Tag: monkeypox

  • اسپتال سے فرار منکی پاکس مریض ٹریس ہو گیا، گھر پر آئسولیٹ

    اسپتال سے فرار منکی پاکس مریض ٹریس ہو گیا، گھر پر آئسولیٹ

    اسلام آباد (19 اگست 2025): پمز سے فرار ہونے والے منکی پاکس مریض کو اٹک میں گھر پر ٹریس کر لیا گیا ہے، اور اسے گھر ہی پر آئسولیٹ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع قومی ادارہ صحت نے بتایا ہے کہ ملک میں ایک اور منکی پاکس کا کیس سامنے آ گیا ہے، جس سے رواں سال رپورٹ ہونے والے ایم پاکس کیسز کی تعداد 9 تک پہنچ گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق منکی پاکس کا 42 سالہ مریض اٹک کا رہائشی ہے، جو 15 اگست کو دبئی سے اسلام آباد پہنچا تھا، بارڈر ہیلتھ سروسز کے عملے نے مریض میں ایم پاکس کی نشان دہی کی تھی اور علامات کی تصدیق کی۔

    مسافر میں ایئرپورٹ پر دوران اسکریننگ منکی پاکس علامات پائی گئی تھیں، جس پر مریض کو ایئرپورٹ سے پمز منتقل کیا گیا، ٹیسٹ کے لیے مریض کا سیمپل 16 اگست کو لیبارٹری بھیجا گیا تھا، جس کے بعد قومی ادارہ صحت نے 18 اگست کو مریض میں ایم پاکس کی تصدیق کر دی۔

    ’ذیابطیس کے مریضوں میں ذہنی امراض، جان لیوا ڈپریشن کی شرح 50 فیصد ہو گئی‘

    ذرائع کے مطابق ایم پاکس کے مریض کو ایئرپورٹ سے پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ آئیسولیشن وارڈ سے فرار ہو گیا تھا، جسے اٹک کے قریب محکمہ صحت کے تعاون سے دوبارہ ٹریس کیا گیا۔

    قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ منکی پاکس کے مریض کو گھر پر آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے، اور اس کی حالت تسلی بخش ہے، رواں سال ملک میں منکی پاکس کے 9 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔ ایم پاکس کو اگست 2024 میں انٹرنیشنل ہیلتھ ایمرجنسی ڈکلیر کیا گیا تھا، جب کہ اگست 2024 کے بعد پاکستان میں 15 ایم پاکس کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

  • کراچی میں منکی پاکس کا پہلا تصدیق شدہ کیس سامنے آگیا

    کراچی میں منکی پاکس کا پہلا تصدیق شدہ کیس سامنے آگیا

    کراچی میں منکی پاکس کا پہلا تصدیق شدہ کیس سامنے آنے کے بعد مریض کو آئسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا گیا۔

    محکمہ صحت سندھ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مریض کے ٹیسٹ کے نتائج مثبت آگئے، مریض کی اہلیہ کا سفری پس منظر بیرون ملک کا ہے، پہلے اہلیہ میں منکی پاکس کی علامات ظاہر ہوئیں بعد میں شوہر متاثر ہوا۔

    یہ بھی پڑھیں: منکی پاکس سے خوف و ہراس میں مبتلا ہونے کی کوئی ضرورت نہیں، ڈاکٹر جاوید

    متاثرہ مریض کا تعلق کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن سے ہے۔

    منکی پاکس (Monkeypox) ایک بیماری ہے جو انسانوں میں چھوت کی بیماری کے طور پر منتقل ہو سکتی ہے۔ منکی پاکس کا آغاز عموماً جانوروں سے ہوتا ہے جیسے کہ بندر یا دوسرے جنگلی جانور، اور پھر انسانوں میں منتقل ہو سکتا ہے۔

    اس کی علامات:

    • بخار
    • سر درد
    • پٹھوں میں درد
    • تھکاوٹ
    • جلد پر چھالے یا دانے

    25 جنوری 2025 کو پاکستان میں منکی پاکس کا پہلا کیس رپورٹ ہوا تھا۔ مریض کو سروسز اسپتال پشاور منتقل کر دیا گیا تھا، مریض 24 جنوری کو دبئی سے پشاور پہنچا تھا۔

    پشاور ایئر پورٹ پر اسکریننگ کے دوران مشتبہ کیس کی نشان دہی ہوئی تھی جس پر اس کا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا تھا، اس کیس کے ساتھ ایم پاکس کیسز کی تعداد 10 ہوگئی تھی۔

    عالمی ادارہ صحت نے ’ایم پاکس‘ نامی ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دی تھی جس کی کامیاب آزمائش جاپان میں کی گئی تھی۔ جاپانی کمپنی ’کے ایم بائیو لاجکس‘ کی تیار کردہ ویکسین ایل سی 16 دوسری ویکسین ہے جس کی منظوری دی گئی۔

  • ایم پاکس سے بچاؤ کے لیے پہلی ویکسین منظور ہو گئی

    ایم پاکس سے بچاؤ کے لیے پہلی ویکسین منظور ہو گئی

    عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے ایم پاکس (منکی پاکس) سے بچاؤ کے لیے پہلی ویکسین کی منظوری دے دی۔

    ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے ایم پاکس کے لیے پہلی ویکسین کی منظوری دے دی ہے، ایم وی اے بی این (MVA-BN) ویکسین ایم پاکس سے بچاؤ کے لیے بنائی گئی ہے۔

    یہ ویکسین 18 سال سے زائد عمر کے افراد کو بہ طور انجیکشن لگائی جا سکے گی، حکام کے مطابق ویکسین کی 2 ڈوزز 4 ہفتوں کے وقفے سے لگائی جائیں گی۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈ روس کا کہنا ہے کہ ویکسین کی منظوری اس بیماری کے خلاف جنگ میں ایک اہم قدم ہے۔

    ڈبلیو ایچ او کی ویب سائٹ کے مطابق اس ویکسین کو ابھی ’پری کوالیفکیشن‘ فہرست میں شامل کیا گیا ہے، تاکہ جن ممالک میں فوری ضرورت ہو، وہاں ویکسین کی بروقت دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے، اس طرح بیماری پھیلنے سے روکنے اور وبا پر قابو پانے میں مدد مل سکے گی۔

    عالمی ادارہ صحت نے ڈنمارک کی بائیو ٹیکنالوجی کمپنی ’باویرین نارڈک‘ کی جانب سے جمع کرائی گئی معلومات، اور یورپین میڈیسنز ایجنسی کی جانب سے ریویو کے بعد اس ویکسین کا پری کوالیفکیشن تعین کیا ہے۔

    پہلے کولڈ اسٹوریج کے بعد اس ویکسین کو 2–8 ڈگری سینٹی گریڈ پر 8 ہفتوں تک رکھا جا سکتا ہے۔ گاوی اور یونیسف جیسی تنظمیں اب ایم پاکس ویکسین کو بڑی تعداد میں خریدیں گی، تاکہ افریقا اور اس سے باہر جاری ہنگامی صورت حال کے شکار لوگوں کی مدد کی جا سکے۔

  • منکی پاکس کے کراچی کے مشتبہ مریض کے حوالے سے اچھی خبر

    منکی پاکس کے کراچی کے مشتبہ مریض کے حوالے سے اچھی خبر

    اسلام آباد: گزشتہ روز کراچی سے رپورٹ ہونے والا ایم پاکس (منکی پاکس) کے مشتبہ شخص کا نمونہ نیگیٹو آ گیا ہے۔

    ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کراچی میں ایک شخص کو منکی پاکس کا مشتبہ مریض سمجھ کر بارڈر ہیلتھ سروسز کے عملے نے آئسولیٹ کر دیا تھا، اس شخص کی رپورٹ نیگیٹو آ گئی ہے۔

    حالیہ ایم پاکس ایمرجنسی کے بعد اب تک پاکستان میں 4 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ کے مطابق عوام کو وباؤں سے بچانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔

    آج ترجمان وزارت صحت نے ملک میں منکی پاکس کے چوتھے کیس کی تصدیق کی ہے، اور بتایا ہے کہ متاثرہ شخص کا تعلق پشاور سے ہے، 47 سالہ شہری کو 29 اگست کو بارڈر ہیلتھ سروسز کے عملے نے علامات کی بنیاد پر آئسولیٹ کیا تھا، اور متاثرہ شخص خلیجی ممالک سے آیا تھا۔

    پاکستان میں منکی پاکس کا چوتھا کیس رپورٹ

    ڈاکٹر مختار بھرتھ کا کہنا ہے کہ بیماریوں کی نگرانی کے حوالے سے دنیا بھر میں پاکستان کا مضبوط اور مؤثر نظام موجود ہے، اور ایم پاکس سے بچاؤ کے لیے روزانہ کی بنیاد پر وفاق اور صوبوں کے نمائندے میٹنگ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت صحت، بارڈر ہیلتھ سروسز کا عملہ اور تمام اسٹیک ہولڈرز الرٹ ہیں۔

  • پاکستان میں منکی پاکس کا چوتھا کیس رپورٹ

    پاکستان میں منکی پاکس کا چوتھا کیس رپورٹ

    اسلام آباد: پاکستان میں ایم پاکس (منکی پاکس) کا چوتھا کیس رپورٹ ہوا ہے۔

    ترجمان وزارت صحت کے مطابق ملک میں ایم پاکس کا چوتھا کیس رپورٹ ہوا ہے، متاثرہ شخص کا تعلق پشاور سے ہے۔

    47 سالہ شہری کو 29 اگست کو بارڈر ہیلتھ سروسز کے عملے نے علامات کی بنیاد پر آئسولیٹ کیا تھا، متاثرہ شخص خلیجی ممالک سے آیا تھا۔

    پاکستان میں حالیہ ایمرجنسی کے بعد منکی پاکس کے کیسز کی تعداد 4 ہو گئی ہے، کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے اس حوالے سے کہا ہے کہ تمام ایئرپورٹس پر اسکریننگ کا مؤثر نظام موجود ہے اور ایم پاکس سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔

    انھوں نے کہا وفاق اور صوبے مل کر کلوز کوآرڈینیشن میں ہیں، اور تمام تر ضروری اقدامات کو بر وقت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر مختار کا کہنا تھا کہ وزارت صحت لمحہ بہ لمحہ صورت حال کی مانیٹرنگ کر رہی ہے۔

  • پاکستان میں منکی پاکس کا ایک اور مشتبہ کیس رپورٹ

    پاکستان میں منکی پاکس کا ایک اور مشتبہ کیس رپورٹ

    اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منکی پاکس کا ایک مشتبہ کیس رپورٹ ہوا ہے، مریض آزاد کشمیر کا رہائشی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر منکی پاکس کا ایک مشتبہ کیس رپورٹ ہوا ہے، ایم پاکس کے مشتبہ مریض کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے پمز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

     ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ مریض کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے، وہ آج صبح سعودی عرب کے شہر جدہ سے پاکستان آیا ہے، اسکریننگ کے دوران مشتبہ مریض کے سینے پر نشانات پائے گئے ہیں۔

    ذرائر نے بتایا کہ مشتبہ مریض میں ایک ہفتے سے علامات ہیں، نمونے این آئی ایچ بھجوادیے گئے ہیں جبکہ متاثرہ شخص کو پمز اسپتال میں قائم خصوصی وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں منکی پاکس کے 12 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، پہلا کیس پشاور میں رپورٹ ہوا، مردان میں بھی منکی پاکس کا کیس سامنے آیا، منکی پاس کے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 4،4 جبکہ اسلام آباد، بلوچستان اور سندھ میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

  • منکی پاکس کے مشتبہ مریض ایئرپورٹ سے اسپتال منتقلی کے دوران فرار

    منکی پاکس کے مشتبہ مریض ایئرپورٹ سے اسپتال منتقلی کے دوران فرار

    اسلام آباد: بارڈر ہیلتھ سروسز کے عملے کی نااہلی کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا، منکی پاکس کے مشتبہ مریض ایئرپورٹ سے اسپتال منتقلی کے دوران فرار ہو گئے۔

    ذرائع کے مطابق منکی پاکس کے مشتبہ مریض لیبیا سے ڈیپورٹ ہو کر اسلام آباد پہنچے تھے، جہاں سے انھیں پمز اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم اس دوران وہ بارڈر ہیلتھ سروسز کے عملے کی نا اہلی کی وجہ سے فرار ہو گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لیبیا سے بے دخل پاکستانیوں کو خصوصی فلائٹ سے پاکستان لایا گیا تھا، اور ان کی فلائٹ 8 ستمبر کی رات کو اسلام آباد پہنچی تھی، چاروں مسافروں میں منکی پاکس علامات پائی گئی تھیں۔

    ذرائع بی ایچ ایس کے مطابق اسکریننگ کے دوران چار مشتبہ مسافروں کو الگ کیا گیا تھا، جن کے پمز اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ ہوا، اور پھر ان کے فارم تیار کر کے ایمبولینس میں سوار کیا گیا، تاہم ایئر پورٹ سے نکلنے کے بعد مشتبہ مریض ایمبولینس سے اتر کر فرار ہو گئے۔

    منکی پاکس کے مشتبہ مریض کوائف فارم بھی ساتھ لے کر فرار ہوئے ہیں، فرار ہونے والوں میں رحمان طارق، علی حمزہ، ذوالقرنین، نعیم شامل ہیں، ادھر بارڈر ہیلتھ سروسز نے مشتبہ منکی پاکس مریضوں کے فرار پر چپ سادھ لی ہے۔

  • منکی پاکس کے حوالے سے اچھی خبر

    منکی پاکس کے حوالے سے اچھی خبر

    کراچی: ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ منکی پاکس کی صورت حال کراچی سمیت ملک بھر میں کنٹرول میں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں منکی پاس کے حوالے سے صورت حال قابو میں ہے، وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد سے آنے والے دنوں میں بھی صورت حال کنٹرول میں رہے گی۔

    ماہرین صحت کے مطابق اسمال پاکس، چکن پاکس اور منکی پاکس کا تعلق ایک ہی فیملی سے ہے، تاہم کووِڈ 19 کے مقابلے میں اس وائرس کے پھیلاؤ کی شرح بہت کم ہے۔

    ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اب تک رپورٹ ہونے والے متعدد کیسز نیگیٹیو آئے ہیں جب کہ مثبت کیسز والے مریض قرنطینہ کے بعد رو بہ صحت ہیں۔

    محکمہ صحت کے مطابق ملک بھر کے ایئر پورٹس پر بھی اس وائرس کے حوالے سے پیشگی مؤثر اقدامات کے باعث صورت حال کنٹرول میں ہے، آنے والے کسی بھی مشتبہ مریض کو فوری طور پر قرنطینہ کے لیے متعلقہ اسپتال میں منتقل کر دیا جاتا ہے۔

  • منکی پاکس کیسے منتقل ہوتا ہے؟ وزارت قومی صحت نے تفصیلی اعلامیہ جاری کر دیا

    منکی پاکس کیسے منتقل ہوتا ہے؟ وزارت قومی صحت نے تفصیلی اعلامیہ جاری کر دیا

    اسلام آباد: وزارت قومی صحت نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ منکی پاکس ایک وائرل زونوٹک متعدی مرض ہے، جو متاثرہ جانور سے انسانوں کو منتقل ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں بھی منکی پاکس کے کیسز سامنے آ گئے ہیں، جس کے بعد وزارت قومی صحت نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ڈبلیو ایچ او نے 2022 میں منکی پاکس کو عالمی صحت عامہ کے لیے ایک خطرہ قرار دیا تھا۔

    اعلامیے کے مطابق منکی پاکس ایک وائرل زونوٹک متعدی مرض ہے، یہ متاثرہ جانور سے انسانوں کو منتقل ہوتا ہے، متاثرہ مریض سے بھی دوسرے انسان کو منتقل ہو سکتا ہے۔

    وزارت قومی صحت کے مطابق 111 ممالک میں تاحال منکی پاکس کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، عالمی سطح پر منکی پاکس کے 87 ہزار کیسز، 119 اموات ہو چکی ہیں، تاہم اگست 2022 سے منکی پاکس کے عالمی کیسز میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مئی 2022 سے تاحال منکی پاکس کے 22 مشتبہ سیمپلز این آئی ایچ بھجوائے گئے تھے، یہ سیمپلز ملک کے مختلف حصوں سے بھجوائے گئے تھے، ملک میں منکی پاکس کا پہلا کیس پمز اسپتال میں زیر علاج ہے۔

    قومی صحت کی وزارت کا کہنا ہے کہ منکی پاکس کے دیگر کیسز کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، تاہم ملک میں منکی پاکس کے مقامی پھیلاؤ کے ثبوت نہیں ملے ہیں، پاکستان سے منکی پاکس کا عالمی سطح پر زیادہ پھیلاؤ نہیں ہوا، متعلقہ صحت حکام کو ایڈوائزری جاری کی جا چکی ہے۔

    منکی پاکس: سندھ حکومت نے اسپتالوں کو آئسولیشن وارڈز بنانے کا الرٹ جاری کر دیا

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عالمی ہوائی اڈوں پر بیرون ملک سے آئے مسافروں کی اسکریننگ ہوگی، وفاقی اور صوبائی ہیلتھ اتھارٹیز کو منکی پاکس سرویلنس، ٹیسٹنگ بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے، منکی پاکس کیسز کے قریبی افراد اور مشتبہ مریضوں کی فوری ٹیسٹنگ ہوگی، اس سلسلے میں این آئی ایچ کو کیسز کی ٹریسنگ اور ٹیسٹنگ کی ہدایات دی گئی ہیں۔

    اعلامیے کے مطابق منکی پاکس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پازیٹو کیسز کو فوری آئیسولیٹ کیا جائے گا، نیز ملک میں وزارت صحت، این سی او سی، اور این آئی ایچ صورت حال کی کڑی نگرانی کر رہے ہیں۔

  • منکی پاکس: سندھ حکومت نے اسپتالوں کو آئسولیشن وارڈز بنانے کا الرٹ جاری کر دیا

    منکی پاکس: سندھ حکومت نے اسپتالوں کو آئسولیشن وارڈز بنانے کا الرٹ جاری کر دیا

    کراچی: سندھ حکومت نے منکی پاکس کیسز کے پیش نظر اسپتالوں کو آئسولیشن وارڈز بنانے کا الرٹ جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں منکی پاکس کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز سندھ کی جانب سے سندھ کے تمام سرکاری اسپتالوں کو الرٹ جاری کیا گیا ہے کہ فوری طور پر آئیسولیشن وارڈ قائم کیے جائیں۔

    الرٹ میں ہدایت کی گئی ہے کہ 10 بستروں پر مشتمل آئیسولیشن وارڈ فوری بنائے جائیں، وارڈز میں 5 بیڈ خواتین اور5 مردوں کے لیے مختص کیے جائیں۔

    سندھ کے 25 سے زائد بڑے سرکاری اسپتالوں میں آئیسولیشن وارڈز کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، سول اسپتال، جناح اسپتال اور لیاری جنرل اسپتال کے سربراہوں کو الرٹ موصول ہو گیا ہے۔

    پیپلز میڈیکل یونیورسٹی شہید بینظیر آباد، غلام محمد میڈیکل کالج و اسپتال، سندھ گورنمنٹ چلڈرن اسپتال سعود آباد، نارتھ کراچی، کورنگی اور ابراہیم حیدری کو بھی فوری وارڈ قائم کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ وزارت صحت کے ترجمان نے گزشتہ روز کہا تھا کہ پاکستان میں منکی پاکس کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے، قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد نے متاثرہ شخص میں منکی پاکس کی تصدیق کی تھی، جس کے بعد پورے ملک کے ایئر پورٹس پر ہیلتھ ریگولیشنز کی سفارشات پر عمل درآمد جاری ہے۔

    وفاقی وزارت صحت نے ایک کیس کی تصدیق کی ہے، جب کہ ترجمان سندھ حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ 2 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

    پاکستان میں منکی پاکس کے 2 کیسز سامنے آگئے

    ایئرپورٹس پر منکی پاکس سے متعلق گائڈ لائن کے مطابق متاثرہ مریض کو ایپرن کے ذریعے ایف آئی اے کی نگرانی میں باہر لایا جائے گا،

    متاثرہ مریض کا مکمل ڈیٹا اکھٹا کیا جائے گا اور اسے عام مسافروں کے چینل برج سے باہر نہیں لایا جائے گا، مریض کو ہینڈل کرتے وقت محکمہ صحت کی ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا جائے گا، مشتبہ مریض سامنے آنے کی صورت میں ایف آئی اے کاؤنٹر سمیت لیگیج ایریا اور بیت الخلا سمیت فرش کو ڈس انفیکٹ کیا جائے گا۔