Tag: monsoon

  • مون سون سیزن کے دوران پانی کا ضیاع تشویشناک حد تک بڑھ گیا

    مون سون سیزن کے دوران پانی کا ضیاع تشویشناک حد تک بڑھ گیا

    اسلام آباد (23 اگست 2025): پاکستان میں آبی مسائل کا حل بہتر حکمت عملی میں پوشیدہ ہے، مون سون سیزن 2025 کے دوران پانی کا ضیاع تشویشناک حد تک بڑھ چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حالیہ مون سون سیزن میں ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشیں ہوئیں جس سے دریا اور ندی نالے بھر گئے ہیں۔

    محکمہ آبپاشی نے کہا ہے کہ یکم جولائی سے 20 اگست تک کوٹری کے مقام سے بحیرہ عرب میں 9.04 ملین ایکڑ فٹ ( ایم اے ایف) پانی خارج ہو چکا ہے، مزید 4 سے 5 ملین ایکڑ فٹ پانی کے اخراج کا امکان ہے کیونکہ سوات، کشمیر اور دیگر پہاڑی علاقوں سے ندیوں میں پانی کا بہاؤ بدستور جاری ہے۔

    ملک کے اہم آبی ذخائر جس میں تربیلا، راول، خانپور اور سملی ڈیم شامل ہیں اپنی مکمل گنجائش تک پہنچ  چکے ہیں، منگلا ڈیم 75 فیصد بھرا ہوا ہے، اس صورتحال میں اضافی پانی کو محفوظ کرنے کے لیے کوئی متبادل انتظام موجود نہیں جس کی وجہ سے اضافی پانی ضائع ہو رہا ہے۔

    کوٹری بیراج سے آبی ذخائر سے متعلق جاری تازہ ترین رپورٹ کے مطابق یکم تا 10 جولائی کے دوران 0.60 ایم اے ایف، 11 تا 20 جولائی 1.11 ایم اے ایف، 21 تا 31 جولائی 2.60 ایم اے ایف، یکم جولائی تا 10 اگست 3.12 اور 11تا 20 اگست کے دوران 1.61 ملین ایکڑ پانی خارج ہوا۔

    یہ اعداد و شمار اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں آبی وسائل کے مؤثر انتظام اور اضافی پانی کو محفوظ کرنے کی صلاحیت تاحال ناکافی ہے۔

    آبی ماہرین نے کہا ہے کہ پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو ملک کو شدید آبی بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اگر بروقت نئے ڈیمز کی تعمیر اور موجودہ نظام کی بہتری پر کام نہ کیا گیا تو آبی مسائل میں اضافہ ہوگا۔

  • مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل، اہم پیشگوئی

    مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل، اہم پیشگوئی

    کراچی (13 اگست 2025): محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں مون سون بارش کا ساتواں اسپیل آج سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج سے ملک کے مختلف حصوں میں مون سون کے ساتویں اسپیل میں بارشیں برسنا شروع ہو جائیں گی، پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ بارش کا یہ ساتواں اسپیل زیادہ مضبوط ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق 13 سے 17 اگست کے دوران پنجاب کے بالائی حصوں میں مون سون بارشوں کا امکان ہے، 18 سے 21 اگست کے تک پنجاب کے بیش تر میدانی اضلاع میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

    مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاالدین میں بارشوں کاامکان ہے، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور اور دیگر شہروں میں بھی بارشیں متوقع ہیں، 21 اگست کو ڈیرہ غازی خان، بھکر، بہاولپور، خانیوال اور دیگر شہروں میں بارشوں کا امکان ہے۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، اور شدید بارشوں کے باعث مری و گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

  • مون سون کا ایک اور دھواں دار اسپیل انٹری دینے کو تیار

    مون سون کا ایک اور دھواں دار اسپیل انٹری دینے کو تیار

    لاہور(20 جولائی 2025): پنجاب میں مون سون کا ایک اور دھواں دار اسپیل انٹری دینے کو تیار ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے پچیس جولائی تک راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، اور منڈی بہاؤالدین میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، لاہور، بہاولپور، ملتان میں بھی گرج چمک کے ساتھ برسات ہوگی۔

    این ڈی ایم اے نے ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کردیا ہے، اسلام آباد، کے پی، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش متوقع ہے۔

    راول ڈیم کے اسپیل ویز کھول دیے گئے، شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت

    سندھ کے کئی شہروں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، خیرپور، سکھر، جیکب آباد ، ٹھل، گڑھی خیرو، ٹنڈو الہ یار میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جنکہ فیڈر ٹرپ کر جانے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    دوسری جانب کراچی میں بھی رات گئے ہونیوالی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے، جبکہ آج بھی دن بھر وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کراچی کا اس وقت مطلع ابر آلود ہے اور سمندری ہوائیں جزوی بحال ہیں ہوا میں نمی کا تناسب زائد ہونے سے موسم مرطوب رہے گا اور آج پارہ 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

  • ملک بھر میں مون سون بارشوں کا تباہ کن اسپیل، چوبیس گھنٹوں میں مزید 37 افراد جاں بحق

    ملک بھر میں مون سون بارشوں کا تباہ کن اسپیل، چوبیس گھنٹوں میں مزید 37 افراد جاں بحق

    ملک بھر میں مون سون بارشوں کا تباہ کن اسپیل شروع ہو گیا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 37 افراد جان سے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مون سون کی موسلادھار بارشوں میں پنجاب میں مختلف حادثات میں 30 افراد جاں بحق اور 44 زخمی ہوئے، خیبرپختون خوا میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

    پاکپتن، پسرور اور اوکاڑہ میں بارش سے سڑکیں دریا کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، چیچہ وطنی، چوک اعظم، عارف والا اور جڑانوالہ کے گلی، محلوں میں بھی پانی جمع ہو گیا، کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلوں میں طوفانی بارش سے راجن پور کے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے اور ہزاروں ایکڑ اراضی زیر آب آ گئی، روجھان میں بھی دریائے سندھ میں طغیانی ہے اور کچے کا علاقہ مکمل ڈوب گیا ہے۔

    پنجاب میں زوردار بارشوں سے بڑے چھوٹے شہر پانی میں ڈوب گئے ہیں، اوکاڑہ میں 172 ملی میٹر بارش ہوئی، 33 گھنٹے بعد بھی سڑکیں دریا کا منظر پیش کر رہی ہیں، 2 دن سے تجارتی مراکز بند پڑے ہیں، نواحی علاقے میں چھت گرنے سے 2 افراد زخمی ہوئے ہیں، ساہیوال میں شہر اور محلے ندی نالوں میں تبدیل ہو گئے ہیں، رسیکیو کی گاڑیاں بھی پانی میں پھنس گئیں۔


    لاہور کے طوفانی بارش میں 3 مسافر بردار طیارے فضا میں چکر لگاتے رہے


    بہاولنگر میں 3 دن سے بارش کی وجہ سے سڑکیں اور گلیاں پانی میں ڈوب گئیں، 2 سال پہلے بننے والا سیوریج سسٹم بھی ناکارہ ثابت ہو گیا، پاکپتن میں مکان کی چھت گرنے سے بچہ جاں بحق، دو افراد زخمی ہوئے، ہارون آباد کے نواحی علاقے میں دیوار گرنے سے دو افراد زخمی ہو گئے۔

    پسرور میں کچے مکان کی چھت ڈھے گئی، جس سے 3 بہنیں ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئیں، چیچہ وطنی میں نشیبی علاقے اور سڑکیں زیر آب آ گئیں، چوک اعظم میں گلی، محلوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا، عارف والا میں غلہ منڈی پانی میں ڈوب گٸی، جڑانوالہ کے کالج روڈ پر پانی جمع ہو گیا، نواحی علاقے میں گھر کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہو گئے۔

  • نیپال میں مون سون اسپیل نے تباہی مچا دی، 47 افرد ہلاک ہو گئے

    نیپال میں مون سون اسپیل نے تباہی مچا دی، 47 افرد ہلاک ہو گئے

    کھٹمنڈو: نیپال میں مون سون اسپیل نے تباہی مچا دی، مختلف واقعات میں 47 افرد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق دارالحکومت کھٹمندو سمیت نیپال کے دیگر شہروں میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈ نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے۔

    وزارت داخلہ کے ریکارڈ کے مطابق بارش کا موسم شروع ہونے کے بعد سے ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں نیپال میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں کم از کم سنتالیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    سب سے زیادہ ہلاکتیں مٹی کے تودے گرنے سے ہوئیں، جن کی تعداد 24 ہے جب کہ 19 افراد زخمی ہوئے ہیں، 46 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے اور 36 مکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔

    شدید بارش کے باعث شاہراہیں تالاب بن گئیں، متعدد علاقے زیر آب آ گئے، جس سے ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ نیپال میں سالانہ بنیادوں پر مون سون کے دوران لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کی وجہ سے زیادہ تر اموات واقع ہوتی ہیں۔

  • مون سون بیماریوں کی ادویات کی مارکیٹ میں دستیابی کے لیے اہم قدم

    مون سون بیماریوں کی ادویات کی مارکیٹ میں دستیابی کے لیے اہم قدم

    اسلام آباد: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے مون سون اور ڈینگی سیزن کے آغاز سے قبل ادویہ ساز کمپنیوں کی تنظیموں سے رابطہ کر کے مون سون سیزن کے امراض کی ادویات کے اسٹاک سے متعلق تفصیلات طلب کی تھیں، جس پر تنظیموں کی جانب سے مثبت جواب دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈریپ نے پاکستان فارماسیوٹیکل مینو فیکچررز ایسوسی ایشن اور فارما بیورو سے رابطے کیے تھے اور ان سے سے مون سون کے سلسلے میں تیار ادویات اور خام مال کی تفصیلات مانگی گئی تھیں، پی پی ایم اے اور فارما بیورو نے خام مال اور ادویات کی تفصیلات ڈریپ کو بھجوا دیں۔

    ذرائع کے مطابق ملک میں مون سون سیزن امراض کی ادویات اور خام مال کا وافر ذخیرہ دستیاب ہے، فارما کمپنیوں کے پاس 24 اہم ادویات اور خام مال کا وافر اسٹاک موجود ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپنیوں کے پاس ملیریا، ہیضہ، اسہال کی وافر ادویات اور خام مال دستیاب ہے، جن میں نمکول اور الیکٹرولائٹ ڈرپس سمیت اینٹی بائیوٹکس، اینٹی بیکٹیریل ادویات شامل ہیں۔

    کمپنیز کے پاس ٹائیفائیڈ اور سانپ کے کاٹے کی ویکسین کا بھی وافر ذخیرہ دستیاب ہے، اینٹی الرجک اور جلدی امراض کے لیے کورٹیکوسٹیرائیڈ ادویات بھی دستیاب ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ مون سون سیزن کے دوران ملک میں 24 ادویات کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔

  • مون سون: 25 جون سے اب تک ملک بھر میں 86 افراد جاں بحق

    مون سون: 25 جون سے اب تک ملک بھر میں 86 افراد جاں بحق

    اسلام آباد: حالیہ مون سون میں 25 جون سے اب تک ملک بھر میں 86 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حالیہ مون سون سے ہونے والے جانی و مالی نقصان سے متعلق رپورٹ جاری کر دی گئی، این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں مزید 6 افراد کی اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

    نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق سندھ اور پنجاب میں 3، 3 افراد جان کی بازی ہار گئے، جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 9 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق 25 جون سے اب تک ملک بھر میں 86 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جاں بحق افراد میں 33 مرد، 16 خواتین اور 37 بچے شامل ہیں، سب سے زیادہ پنجاب میں 52 اموات رپورٹ ہوئیں، خیبر پختون خوا سے 20، بلوچستان سے 6، سندھ سے 5 اور آزاد کشمیر سے 3 اموات رپورٹ ہوئیں۔

    حالیہ بارشوں سے ملک بھر میں کل 151 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں 56 مرد، 43 خواتین اور 52 بچے شامل ہیں، ملک بھر میں کل 97 گھروں کو نقصان پہنچا، بارشوں اور سیلاب سے 46 مویشیوں کو نقصان پہنچا۔ این ڈی ایم اے کا یہ بھی کہنا ہے کہ دریائے راوی میں جسر کے مقام پر درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے اور دریائے چناب میں درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔

  • مون سون: 25 جون سے اب تک ملک بھر میں 76 افراد جاں بحق

    مون سون: 25 جون سے اب تک ملک بھر میں 76 افراد جاں بحق

    کراچی: مون سون بارشوں میں 25 جون سے اب تک ملک بھر میں 76 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مون سون بارشوں میں ہونے والے جانی اورمالی نقصان پر این ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کر دی، جس میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 9 افراد جاں بحق ہوئے، خیبر پختون خوا میں 2، پنجاب میں 5 افراد بارشوں کے سبب مختلف واقعات میں جاں بحق ہوئے، 8 افراد زخمی ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں میں 25 جون سے اب تک ملک بھر میں 76 افراد جان سے گئے، جاں بحق ہونے والوں میں 15 خواتین اور 31 بچے شامل ہیں۔

    سب سے زیادہ 48 اموات پنجاب میں رپورٹ ہوئیں، خیبر پختون خوا 20 اور بلوچستان میں 5 اموات رپورٹ ہوئیں، آزاد کشمیر سے 3 اموات رپورٹ ہوئیں۔ حالیہ بارشوں سے ملک بھر میں 135 افراد زخمی ہوئے، ملک میں بارشوں سے 78 گھروں کو نقصان پہنچا۔

    این ڈی ایم اے نے مختلف شہروں میں شدید بارشوں سے اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کر دیا۔

    ادھر پنجاب کے مختلف شہروں مون سون کا دھواں دھار اسپیل جاری ہے، وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش برس رہی ہے، لاہور کی سڑکیں سوئمنگ پول میں تبدیل ہو چکی ہیں، گاڑیاں پانی میں تیرنے لگی ہیں، قذافی اسٹیڈیم کے باہر کی سڑک تالاب بن گئی۔

    کراچی پر بھی گہرے بادل جم کے برس پڑے، ایئر پورٹ،م لیر، شاہ فیصل، نارتھ کراچی اور سہراب گوٹھ میں تیز بارش نے رنگ جما دیا، بچے ناچتے گاتے بارش کے مزے لینے نکل آئے، کلفٹن، بوٹ بیسن کے اطراف بھی بارش برسی، صدر، اولڈ ایریا، شارع فیصل، گلشن، جوہر، معمار، سرجانی، عائشہ منزل، لیاقت آباد، ناظم آباد، لانڈھی سمیت کئی علاقوں میں بھی کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون سسٹم شہر میں مکمل طور پر فعال ہو گیا ہے، اور چوبیس گھنٹوں میں چالیس سے پچاس ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔

  • دریائے چناب، راوی، ستلج اور منسلکہ نالوں میں طغیانی کا خدشہ

    دریائے چناب، راوی، ستلج اور منسلکہ نالوں میں طغیانی کا خدشہ

    کراچی: این سی او سی نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران لاہور، سیالکوٹ، اور نارووال میں تیز بارش کا امکان ہے، جس کی وجہ سے دریائے چناب، راوی، ستلج اور منسلکہ نالوں بھمبر، ڈیک، پلکھو اور بسنتر میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

    این سی او سی نے ہدایت کی ہے کہ میونسپل علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے، ضلعی انتظامیہ 20 جولائی تک دریائے چناب پر مرالہ ہیڈ ورکس اور دریائے راوی میں جسر کے مقام پر مانیٹرنگ جاری رکھیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں صوبہ سندھ میں کراچی، تھرپارکر، سکھر، لاڑکانہ، حیدر آباد، بدین، شہید بینظیر آباد میں تیز بارش کا امکان ہے۔

    صوبہ بلوچستان میں سبی، ژوب، کوہلو، قلعہ سیف اللہ، خضدار، بارکھان، لورالائی، ڈیرہ بگٹی، لسبیلہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ جب کہ خیبر پختون خوا میں بنوں، ڈی آئی خان، مالم جبہ، بالاکوٹ میں بارش متوقع ہے۔

    این سی او سی نے ہدایت کی ہے کہ عوام کو بارشوں کی پیش رفت اور تازہ ترین صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھا جائے اور متعلقہ شہروں کی ریسکیو سروسز عملے کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔

  • مون سون بارشوں کا سسٹم آج سے ملک میں داخل ہوگا

    مون سون بارشوں کا سسٹم آج سے ملک میں داخل ہوگا

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا سسٹم آج سے ملک میں داخل ہوگا، اور آج دن بھر ملک کے بیش تر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق آج ملک کے وسطی اور جنوبی میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، اسلام آباد میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں شام اور رات میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔

    خیبر پختون خوا کے بیش تر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بالاکوٹ میں رات کے دوران بادل برسنے کا امکان ہے، چارسدہ، مردان، پشاور، کوہاٹ اور کرم میں بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیش تر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، پنجاب کے وسطی اور جنوبی میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا، رات میں مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی، سرگودھا، فیصل آباد، بہاولنگر، نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور میں بارش کی توقع ہے۔

    بلوچستان کے بیش تر اضلاع میں دن بھر موسم گرم اور مرطوب رہے گا، قلات، خضدار اور بارکھان میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے، سندھ کے بیش تر اضلاع میں بھی آج موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا، میر پور خاص میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلا دھار بارش کی توقع ہے، جب کہ گلگت بلتستان میں دن بھر موسم خشک رہے گا۔