Tag: Monkey

  • بندروں نے بھارتی سپریم کورٹ پر دھاوا بول دیا، دل چسپ ویڈیو وائرل

    بندروں نے بھارتی سپریم کورٹ پر دھاوا بول دیا، دل چسپ ویڈیو وائرل

    بھارت کی ایک دل چسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں ایک بندر کو سپریم کورٹ کے کوریڈور میں ’بدمعاشی‘ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    بھارتی میڈیا نے ایک دل چسپ واقعے کو رپورٹ کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کئی بندروں نے بھارتی سپریم کورٹ پر دھاوا بول دیا تھا، اور وہاں سے وکلا کے لنچ باکس مزے سے اٹھا کر کھانا کھایا۔

    ویسے تو بھارت کے کئی شہروں میں بندروں کی فوج گھروں، گلیوں، چوراہوں پر گھوم رہی ہوتی ہے، لیکن اس بار بندروں نے بھارتی سپریم کورٹ کا رخ کیا، سپریم کورٹ کی راہداری میں کچھ بندر گھس آئے اور راہداری میں رکھے خانوں سے وکلا کے لنچ باکس کے بیگ اڑا لیے۔

    ایک وکیل نے لنچ باکس بندر اٹھاتے بندر کی ویڈیو بنائی اور اسے سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کوریڈو میں بہت سے وکیل موجود ہیں جو دل چسپی سے بندر کی حرکتیں دیکھ رہے ہیں۔

    ہندوستان ٹائمز نے اس پر دل چسپ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ’’سپریم کورٹ آف انڈیا میں حال ہی میں کچھ ’’غیر معمولی ملاقاتی‘‘ گھس آئے تھے، جب چند بندروں نے عدالت کی راہداری میں گھس کر کھانے کا ایک بیگ چرا لیا۔‘‘

    یہ ویڈیو سپریم کورٹ کے سینئر وکیل سنجے ہیگڑے نے شیئر کی، جسے ایک لاکھ کے قریب لوگوں نے دیکھا۔

  • بھارت: بندر نے کار میں سوار 3 افراد کی جان لے لی

    بھارت: بندر نے کار میں سوار 3 افراد کی جان لے لی

    بھارتی ریاست یو پی میں سڑک پر اچانک بندر نمودار ہونے کے باعث کار حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 3بینک ملازمین لقمہ اجل بن گئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے میں مرنے والوں کی شناخت نجی بینک کے منیجر سوربھ سریواستو، کیشیئر دیویانشو اور امیت نامی شخص کے طور پر کی گئی ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق کار کو حادثہ سڑک پر موجود بندر کے سبب پیش آیا۔

    علی گڑھ کی شاہراہ پر بندر کو بچاتے بچاتے ایک تیز رفتار ٹینکر نے کار کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر جان کی بازی ہار گئے جبکہ تیسرا متاثرہ شخص دورانِ علاج اسپتال میں چل بسا۔

    شادی کی تقریب سے چور زیورات سے بھرا سوٹ کیس لے کر فرار

    یوپی کی پولیس کے مطابق تصادم کی وجہ سڑک پر بندر کا اچانک نمودار ہونا تھا۔ مرنے والوں کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

  • بندر کی چالاکی، شیر کو دھول چٹا کر بھاگ نکلا

    بندر کی چالاکی، شیر کو دھول چٹا کر بھاگ نکلا

    شیر کے سامنے آ کر اس کا شکار ہونے سے بچنا، ایسا خوش نصیبوں کے ساتھ ہی ہوتا ہے، کچھ خوش نصیب اپنی عقل لڑا کرا اپنی جان بچا لیتے ہیں۔

    ایسا ہی کچھ اس بندر کے ساتھ ہوا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شیر اور بندر درخت پر چڑھے ہوئے ہیں اور بظاہر شیر کی نیت بندر کو شکار کرنے کی ہے۔

    بندر پہلے مزید اوپر چڑھتا ہے تاکہ شیر بھی اس کے پیچھے اوپر آجائے، اس کے بعد وہ ایسا تاثر دیتا ہے جیسے وہ درخت سے گرنے والا ہے۔ بندر کو دبوچنے کے لیے شیر بھی جھولتی ہوئی شاخ پر لٹک جاتا ہے۔

    اس کے بعد بندر چھلانگ لگا کر دوسری شاخ پر بھاگ جاتا ہے جس سے پہلی والی شاخ بری طرح ہلتی ہے، شیر خود کو سنبھالنے کی کوشش کرتا ہے لیکن سنبھلتے سنبھلتے بھی نیچے گر جاتا ہے۔

    اس کے بعد وہ کھسیانا ہو کر جنگل کی جانب چل دیتا ہے۔

    ٹویٹر پر اس ویڈیو کو دیکھ کر صارفین خوب محفوظ ہوئے اور بندر کی چالاکی کی داد دی۔

  • مرغی کی بندر کو ’قتل‘ کرنے کی کوشش، بندر نے تھپڑ دے مارا

    مرغی کی بندر کو ’قتل‘ کرنے کی کوشش، بندر نے تھپڑ دے مارا

    سوشل میڈیا پر اکثر اوقات دلچسپ ویڈیوز وائرل ہوتی ہیں جن میں جانوروں کو عجیب و غریب حرکات کرتے دیکھا جاسکتا ہے، حال ہی میں ایک اور ایسی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جو بندر اور مرغی کی ہے۔

    مذکورہ وائرل ویڈیو بظاہر بھارت کی لگ رہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بندر ایک پہاڑی کے کنارے پر سکون سے بیٹھا ہے اور قدرت کے نظاروں سے لطف اندوز ہورہا ہے کہ اچانک وہاں ایک مرغی آجاتی ہے۔

    مرغی سکون سے بیٹھے بندر پر اچانک حملہ کردیتی ہے اور اسے پہاڑی سے گرانے کی کوشش کرتی ہے، بندر اس سے بچتے ہوئے جواباً اسے تھپڑ مارتا ہے۔

    دونوں کی لڑائی کچھ دیر چلتی رہتی ہے، ویڈیو میں ایڈیٹنگ کے ذریعے بیک گراؤنڈ میں تھپڑ مارنے کی آواز بھی شامل کی گئی ہے۔

    سوشل میڈیا صارفین نے ویڈیو کو نہایت دلچسپ قرار دیا، بعض صارفین کا کہنا تھا کہ مرغی بلاوجہ بندر کی جان کے پیچھے پڑی ہے۔

  • ننھے بندر کی اسمارٹ فون لینے کی ضد، ماں اسے روکتی رہی، دلچسپ ویڈیو وائرل

    ننھے بندر کی اسمارٹ فون لینے کی ضد، ماں اسے روکتی رہی، دلچسپ ویڈیو وائرل

    انسان تو انسان اب بندر کے بچے بھی اسمارٹ فون کے لیے ضد کرنے لگے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر ایک نہایت دل چسپ ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ایک ننھا بندر اسمارٹ فون چھینے کی کوشش کر رہا ہے لیکن بندریا اسے مسلسل روک رہی ہے۔

    یہ ویڈیو ٹویٹر پر انڈین فاریسٹ سروس آفیسر سوسنتا نندا نے شیئر کی ہے، انھوں نے یہ دل چسپ جملہ بھی لکھا کہ نوجوان نسل اسمارٹ فونز کی دیوانی ہے۔

    ویڈیو میں بالکل انسانوں کے بچوں کی طرح بندر کا بچہ اسمارٹ فون کے لیے کافی متجسس نظر آ رہا ہے، اور اس کے مالک سے اسے چھیننے کی کوشش کر رہا ہے۔

    دراصل کسی نے بندریا اور اس کے ننھے بچے کی تصویر لینی چاہی، تو ننھے بندر کو موبائل فون بہت بھا گیا، لیکن ماں اسے مسلسل اپنی طرف کھینچتی رہی، اور وہ فون پکڑنے کے لیے واپس جاتا رہا، کافی دیر یہ دل چسپ کھینچا تانی جاری رہی۔

    صارفین نے اس ویڈیو پر بہت دل چسپ تبصرے کیے، ایک صارف نے لکھا "گھر گھر کی کہانی۔”

    ایک صارف نے لکھا کہ بچہ تو اسمارٹ فون سے چپک گیا ہے، اور دوسرے صارف نے اس پر لکھا لیکن ہر نسل میں ماں کا رویہ ایک سا ہی ہوتا ہے۔

  • اب بندر بھی بیوٹی پارلر جانے لگے، ویڈیو وائرل

    اب بندر بھی بیوٹی پارلر جانے لگے، ویڈیو وائرل

    آپ نے مختلف ویڈیوز میں بندروں کی شرارتوں پر مشتمل کلپس دیکھے ہوں گے جسے دیکھ کر آپ اپنی ہنسی یا مسکراہٹ پر قابو نہ پاسکے ہوں۔

    لیکن اس بار ایک بندر نے ایسی حرکت کی کہ دیکھنے والے ہنسی سے لوٹ پوٹ ہوگئے، آپ نے بھی یہ بات نوٹ کی ہوگی کہ بندر ایک ایسا جانور ہے جو انسانی حرکات و سکنات کی نقل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

    ایک ایسی ہی ویڈیو  سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بندر حجام کی دکان پر پہنچ کر اپنی حرکت سے ظاہر کرتا ہے کہ اس کی گرومنگ کرکے حسین اور اسمارٹ بنا دیا جائے۔

    اس پر مزید دلچسپ بات یہ کہ نائی نے بھی کوئی کسر نہ چھوڑی اور اسے کرسی پر بٹھا لیا، اور لگا اس کی حجامت اور تراش خراش کرنے۔

    سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو سیکڑوں بار دیکھا اور شیئر کیا گیا، صارفین بھی بندر کی معصومانہ حرکت پر دلچسپ تبصرے کررہے ہیں۔

    مذکورہ ویڈیو کو ٹوئٹر پرآئی پی ایس افسر روپن شرما نے شیئر کیا جس میں انہوں نے کیپشن لکھا کہ اب بندر نظر آئے گا۔ ویڈیو کو 1ہزار سے زیادہ ویوز مل چکے ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بندر ہیئر ڈریسر کی کرسی پر اپنے کالر کے نیچے چادر لپیٹے بیٹھا ہے۔

    پھر ایک حجام اس کے چہرے کے بالوں کو کنگھی کرتا ہے اور پھر الیکٹرک ٹریمر سے تراشتا ہے۔ بندر میاں کو بھی صبر سے شیو کرواتے اور حجام کے حکم پر عمل کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

  • بھارت: بندر کی وجہ سے نوجوان ہلاک، مقدمہ درج

    بھارت: بندر کی وجہ سے نوجوان ہلاک، مقدمہ درج

    نئی دہلی: بھارت میں ایک بندر ایک نوجوان کی موت کی وجہ بن گیا جس کے بعد پولیس نے مقدمہ بھی درج کرلیا، ہلاک ہونے والا شخص اپنے گھر کا واحد کفیل تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مذکورہ شخص ایک گلی سے گزر رہا تھا، اسی دوران ایک عمارت کی دوسری منزل پر بندر نے پانی کی ٹنکی کا ڈھکن ہٹا دیا اور اس کے اوپر رکھی اینٹ نیچے پھینک دی۔

    یہ اینٹ گلی سے گزرنے والے اس نوجوان کے سر پر گری جس کی وجہ سے فوری طور پر اس کی موت واقع ہوگئی۔ واقعے کے بعد آس پاس موجود لوگ فوراً وہاں پہنچے اور اسے اسپتال لے گئے لیکن تب تک وہ دم توڑ چکا تھا۔

    اہل علاقہ نے پولیس کو بھی اس کی اطلاع دی، پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق مذکورہ گلی میں اوم پرکاش نامی شخص نے اپنی ٹنکی کے ڈھکن کے اوپر اینٹ رکھی تھی۔

    واقعے کے وقت ایک پیاسا بندر وہاں پہنچا اور پانی پینے کے لیے ٹنکی کا ڈھکن ہٹایا تو اینٹ نیچے سے گزرتے شخص کے سر پر جا گری اور یوں اس شخص کی موت ہوگئی۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے نوجوان کے 5 بچے ہیں اور نوجوان اپنے گھر کا واحد کفیل تھا۔

  • ایئر پورٹ کے وی آئی پی لاؤنج میں بندر کی آمد، مضحکہ خیز ویڈیو وائرل

    ایئر پورٹ کے وی آئی پی لاؤنج میں بندر کی آمد، مضحکہ خیز ویڈیو وائرل

    نئی دہلی : بھارت میں ہوائی اڈے کے وی آئی پی لاؤنج میں بندر کے داخلے نے کھلبلی مچادی، موصوف نے بڑے مزے کے ساتھ جوس پیا اور چہل قدمی کرتے ہوئے چھت کے راستے سے چلتے بنے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اس وقت صورتحال پیچیدہ ہوگئی جب ایک جنگلی بندر  وی آئی پی لاؤنج میں گھس گیا۔

    غیر متوقع طور یہ منظر دیکھ کر وہاں پر موجود ائیرپورٹ اسٹاف نے کام چھوڑ کر بندر تماشا دیکھنا شروع کردیا اور موبائل فون سے ویڈیوز بنائیں۔

    بندر نے بہت اطمینان سے وی آئی پی لاؤنج کے بار سے جوس پیا اور پھر کاؤنٹر پر ٹہلتے ہوئے مشینوں اور دیگر سامان کے ساتھ تھوڑی چھیڑخانی بھی کی۔

    اس دوران ائیرپورٹ کے وی آئی پی لاؤنج کے بار میں موجود کسی بھی شخص نے اسے چھیڑنے یا باہر نکالنے کی جرات کا مظاہرہ نہ کیا بلکہ لوگ اس کی حرکتوں سے لطف اندوز ہوتا رہے۔

    کھا پی کر گھومنے کے بعد بندر کا جی بھر گیا اور خراماں خراماں ٹہلتے ہوئے کاؤنٹر سے نیچے اترا اور چھلانک لگا کر سی سی ٹی وی کیمرے سے لٹک گیا اور وہاں سے چھت کی راستے باہر نکل گیا۔

  • بندر نے پلّا اغوا کر لیا (ویڈیو)

    بندر نے پلّا اغوا کر لیا (ویڈیو)

    کوالالمپور: ملائیشیا میں ایک جنگلی بندر نے پلّے کو ‘اغوا’ کر کے لوگوں کو حیران کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے ایک علاقے میں جنگلی بندر نے سارو نامی ایک پلّے کو اغوا کر کے 3 دن تک ‘یرغمال’ بنائے رکھا۔

    میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ایک پلّے کو ڈرامائی طور پر بندر کے ‘قبضے’ سے بازیاب کرایا گیا ہے، پلّا سیاہ اور سفید رنگ تھا اور اس کی عمر 2 ہفتے تھی۔

    جنگلی بندر پلّے کو 16 ستمبر کو چھین کر لے گیا تھا، اور اسے بجلی کی ایک اونچی پوسٹ پر لے جا کر تین دن تک رکھا، لوگوں نے جب دیکھا کہ بندر نے پلّے کو یرغمال بنا کر رکھا ہوا ہے تو کافی سارے لوگ بجلی کے پوسٹ کے نیچے اکھٹے ہو گئے۔

    مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ کتے کا پلّا لاغر دکھائی دے رہا تھا، تاہم بندر نے اسے کوئی تکلیف یا نقصان نہیں پہنچایا، بندر نے بس ادھر ادھر جاتے ہوئے اسے پکڑے رکھا۔

    ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے بندر اسے اپنے بچے کی طرح ساتھ لگائے رکھ رہا ہے، لوگوں کے بیان کے مطابق یہ بہت عجیب برتاؤ تھا، تاہم اسے بچایا جانا ضروری تھا کیوں کہ وہ بھوک سے مر سکتا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق جب مقامی لوگ دو دن تک پلّے کو بچانے کی کوششیں کر رہے تھے تو پلّے کو لے کر بندر کبھی بجلی کی تاروں اور کبھی درختوں پر دوڑ بھاگ کرتا رہا، لوگوں نے بندر کو کھانے کی چیزیں دے کر للچایا بھی لیکن اس ترکیب نے کام نہ کیا۔

    آخر کار تیسرے دن مقامی لوگوں کو بندر کو پتھر مار کر اتنا ڈرایا کہ اس نے پلّے کو چھوڑ دیا اور وہ نیچے جھاڑیوں میں گرا اور بندر بھاگ گیا، تاہم اس آپریشن میں کوئی بھی زخمی نہ ہوا، نہ بندر اور نہ ہی پلّا۔

    مقامی لوگوں کے مطابق یہ بندر بہ ظاہر اس گینگ کا حصہ تھا جو آس پاس کے گھروں سے خوراک چوری کرتا ہے۔ پلّے کو ایک مقامی شخص اپنے ساتھ گھر لے گیا اور اسے کھلایا پلایا۔ سارو نامی اس پلّے کو ایک آوارہ کتیا سے چھینا تھا بندر نے، جسے اب ایک شخص نے اپنا پالتو بنا لیا ہے۔

  • تھائی لینڈ میں سڑک پر بندروں کے گروپس میں گینگ وار، حیرت انگیز ویڈیو سامنے آگئی

    تھائی لینڈ میں سڑک پر بندروں کے گروپس میں گینگ وار، حیرت انگیز ویڈیو سامنے آگئی

    بینکاک: تھائی لینڈ میں ایک سڑک پر سیکڑوں بندروں کے دو گروپس کے درمیان ’کھلی جنگ‘ چھڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ کے وسطی ریجن کے صوبے لوپبری میں ایک غیر معمولی گینگ وار دیکھی گئی، یہ جنگ بندروں کے دو گروپس کے درمیان چھڑی، جب وہ خوراک کے حصول کے لیے ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ گئے۔

    آن کی آن میں سیکڑوں کی تعداد میں بندر قریبی پارک سے نکلے اور ایک ٹریفک جنکشن کے قریب سڑک پر پھیل گئے، جس کی وجہ سے سڑک پر ٹریفک جام ہو گیا، چلتی گاڑیاں رک گئیں، ڈرائیور انتظار کرنے لگے کہ بندر جائیں تو وہ آگے جائیں۔

    اس غیر معمولی گینگ وار کی ویڈیو ایک کیمرے میں قید ہو گئی، جسے بعد میں فیس بک پر شیئر کیا گیا، اور اس کے بعد یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ بندروں کے درمیان یہ جنگ خوراک کی کمی کی وجہ سے چھڑی تھی، اور یہ واقعہ مقامی بدھ مندر کے قریب پیش آیا جو مقبول سیاحتی مقام ہے، تاہم کرونا وبا کی وجہ سے سیاحت پر پابندی ہے، اسی وجہ سے علاقے میں کوئی سیاح موجود نہیں ہے۔

    اس سے قبل سیاح جب مندر دیکھنے آتے تھے تو ان بندروں کو کھانا بھی کھلایا کرتے تھے، اب جب کہ مقامی لوگ بھی گھروں میں بند رہتے ہیں تو ان بندروں کو خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

    بندروں کی ویڈیو بنانے والے شخص نے فیس بک پر کہا کہ کچھ عرصے سے بندروں کے مابین اگرچہ کشتی اب عام ہو گئی ہے، تاہم اس طرح کا منظر انھوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا، ایسا لگتا تھا جیسے گینگسٹر فلم کا کوئی منظر ہو۔

    افسوس ناک امر یہ تھا کہ اس گینگ وار میں کئی بندر شدید زخمی ہو گئے تھے، اور سڑک پر ان کا خون پھیلا ہوا تھا۔