Tag: monsoon

  • مون سون میں غیر معمولی تاخیر، شمالی بھارت میں تباہ کن بارشوں سے 18 ہلاک

    مون سون میں غیر معمولی تاخیر، شمالی بھارت میں تباہ کن بارشوں سے 18 ہلاک

    اترپردیش: شمالی بھارت میں غیر معمولی تاخیر سے آئے ہوئے مون سون نے تباہی مچا دی ہے، تباہ کن بارشوں سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 18 افراد ہلاک ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت کی شمالی ریاستوں میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک ہو گئے، کئی علاقوں میں تعلیمی ادارے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔

    الجزیرہ نے رپورٹ کیا ہے کہ شمالی ریاستوں میں بارش کے موسم میں غیر معمولی تاخیر سے ملک بھر میں مزید مصائب پیدا ہو گئے ہیں۔

    مسلسل بارش نے شمالی ہندوستان کے کچھ حصوں کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، ریاست کے زیر انتظام ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پیر کو کہا کہ شمالی ریاستوں اتراکھنڈ، اتر پردیش، مدھیہ پردیش اور راجستھان کے کچھ حصوں میں منگل تک بھاری بارش متوقع ہے۔

    روئٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ بھارت میں شدید بارش نے موسم گرما میں بوئی جانے والی اہم فصلوں جیسے چاول، سویا بین، کپاس، دالوں اور سبزیوں کو فصل کی کٹائی سے عین قبل شدید نقصان پہنچا دیا ہے، جس سے ایشیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت کو اشیائے خورد و نوش کی شدید مہنگائی کا سامنا ہو سکتا ہے۔

    بھارت میں تباہ کن بارشیں اور سیلاب: ہنگامی حالت کا اعلان

    رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ برسات کا موسم عام طور پر شمال مغربی ہندوستان میں ستمبر کے وسط سے ختم ہو جاتا ہے، اور اسے اکتوبر کے وسط تک پورے ملک میں ختم ہو جانا چاہیے، ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس غیر معمولی بارشی موسم کے پیچھے موسمیاتی تبدیلی ہے۔

    آئی ایم ڈی کے مطابق شمال مغربی ہندوستان کے کچھ حصوں میں اتوار کو معمول سے 1 ہزار 293 فی صد زیادہ بارش ہوئی، اور اتر پردیش میں 22.5 ملی میٹر تک بارش ہوئی ہے۔

  • سندھ کے کئی شہروں میں مون سون کا دھواں دار اسپیل

    سندھ کے کئی شہروں میں مون سون کا دھواں دار اسپیل

    کراچی: سندھ کے کئی شہروں میں مون سون کا دھواں دار اسپیل جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت صوبہ سندھ کے شہروں حیدر آباد، مٹیاری، تھر، اسلام کوٹ، ٹنڈوالہ یار، اور ٹھٹھہ کی سڑکیں اور گلیاں پانی میں ڈوب گئیں۔

    رات سے شروع ہونے والی برسات کے بعد ہر طرف پانی ہی پانی نظر آ رہا ہے، انتظامیہ کی نا اہلی نے رحمت کو زحمت بنا دیا ہے، حیدر آباد میں لطیف آباد اور مہر علی کے علاقے تالاب میں تبدیل ہو گئے ہیں۔

    مٹیاری کی سڑکیں بھی ندی نالوں میں بدل گئیں، پانی گھروں میں داخل ہو گیا، ٹنڈوالہ یار کے گلی محلے بھی زیر آب آ چکے ہیں، ٹھٹھہ کے نشیبی علاقے پانی پانی ہو چکے ہیں، عمر کوٹ میں فصلیں ڈوب گئیں۔

    خیبر پختون خوا اور سندھ کے مختلف علاقوں میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی

    کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی ہے، بدین کے اولڈ سول اسپتال روڈ، کینٹ روڈ، پوسٹ آفس روڈ پر پانی جمع ہے، ٹنڈو محمد خان میں بھی جل تھل ایک ہو گیا، اور بھرانی محلے میں کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا ہے۔

    ادھر کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش سے سائٹ ایریا، ناظم آباد، گلبرگ، لیاقت آباد، ایم اے جناح روڈ، ملیر، سپر ہائی وے، سہراب گوٹھ، لانڈھی سمیت کئی علاقوں میں وقفے وقفے سے برسات جاری ہے، شیر شاہ نالہ اوور فلو ہو گیا ہے۔ بارش کے بعد رین ایمرجنسی پانی میں ڈوب گئی، اور شہر کی کئی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔

    کراچی میں چند گھنٹوں کی بارش کے بعد خستہ حال سڑکوں پر برا حال ہے، ضلع وسطی بارش میں سب سے زیادہ متاثر نظر آ رہا ہے، لیاقت آباد نمبر 10، سپر مارکیٹ، لیاقت آباد ڈاکخانہ کے مقام پر سڑکوں پر بڑے بڑے گڑھوں میں پانی بھر گیا ہے، جنھیں بھرنے کے لیے مٹی ڈال دی گئی، لیکن مٹی کے ٹیلے جمع ہونے سے ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہو گئی ہے، محکمہ موسمیات نے اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کر دیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کی طاقت ور ہوائیں سندھ میں موجود ہیں، جو 26 سے 27 جولائی تک برقرار رہیں گی، اور تھرپارکر،عمر کوٹ، بدین، ٹھٹھہ، ٹنڈومحمدخان میں مزید بارش متوقع ہے، ٹنڈوالہ یار، حیدر آباد، نوابشاہ میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش ہوگی، قمبر شہداد کوٹ، گھوٹکی اور کشمور اضلاع میں 27 جولائی تک بارش ہوگی۔

  • کراچی میں مون سون  تھنڈر سیل ایکٹیو ، شہر کا درجہ حرارت 5ڈگری تک گرگیا

    کراچی میں مون سون تھنڈر سیل ایکٹیو ، شہر کا درجہ حرارت 5ڈگری تک گرگیا

    کراچی : محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی شہر میں مون سون تھنڈر سیل ایکٹیو ہیں ، جس کے باعث بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، بارش کے بعد درجہ حرارت 5ڈگری گرگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی میں موسم کی صورتحال کے حوالے سے بتایا ہے کہ شہر میں مون سون تھنڈر سیل ایکٹیو ہیں ، جس کے باعث وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔

    کراچی میں 48سے50 کلومیٹر کی رفتار سے گرد آلود ہوائیں ریکارڈ کی گئیں ، نئے نصب ریڈارمون سون ،گرد آلود ہواؤں کی پیشگوئی میں مددگارثابت ہورہا ہے۔

    بارش کے باعظ کراچی کادرجہ حرارت 5ڈگری گرگیا اور موجود درجہ حرارت28ڈگری ہے جبکہ اسوقت ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے۔

    دوسری جانب کراچی میں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے ، ضلع وسطی کی سڑکیں ڈوب گئیں اور ناگن چورنگی کےپاس قائم چھوٹانالہ اوور فلو ہوگیا ، جس کی وجہ سے آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہے جبکہ شاہ فیصل اوراطراف میں آدھےگھنٹےسے موسلادھار بارش جاری ہے۔

    محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں آج ہونیوالی بارش کے اعدادوشمار جاری کردیئے، جس کے مطابق کراچی میں سب سے زیادہ سعدی ٹاؤن میں41.2ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر 33ملی میٹر ،نارتھ کراچی میں 28.2بارش ، ایئرپورٹ اولڈایریاپر15.5،جناح ٹرمینل پر17.8ملی میٹر بارش ، فیصل بیس پر 16.8،بیس مسرور پر16.0ملی میٹر بارش، سرجانی میں 17.6،کیماری میں 12.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

  • سندھ میں آج سے پھر بارشوں کا امکان

    سندھ میں آج سے پھر بارشوں کا امکان

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں آج شام یا رات کو مون سون کے ساتویں اسپیل کے داخل ہونے کا امکان ہے جس کے باعث کل رات تک بارش ہوسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بے آف بنگال میں بننے والے سسٹم کے اثرات آج کراچی میں بارش کا سبب بنیں گے، بارش کا سلسلہ 2 سے 3 دن تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج شام یا رات کو مون سون کے ساتویں اسپیل کے داخل ہونے کا امکان ہے، ساتویں اسپیل کے باعث کراچی میں کل رات تک بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ساتویں اسپیل کی شدت گزشتہ اسپیل سے کم ہوگی، مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش متوقع ہے، دن بھر مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب سندھ میں ایک بار پھر طوفانی بارشوں کے امکان کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی ڈی ایم ایز کو الرٹ جاری کردیا، پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تمام ادارے اپنے انتظامات پورے رکھیں۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ زیریں سندھ کے علاقے بارشوں سے دوبارہ زیر آب آسکتے ہیں۔

  • بھارت: مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی، 113 ہلاکتوں کی تصدیق

    بھارت: مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی، 113 ہلاکتوں کی تصدیق

    دہلی: بھارت میں مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی، 113 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوگئی.

    تفصیلات کے مطابق اتر پردیش اور بہار کی ریاستوں نے میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی طوفانی بارشوں نے سو برس کا ریکارڈ توڑ ڈالا.

    میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ان ریاستوں میں گزشتہ 102 برس میں ہونے والی سب سے زیادہ بارشیں ہیں۔

    بھارتی حکام نے اپنے تازہ اعلان میں کہا ہے کہ سب سے زیادہ نقصان اتر پردیش اور بہار کی ریاستیں میں ہوا۔

    نشیبی علاقے ڈوب گئے، نظام مواصلات درہم برہم ہوگیا، سڑکیں تالاب بن گئیں اور بجلی بند ہوگئی۔ بڑے شہروں میں امدادی کارروائی جاری ہے، البتہ چھوٹے قصبے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

    خیال رہے کہ بھارت میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جون میں شروع ہو کر ستمبر کے اوائل تک جاری رہتا ہے، البتہ اس برس شدت ماضی سے زیادہ ہے۔

    بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چند دنوں میں بارشوں کی شدت کم ہو جائے گی۔

  • کراچی میں اگلے 2 روز ہلکی بارش کا امکان

    کراچی میں اگلے 2 روز ہلکی بارش کا امکان

    کراچی: آج رات صوبہ سندھ میں مون سون کا سسٹم داخل ہوگا جس کے بعد کراچی میں بھی اگلے 2 روز تک ابر رحمت برسنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا سسٹم آج رات سندھ میں داخل ہوگا جس کے بعد ساحلی پٹی بدین، ٹھٹھہ اور تھر پارکر میں تیز بارش کا امکان ہے۔

    ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا سسٹم سندھ میں 2 دن تک موجود رہے گا۔

    کراچی میں نئے سسٹم کے تحت تیز بارش کا امکان نہیں تاہم آئندہ 2 روز کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

    بارش کے باعث کراچی کے درجہ حرارت میں کمی کا امکان بھی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا نیاسسٹم اتوار کی رات تک ختم ہوجائے گا۔

  • کراچی میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش، موسم خوشگوار

    کراچی میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش، موسم خوشگوار

    کراچی : شہر قائد پر کالی گھٹاؤں کا راج ہے، کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش نے موسم خوشگوار کردیا ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ بارش کا سلسلہ ہفتے تک جاری رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مون سون بارشوں کا آغاز ہوگیا اور  مختلف علاقوں میں بارش نے موسم خوشگوار کردیا اور شہریوں کی بڑی تعداد موسم کا لطف اٹھانے کے لیے ساحل سمندر اور دیگر تفریحی مقامات پر پہنچ گئی۔

    ناظم آباد ،سپرہائی وے، سہراب گوٹھ، گلستان جوہر،سچل گوٹھ میں تیز بارش ہوئی جبکہ صفورا، ملیر، قائد آباد، لانڈھی، کورنگی سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔

    اس کے علاوہ شارع فیصل پر بھی بوندا باندی ہوئی، مختلف علاقوں میں بھی بارش پھسلن کی وجہ سے موٹر سائیکل سلپ ہونے کے مختلف واقعات میں تین افراد افراد زخمی ہوگئے۔

    محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چل سکتی ہیں جبکہ آج شام اور کل گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ ہفتے تک جاری رہے گا۔

    دوسری جانب ترجمان کےالیکٹرک کا کہنا ہے کہ کراچی کےشہری بارش میں احتیاط کریں، شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں اور شہری برقی آلات کا استعمال گیلے ہاتھوں کے ساتھ نہ کریں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • بنگلہ دیش: روہنگیا مسلمانوں کو شدید بارشوں سے خطرہ

    بنگلہ دیش: روہنگیا مسلمانوں کو شدید بارشوں سے خطرہ

    ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے کیمپوں میں مقیم لاکھوں روہنگیا پناہ گزینوں کو شدید بارشوں سے بڑے پیمانے پر نقصان کا خطرہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی ایشیا میں مون سون کا سیزن جلد متوقع ہے جس کے باعث شدید بارشوں اور سمندری طوفان کی بھی صورت حال پیدا ہوسکتی جس کی وجہ سے لاکھوں روہنگیا پناہ گزینوں کو شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، کمزور کیمپس بازشوں کی شدت سے اکھڑ سکتے ہیں۔

    اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں جلد متوقع مون سون کی بارشوں اور سمندری طوفانوں کے سبب بنگلہ دیش میں قائم روہنگیا مہاجرین کے کیمپوں کو شدید خطرات درپیش ہو سکتے ہیں۔


    سلامتی کونسل کا میانمار کو جلد روہنگیا مسلمانوں کے مسائل حل کرنے کی ہدایت


    اقوام متحدہ کی امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ مون سون کے حوالے سے ہمیں کافی زیادہ تحفظات ہیں، ہم روہنگیاں مہاجرین کو زیادہ خطرناک علاقوں سے نسبتاﹰ محفوظ علاقوں میں منتقل کرنے میں لگے ہوئے ہیں، کوشش کر رہے ہیں کہ جس قدر جلد ہو یہ کام مکمل کر لیا جائے۔

    واضح رہے کہ بنگلہ دیش حکام کی جانب سے روہنگیا پناہ گزینوں کو بارشوں سے لاحق خطرات کے پیش نظر سینکڑوں ایکڑ زمین بھی دی گئی ہے کہ وہ اس محفوظ مقام پر منتقل ہوجائیں تاہم 7 لاکھ سے زائد مہاجرین کی تعداد ہونے کے باعث یہ جگہ بھی چھوٹی پڑ گئی ہے۔


    اسلامی تعاون کی تنظیم نے روہنگیا بحران کو مسلمانوں کی نسل کشی قرار دے دیا


    خیال رہے کہ گذشتہ سال اگست میں برما کی ریاست رکھائن میں ملٹری آپریشن کے نام پر برمی فوج کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی گئی تھی جس کے باعث مجبوراً لاکھوں روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش ہجرت کر گئے تھے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے وفد نے بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا اور کیمپوں میں مقیم روہنگیا پناہ گزینوں سے ملاقات بھی کی تھی، اس دوران عالمی رہنماؤں نے مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی تھی، تاہم اب تک عملی اقدامات نہیں کیے گئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بھارت میں مون سون بارشوں سے خوفناک سیلاب، 76 افراد ہلاک

    بھارت میں مون سون بارشوں سے خوفناک سیلاب، 76 افراد ہلاک

    نئی دہلی: بھارت میں مون سون بارشوں نے قیامت برپا کردی۔ مون سون بارشوں کے باعث آنے والے خوفناک سیلاب نے 76 افراد کی جانیں نگل لیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر اروناچل پردیش، آسام، اڑیسہ اور بہار کی ریاستیں ہوئی ہیں۔ صرف ریاست آسام میں 60 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد بڑے پیمانے پر امدادی کام شروع کردیا گیا ہے۔

    آسام کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ریاست کے 21 اضلاع میں 118 ریلیف کیمپس قائم کردیے گئے ہیں۔

    سیلاب سے متاثرہ تمام ریاستوں میں بجلی معطل ہوگئی ہے جبکہ ریلوے سمیت دیگر آمد و رفت کے ذرائع بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

    ادھر بھارتی ریاست گجرات کے ایک حکومتی عہدیدار پنکج کمار کے مطابق ریاست میں سیلاب سے 11 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 4 افراد لاپتہ بھی ہیں۔

    دوسری جانب ارونا چل پردیش میں سیلاب کے ساتھ لینڈ سلائیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    مرکزی حکومت نے امدادی کاموں کے لیے فوج کو طلب کرلیا ہے۔


  • بارشوں سے ملک بھر میں تباہی، 6 افراد جاں بحق

    بارشوں سے ملک بھر میں تباہی، 6 افراد جاں بحق

    اسلام آباد: ملک بھر میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پنجاب، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے نتیجے میں حادثات پیش آنے سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں مون سون بارشوں کا دوسرا مرحلہ جاری ہے۔ تیز بارشوں نے ملک بھر میں تباہی مچادی اور کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔

    صوبہ پنجاب کے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی کچی آبادی میں دیوار گرنے سے میاں بیوی اور بچی جاں بحق ہوگئے۔

    حافظ آباد میں کولو تارڑ کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر چارسدہ میں طوفانی بارشوں سے کئی مکانات کو نقصان پہنچا۔ مکانوں کی دیواریں اور چھتیں گر گئیں جبکہ مکانوں میں رکھا ہوا سامان تباہ ہوگیا۔

    گلگت میں بھی موسلا دھار بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے اسکردو روڈ کو 2 مقامات پر ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔