Tag: Money Loundring case

  • کے کے ایف منی لانڈرنگ کیس : بانی ایم کیوایم اور دیگر کےخلاف ثبوت مل گئے

    کے کے ایف منی لانڈرنگ کیس : بانی ایم کیوایم اور دیگر کےخلاف ثبوت مل گئے

    کراچی :  قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بانی ایم کیوایم اور دیگر کیخلاف کے کے ایف کے ذریعے منی لانڈرنگ کرانے کے ٹھوس ثبوت حاصٓل کرلیے۔ رپورٹ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں جمع کرادی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں ایم کیو ایم کی فلاحی تنظیم خدمتِ خلق فاؤنڈیشن کے نام پر منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔

    کے کے ایف کے نام پر منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں بانی ایم کیوایم اور دیگر ملزمان کےخلاف تحقیقات میں پیش رفت کی رپورٹ جمع کرادی گئی۔

    رپورٹ میں عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے کہ بانی ایم کیو ایم کے خلاف ٹھوس شواہد حاصل کرلیے گئے ہیں، شواہد کی تصدیق برطانیہ سے کرائی جارہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق رپورٹ سیکریٹری جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے جمع کرائی جس میں کہا گیا ہے کہ متحدہ بانی و دیگر کے خلاف ٹھوس شواہد حاصل کر لیے گئے، وزارتِ خارجہ کے ذریعے ان دستاویزاتی شواہد کی تصدیق برطانیہ سے کرائی جا رہی ہے۔

    اس کے علاوہ متحدہ بانی کے گھر سے اسلحے کی فہرست کا فرانزک کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ اسلحہ کہاں استعمال ہوا؟ فرانزک کے لیےحکام کو فہرست بھیج دی گئی ہے۔

    رپورٹ میں وفاقی حکومت کو جے آئی ٹی تشکیل دینے کی تجویز دیتے ہوئے کہا گیا کہ مزید پیش رفت تک سماعت مناسب دورانیے کے لیے ملتوی کردی جائے۔

    کیس کی سماعت کےدوران ایف آئی اے کی ٹیم کے پیش نہ ہونے پرفاضل جج نے برہمی کا اظہارکیا اور کہا کہ اہم کیس میں ایف آئی اے نے لاپرواہی کی اعلیٰ مثال قائم کردی، عدالت نے ایف آئی اے سےانیس اپریل کوجواب طلب کرلیا۔

  • منی لانڈرنگ کیس : خانانی اینڈ کالیا اسکینڈل کے تمام ملزمان کی بریت برقرار

    منی لانڈرنگ کیس : خانانی اینڈ کالیا اسکینڈل کے تمام ملزمان کی بریت برقرار

    کراچی : منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نے خانانی اینڈ کالیا کے تمام ملزمان کی بریت برقرار رکھی ہے، سندھ ہائی کورٹ نے آٹھ سال بعد فیصلہ سنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں منی لانڈرنگ کی رقم بیرون ملک بھیجنے کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں منی لانڈرنگ کی رقم بیرون ملک بھیجنے کے کیس کا فیصلہ8سال بعد سنا دیا گیا۔

    عدالت نے خانانی اینڈ کالیا اسکینڈل میں تمام ملزمان کو بری کرنے کے بینکنگ کورٹ کے فیصلہ برقرار رکھا ہے۔ سال دو ہزار گیارہ میں بینکنگ کورٹ نے مقدمے کے آٹھ ملزمان کو بری کیا تھا جسے ایف آئی اے نے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

    مقدمے میں حنیف کالیا، مناف کالیا، جاوید خانانی، عاطف عزیز پولانی، بینکرز مسعود عباس، وجاہت علی، تسلیم اور عارف نامزد تھے، یاد رہے کہ جاوید خانانی نے دلبرداشتہ ہوکر خود کشی کرلی تھی، وہ منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت پر تھے  ۔

    وکیل صفائی نے دلائل میں کہا کہ ٹرائل کورٹ میں سو گواہ پیش ہوئے۔ بیالیس گواہوں نے ملزمان کے حق میں گواہی دی، سیشن عدالت میں بھی حوالہ ہنڈی ثابت نہیں ہوئی۔

    مزید پڑھیں: معروف کرنسی ڈیلرجاوید خانانی آٹھویں منزل سےگرکرجاں بحق

    یاد رہے کہ خود کشی کرنے والے معروف کرنسی ڈیلر جاوید خانانی جو مناف کالیا کے ساتھ مل منی چینجر ادارہ خانانی اینڈ کالیا چلا رہے تھے جسے اس شعبے میں کنگ سمجھا جاتا تھا تاہم 2008 میں ان کے ادارے کو منی لانڈرنگ کیس کے تحت بند کردیا گیا تھا۔

  • منی لانڈرنگ کیس : آصف زرداری اور فریال تالپور8اپریل کو احتساب عدالت میں طلب

    منی لانڈرنگ کیس : آصف زرداری اور فریال تالپور8اپریل کو احتساب عدالت میں طلب

    راولپنڈی : قومی احتساب بیورو نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپورکو8اپریل کو طلب کرلیا، طلبی کا نوٹس احتساب عدالت نمبر دو کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور اُن کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت دیگر 24ملزمان کو 8اپریل کو طلب کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے خالد شاہ کے مطابق طلبی کے نوٹس میں آصف زرداری اور دیگر کو8 اپریل کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، آصف زرداری کی طلبی کا نوٹس خصوصی طور پر ارسال کیا گیا۔

    آصف زرداری کو مقدمہ کراچی سے اسلام آباد منتقلی پر طلب کیا گیا، آصف زرداری کے علاوہ 24دیگر ملزمان کو بھی عدالت نے طلب کر رکھا ہے، مذکورہ سمن بلاؤل ہاؤس کلفٹن کراچی کے ایڈریس پرارسال کیا گیا۔

    منی لانڈرنگ کیس میں نامزد فریال تالپور، حسین لوائی، انور مجید، نمر مجید، کمال مجید کو بھی عدالت نے 8 اپریل کو ہی طلب کیا ہے۔

    یاد رہے کہ بینکنگ کورٹ کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس کراچی سے راولپنڈی منتقل کیا گیا جس کی سماعت اب احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کریں گے۔

  • منی لانڈرنگ کیس : زرداری اور اومنی گروپس کے اثاثے منجمد کرنے کی سفارش

    منی لانڈرنگ کیس : زرداری اور اومنی گروپس کے اثاثے منجمد کرنے کی سفارش

    اسلام آباد : منی لانڈرنگ کیس کی جے آئی ٹی نے فریال تالپور، آصف زرداری اور اومنی گروپس کی ملک اور بیرون ملک جائیدادیں منجمد کرنے کی سفارش کردی، بلاول ہاؤس کراچی ،لاہور اور زرداری ہاؤس اسلام آباد سیل کیا جائے، رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے لیے نئی مشکل آن پڑی، منی لانڈرنگ کیس کی جے آئی ٹی نے عدالت عظمیٰ سے بلاول ہاؤس کراچی ،لاہور اور زرداری ہاؤس اسلام آباد سیل کرنے کی سفارش کردی ہے۔

    فریال تالپور، زرداری اور اومنی گروپس کی ملک اور بیرون ملک جائیدادیں بھی منجمد کرنے کی سفارش کی گئی ہے، اس سلسلے میں جےآئی ٹی نے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرادی ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی  رپورٹ میں زرداری گروپ، اومنی گروپ کے اثاثوں اور قرضوں میں بے ضابطگیوں کا انکشاف کیا گیا ہے، دونوں گروپس نے حکومتی فنڈز میں بے ضابطگیاں کیں، کمیشن لیا اور غیرقانونی پیسہ ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک منتقل کیا۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ زرداری اور اومنی گروپس کے مختلف کمپنیوں کے تحت رکھے گئے اثاثے احتساب عدالت کے فیصلے تک منجمد کئے جائیں، غالب گمان ہے کہ کہیں یہ اثاثے اس سے قبل ہی بیرون ملک منتقل نہ ہوجائیں۔

    جے آئی ٹی نے جن اثاثوں کو منجمد کرنے کی سفارش کی ہے اس میں بلاول ہاﺅس کراچی و لاہور اور زرداری ہاﺅس اسلام آباد ،آصف زرداری کی نیویارک اور دبئی کی پراپرٹیز، بلاول ہاﺅس کراچی کے پانچوں پلاٹس ،اومنی گروپ کی شوگر ملز، زرعی کمپنیز اور توانائی کمپنیز کے اثاثے شامل ہیں۔