Tag: Monkey

  • سبزی فروخت کرنے والے بندر کی ویڈیو وائرل

    سبزی فروخت کرنے والے بندر کی ویڈیو وائرل

    نئی دہلی: بھارت میں بندروں کی بہتات کی وجہ سے ان کے مختلف واقعات سامنے آتے رہتے ہیں، کچھ ناخوشگوار واقعات بھی ہوتے ہیں جبکہ کچھ ہنسا دینے والے بھی ہوتے ہیں۔

    ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہورہی ہے جس میں ایک بندر سبزیاں فروخت کرتا دکھائی دے رہا ہے۔

    وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بندر سبزی کی دکان پر بہت سی سبزیوں میں گھرا ہوا بیٹھا ہے۔ بندر ایسے بیٹھا دکھائی دے رہا ہے جیسے وہ یہ سبزیاں فروخت کر رہا ہے۔

    یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہوئی اور لوگ اس سے بہت لطف اندوز ہوئے، لوگوں نے ویڈیو پر مختلف تبصرے بھی کیے۔

  • بندر نے چیتے کو سبق سکھا دیا (ویڈیو وائرل)

    بندر نے چیتے کو سبق سکھا دیا (ویڈیو وائرل)

    چیتا پھرتی سے اپنے شکار کو دبوچنے کے لیے مشہور ہے، لیکن ایک بندر کو درخت پر چڑھ کر شکار کرنے کا خیال بلاشبہ اس کے لیے مہنگا ثابت ہو سکتا ہے۔

    ایسا ہی ایک واقعہ ایک چیتے کے ساتھ پیش آیا، جس کی مختصر ویڈیو نے سوشل میڈیا پر صارفین کو بڑی تعداد میں اپنی طرف متوجہ کیا، اور جس نے بھی اسے دیکھا، چیتے کے انجام پر مسکرا کر رہ گئے۔

    یہ ویڈیو بھارتی فاریسٹ افسر پراوین انگوسامی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپ لوڈ کی ہے، جس میں ٹائیگر ایک درخت پر چڑھا ہوا ہے کہ اور نہایت احتیاط کے ساتھ بندر کو شکار کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

    تیس سیکنڈ کی اس ویڈیو میں درخت پر چیتا دھیرے سے ایک بندر کی طرف بڑھتا دکھائی دیتا ہے، بندر اس سے بس ذرا سے فاصلے پر ایک پتلی شاخ سے لٹک رہا ہے، اور معصومیت سے چیتے کی طرف دیکھ رہا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چیتا خود کو پرسکون رکھنے کی کوشش کر رہا ہے اور احتیاط سے قدم اٹھاتا ہے، اور لپک کر بندر کو دبوچنے کے لیے بالکل تیار ہے، لیکن پھر بندر نے خطرے کے موقع پر اپنی فطری جسمانی چابک دستی کا مظاہرہ دکھا دیا۔

    بندر نے ٹائیگر نے حملے سے قبل ایک اور شاخ پر چھلانگ لگا دی، اور نتیجے میں چیتا کمزور شاخوں پر اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور دھم سے زمین پر جا گرا، زمین پر گرنے کے بعد چیتے نے اوپر دیکھتے ہوئے ہلکی سی غراہٹ نکالی، جو اس کی ناکامی کا اظہار معلوم ہوتا ہے۔

    جب سے یہ ویڈیو شیئر ہوئی، ٹوئٹر پر اسے 15 ہزار کے قریب لوگوں نے دیکھا، اسے فیس بک اور انسٹاگرام پر بھی صارفین نے بڑی تعداد میں شیئر کیا۔

  • چڑیا گھر سے درجنوں بندر فرار

    چڑیا گھر سے درجنوں بندر فرار

    جرمنی کے ایک چڑیا گھر سے درجنوں بندر فرار ہوگئے جس کے بعد پولیس نے عوام سے ان کے بارے میں اطلاع دینے کی اپیل کردی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جرمنی کے قصبے لوفنگن کے چڑیا گھر سے 20 سے 25 بندروں کے فرار ہونے کی اطلاع ملی ہے، انتظامیہ کے مطابق تمام بندر بربری مکاؤ نسل کے ہیں۔

    انتظامیہ کی اب تک کی انہیں ڈھونڈنے کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔

    مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ چڑیا گھر میں تعمیراتی کام جاری تھا ہوسکتا ہے اسی وجہ سے بندروں کو بھاگنے کا موقع ملا ہو، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیق بھی کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب انتظامیہ نے کہا ہے کہ یہ بندر انسانوں کے لیے کسی قسم کا خطرہ ثابت نہیں ہوں گے اور انسانوں کو دیکھ ان سے لڑنے کے بجائے وہاں سے فرار ہونے میں اپنی عافیت سمجھیں گے۔

    تاہم یہ بھی اپیل کی گئی ہے کہ عوام اگر کہیں بندروں کو دیکھے تو ان کے قریب جانے سے گریز کرے اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دے۔

  • کروناوائرس: سڑک پر تڑپنے والے بندروں نے کیا کیا؟

    کروناوائرس: سڑک پر تڑپنے والے بندروں نے کیا کیا؟

    منیلا: تھائی لینڈ میں بھوک سے تڑپنے والے بندروں نے ’’ٹاؤن ہال‘‘ پر دھاوا بول دیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کروناوائرس کے پیش نظر تھائی لینڈ میں بھی شہری گھروں سے غیرضروری طور پر باہر نہیں نکل رہے اور سیاحوں پر بھی عارضی طور پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    اس صورت حال کے پیش نظر سڑکوں پر گھومنے والے بندر بھوک سے مر رہے ہیں، گھروں میں محصور ہونے کے باعث کوئی بھی شہری بندروں کو غذا فراہم کرنے سے قصر ہے اور نہ ہی ارد گرد سیاح نظر آرہے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تھائی لینڈ کے صوبے ’’پراچھپ‘‘ میں قائم ٹاؤن ہال پر بندروں نے غذا کی تلاش میں دھاوا بول دیا۔ اس دوران وہاں موجود کئی افراد پر بھوکے بندروں نے حملے بھی کیے۔

    کرونا وائرس، تھائی لینڈ کے سیکڑوں بندر بھوک سے تڑپنے لگے، ویڈیو وائرل

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کے سبب دنیا بھر میں سیاحت کا شعبہ بھی بری طرح سے متاثر ہوا، تھائی لینڈ وہ ملک ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر دنیا بھر سے لوگ سیاحت کے لیے پہنچتے تھے مگر اب صورت حال بہت مختلف ہے۔

    تھائی لینڈ آنے والے سیاح سڑک پر گھومنے والے بندروں کو کھانا ڈالتے تھے البتہ اب صورت حال یہ ہے کہ بندر بھوک سے تڑپ رہے ہیں اور انہیں کھانا دینے والا کوئی بھی نہیں ہے۔

  • خوف یا پھر مشن؟ بھارتی بارڈر گارڈز نے بھالو کا روپ دھار لیا

    خوف یا پھر مشن؟ بھارتی بارڈر گارڈز نے بھالو کا روپ دھار لیا

    نئی دہلی: بھارت میں بندروں نے مودی سرکار کو تگنی کا ناچ نچا دیا، ہر قسم کے لائحہ عمل میں ناکامی کے بعد انتظامیہ نے دلچسپ حکمت عملی تیار کرلی ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی بارڈر گارڈز نے بندروں کو اطراف سے ڈرا کر بھگانے کے لیے بھالو کا روپ دھارا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے تبت بارڈر پر مسلسل بندروں کی جانب سے حملے کے پیش نظر یہ حکمت عملی اپنائی گئی ہے، بندروں کے جھنڈ بارڈ کے اطراف قائم گارڈز کے دفاتر پر نہ صرف حملہ کرتے بلکہ فرائض کی ادائیگی کے دوران مداخلت بھی کرتے ہیں۔ وائرل ہونی ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے مزاحیہ تبصرے بھی کیے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو بارڈر گارڈ کالے بھالو کا روپ دھارے نمودار ہوئے جسے دیکھ کر کئی بندروں نے راہ فرار اختیار کی۔ بھارت کا شمال اترکھنڈ صوبہ بندروں کی آماج گاہ بن چکا ہے۔

    دوسری جانب شمالی بھارت میں قائم پنجاب اور ہریانا کے سول سیکریٹری ہیڈ کوارٹرپر بندروں کا حملہ معمول بن چکا ہے، افسران کا کہنا ہے کہ بندر بالکنی اور کھڑیوں سے دفتر میں داخل ہوتے ہیں جس کے باعث ملازمین کام کرنے سے قاصر ہیں۔

  • بندروں کی بھرمار سے گاؤں والے ہجرت پر مجبور

    بندروں کی بھرمار سے گاؤں والے ہجرت پر مجبور

    بھارت کے ایک گاؤں میں بندروں کی بھرمار نے گاؤں والوں کو ہجرت پر مجبور کردیا، یہ بندر فصلوں کو تباہ کر رہے تھے جبکہ گھروں میں گھس کر سامان بھی اٹھا لے جاتے تھے۔

    بھارتی گاؤں ناراس پور سے اب تک 20 سے زائد خاندان ہجرت کر کے جا چکے ہیں، وجہ اس گاؤں میں بندروں کی بھرمار ہے جن کی تعداد اندازاً 400 ہے۔

    یہ بندر فصلوں کو تباہ کر کے کسانوں کو مالی نقصان پہنچا رہے تھے جبکہ گھروں میں بھی گھس جاتے جہاں سے وہ مختلف سامان اٹھا کر بھاگ جاتے تھے۔

    تاہم اب گاؤں کے سرپنج نے گاؤں والوں کی مشکل حل کرنے کے لیے ان بندروں کو پکڑنے کے لیے ایک ٹیم بلا لی ہے جنہیں 15 سو روپے دیے جائیں گے۔ اس ٹیم نے اب تک 100 بندر پکڑ کر گھنے جنگل میں چھوڑ دیے ہیں جہاں سے وہ واپس نہ آسکیں۔

    سرپنچ کا کہنا ہے کہ ان بندروں نے گھروں اور فصلوں پر تباہی مچادی تھی اور اس وجہ سے کسان بہت پریشان تھے۔

    ان میں سے کچھ کسان ایسے تھے جنہیں صرف ایک ہی قسم کی فصل اگانے پر مہارت حاصل تھی اور ان کی وہ واحد فصل بھی بندروں کے ہاتھوں تباہ ہوجاتی تھی، چنانچہ کسان پریشان ہو کر یہاں سے جانے لگے تھے۔

    تاہم اب جب کسانوں کو علم ہوا کہ آہستہ آہستہ بندروں کا خاتمہ ہورہا ہے تو وہ اپنے گھروں کو واپس آرہے ہیں۔

  • سنہری بالوں والا معصوم بندر

    سنہری بالوں والا معصوم بندر

    کیا آپ سنہری بالوں والے بندر کے بارے میں جانتے ہیں؟

    چین کے جنوبی صوبے یونن میں پائے جانے والے بندر کی ایک قسم کو اپنی ناک اور خوبصورت بالوں کی وجہ سے نہایت منفرد سمجھا جاتا ہے۔ غیر معمولی ہیئت کی ناک کی وجہ سے اسے سنب نوزڈ منکی کہا جاتا ہے۔

    یہ بندر ماحول سے مطابقت کرنے کی زبردست صلاحیت رکھتے ہیں اور منفی درجہ حرارت میں بھی زندہ رہ سکتے ہیں۔

    ان بندروں کو اپنی پناہ گاہوں کے چھن جانے کی وجہ سے معدومی کا خطرہ ہے، اسی خطرے کو دیکھتے ہوئے چین میں ان بندروں کے ڈی این اے کا تجزیہ کیا جارہا ہے تاکہ ان کی حفاظت کے لیے اقدامات اٹھائے جاسکیں۔

    1980 کی دہائی میں ان بندروں کا بے دریغ شکار کیا گیا تاہم اس کے بعد سے ان بندروں کی آبادی میں اضافہ ہوا ہے، لیکن اب بھی ان کی تعداد مستحکم نہیں کہلائی جاسکتی۔

    چین اور میانمار کی سرحد پر رہنے والے ان جانداروں کے تحفظ کے لیے چینی حکومت بڑے پیمانے پر اقدامات کر رہی ہے۔

  • ماں کے نظر انداز کرنے پر بندر نے بلی کے بچے کو گود لے لیا، ویڈیو وائرل

    ماں کے نظر انداز کرنے پر بندر نے بلی کے بچے کو گود لے لیا، ویڈیو وائرل

    کولالمپور: ملائشیا کے شہر کوالا کانگسر میں ماں کے نظر انداز کرنے پر بندر نے بلی کے بچے کو گود لے لیا، انوکھی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر صارف ’رومی شاہ‘ نے ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بندر بلی کے بچے کو ہاتھ میں اٹھائے ایک اونچے مقام کی طرف جارہا ہے۔

    انوکھے واقعے کی ویڈیو کو اب تک 30 لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ، اکثر صارفین بندر کی اس حرکت پر حیران بھی ہیں۔

    رومی کی طرف سے شیئر ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بندر ایک بلی کے بچے کو ماں کی غیر موجودگی میں اٹھا کر فرار ہوا اور پھر وہ اونچے مقام پر اُسے پکڑ کر بیٹھ گیا۔

    https://www.facebook.com/romy.shah.5/videos/1849739268476394/

    حیران کُن طور پر ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بلی کے بچے کی جانب سے کوئی مزاحمت نہیں ہوئی بلکہ وہ بھی خاموشی سے بندر کے پاس بیٹھا رہا جبکہ اس دوران اُس کی ماں نیچے سے پکارتی رہی۔

    رومی کا کہنا تھا کہ ’بندر کی بلی کے بچے سے محبت بہت ہی عجیب تھی کیونکہ اُس نے ماں کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھایا اور پھر اُسے لے کر اوپر بیٹھ گیا، اس دوران بندر نے بھی بچے پر کوئی تشدد نہیں کیا بلکہ اُس کا خیال رکھا‘۔

    https://www.facebook.com/romy.shah.5/videos/1849739488476372/

    صارف کا کہنا تھا کہ ’بچے کی ماں جب دوسری بلی کے قریب گئی تو بندر نے اسی دوران اُسے گود میں اٹھایا اور بھاگ گیا‘۔ صارفین نے بندر کی اس حرکت کو اغوا جبکہ کچھ لوگ اسے بندر کی رحم دلی کا نام دیا۔

  • اربوں ڈالر کی صنعت بندروں کی جان توڑ محنت کی مرہون منت

    اربوں ڈالر کی صنعت بندروں کی جان توڑ محنت کی مرہون منت

    دنیا بھر میں اس وقت ناریل کے مختلف استعمالات کی صنعت تقریباً 2 ارب 20 کروڑ ڈالر سے زائد کی مالیت رکھتی ہے، تاہم یہ صنعت بندروں کی جان توڑ محنت اور مشقت کی مرہون منت ہے۔

    دنیا بھر میں ناریل کے تیل اور پانی کی بہت زیادہ طلب ہے جبکہ ناریل کو دیگر مختلف اشیا میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

    ہر سال اس کی طلب میں مزید 10 فیصد اضافہ ہوجاتا ہے۔ ناریل حاصل کرنے کے مرکزی ذرائع تھائی لینڈ، انڈونیشیا اور فلپائن ہیں۔

    بڑی کمپنیاں یہاں کے چھوٹے کسانوں سے ناریل لیتی ہیں، یہ کسان خط غربت سے نیچے زندگی گزارتے ہیں۔

    یہ کسان اونچے بلند و بالا درختوں سے ناریل اتارنے کے لیے بندروں کا سہارا لیتے ہیں۔

    اس کام کے لیے بندر کی ایک نسل مکاک کو استعمال کیا جاتا ہے جو تیزی سے نایاب نسل کی فہرست میں شامل ہورہی ہے۔

    اس کام کے لیے ننھے بندروں کو ان کی پناہ گاہوں سے نکال لیا جاتا ہے جس کے بعد ان کی تربیت کی جاتی ہے کہ کس طرح درخت سے ناریل اتارنا ہے۔

    یہ بندر عموماً 24 گھنٹے لوہے کی زنجیر سے بندھے رہتے ہیں۔

    زنجیروں سے بندھے یہ بندر روزانہ 9 گھنٹے تک بار بار درختوں سے اترتے اور چڑھتے ہیں۔ ایک دن میں یہ 1 ہزار ناریل درخت سے اتارتے ہیں۔

    ماہرین ان بندروں کا استحصال روکنے اور ان کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنے پر زور دے رہے ہیں۔

  • بھارت: بندر سولہ دن کے بچے کو اٹھا کر لے گیا، تلاش کے دوران لاش بر آمد

    بھارت: بندر سولہ دن کے بچے کو اٹھا کر لے گیا، تلاش کے دوران لاش بر آمد

    ممبئی: بھارت میں پیش ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ جہاں ماں کے ساتھ سوئے ہوئے سولہ دن کے بچے کو بندر اٹھا کر لے گیا تاہم تلاش کے دوران لاش بر آمد ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز بھارتی ریاست اوڑیسہ کے گاؤں تلبستہ میں پیش آیا جب سولہ دن کا بچہ ماں کے ہمراہ سو رہا تھا کہ ایک بند ر آیا اور بچے کو اٹھار کر لے گیا لیکن ماں دیکھتی رہ گئی اور کچھ نہ کر پائی۔

    واقعے کے بعد بچے کو ڈھونڈنے کیلئے پولیس نے تین ٹیمیں تشکیل دیں جنہوں نے ریاست کے مختلف علاقوں میں بچے کو ڈھنڈنے کا کام شروع کیا تاہم چوبیس گھنٹے کی تلا ش کے بعد بچے کی لاش کنویں سے آمد ہوئی۔

    انسانوں کو لوٹنے والے بندروں کے ساتھ تفریح کیجیئے

    پولیس حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ والدہ کے مطابق بچے کے گلے میں انفیکشن ہونے کے باعث اسے رونے میں تکلیف ہوتی تھی اس لئے بچے کے رونے کی آواز نہ سننے کی وجہ سے بندر اسے با آسانی اٹھا کر لے گیا اور اہل علاقہ کچھ نہ کر پائے۔

    بچے کی ہلاکت پر والدین گہرے صدمے کا شکار ہیں جبکہ تحقیقات کرنے والے پولیس افسر نے واقعے کو زندگی کا بدترین واقعہ قرار دیا ہے۔

    نشے میں‌ دھت بندر نے تباہی مچادی، ویڈیو وائرل

    دوسری جانب اہل علاقہ کا واقعے سے متعلق کہنا تھا کہ جنگلات کے تیزی سے خاتمے کے باعث بندروں نے رہائشی علاقوں کا رخ کرلیا ہے اور گزشتہ دنوں علاقے میں بندروں کے حملوں میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے، محکمہ جنگلات کو متعدد بار شکایات کی گئیں لیکن  تاحال کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔