Tag: Moonis Elahi

  • مونس الہٰی کو واپس لانے کے لیے نگراں وفاقی حکومت کا انٹرپول سے رابطہ

    مونس الہٰی کو واپس لانے کے لیے نگراں وفاقی حکومت کا انٹرپول سے رابطہ

    لاہور: نگراں حکومت کی جانب سے مونس الہٰی کو واپس لانے کے لیے قانونی عمل کا آغاز کر دیا گیا۔

    ذرائع نگراں وفاقی حکومت کے مطابق سابق وفاقی وزیر چودھری مونس الہٰی کو واپس لانے کے لیے نگراں وفاقی حکومت نے انٹرپول سے رابطہ کیا ہے، ایف آئی اے نے انٹرپول حکام سے رابطے کر کے انھیں مونس الہٰی کے خلاف تمام مقدمات کی تفصیل شیئر کر دی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں مطلوب مجرموں کی پاکستان حوالگی کی مثالیں موجود ہیں، انٹرپول سے چودھری مونس الہٰی کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کروانے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

    مونس الٰہی کی جائیدادیں اور بینک اکاؤنٹس منجمد کردیئے گئے

    مونس الہٰی کی پراپرٹیز اور بینک اکاؤنٹس کو منجمد کر دیا گیا ہے، انھوں نے اپنے مختلف بینک اکاؤنٹس سے 48 کروڑ روپے نکلوائے تھے، ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ رقم منی لانڈرنگ میں استعمال ہوئی تھی۔

    نگراں صوبائی حکومت نے طلب کیے جانے پر مونس الٰہی کا تمام ڈیٹا ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ہے۔

  • مونس الہٰی کو گرفتار کر کے عدالت پیش کرنے کا حکم

    مونس الہٰی کو گرفتار کر کے عدالت پیش کرنے کا حکم

    لاہور: عدالت نے مونس الہٰی کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نے مونس الہٰی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر کے 16 نومبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

    خصوصی عدالت سینٹرل کے جج تنویر احمد شیخ نے گزشتہ روز کی سماعت کا تحریری حکم جاری کر دیا، جس کے مطابق مونس الہٰی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد نہیں ہوا۔

    تحریری حکم کے مطابق ایف آئی اے نے رپورٹ جمع کرائی کہ مونس الہٰی اسپین کے دیے گئے پتے پر موجود نہیں ہیں، مونس الہٰی کی گرفتاری کے لیے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں۔

    عدالت نے کہا کہ متعلقہ ایجنسیاں اور حکام مونس الہٰی کی گرفتاری کے لیے ضروری اقدامات کریں، ایف آئی اے مونس الہٰی کی لندن اور اسپین کی رہائش گاہوں پر ناقابل ضمانت وارنٹ کی تعمیل کرائے، اور سولہ نومبر کو پرویز الہٰی کو بھی جیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا جائے۔

  • والد کی گرفتاری پر مونس الہٰی کا ردعمل آگیا

    والد کی گرفتاری پر مونس الہٰی کا ردعمل آگیا

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الہٰی نے اپنے والد کی گرفتاری پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پولیس نے چوہدری پرویزالٰہی کو لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے رہا کرنے کے باوجود دوبارہ گرفتار کیا ہے۔

    مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ پولیس واضح عدالتی احکامات کے بعد میرے والد کو گھر لے کر جارہی تھی کہ گھر کے پاس گلی میں داخل ہوتے ہی میرے والد کو اغوا کیا گیا، یہ عدالتی احکامات کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

    یاد رہے کہ عدالت سے رہائی کے بعد چوہدری پرویز الٰہی کو اسلام آباد پولیس نے ایک بار پھر نقص امن کے تحت ظہور الٰہی روڈ سے گرفتار کیا، ان کی تھری ایم پی او قوانین کے تحت گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے، ان کی اسلام آباد منتقلی خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کی جا رہی ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی کو 3 ایم پی او کے تحت 15 دن کیلئے اڈیالہ جیل میں نظربند کیا جائے گا۔

  • قمر باجوہ کو غدار نہیں کہا جا سکتا، مونس الٰہی

    قمر باجوہ کو غدار نہیں کہا جا سکتا، مونس الٰہی

    لاہور : مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما مونس الٰہی کا کہنا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل باجوہ صاحب کو غدار نہیں کہا جاسکتا، ق لیگ نے ان کے کہنے پر ہی پی ٹی آئی کا ساتھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ق لیگ کے مرکزی رہنما مونس الٰہی نے ایک انٹرویوں میں کہا ہے کہ جو ہٹ گیا وہ برا ہے میں اس سوچ کےخلاف ہوں، بحث کرلیں باجوہ صاحب کیسے غدار ہوگئے،انہوں نے پی ٹی آئی کیلئے کیا کیا نہیں کیا۔

    مونس الٰہی نے سوال کیا جب باجوہ صاحب نے دریا کا رخ پی ٹی آئی کی طرف موڑ دیا تب وہ صحیح تھے؟

    ق لیگی رہنما نے بتایا کہ جب آفر آئی تو سابق آرمی چیف نے ہمیں کہا تھا پی ٹی آئی کی طرف ہو جائیں، اس رائے کے بعد میں نے والد صاحب کو کہا کہ اس طرف ہونا چاہیے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سازش میں باجوہ صاحب کا ہاتھ ہوتا تو وہ ہمیں کیوں پی ٹی آئی کی طرف ہونے کا کہتے۔

    مونس الٰہی نے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی نئی قیادت کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہے۔

    ق لیگ کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ ہماری چوائس ہے بجٹ دیکر جائیں، عمران خان اسمبلی تحلیل کرنا چاہیں تو تیار ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سےوزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی نے زمان پارک میں ملاقات کی تھی، ملاقات میں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی اور ایم این اے حسین الٰہی بھی موجود تھے۔

    ملاقات میںوزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے کہا تھا کہ عمران خان کے کہنے پر پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے میں تاخیر نہیں ہوگی، پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت ہے اور یہ انہیں دے دی،ہم عمران خان کے ہر فیصلے کا ساتھ دیں گے،ہم جس کے ساتھ چلتے ہیں، اس کا پورا ساتھ دیتے ہیں۔

    بعد ازاں ملاقات میں شریک چوہدری مونس الہیٰ نے ٹوئٹ کیا تھ کہ آج ہماری عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں عمران خان کو یقین دہانی کرا دی ہے کہ یہ وزارت اعلٰی عمران خان کی امانت ہے، عمران خان جب چاہیں گے پنجاب اسمبلی تحلیل ہو جائے گی۔

  • منی لانڈرنگ کیس : مونس الہٰی دیگرکی ضمانتوں میں توسیع

    منی لانڈرنگ کیس : مونس الہٰی دیگرکی ضمانتوں میں توسیع

    لاہور: منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں مونس الہٰی سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 14 جولائی تک توسیع کردی گئی۔

    بینکنگ عدالت میں مونس الہٰی، محمد خان بھٹی اور واجد احمد نے حاضری مکمل کرائی، اس موقع پر تفتیشی افسر نے عدالت کے روبرو بیان دیا کہ تمام ملزمان شامل تفتیش ہوچکے ہیں انہوں نے گزشتہ ہفتے تفتیش جوائن کی ہے اور اپنے دفاع میں دستاویزات جمع کرانے کی مہلت مانگی۔

    تفتیشی افسر نے بتایا کہ کمپنی کے شئیر ہولڈرز سے متعلق بھی تفتیش جاری ہے اور شئیر ہولڈرز کے تعین کے بعد مونس الہٰی کو دوبارہ طلب کیا جائے گا ۔47 فیصد ریکارڈ آچکا ہے جس کا ابھی فرانزک ہونا ہے۔

    عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ آپ وقت ضائع کیوں کررہے ہو؟ جس پر آئی او نے کہا کہ مختلف افراد سے ریکارڈ طلب کیا ہے جس کے بعد تفتیش مکمل ہوجائے گی۔

    تفتیشی افسر کا مزید کہنا تھا کہ47فیصد ریکارڈ موصول ہوچکا ہے، عدالت نے تفتیشی افسر کو تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کردی۔

    یاد رہے کہ ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کے الزامات پر مونس الٰہی سمیت دیگر کے خلاف 24 ارب روپےکی منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کررکھا ہے۔

  • علیم خان گروپ کے مزید تین ارکان کی پرویز الہٰی کی حمایت

    علیم خان گروپ کے مزید تین ارکان کی پرویز الہٰی کی حمایت

    لاہور : وفاقی وزیر مونس الہٰی نے علیم خان گروپ کے مزید تین ارکان توڑ لئے، مذکورہ ارکان گزشتہ رات پرویز الہٰی کے پاس آگئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق چوہدری پرویزالہٰی کو وزیراعلی پنجاب منتخب کروانے کیلئے وفاقی وزیر مونس الہٰی کی کوششیں بھرپور انداز سے جاری ہیں۔

    مونس الٰہٰی سے علیم خان گروپ کے مزید دو ارکان اشرف رند اور عون ڈوگر نے ملاقات کی اور اپنی حمایت کا یقین دلا دیا ہے

    ملاقات میں یہ طے پایا گیا کہ علیم خان گروپ کے مذکورہ تینوں ارکان بھی پرویز الہٰی کو ووٹ دیں گے، خرم لغاری اوراویس دریشک گزشتہ رات پرویز الہٰی کے پاس آگئے تھے۔

    مزید پڑھیں : پی ٹی آئی سے ناراض چھینہ گروپ کا پرویزالٰہی کی حمایت کا اعلان

    یاد رہے کہ پنجاب میں حکومت سازی کیلیے حکومتی اتحاد کیلیے بڑا بریک تھرو گزشتہ روز ہوا تھا جب چھینہ گروپ نے وزیراعلیٰ پنجاب کیلیے حکومت کے نامزد امیدوار چوہدری پرویز الہٰی کی حمایت کا اعلان کیا۔

    جمعے کے روز وزارت اعلیٰ کیلیے حکومتی امیدوار چوہدری پرویز الہٰی سے چھینہ گروپ کے 14 اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی اور وزارت اعلیٰ کیلیے چوہدری پرویز الہٰی کی حمایت کا اعلان کیا۔

  • وزیر آبی وسائل مونس الہٰی برطانیہ پہنچ گئے

    وزیر آبی وسائل مونس الہٰی برطانیہ پہنچ گئے

    اسلام آباد: وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الہٰی اچانک برطانیہ پہنچ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایک ایسے وقت میں جب ملک میں حکومتی ارکان کی ایک قابل ذکر تعداد کے سندھ ہاؤس میں موجود ہونے کی خبروں سے ہلچل مچی ہوئی ہے، وہاں حکومتی وزیر مونس الہٰی اچانک برطانیہ چلے گئے ہیں۔

    ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ق لیگ کے رہنما اور ممبر قومی اسمبلی مونس الٰہی پرواز بی اے 260 پر اسلام آباد سے برطانیہ کے لیے روانہ ہوئے۔

    وفاقی وزیر نے اس حوالے سے اپنے بیان میں واضح کیا کہ وہ نجی دورے پر لندن گئے ہیں، اگر اس دوران سیاسی ملاقاتیں ہوئیں تو وہ آگاہ کریں گے۔

    وزیراعظم کے دعوے کی تصدیق، سندھ ہاؤس میں چھپے ارکان اسمبلی سامنے آگئے

    انھوں نے کہا وہ حکومت کے اتحادی ہیں، تاہم تحریک عدم اعتماد کے سلسلے میں فیصلہ پرویز الٰہی کریں گے، مونس الہٰی نے مزید کہا کہ وہ 3 سے 4 دن میں واپس پاکستان آجائیں گے۔

  • "مونس الہٰی کی گرفتاری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا”

    "مونس الہٰی کی گرفتاری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا”

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو نے وفاقی وزیر مونس الہٰی کی گرفتاری کی خبروں کی سختی سے تردید کردی ہے۔

    ترجمان نیب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مونس الٰہی کیخلاف اسوقت نیب میں کوئی انکوائری زیر التوا نہیں ہے اور انہیں گرفتار کرنے سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

    ترجمان نیب نے کہا کہ وفاقی وزیر کی گرفتاری سے متعلق تمام قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔

    نیب نے واضح کیا کہ نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت، گروہ اور فرد سے نہیں بلکہ ریاست پاکستان سے ہے، نیب کے کسی اہلکار کا تحریک عدم اعتماد سے کوئی تعلق تھا اور نہ ہوگا۔

    نیب نے اس بات کی بھی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ادارے کا تحریک عدم اعتماد سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں، ادارہ ہمیشہ آئین اور قانون کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دینے پر سختی سے یقین رکھتا ہے۔

    ادھر مسلم لیگ (ق) کے مرکزی دفتر کے باہر کارکنوں نے چوہدری پرویز الہٰی کے لیے وزیراعلیٰ کے بینرز آویزاں کردئیے، ق لیگ کے سپورٹرز نے اہم شاہراہوں پر بھی پرویز الہٰی کے حق میں پینا فلیکس لگائے ہیں، جن پر آویزاں پینا فلیکس پر ‘وزیراعلیٰ پنجاب ضروری ہے چوہدری پرویز الہٰی’ کے الفاظ درج ہیں۔

  • وزیراعظم عمران خان آج مونس الہی سے ون آن ون ملاقات کریں گے

    وزیراعظم عمران خان آج مونس الہی سے ون آن ون ملاقات کریں گے

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور وفاقی وزیرمونس الہی سے ون آن ون ملاقات کریں گے ، جس میں سیاسی صورتحال کے تناظر میں اتحادیوں کے لائحہ عمل پر گفتگو کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور مسلم لیگ ق کی قیادت کے درمیان آج ایک اور ملاقات ہوگی، وزیراعظم وفاقی وزیرمونس الہی سے ون آن ون ملاقات کریں گے۔

    ملاقات میں سیاسی صورتحال کے تناظر میں اتحادیوں کے لائحہ عمل پر بات چیت کی جائے گی، اس کے علاوہ وزیراعظم دیگر اتحادی جماعتوں کے قائدین سے بھی ملاقات کریں گے۔

    یاد رہے چند روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے چوہدری برادران کی رہائش گاہ کا دورہ کیا تھا، مسلم لیگ ق پنجاب اور مرکز دونوں میں حکومت کے اہم اتحادی ہیں۔

    پنجاب اسمبلی کے اسپیکر اور مسلم لیگ ق کے رہنما پرویز الٰہی نے وزیراعظم کا استقبال کیا، مسلم لیگ (ق) کی قیادت اور حکمران تحریک انصاف کے درمیان ملاقات 40 منٹ تک جاری رہی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیراعظم نے مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی خیریت بھی دریافت کی۔

    یاد رہے وفاقی وزیر فواد چوہدری کو ق لیگ نے مکمل حمایت کا یقین دلایا تھا ، پرویزالہی نے کہا تھا کہ ہم آپ کے اتحادی ہیں۔

    خیال رہے ترجمان ق لیگ نے دعویٰ کیا تھا کہ وزارت اعلیٰ دروازے پر دستک دے رہی ہے ، سیاستدان وقت کے مطابق فیصلہ نہ کرے تو قیمت چکانا پڑتی ہے۔

  • "وزیراعظم پی ٹی آئی والوں کو کہہ دیں، گھبرانا نہیں”

    "وزیراعظم پی ٹی آئی والوں کو کہہ دیں، گھبرانا نہیں”

    اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ (ق) کے درمیان بائیس سال بعد ہونے والی سیاسی رابطے نے ہلچل مچادی ہے، ایسے میں وفاقی وزیر مونس الہیٰ نے حکمران جماعت کو بڑا پیغام دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ہائیڈرو پاور ڈویلپمنٹ کے حوالے سے منعقدہ عالمی سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل نے وزیراعظم کی موجودگی میں کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں ، ہمارے سیاسی تعلقات ہیں، لوگوں سے ملنا ہمارا کام ہے جو ہمارے گھر آئے انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔

    وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الہی نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا آپ سے ایک تعلق ہے اور وہ نبھانے کے لئے ہے، ایک بارپی ٹی آئی والوں کو تگڑے طریقےسےکہہ دیں ‘گھبرانا نہیں’۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مونس الہیٰ نے اعلان کیا کہ بہت جلد کالا باغ ڈیم کا پروپوزل لےکر کابینہ میں جائیں گے۔

    بعد ازاں اپنے ٹوئٹ میں وفاقی وزیر نے لکھا کہ کالاباغ ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہے، موجودہ ڈیموں کی سلٹنگ کی وجہ سے پانی جمع کرنے کی صلاحیت میں شدید کمی ہے، جو کالاباغ ڈیم کم سے کم وقت میں بن کر پورا کرے گا، اس معاملے پر سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔