Tag: moon soon season

  • کراچی میں بادل آگئے : تین دن تک بارشوں کی پیش گوئی

    کراچی میں بادل آگئے : تین دن تک بارشوں کی پیش گوئی

    کراچی : شہر قائد میں مون سون کا ایک اور اسپیل آگیا، کراچی میں مون سون بارشیں برسانے والا سسٹم داخل ہو گیا ہے جس کے بعد شہر میں بارشوں کا قوی امکان ہے

    اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں مون سون کا نیا سسٹم آنے کے بعد آئندہ 3 روز کے دوران ہلکی اور تیز بارشوں کا امکان ہے۔

    کراچی میں صبح کے وقت مطلع ابرآلود اور درجہ حرارت 28ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ریکارڈ کیا گیا اور آج دن میں کسی بھی وقت بونداباندی ہوسکتی ہے۔

    اس کے علاوہ آج ملک کےمختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اسلام آباد میں مطلع ابرآلود رہے گا، مختلف مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔

    پنجاب کے شہروں، لاہور سیالکوٹ، نارو وال، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں بارش کا امکان ہے، سندھ کے شہروں جیکب آباد، سکھر، حیدرآباد، مٹھی اورسانگھڑ میں بھی چند مقامات پربارش کی توقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے کوئٹہ،خضدار اور زیارت میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پشاور، مانسہرہ، مردان، چارسدہ میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

    اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں تیز ہواؤٔں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔

  • بارشں کے موسم میں بیماریوں سے کیسے محفوظ رہنا ہے ؟ جانیے

    بارشں کے موسم میں بیماریوں سے کیسے محفوظ رہنا ہے ؟ جانیے

    ماہ جولائی کے وسط سے گرمی کی شدت میں کمی اور مون سون موسم کا آغاز ہو جاتا ہے، اس مہینے میں جہاں گرمی کی تپش عروج پر ہوتی ہے وہیں برسات کا موسم لوگوں کے لئے اس گرمی سے نجات کا سبب بنتا ہے اور ساتھ ہی بے شمار وبائی امراض بھی پھیل جاتے ہیں۔

    جب بھی بارشوں کا موسم آتا ہے تو مختلف بیماریاں سر اٹھا لیتی ہیں، مون سون اپنے ساتھ بہت سی ایسی وبائی بیماریاں لاتا ہے جنہیں بہت سے لوگ جانتے تو ہیں لیکن ان سے بچاؤ کے لیے مختلف تدابیر کے بارے میں انہیں علم نہیں ہوتا۔

    طبی ماہرین کے مطابق مون سون موسم کے دوران پیدا ہونے والی بیماریوں میں "سیزنل انفلوائنزا” یعنی کہ موسمی زکام، ملیریا، ٹائیفائیڈ، ڈینگی بخار، ہیضہ اور ہیپاٹائٹس اے (پیلا یرقان) سرفہرست ہیں، ان سب میں سے زیادہ وبائی زکام، ہیضہ اور جِلدی بیماریاں بچوں اور بڑوں کو اپنی لپیٹ میں لیتی ہیں۔

    طبی ماہرین کے مطابق مون سون کے موسم میں پھیلنے والی عام شکایت زکام، "انفلوائنزا وائرس” ہوا کے ذریعے انسانی جسم میں داخل ہوتا ہے اور ناک، گلے اور پھیپڑوں کو متاثر کرتا ہے۔

    یہ وائرس کھلی فضا میں موجود ہوتا ہے اس لیے یہ جلدی سے ایک فرد سے دوسرے میں با آسانی منتقل ہو کر بڑی تعداد میں عوام کو اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے، اس شکایت کی نشانیوں میں بہتی ہوئی ناک، جسم اور گلے میں شدید درد اور بخار شامل ہے۔

    طبی ماہرین کے مطابق مندرجہ بالا سب ہی وبائی امراض سے بچاؤ کے لیے بہتر اور مثبت غذا کا استعمال کرنا لازمی ہے۔

    غذ ائی ماہرین کے مطابق وبائی امراض اور اینٹی بائیوٹک دوا لینے سے بچنے کے لیے ہر گھر میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات سے بھرپور لہسن، ادرک، پودینہ، میتھی دانہ، موسمی پھلوں، زیرہ، پپیتا، الائچی، اجوائن، کلونجی، سونف اور لیموں کا استعمال روز مرہ کی روٹین میں بڑھا دینا چاہیے۔

    مندرجہ بالا سب ہی غذاؤں کے استعمال کے نتیجے میں قوت مدافعت مضبوط اور موسمی وائرسز سے نجات حاصل ہوتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مون سون کے دوران بیماریاں پھیلنے کا سب سے زیادہ خطرہ گندے علاقوں اور صفائی کا خیال نہ رکھنے والے افراد میں پایا جاتا ہے۔

    طبی ماہرین کے مطابق مون سون کے دوران اپنے گھروں اور گھروں کے آس پاس کے علاقے کی صفائی کا خاص خیال رکھنا چاہیے، کھانا کھانے سے قبل ہاتھ لازمی دھونے چاہئیں۔

    مون سون کے آتے ہی جگہ جگہ پانی کے کھڑے ہونے کے سبب مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہوتا ہے جس کے نتیجے میں ڈینگی، ٹائیفائیڈ اور ملیریا عام ہو جاتا ہے۔

    ڈینگی، ملیریا اور ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے لیے گھر میں یا گھر سے باہر پانی جمع نہ ہونے دیں اور رات سونے سے قبل مچھر مار اسپرے یا مچھروں سے بچاؤ کے لیے استعمال کی جانے والے لوشنز کا استعمال لازمی کریں۔

  • آج کراچی میں مطلع ابرآلود اور دن میں ہلکی بارش کا امکان

    آج کراچی میں مطلع ابرآلود اور دن میں ہلکی بارش کا امکان

    کراچی : محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس بار مون سون میں ماضی کے مقابلے زیادہ بارشوں کا امکان ہے، آج کراچی میں مطلع ابرآلود رہے گا اور دن میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    کراچی والے تیار ہوجائیں تیار!! اس سال بھی شہر میں مون سون بارشیں معمول سے زیادہ اور زبردست ہونے جارہی ہیں. عموماً مون سون کا آغاز کراچی میں جولائی کے دوسرے یا تیسرے ہفتے ہوتا ہے مگر اس بار مون سون سیزن کا آغاز کراچی میں جولائی کے پہلے ہفتے سے ہوگا۔

    موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج بروز ہفتہ شہر قائد میں مطلع ابرآلود رہے گا اور دن میں ہلکی بارش کا امکان ہے، کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق دن میں درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے جبکہ دن کے اوقات میں ہوا 35 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی۔

    کراچی میں پری مون سون بارشوں کا سیزن چل رہا ہے، جولائی کے پہلے ہفتے سے مون سون کا آغاز ہوگا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون میں ماضی کے مقابلے زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔

  • کراچی سمیت سندھ میں آج سے تیز بارشوں کا امکان

    کراچی سمیت سندھ میں آج سے تیز بارشوں کا امکان

    کراچی : شہر قائد میں آج سے جمعرات تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جس کے باعث کراچی سمیت سندھ بھر میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مون سون بارش کے چھٹے اسپیل کا دورانیہ بڑھ گیا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے جمعرات تک تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

    موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں کہ کراچی میں25 اگست کو گرج چمک کےساتھ طوفانی بارش ہوسکتی ہے، کراچی سمیت سندھ میں150ملی میٹر بارش ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے، شہرسمیت سندھ بھر میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، صبح کے وقت شہر کراچی کا درجہ حرارت 30ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب52 فیصد تھا۔

    ذرائع کے مطابق کراچی میں گزشتہ دنوں ہونے والی بارش سے سرجانی ٹاؤن سب سے زیادہ متاثر ہوا، سرجانی کےعلاقے یوسف گوٹھ میں 48گھنٹے بعد بھی نکاسی نہ ہوسکی، علاقہ مکینوں پر آج سے جمعرات تک مزید بارش کی پیشگوئی بجلی بن کر گری۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی حفاظتی انتظامات نہیں کیے گئے، گھروں میں پانی داخل ہونے سے پہلےہی کافی نقصان ہو چکاہے، ضلعی انتظامیہ ممکنہ بارش سے قبل حفاظتی انتظامات کرے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی میں بارش کا چھٹا اسپیل طویل ہو گیا ہے، سندھ اور راجستھان میں بارشوں کے نظام اور بحیرہ عرب میں نمی کی وجہ سے طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔

    موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق کراچی میں 25 اگست کو گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش ہو سکتی ہے، اور شہر سمیت سندھ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، ڈائریکٹر موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں 150 ملی میٹر سے زائد بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق مشرقی سندھ میں ایک ہوا کا کم دباؤ پہلے سے موجود ہے جو گزشتہ دنوں کراچی سمیت اندرون سندھ کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سبب بنا جب کہ ہوا کا دوسرا کم دباؤ جو بھارت راجستھان پر موجود تھا وہ بھی سندھ میں داخل ہوچکا ہے۔

    ہوا کے دونوں کم دباؤ کے میلاپ سے مون سون کا سسٹم طاقتور ہوگا جس کی وجہ سے آج سے 28 اگست تک ابتدا میں تیز جب کہ بعد ازاں معتدل بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

  • کراچی سمیت سندھ بھر میں آج سے موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی

    کراچی سمیت سندھ بھر میں آج سے موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی

    کراچی : محکمہ موسمیات نے شہر قائد سمیت سندھ بھر میں مون سون کے پانچویں اسپیل کی پیش گوئی کی ہے، جمعہ سے پیر کے دوران مون سون ہوائیں سندھ میں داخل ہونے کی توقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج سے مون سون کا پانچوں اسپیل شروع ہونے کا امکان ہے موسم کا حال بتانے والوں نے آج سے پیر کے روز تک سندھ میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ آج بروز جمعہ سے دو دن کے دوران مون سون کی تیز ہوائیں سندھ میں داخل ہوں سکتی ہیں جس کے نتیجے میں صوبے کے مختلف شہروں میں تیز اور موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔

    اس حوالے سے ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات نے مون سون کے پانچویں اسپیل کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کراچی میں آج درمیانی اور کل تیزبارش متوقع ہے، جس کے سبب کراچی میں100ملی میٹر سے زائد بارش ہوسکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے پیر تک حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، شہید بینظیر آباد میں بارش کا قوی امکان ہے، اس کے علاوہ دادو، تھر پارکر، میرپورخاص، سانگھڑ، سکھر، لاڑکانہ میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

    صوبہ سندھ کے علاوہ بلوچستان میں لسبیلہ، خضدار، بارکھان میں بھی بارش کا امکان ہے، یہاں بھی جمعے سے پیر تک ژوب، موسیٰ خیل میں گرج چمک کے بارش ہوسکتی ہے، لورالائی، کوہلو اور سبی میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

    محکمہ موسمیات نے آج اور کل پنجاب میں بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان میں بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے آگاہ کیا ہے کہ ملتان، بہاولپور، بہاولنگر اور راجن پور میں بارش کا امکان ہے۔

    دوسری جانب بلوچستان کے علاقوں بولان اور گردونواح میں موسلادھار بارشوں کے بعد ندی اور نالوں میں شدید طغیانی آگئی، تیز بارش کے باعث قومی شاہراہ سے کوئٹہ جانے والے راستے بند ہوگئے،

    واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے رواں برس کراچی سمیت سندھ میں اوسطاً 20 فیصد زائد بارشوں کی پیش گوئی کررکھی ہے جب کہ گزشتہ برس بھی خلاف توقع زائد بارشیں ہوئی تھیں۔

  • بھارت میں طوفانی بارشیں، مکان نالے میں بہہ گیا، کئی ریاستوں میں سیلاب

    بھارت میں طوفانی بارشیں، مکان نالے میں بہہ گیا، کئی ریاستوں میں سیلاب

    نئی دہلی : بھارت میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، برساتی نالے میں مکان بہہ گیا، دہلی میں سڑکوں پر کھڑی گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق دہلی میں آج صبح سے ہی بارش کا سلسلہ زور شور سے جاری ہے جس کی وجہ سے این سی آر کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے اور کچھ علاقے تو سیلاب میں تبدیل ہوگئے ہیں۔

    دہلی کی سب سے مصروف شاہراہ آئی ٹی وی کے نزدیک واقع انا نگر میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے ایک گھر منہدم ہو کر پانی میں بہہ گیا جبکہ متعدد جھگیاں زیر آب ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی میں بارش کی وجہ سے متعدد مقامات پر پانی جمع ہوگیا ہے، کچھ علاقے تو سیلابی منظر پیش کر رہے ہیں۔

    اس دوران آئی ٹی او کے انا نگر علاقہ میں بارش کے پانی کا نالے میں بہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے ایک مکان منہدم ہوگیا، خوش قسمتی سےحادثہ کے وقت گھر میں کوئی بھی موجود نہیں تھا۔

    دہلی میں ہونے والی موسلادھار طوفانی بارش سے کئی مقامات پر پانی بھر گیا ہے، کچھ جگہوں پر پانی جمع ہونے سے ڈی ٹی سی بسیں بھی ڈوب گئی ہیں۔ وہیں آئی ٹی وی پر پانی میں ٹرک ڈوب جانے سے ایک شخص کی ہلاکت بھی ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے دہلی میں آئند ہ تین دنوں تک تیز بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔

    یاد رہے کہ بھارتی ریاستوں بہار اور آسام میں مون سون کی بارشوں کی وجہ سے سیلاب آگیا ہے، ضلع انتظامیہ کی مدد سے لوگوں کو سیلاب زدہ علاقوں سے باہر نکالا جارہا ہے۔

  • پاکستان میں جنگلات محفوظ نہیں، ہمیں قدر کرنا ہوگی، وزیراعظم عمران خان

    پاکستان میں جنگلات محفوظ نہیں، ہمیں قدر کرنا ہوگی، وزیراعظم عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں جنگلات محفوظ نہیں، ہمیں ان کی قدر کرنا ہوگی، نوجوان نسل نہ صرف پودے لگائے بلکہ درختوں کی حفاظت بھی کرے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے مون سون شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیراعظم نے کہا کہ طلبہ کو مہم میں حصہ لینے پر ان کے  جنون کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، نوجوان اور طلبا پاکستان کا مستقبل ہیں، طلبہ کو ماسک پہنے دیکھ کرخوشی ہوئی کہ ایس اوپیز  پرعمل کیا جارہا ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کی وجہ سے دنیا میں تباہی ہوئی، اللہ نے کورونا سے متعلق ہم پرخاص کرم کیا ہے، دنیا میں
    جو تباہی ہوئی اس کے مقابلے میں پاکستان میں کورونا سے کم نقصان ہوا ہے، ہمیں عید پر بھی ایس اوپیزاور قواعد و ضوابط پر
    سختی سے عمل کرنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوروناسےمتعلق اموات کا گراف نیچے جارہا ہے جبکہ بھارت میں کورونا کی وجہ سے ایک
    روزمیں700اموات ہوئیں، کورونا کے باعث جو تباہی دنی امیں آئی پاکستان اس سے بچا ہوا ہے۔

    ،وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارےملک میں جنگلات کی قدر نہیں کی گئی، جنگلات کی قدر کی جاتی تو آج پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے زیادہ متاثر نہ ہوتا، پاکستان میں وقت کے ساتھ جنگلات کے رقبے میں تیزی کے بجائے کمی آئی،1947سے لے کر اب تک ملک میں صرف30نیشنل پارک بنے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جنگلات محفوظ نہیں، ہمیں ان کی قدر کرنا ہوگی، موجودہ حکومت نے ملک بھر میں9نیشنل پارک بنائے ہیں،2سال میں ملک بھر میں30کروڑ پودے لگائے ہیں، ہمارا ہدف ملک بھر میں10ارب پودے لگانے کا ہے۔

    وزیر اعظم نےکہا کہ نوجوان نسل نہ صرف پودے لگائے بلکہ درختوں کی حفاظت بھی کرے، جنگلات کی حفاظت کیلئے نگہبان تعینات کررہے ہیں، ہم نے ملک بھرمیں10ارب پودے لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں قدرتی ماحول سے متعلق زیادہ شعور ہے، اسکولوں میں بچوں کو سرسبز اور صاف ماحول سے متعلق معلومات دینگے، صوبائی چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی ہے کہ شہروں سے متعلق ماسٹر پلان دیں۔

    شہر پھیلتے جارہے ہیں جس کی وجہ سے سرسبز رقبے کم ہوتے جارہے ہیں،شہروں کے بےہنگم پھیلاؤ کو روکنا ہوگا، زرعی رقبے پر زیادہ توجہ دینی ہوگی۔

  • بنگلہ دیش : بدترین سیلاب نے تباہی مچادی، کئی گاؤں ڈوب گئے، 70 لاکھ افراد متاثر

    بنگلہ دیش : بدترین سیلاب نے تباہی مچادی، کئی گاؤں ڈوب گئے، 70 لاکھ افراد متاثر

    ڈھاکہ : بنگلہ دیش میں سیلاب نے سب کچھ تباہ کردیا ، کئی گاؤں ڈوب گئے، 70 لاکھ افراد مشکلات سے دوچار ہیں دس اضلاع میں سیلابی پانی نے ہر جگہ کو نگل لیا۔

    تفصیلات کے مطابق مون سون کا موسم بنگلہ دیش میں اپنے ساتھ تباہی اور بربادی بھی لے آیا، موسلادھار بارش کی وجہ سے بنگلہ دیش میں ہر جگہ سیلاب کا منظر ہے۔

    حالات اس قدر خراب ہیں کہ 7 لاکھ سے زائد لوگوں کو اپنا گھر چھوڑنے کے لیے مجبور ہونا پڑا اور تقریباً 70 لاکھ افراد مشکل میں پھنسے ہوئے ہیں۔

    سینکڑوں گاؤں غرقاب ہو گئے ہیں اور ساتھ ہی بنگلہ دیش کے شمالی اور شمال مشرقی علاقوں کے کئی اضلاع میں حالات انتہائی سنگین نظر آ رہ ہیں۔ وہاں لوگوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا ہے۔ ان کی زندگیاں بھی خطرے میں پڑ گئی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق جمال پور، کری گرام اور گیبندھ میں منگل کی صبح تک 5 لاکھ سے زائد لوگ ہجرت کر چکے تھے۔ اس ہجرت کی وجہ سے گھریلو مویشیوں کی حفاظت بھی ایک بہت بڑا مسئلہ بن کر ابھرا۔ بتایا جاتا ہے کہ برہمپتر ندی بہادر پوائنٹ پر خطرے کے نشان سے 99 سنٹی میٹر اوپر بہہ رہی ہے۔

    جنوبی ایشیاء میں مون سون کے سیلاب سے تقریبا چار لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں، حکام نے بتایا ہے کہ ایک دہائی کی ریکارڈ طوفانی بارشوں سے بنگلہ دیش کا ایک تہائی حصہ زیر آب آگیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق مون سون، جو عام طور پر جون سے ستمبر تک جاری رہتی ہے، برصغیر پاک و ہند کی معیشت کے لیے بہت اہم ہے تاہم اس سے ہر سال اس خطے میں بڑے پیمانے پر ہلاکتیں اور تباہی بھی ہوتی ہے۔

    بنگلہ دیش کے سیلاب کی پیش گوئی اور انتباہی مرکز کے سربراہ عارف الزمان بھویان نے میڈیا کو بتایا کہ یہ ایک دہائی کا بدترین سیلاب ہے۔ شدید بارشوں کی وجہ سے دو اہم ہمالیائی دریا متاثر ہوئے ہیں برہم پتر اور گنگا، جو بھارت اور بنگلہ دیش سے گزرتے ہیں۔

    رائع کے مطابق بنگلہ دیش میں بدترین سیلاب سے اب تک دس اضلاع متاثر ہوئے ہیں آئندہ 24 سے 72 گھنٹوں میں کم از کم تین مزید اضلاع متاثر ہو سکتے ہیں۔

  • کراچی سمیت سندھ میں کل سے دو دن کیلئے بارش کی پیش گوئی

    کراچی سمیت سندھ میں کل سے دو دن کیلئے بارش کی پیش گوئی

    اسلام آباد / کراچی : دارالخلافہ اسلام آباد سمیت ملک کے کئی شہروں بارش سے موسم سہانا ہوگیا، محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ میں اٹھائیس اور انتیس اگست کو بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیا ت نے کراچی میں پھر بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا بھارت اور بنگال کی جانب سے مون سون کا نیا سسٹم کراچی میں داخل ہونے والا ہے۔

    سسٹم 28 اگست کو کراچی پہنچے گا۔ ملک کے مختلف شہروں میں کہیں بارش تو کہیں بادل برسنے کا انتظار کیا جارہا ہے۔

    اسلام آباد میں بادل کھل کر برسے ابر رحمت سے درخت اور پودے بھی نکھر گئے۔ جس کے بعد موسم دلفریب ہوگیا، راولپنڈی میں کالی گھٹائیں جم کر برسیں جس سے جل تھل ایک ہو گیا۔

    تیز بارشوں کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، نشیبی علاقوں میں پانی بھرگیا۔ لاہور پر بادلوں کا بسيرا ہے اور سب بارش کے منتظر ہيں۔

    محکمہ موسمیات نے جلد بادلوں کے برسنے کی پیش گوئی کی ہے۔ اس کے علاوہ کراچی میں بھی موسم ابر آلود ہے محکمہ موسمیات کے مطابق بھارت اور بنگال کی جانب سے مون سون کا نیا سسٹم کراچی میں داخل ہونے والا ہے، یہ سسٹم اٹھائیس اور انتیس اگست کو بارش برسائے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق سسٹم28 کی شام سے 29 اگست تک بارش برسائے گا، شہر میں 30 سے40 ملی میٹر ۔

    تک بارش کا امکان ہے، 28 اگست تک موسم ابر آلود رہے گا اور دن اور رات میں ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے۔
    یاد رہے کہ اس سے قبل ہونے والی بارش نے کراچی کا نظام درہم برہم کردیا تھا جبکہ بارش کے دوران کے الیکٹرک کی نااہلی اورغفلت تینتیس افراد کو موت کی نیند سلا چکی ہے۔

  • موسمِ برسات کے روایتی اور لذیذ پکوان

    موسمِ برسات کے روایتی اور لذیذ پکوان

    پاکستان میں مون سون بارشوں کا آغاز ہوچکا ہے اور بارشوں میں کھانے پینے کا بھی الگ ہی مزہ ہے اور لوگ طرح طرح کے اہتمام کرتے ہیں، جب مٹی کی سوندھی مہک اٹھتی ہے تو اس زمین سے اپنائیت کا احساس اور بڑھ جاتا ہے۔​

    برسات کے موسم کے اپنے رسم و رواج اور اپنے روایتی اور لذیذ پکوان ہوتے ہیں، ان میں بیسن کی روٹی اور سرسوں کا ساگ ، انکی تراکیب ہم آپ کے ساتھ شیئر کررہے ہیں۔


    سرسوں کا ساگ


     

    اجزاء

    سرسوں کا ساگ ایک گڈی

    پالک ایک گڈی

    میتھی کا ساگ ایک گڈی

    پانی آدھا کپ​

    گڑ ایک چائے کا چمچ​

    موٹی ہری مرچ پانچ سے سات عدد​

    نمک حسب ذائقہ​

    ادرک ایک انچ کا ٹکڑا​

    مکئی کا آٹا دو کھانے کے چمچ، ایک چوتھائی پانی میں حل کرلیں​

    مکھن حسب ضرورت

    گارنش کے لئے دو بڑے پیاز باریک کٹے ہوئے اور ایک چائے کا چمچ لہسن کو ایک چوتھائی کپ تیل میں فرائی کرلیں۔

    sarso

    ترکیب​

    ایک بڑی دیگچی میں آدھا کپ پانی ڈال کر سرسوں کے پتے پندرہ سے بیس منٹ تک پکائیں، اب اس میں تمام دیگر اجزاء شامل کر کے پندرہ سے بیس منٹ مزید پکائیں پھر بلینڈر میں ڈال کر تھوڑا بلینڈ کریں، اب اس میں مکئی اور پانی کا محلول ڈال کر چند منٹ مزید پکائیں، اوپر سے گارنش کر کے پیش کریں۔


    ​بیسن کی روٹی


     

    اجزاء​

    بیسن دو کپ​

    آٹا ایک کپ​

    نمک آدھا چائے کا چمچ​

    کُٹی لال مرچ آدھا چائے کا چمچ​

    زیرہ آدھا چائے کا چمچ​

    کُٹا ہوا دھنیا آدھا چائے کا چمچ​

    کٹی ہری مرچ دو عدد​

    کٹی ہری پیاز ایک عدد​

    کٹا ہرا دھنیا ایک کھانے کا چمچ​

    زیتون کا تیل چار کھانے کے چمچ​

    roti

    ترکیب​

    ایک پیالے میں بیسن، آٹا، نمک، کُٹی لال مرچ، زیرہ، کُٹا ہوا دھنیا، کٹی ہری مرچ، کٹی ہری پیاز، کٹا ہرا دھنیا اور زیتون کو تیل ڈال کر مکس کریں، اب اسے نیم گرم پانی کے ساتھ درمیانہ نرم گوندھ لیں اور پھراسے تیس منٹ کے لیے ڈھک کر رکھ دیں۔​

    آخر میں اس کی روٹیاں بیل کر توے پر دونوں جانب سے سینک لیں۔


    آلو کے پراٹھے


     

    اجزا:

    آلو ایک کلو

    ہری مرچ باریک کٹی ہوئی 2 سے 3 عدد

    پسی ہوئی لال مرچ ایک چمچہ

    نمک حسب ذائقہ

    بھنا ہوا زیرہ 2 چمچے

    ہرا دھنیا باریک کٹا ہوا 6 سے 7 ڈنڈیاں

    لیموں کا رس 2 چائے چمچ

    آٹا حسب ضرورت روٹیاں بنانے کے لئے

    تیل پراٹھوں کے لئے

    allu

    ترکیب:

    سب سے پہلے ایک پتیلی میں آلو ابالیں، پھر آلوؤں کے چھلکے اتاریں اور اس میں ہری مرچ، لال مرچ، نمک، زیرہ ، ہرا دھنیا اور لیموں کا رس ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔

    ایک تسلے میں آٹا گوندھ کر پیڑے بنا کر الگ رکھ دیں اب آٹے کا پیٹرا رکھیں اس پر آلو کا مصالحہ پچھائیں اور دوسرا پیٹرا رکھ کر روٹی کی طرح بیل دیں۔ توے پر تیل ڈال کر سینک لیں۔

    پلیٹ میں نکالیں اور مکھن کے ساتھ مزے سے پراٹھوں کا لطف اٹھائیں۔


    پالک اور پیاز کے پکوڑے


     

    اجزاء

    پالک کے پکوڑے

    پالک آدھی گڈی

    بیسن ایک کپ

    پیاز 2 درمیانہ سائز، کٹی ہوئی

    ہری مرچ 2 باریک کٹی ہوئی

    ہرا دھنیا آدھا کپ

    سفید زیرہ آدھا چائے چمچ

    ہلدی چوتھائی چائے چمچ

    لال مرچ کٹی ہوئی آدھا چائے چمچ

    بیکنگ پاؤڈر آدھا چائے چمچ

    تیل تلنے کیلئے

    نمک حسبِ ذائقہ

    pakoray

    ترکیب

    بیسن چھان لیں اور پالک باریک کاٹ لیں دھو کر اور بیسن میں شامل کر دیں تیل کہ علاوہ سب کچھ ڈال دیں اور مکس کر کے 15 منٹ رکھ دیں پھر تیل گرم کریں اور ڈیپ فرائی کرلیں۔