Tag: Money

  • سلووینیا میں خاتون نے انشورنش کی رقم کیلئے اپنا ہاتھ کٹوا دیا

    سلووینیا میں خاتون نے انشورنش کی رقم کیلئے اپنا ہاتھ کٹوا دیا

    لیوبلیانا : سلووینیا کی پولیس نے غلط بیانی سے انشورنش کی رقم حاصل کرنے والی خاتون کو دھوکا دہی کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا میں آج بھی ایسے افراد موجود ہیں معمولی سی رقم حاصل کرنے کےلیے خود اپنے اعضاء بھی کاٹ سکتے ہیں ایسا ہی واقعہ یورپی ملک سلووینیا میں پیش آیا جہاں ایک خاتون نے انشورنش کی رقم کی حاصل کرنے کےلیے اپنا ہاتھ کاٹ دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سلووینیا کے دارالحکومت لیوبلیانا میں پولیس نے 21 سالہ خاتون کو حراست میں لیا ہے کہ جس نے اپنے اہل خانہ کی مدد سے اپنا ایک ہاتھ کاٹ کر انشورنش کی رقم حاصل کی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار خاتون نے کچھ ماہ قبل ہی انشورنش کی مد میں 4 لاکھ یورو معاوضہ اور انشورنش پالیسی کے تحت تقریباً 3 ہزار یورو ماہانہ وصول کیے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس نے مذکورہ خاتون اس کے اہلخانہ کے چار افراد کو رواں برس کے آغاز پر حراست میں لیا تھا لیکن کچھ روز بعد دو افراد کو رہا کردیا تھا۔

    پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ خاتون نے گھر میں آرے سے ہاتھ کاٹا جس کے بعد اہلخانہ اسے اسپتال لے گئے جہاں انہوں نے بتایا کہ خاتون لڑکیاں کاٹے ہوئے زخمی ہوگئی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان خاتون کا کٹا ہوا ہاتھ گھر میں چھوڑ گئے تھے تاکہ جھوٹ کو حقیقت میں بدل سکیں لیکن حکام کو مذکورہ افراد کے بیان پر شک ہوا جس پر حکام اور پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گھر سے ہاتھ برآمد کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اسپتال حکام نے کامیاب آپریشن کے بعد خاتون کا ہاتھ دوبارہ جوڑ دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اگر گرفتار خاتون اور اس کے معاونت کاروں پر دھوکا دہی کا الزام ثابت ہوگیا تو انہیں‌ کم از کم اآٹھ برس قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے.

  • منی لانڈرنگ: معروف صنعت کار میاں منشاء بیٹوں سمیت آج نیب میں پیش ہوں گے

    منی لانڈرنگ: معروف صنعت کار میاں منشاء بیٹوں سمیت آج نیب میں پیش ہوں گے

    لاہور: پاکستان سے برطانیہ منی لانڈرنگ کے الزام میں نیب نے معروف صنعت کارمیاں منشاء کو تفتیش کے لیے بیٹوں سمیت آج طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے باپ بیٹوں کو ہدایت کی ہے کہ لندن میں سینٹ جیمزہوٹل خریدنے کی مکمل منی ٹریل ساتھ لائیں۔

    لندن میں سینٹ جیمزہوٹل کیسے خریدا؟ منی ٹریل کہاں ہے؟ نیب لاہور نے صنعت کارمیاں منشاء اور ان کے بیٹوں میاں حسن منشاء اور میاں عمرمنشاء کو تفتیش کے لیے آج طلب کیا ہے۔

    نیب کے مطابق میاں منشاء نے لاکھوں پاونڈ سے برطانیہ میں سینٹ جیمز ہوٹل اینڈ کلب خریدا، ان پر یہ رقم غیر قانونی طور پر پاکستان سے برطانیہ منقتل کرنے کا الزام ہے۔

    نیب نے باپ بیٹوں کو ہدایت کی ہے کہ سینٹ جیمزہوٹل اینڈ کلب خریدنے کی مکمل منی ٹریل ساتھ لائیں، اور مالکانہ دستاویزات بھی ساتھ لائیں۔

    ذرائع کے مطابق ملزمان کو طلبی کے نوٹس اٹھائیس مین گلبرگ لاہور کے پتہ پر پہنچائے گئے جو میاں منشاء کے ملازمین نے وصول کیے۔

    لاہورہائی کورٹ نے بھی میاں منشا کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔ اس سے پہلے نیب نے میاں منشاء اوران کےبیٹوں کو پہلے بھی دو مرتبہ طلب کیا لیکن وہ ایک بار بھی پیش نہیں ہوئے۔

  • امریکی بچے نے میکسیکن سرحدی دیوار کے لیے ہزاروں ڈالر فنڈ جمع کرلیا

    امریکی بچے نے میکسیکن سرحدی دیوار کے لیے ہزاروں ڈالر فنڈ جمع کرلیا

    واشنگٹن : امریکا کے کمسن شہری نے صدر ٹرمپ کی میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر میں مدد کرنے کےلیے چاکلیٹ فروخت کرکے خطیر رقم جمع کرلی تاکہ غیر قانونی ہجرت کو روکا جاسکے۔

    تفصیلات کے مطابق امریی ریاست آسٹن کے شہر ٹیکساس کے رہائشی 7 سالہ بینٹن اسٹیون امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اتفاق کرتے ہوئے امریکا کو دوبارہ عظیم بنانے کےلیے عملی جدوجہد شروع کردی ہے۔

    چھوٹے ہٹلر کے نام سے مشہور بینٹن کے والدین نے بتایا کہ ’ان کے بچے نے اسٹیٹ آف دی یونین تقریر سننے کے بعد میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کےلیے چندہ جمع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بچے کے والدین امریکا کی حکمران جماعت ریپبلیکن سے تعلق رکھتے ہیں جنہوں نے سیاست میں دلچسپی لینے پر اپنے بیٹے کی حوصلہ افزائی کی۔

    مذکورہ بچے کے والدین کا خیال ہے کہ بینٹن ٹیلی ویژن پر سیاسی پروگرام دینے اور کھانے کے دوران والدین سے سیاسی گفتگو سننے کے باعث سیاست کی جانب راغب ہوا ہے۔

    بچے کی والدہ جینیفر کا کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں ہمارے لیے یہ بات ضروری ہے کہ ہماری اولادیں جانتی ہے کہ دنیا میں کیا چل رہا ہے، ہم کہاں کھڑے ہیں‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بینٹن دو دنوں میں میکسیکو دیوار کی تعمیر کیلئے 5 ہزار امریکی ڈالر (6 لاکھ 95 ہزار روپے) جمع کرچکا ہے۔

    بینٹن کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ پاگل ہیں جو مجھے چھوٹا ہٹلر کے نام سے بلارہے ہیں اور کچھ لوگ واقعی میرے کام سے بہت خوش ہیں۔

    میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کیلئے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرسکتا ہوں: ڈونلڈ ٹرمپ

    مذکورہ بچے کا کہنا تھا کہ میں طے شدہ منصوبے کے تحت چاکلیٹ کی فروخت حاصل ہونے والی رقم صدر ٹرمپ کو بھیجوں گا تاکہ غیر قانونی طور پر ہجرت کرکے ہمارے ٹاؤن میں رہتے ہیں۔

  • لاٹری کی رقم جیتنے والے نے چہرے پر ماسک کیوں پہنا؟

    لاٹری کی رقم جیتنے والے نے چہرے پر ماسک کیوں پہنا؟

    کنگزٹن : جمائیکا میں 15 لاکھ امریکی ڈالر کی لاٹری جیتنے والا شخص گھروالوں سے پیسے چھپانے کےلیے انوکھا ماسک پہن کر انعامی رقم لینے پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق براعظم افریقہ کے ملک جمائیکا کے دارالحکومت کنگزٹن کے رہائشی شخص کیمپ بیل نے 15 لاکھ امریکی ڈالر کی لاٹری جیت لی لیکن 54 روز تک لاٹری کمپنی سے کوئی رابطہ نہیں کیا تاکہ اہل خانہ کو اس بات کا علم نہ ہوسکے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کیمپ بیل (جھوٹا نام) نامی شخص 5 فروری کو لاٹری میں جیتی گئی رقم وصول کرنے پہنچا تو سپر لوٹو کمپنی کی انتظامیہ یہ دکھ کر حیران رہ گئی کہ کیمپ بیل سنہ 1996 میں ریلیز ہونے والی ڈراؤنی فلم ’اسکریم‘ کا ماسک پہن پہنچا تھا۔

    ملین ڈالر لاٹری جیتنے والے شخص کا کہنا ہے کہ ’مجھے پیسوں سے بہت محبت ہے‘ اس لیے میں ماسک پہن کرآیا ہوں تاکہ اپنی شناخت گھر والوں اور دوستوں سے مخفی رکھ سکوں۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص نے اپنی انعامی رقم وصول کرنے کےلیے 54 روز تک انتظار کیا اور لاٹری انتظامیہ سے رابطہ نہیں تاکہ گھر والوں کو انعامی رقم سے متعلق خبر نہ ہوجائے۔

    کیمپ نیل کا کہنا تھا کہ میں انعامی رقم سے ’بہترین گھر‘ خریدوں گا، مجھے پیسہ لگانا پسند ہے لیکن میں کسی سے پیسے نہیں مانگتا، میرا چھوٹا سا کاروبار ہے اور اب انعامی رقم سے اس کاروبار کو وسیع کروں گا۔

    خیال رہے کہ کیمپ بیل سپر لوٹو لاٹری جیتنے والے جمائیکا کے 17 ویں شہری ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس جون میں جمائیکا کی خاتون نے 15 لاکھ امریکی ڈالر کی رقم جیتی تھی اور وہ بھی چہرے پر ماسک پہن کر انعامی چیک وصول کرنے گئی تھیں۔

  • لندن: داعشی بہن کو رقم کی منتقلی،عدالت نے شہری کو قید کی سزا سنادی

    لندن: داعشی بہن کو رقم کی منتقلی،عدالت نے شہری کو قید کی سزا سنادی

    لندن : شام میں موجود جہادی بہن کو رقم منتقل کرنے کے جرم میں عدالت نے برطانوی شہری کو قید کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے شہر ہمپشائر کی عدالت نے داعشی بہن کو رقم منتقل کرنے کی سماعت کرتے ہوئے برطانوی شہری سلیم وکیل پر فرد جرم عائد کرکے 30 ماہ قید کی سزا سنا دی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس نے 25 سالہ سلیم کو سنہ 2014 میں برطانیہ سے شام جانے والی اپنی بہن کو ڈھائی ہزار پاؤنڈ منتقل کرنے کے بعد گرفتار کیا تھا۔

    سلیم وکیل نے عدالت میں دعویٰ کیا کہ اس نے اپنی بہن سمیّہ کو اس لیے رقم بھجوائی تاکہ وہ واپس برطانیہ آسکے۔

    پولیس نے عدالت کو ایک خط دیا جو سلیم کے گھر کی تلاشی کے دوران برآمد ہوا تھا، خط میں داعشی خاتون سمیّہ نے لکھا تھا کہ ’میں شہید کی موت مرنا چاہتی ہوں‘۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ سلیم پر دہشت گردی کی حمایت اور مالی مدد کرنے کے جرم میں فرد عائد ہونے لے بعد سلیم عدالت کو بتایا کہ ’مجھے اندازہ نہیں کہ میرے اس اقدام سے داعش کی معاونت ہوگی‘۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق سمیّہ نے 2014 میں 16 برس کی میں داعش میں شمولیت اختیار کی تھی، جس کے بعد اس نے داعش کے رکن دو برطانوی شہریوں سے شام میں ہی شادی کرلی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سلیم وکیل نے رقم کی منتقلی مبینہ طور پر اپنے دوست کے نام سے کی تھی، سلیم نے بغیر پولیس کے مشورے کے داعشی خاتون کو رقم منتقل کرکے قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔

  • رقم کو خرچ کرنے کی درست جگہ کون سی ہے؟

    رقم کو خرچ کرنے کی درست جگہ کون سی ہے؟

    ہم اپنی زندگی میں بہت محنت کر کے پیسہ کماتے ہیں۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہمیں حاصل ہونے والی رقم کم ہے یا زیادہ، بس اس میں ہم اپنی زندگی کو بہتر سے بہتر بنا لیں۔

    اس کے لیے ہم بہت سی اشیا خریدتے ہیں۔ اچھے سے اچھا گھر بناتے ہیں، بڑی گاڑی خریدتے ہیں، مہنگے ملبوسات، گھڑیاں اور آرائشی اشیا لیتے ہیں، لیکن یہ تمام اشیا کیا واقعی ہماری محنت کی کمائی کا صحیح مصرف ہیں؟

    ماہرین کا خیال ہے کہ ’نہیں‘، ان کے مطابق ہمیں اپنی رقم کو اشیا خریدنے کے بجائے نئے تجربات حاصل کرنے پر خرچ کرنا چاہیئے۔

    امریکا کی کارنیل یونیورسٹی کی جانب سے کی جانے والی 20 سالہ طویل تحقیق سے علم ہوا کہ چیزوں کے بجائے تجربات پر رقم خرچ کرنا نہ صرف رقم کا صحیح مصرف ہے بلکہ یہ ہمیں خوشی بھی دیتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ بھاری رقوم خرچ کر کے ملنے والی چیزوں سے جو خوشی حاصل ہوتی ہے وہ جلد ہی ماند پڑ جاتی ہے۔

    اس کی 3 وجوہات ہیں۔ ہم جلد ہی ان چیزوں سے بور ہو کر نئی چیزوں کے شوق میں مبتلا ہوجاتے ہیں، ہم اپنا معیار بلند کرتے جاتے ہیں یا اس کی خواہش رکھتے ہیں اور ہم دوسروں کی اشیا دیکھ کر احساس کمتری میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔

    یہ چیزیں ہم کچھ عرصہ خوش رکھتی ہیں اس کے بعد ہم اس کے عادی ہوجاتے ہیں۔ اس کے برعکس تجربات ہماری شخصیت کا حصہ بن جاتے ہیں۔

    مثال کے طور پر کوئی مہنگی گھڑی خریدنا ہماری صلاحیت یا شخصیت کو ظاہر نہیں کرتا، لیکن اگر لوگوں کو معلوم ہوگا کہ آپ ایک مشکل اور دشوار گزار راستے پر ٹریکنگ کر چکے ہیں تو یقیناً ان کی نظر میں یہ آپ کی شخصیت کا مثبت پہلو ہوگا۔

    نئے تجربات کرنا منصوبہ بندی سے لے کر اختتام تک آپ کو خوش رکھتے ہیں، اس کے برعکس اشیا آپ کو بے چینی میں مبتلا کردیتی ہیں کہ لوگ انہیں دیکھیں اور سراہیں۔

    رقم کے اس استعمال سے آپ کس حد تک متفق ہیں؟ ہمیں کمنٹس میں ضرور بتائیں۔

    مزید پڑھیں: دولت مند افراد پرتعیش اشیا سے بیزار

  • کرنسی کی قدر سے کھیلنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے: دارو خان اچکزئی

    کرنسی کی قدر سے کھیلنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے: دارو خان اچکزئی

    اسلام آباد: یونائیٹڈ بزنس گروپ کے رہنما اور ایف پی سی سی آئی کے صدارتی امیدوار انجینئر دارو خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ کرنسی کی قدر سے کھیلنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں دارو خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی موجودہ بے یقینی کی فضاء سے فائدہ اٹھانے کی اجازت نہ دی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ بعض عناصر مقامی کرنسی کی قدر سے کھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس سے کاروباری برادری کی پریشانی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت کالی بھیڑوں پر کڑی نظر رکھے اور سخت کارروائی کرے، دارو خان اچکزئی نے مزید کہا کہ کرنسی کے غیر معمولی اتار چڑھاؤ نے ملک بھر کی کاروباری برادری کو تشویش میں مبتلا کیا ہوا ہے۔

    ایف پی سی سی آئی کے صدارتی امیدوارکا کہنا تھا کہ اس باتب حکومت جلد از جلد صورت حال کو نارمل بنانے کے لیے اقدامات کرے، کیونکہ کرنسی کی قدر میں استحکام آنے تک سرمایہ کاری کی بحالی مشکل ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ برامدات کی صورت حال غیر تسلی بخش جبکہ ترسیلات میں بہتری آئی ہے مگر یہ زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے کے لیے ناکافی ہے۔

  • بچت کرنا چاہتے ہیں؟ یہ اصول اپنا لیں

    بچت کرنا چاہتے ہیں؟ یہ اصول اپنا لیں

    بڑھتی ہوئی مہنگائی، بلند ہوتے طرز زندگی اور ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی دوڑ میں آج کل پیسہ بچانا ایک مشکل کام ہوگیا ہے۔ روز بروز بلند ہوتے افراط زر کے باعث یہ ایک مشکل کام ہے۔

    لیکن پیسہ بچانا بھی ضروری ہے۔ یہ آپ کے مستقبل میں کسی برے وقت میں کام آسکتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق کچھ طریقے ایسے ہیں جن کو اپنا کر آپ اپنے مستقبل کے لیے رقم بچا سکتے ہیں۔

    رقم کی اہمیت جانیں

    جب بھی آپ کوئی چیز خریدیں تو اپنے آپ سے سوال کریں کہ کیا یہ وہ چیز ہے جس کو حاصل کرنے کے لیے میں دن رات محنت کرتا ہوں؟ اگر آپ کا جواب نفی میں ہے تو اس چیز کو مت خریدیں اور آگے بڑھ جائیں۔

    خواہشات کو کم کریں

    اگر آپ اپنی تمام خواہشات کو پورا کرتے ہیں تو آپ کبھی پیسہ نہیں بچا سکتے۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ اپنی خواہشات سے دستبردار ہوجائیں اور زندگی سے لطف اندوز نہ ہوں۔ صرف ان کو کم کردیں۔

    مثال کے طور پر اگر آپ اچھا کھانے کے شوقین ہیں تو ہر ویک اینڈ پر کسی مہنگی جگہ کھانا کھانے کے بجائے مہینے میں ایک یا دو بار باہر جائیں۔ اگر آپ کو شاپنگ کا شوق ہے تو ہر ہفتے خریداری کے بجائے مہینے میں ایک یا دو بار شاپنگ کریں۔

    اضافی کام کو نہ ٹھکرائیں

    اگر آپ کو اوور ٹائم کی پیشکش کی جارہی ہے تو اسے کبھی مت ٹھکرائیں۔ گھر جا کر اپنے پسندیدہ ٹی وی شو دیکھنے یا سونے کو اوور ٹائم پر ترجیح مت دیں۔

    اس سے آپ کا پیسہ تو ضائع نہیں ہوگا لیکن آپ کی توانائی ضرور ضائع ہوسکتی ہے جو آپ استعمال کر کے پیسہ کمانے میں خرچ کر سکتے تھے۔

    پیسے کے بارے میں مختلف نظریہ

    آپ جو پیسہ بچاتے ہیں اسے یہ مت سمجھیں کہ آپ نے بچایا، بلکہ یوں سمجھیں کہ آپ نے یہ کمایا۔

    مثال کے طور پر اگر آپ سال کے آخر تک 50 ہزار روپے بچاتے ہیں تو یوں خیال کیجیئے کہ آپ نے 50 ہزار روپے اضافی کمائے۔

    ضروری جگہ خرچ کریں

    پیسہ اس وقت تک بے معنی ہے جب تک آپ اس سے کوئی بامعنی چیز نہ خرید لیں۔ اس بات کو سمجھیں کہ پیسہ کو کہاں خرچ کرنا چاہیئے۔

    فیملی کے ساتھ باہر کھانا کھانا فضول خرچی نہیں ہے کیونکہ یہ آپ اور آپ کے بچوں کو خوشگوار یادیں دے گا اور آپ ان لمحات سے ایک عرصہ تک لطف اندوز ہوں گے۔

    کہا جاتا ہے کہ پیسہ بچانے کا سب سے بہترین طریقہ کوئی سرمایہ کاری کرنا ہے لیکن یاد رکھیں کہ سرمایہ کاری میں لگایا جانے والا پیسہ آپ کے ہاتھ میں نہیں ہوتا نہ ہی وہ کسی ایمرجنسی میں آپ کے کام آسکتا ہے۔

    لہٰذا ہر وقت ایک مناسب رقم کو قابل رسائی جگہ پر ضرور رکھیں تاکہ کسی ایمرجنسی کو صورت میں اسے استعمال کیا جاسکے۔

  • بیرون ملک جائیداد کا معاملہ، سندھ میں بھی سرکاری افسران پریشان

    بیرون ملک جائیداد کا معاملہ، سندھ میں بھی سرکاری افسران پریشان

    کراچی: بیرون ملک جائیداد کے معاملے سے متعلق سندھ میں بھی سرکاری افسران پریشان ہوگئے، پولیس،کسٹم اور ایف بی آر افسران کے بیرون ملک اثاثے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں نومنتخب وزیر اعظم عمران خان کے حلف اٹھانے اور قوم سے پہلے خطاب کے بعد بیرون ملک اثاثے رکھنے والے سرکاری افسران پریشان ہوگئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری افسران کے دبئی، بنکاک، ملائیشیا، امریکا اور برطانیہ میں اثاثے ہیں، سندھ پولیس کے کچھ افسران نے حال ہی میں بیرون ملک سرمایہ کاری کی۔

    ذرائع کے مطابق سرکاری افسران نے اہلیہ اور اہلخانہ کے ناموں پر بیرون ملک اثاثے بنائے، تاہم اب ان افسران کو اپنے بیرون ملک اثاثوں سے متعلق شدید تشویش لاحق ہے۔

    برطانیہ میں پاکستانیوں کی غیرمنقولہ جائیدادوں کے خلاف کارروائی کا آغاز

    ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ چوہدری نثار کے دور میں 300 افسران کے خلاف انکوائری شروع کی گئی تھی، تین سو افسران کے دبئی میں اثاثوں کاریکارڈ ایف آئی اے نے حاصل کیا تھا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں او ای سی ڈی معاہدے کے تحت ایف بی آر کو ملنے والی معلومات کے مطابق تقریباً 700 ایسے افراد کی نشاندہی ہوئی تھی، جنھوں نے ایمنٹسی اسکیم میں اپنی جائیداد ظاہر نہیں کیں لیکن وہ ان جائیداد کے مالک ہیں۔

    واضح رہے کہ مذکورہ 700 افراد میں سے 350 افراد کی جائیداد دبئی جبکہ 150 سے 200 افراد کی جائیداد برطانیہ میں ہیں، ایف بی آر کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے نوٹسزجاری کرکے بیرون ملک جائیداد خریدنے کے ذرائع بتانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

  • ن لیگی کارکن ووٹ کی عزت نوٹ کے ذریعے خاک کرنے میں مصروف، ویڈیو وائرل

    ن لیگی کارکن ووٹ کی عزت نوٹ کے ذریعے خاک کرنے میں مصروف، ویڈیو وائرل

    حافظ آباد: ووٹ اور ووٹر کو عزت دو کے نعرے لگانے والے خود ہی ووٹ کی عزت کو نوٹ کے ذریعے خاک میں ملانے میں مصرف ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حافظ آباد میں مسلم لیگ ن کے کارکنان نوٹ کے بدلے ووٹ مانگتے پکڑے گئے، ووٹرز کو پیسے باٹنے کی ویڈیو اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حافظ آباد میں مسلم لیگ ن کے رہنما ریاض تارڑ کی انتخابی مہم کے دوران لیگی کارکنان لوگوں کو قائل اور اپنی طرف مائل کرنے کے لیے نوٹ تقسیم کر رہے ہیں۔

    ووٹ حاصل کرنے کے لیے مسلم لیگ ن نے ووٹ کی حرمت اور عزت کو ہی فروخت کرنا شروع کردیا، عوام کے ووٹ پیسوں کے ذریعے خریدنے لگے ہیں۔


    الیکشن 2018 کے تاریخی لمحات: انتخابی مہم کا وقت ختم


    خیال رہے کہ آج 24 جولائی سے الیکشن 2018 کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم کا وقت ختم ہو گیا ہے، ایک دن بعد قوم اپنے مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔

    واضح رہے کہ رات کے بارہ بجتے ہی ملک بھر میں ووٹرز کو مائل اور قائل کرنے کا وقت ختم ہو گیا، سیاسی شخصیات نے انتخابی مہم روک لی ہے۔

    یاد رہے کہ ملک میں جاری الیکشن 2018 کے تاریخی لمحات اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہے ہیں، ملکی جمہوری تاریخ کا ایک اور سنگ میل عبور ہونے میں ایک دن رہ گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔