئی۔ عدالت نے کیس کی سماعت کچھ دیر کیلئے ملتوی کی۔ کیس کی دوبارہ سماعت شروع ہونے پر شہباز شریف کو بھی احتساب عدالت میں پیش کردیا گیا۔

    شہباز شریف نے عدالت سے استدعا کی کہ مجھے کمر کے درد کی شکایت ہے جس کے باعث جو خصوصی کرسی گھر سے منگوائی تھی وہ نیب والوں نے لے لی ہے۔ اب عام کرسی دی گئی ہے جس پر بیٹھ کر نماز پڑھتا ہوں اور کھانا کھاتا ہوں۔ عدالت نے ہدایت کی کہ آپ باقاعدہ درخواست لکھ کر دیں تو تفصیلی حکم عدالت جاری کر دے گی۔

    لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

  • منی لانڈرنگ کا الزام : ایف آئی اے نے طاہر اشرفی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا

    منی لانڈرنگ کا الزام : ایف آئی اے نے طاہر اشرفی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا

    لاہور : ایف آئی اے نے چیئرمین علماء کونسل طاہر اشرفی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، ایف آئی آر کے میں کہا گیا ہے کہ طاہر اشرفی منی لانڈرنگ میں ملوث پائے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین طاہر اشرفی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرلیا، ایف آ ئی اے نے مقدمہ ایف اے ٹی ایف کے تحت درج کیا ہے۔

    ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ طاہر اشرفی منی لانڈرنگ میں ملوث پائے گئے ہیں، طاہر اشرفی کے بینک اکاؤنٹ میں کروڑوں کی غیرملکی فنڈنگ ہوئی۔

    مذکورہ فنڈنگ نارویجین چرچ، جرمن سفارت خانے کی جانب سے کی گئی، متن کے مطابق امکان ہے کہ طاہر اشرفی کو ملنے والے فنڈز دہشت گردی میں استعمال ہوسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ سال 2017 کی ایک دستاویز کے مطابق پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین طاہر اشرفی نے ایک امریکی این جی اوز سے90 ہزار ڈالر اور جرمن سفارت خانے سے43 لاکھ روپے وصول کیے جس کی دستاویزات منظرعام پر آگئیں، جبکہ طاہراشرفی نے اس وقت اس کی تردید کردی تھی۔

    اطلاعات کے مطابق پاکستان علماء کونسل کے چئیرمین طاہر اشرفی نے دہشت گردی کے رحجانات کے خاتمے کی مد میں امریکی این جی او آئی سی آر ڈی سے90 ہزار ڈالر لیے۔

    دستاویز کے مطابق امریکی این جی او سے جو رقم وصول کی گئی وہ پاکستانی کرنسی میں آج کے حساب سے تقریبا 94ایک کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔

    علاوہ ازیں طاہراشرفی نے مبینہ طور پر سوشل میڈیا اور دینی مدارس میں دہشت گردی کے رحجانات کی مانیٹرنگ کے لیے جرمن سفارت خانے سے بھی رقم وصول کی۔

    دستاویز کے مطابق کیولری گراؤنڈ کے نجی بینک اکاؤنٹ میں ان کے لیے43 لاکھ 44 ہزار روپے کی فنڈنگ جمع کرائی گئی۔

    مزید پڑھیں: طاہراشرفی کو امریکی و جرمن فنڈنگ، دستاویزات منظرعام پر

    اس حوالے سے طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ امریکی این جی او اور جرمن ادارے فنڈنگ کی تردید کرچکے ہیں، اس کے علاوہ جرمن سفیر نے بھی کئی مرتبہ اس بات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

     طاہراشرفی نے کہا کہ میں نے پاکستان اوراسلام دشمنی کا کبھی کوئی کام نہیں کیا اور نہ ہی پاکستان کےخلاف کبھی کوئی بات کی، میری زندگی کی جدوجہد اسلام اور پاکستان کے لیے ہے، اگر دہشت گردی کے خلاف بات کرنا جرم ہے تو میں یہ جرم کرتا رہوں گا۔

  • لندن منی لانڈرنگ کیس میں بھارت ملوث تھا، مصطفیٰ کمال

    لندن منی لانڈرنگ کیس میں بھارت ملوث تھا، مصطفیٰ کمال

    کراچی : پی ایس پی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ بھارت نے پوری کوشش کی منی لانڈرنگ کیس لندن کی عدالت نہ جائے کیس فائل نہ ہونے پر بانی ایم کیوایم بچ گئے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں میزبان عادل عباسی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فنڈنگ سے بانی ایم کیوایم نے کراچی میں دہشت گردی کرائی۔

    منی لانڈرنگ کیس میں بھارت ملوث تھا، بھارت نے پوری کوشش کی کہ منی لانڈرنگ کیس لندن کی عدالت نہ جائے، بھارتی دباؤ کی وجہ سے ہی منی لانڈرنگ کیس میں پیش رفت نہ ہوسکی۔

    میں سمجھتا ہوں کہ اشتعال انگیز تقاریر کے مقدمے میں بھارت کو ملوث نہیں کیا جاسکتا، منی لانڈرنگ کیس فائل نہ ہونے پر بانی ایم کیوایم بچ گئے، بانی ایم کیوایم اب عالمی ایجنسیوں پر بوجھ بن چکے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سیاست میں آنے کا مقصد قوم کے مستقبل کو بچانا ہے، مسئلہ اختیار کا نہیں بلکہ کردار کا ہے۔

    مزید پڑھیں : لندن پولیس نے بانی ایم کیو ایم کو ضمانت پر  رہاکردیا  

    ایم کیو ایم کوٹہ سسٹم، سرکاری نوکریوں اور محصورین کی واپسی کیلئے بنی تھی،40سال بعد یہ مسائل آج بھی جوں کے توں ہیں، اگر40سال میں کیا کیا کا سوال کیا جائے تو وہ قوم کو نئی لال بتی کے پیچھے لگا دیتے ہیں۔

  • متحدہ بانی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کراچی سے اسلام آباد منتقل

    متحدہ بانی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کراچی سے اسلام آباد منتقل

    کراچی : متحدہ بانی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کراچی سے اسلام آباد منتقل کردیا گیا، وزارت داخلہ نے کیس اسلام آباد منتقلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد کے خلاف چلنے والا ایم کیو ایم کی فلاحی تنظیم خدمتِ خلق فاؤنڈیشن کے نام پر منی لانڈرنگ کیس اسلام آباد منتقل کردیا گیا۔

    مذکورہ کیس اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں منتقل کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے یہ کیس اسلام آباد منتقل کرنے کی سفارش کی تھی۔

    جس کے بعد وزارت داخلہ نے کیس اسلام آباد منتقلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، کیس کی سماعت اے ٹی سی کے جج شاہ رخ ارجمند کریں گے۔

    مزید پڑھیں: کے کے ایف منی لانڈرنگ کیس ، بانی ایم کیوایم اور دیگر کےخلاف ثبوت مل گئے

    واضح رہے کہ بانی ایم کیوایم اور دیگر کیخلاف کے کے ایف کے ذریعے منی لانڈرنگ کرانے کے ٹھوس ثبوت حاصل کرلیے گئے۔ رپورٹ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں جمع کرادی گئی۔

    رپورٹ میں عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے کہ بانی ایم کیو ایم کے خلاف ٹھوس شواہد حاصل کرلیے گئے ہیں، شواہد کی تصدیق برطانیہ سے کرائی جارہی ہے۔