Tag: more

  • ممبئی میں منہدم عمارت سے مزید لاشیں و 11 زخمی برآمد

    ممبئی میں منہدم عمارت سے مزید لاشیں و 11 زخمی برآمد

    نئی دہلی : بھارتی شہر ممبئی میں دوروز قبل گرنے والی قدیمی چار منزلہ عمارت کے ملبے میں سے چودہ نعشیں نکال لی گئیں، امدادی کارکنوں نے گیارہ افراد کو زخمی حالت میں باہر بھی نکالا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر ممبئی میں دو روز  قبل زمین بوس ہونے  والی قدیمی چار  منزلہ عمارت کے ملبے میں سے چودہ نعشیں نکال لی گئیں، امدادی کارکنوں نے گیارہ افراد کو زخمی حالت میں باہر بھی نکالا ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ منہدم ہونے والی عمارت ممبئی کے انتہائی گنجان آباد علاقے ڈونگری میں واقع ہے، تنگ گلیوں کی وجہ سے ڈونگری میں ملبہ ہٹانے والی بھاری اور بڑی مشینوں کا پہنچنا ناممکن تھا ، اسی باعث ریسکیو ٹیموں کوبھی شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

    بھارتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ عمارت کے گرنے کی وجہ مون سون کی شدید بارشیں خیال کی گئیں۔

    دو دن سے جاری بارشوں کی ہلاکت خیزی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، تازہ واقعے میں شمالی ریاست ہماچل پردیش میں ایک عمارت گرنے کے بعد دو دنوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 52 ہوگئی ہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ نیپال سے بھارت میں داخل ہونے والے بارشوں کے سبب مختلف ریاستوں میں مجموعی طور پر 45 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ 5 ہزار سے زائد شہری بے گھر ہوگئے، سب سے زیادہ نقصان آسام میں ہوا جہاں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11 ہے۔

  • پاناما نے مزید بحری جہازوں سے پرچم ہٹانے کا فیصلہ کرلیا

    پاناما نے مزید بحری جہازوں سے پرچم ہٹانے کا فیصلہ کرلیا

    پاناما سٹی : پاناما میں سمندری نقل و حمل کی اتھارٹی نے بتایا ہے کہ پاناما بین الاقوامی پابندیوں اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے مزید بحری جہازوں سے اپنا پرچم ہٹا لے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاناما کے سابق صدر خوان کارلوس وریلا نے اپنے ملک میں رجسٹرڈ جہازوں میں سے 59 کی رجسٹریشن حذف کرنے کے لیے گرین سگنل دے دیا تھا، گذشتہ چند ماہ کے دوران ایران اور شام سے تعلق رکھنے والے تقریبا 60 جہازوں کو پاناما کی اندراجی فہرست سے حذف کیا جا چکا ہے۔

    یہ پیش رفت 2018 میں واشنگٹن کی جانب سے ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کرنے کے بعد سامنے آئی،مذکورہ ذرائع کے مطابق ان میں سے زیادہ تر جہاز ان کمپنیوں کی ملکیت تھے جن کو ریاست ایران میں چلا رہی ہے۔ تاہم ان میں شام کو تیل پہنچانے سے متعلق بحری جہاز بھی شامل تھے۔

    رواں ماہ جولائی کے اوائل میں ایک بڑا تیل بردار جہاز (گریس 1) جبل طارق کے علاقے میں پہنچا جہاں اسے برطانوی بحریہ نے حراست میں لے لیا۔ اس جہاز پر شام کے خلاف پابندیوں کی خلاف ورزی کا شبہہ ہے۔

    جبل طارق میں حکام نے بتایا کہ یہ تیل بردار جہاز اپنی پوری گنجائش کے ساتھ تیل لے کر مبینہ طور پر شام کی بانیاس ریفائنری کی جانب رواں دواں تھا۔یہ تیل بردار جہاز جبل طارق پہنچا تو اس پر پاناما میں رجسٹرڈ نام موجود تھا۔ تاہم بعد میں پاناما کی حکومت نے بتایا کہ وہ 29 مئی کو اس جہاز کو اپنی اندراجی فہرست سے حذف کر چکی ہے۔

    پاناما میں تجارتی سمندری نقل و حمل کے ڈائریکٹر جنرل رافائیل سیجارویسٹا نے ای میل کے ذریعے رائٹرز کو بھیجے گئے بیان میں بتایا کہ پاناما پرچم ہٹانے کی پالیسی جاری رکھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد بین الاقوامی پابندیوں کے نظام اور سمندری سیکورٹی سے متعلق پاناما کے قواعد و ضوابط کے تحت اپنے بیڑے کے تناسب کو بہتر بنانا ہے۔

  • میلانیا کا مجسمہ اسمرفسٹی قرار، لوگوں کا ناپسندی کا اظہار

    میلانیا کا مجسمہ اسمرفسٹی قرار، لوگوں کا ناپسندی کا اظہار

    واشنگٹن : سلووینا کے شہریوں نے امریکا کی خاتون اوّل میلانیا ٹرمپ کے لڑکی سے بنے مجسمے کو اسمرفسٹی سے تشبیہ دیکر نفر ت کا اظہار کیا ہے جس کی وجہ مجسمے کا آسمانی رنگ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برلن نژاد امریکی فنکار نے خاتون اوّل میلانیا ٹرمپ کا آسمانی رنگ کا مجسمہ ان کے 2017 میں زیب تن کیے گئے لباس کو دیکھ کر تیار کیا ہے، جسے میلانیا کے آبائی ملک سلووینا کے علاقے سیونیکا میں نصب کیاگیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ میلانیا ٹرمپ نے سنہ 2017 میں اپنے شوہر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں آسمانی رنگ کا لباس پہنا تھا جس کی بنیاد پر مجسمہ تیار کیا گیا ہے تاہم یہ مجسمہ ہر کسی کو پسند نہیں آیا اور مقامی افراد نے بھی اس سے ناپسندی کا اظہار کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ مجسمے کی تصاویر آن لائن جاری کردی گئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مجسمہ میلانیا سے کسی طور بھی مشابہت نہیں رکھتا۔

    مقامی افراد نے میلانیا کے مجسمے کو خاتون کارٹون کریکٹر اسمرفس سے مشابہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ اسمرفس ہے، یہ بے عزتی ہے‘۔

    مجسمہ تیار کرنے والے فنکار کا کہنا ہے کہ ’وہ اپنے ملک کی سیاسی صورتحال پر بات کرنا چاہتے ہیں اور میلانیا ٹرمپ کا درجہ و رتبہ نمایاں کرنا چاہتے ہیں کہ ایک مہاجر نے صدر سے شادی اور قسم کھائی کہ مہاجرت کو کم کریں گے‘۔

  • شارک حملوں سے زیادہ اموات سیلفی کے شوق میں ہوئیں، رپورٹ

    شارک حملوں سے زیادہ اموات سیلفی کے شوق میں ہوئیں، رپورٹ

    نئی دہلی : رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ روس میں زیادہ تر ہلاکتیں بلند و بالا عمارتوں اور یا پھر کسی پل سے سیلفی لینے کے شوق میں ہوئیں جبکہ امریکا میں بلند و بالا پہاڑوں پر سلیفی کا شوق موت کا باعث بنا۔

    تفصیلات کے مطابق پوری دنیا میں سیلفی لینے کے شوق میں سب سے زیادہ بھارت کے باشندے اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ اس فہرست میں دوسرا نمبر روس کا ہے، تیسرے نمبر پر امریکہ اور چوتھے پر پاکستان ہے۔

    جرمن نشریاتی ادارے کا کہنا تھاکہ اکتوبر 2011 سے نومبر 2017 تک کے درمیانی عرصے میں کم از کم 259 افراد سیلفی لیتے ہوئے ہلاک ہوئے جب کہ اسی عرصے کے دوران خطرناک ترین قرار دی جانے والی شارک مچھلی کے حملے میں صرف 50 افراد نے اپنی زندگیوں کی بازی ہاری تھی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ لوگوں کی اتنی بڑی تعداد میں ہلاکتوں کے باعث بھارتی حکومت نے متعدد ایسے علاقوں اور مقامات پہ سیلفی لینے پر پابندی عائد کردی ہے جو دیگر کی نسبت زیادہ خطرناک تصور کیے جاتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساحلی شہر ممبئی میں 16 ایسے مقامات ہیں جہاں سیلفی لینے پر پابندی عائد ہے۔

    دستیاب اعداد و شمار کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ روس میں زیادہ تر ہلاکتیں بلند و بالا عمارات اور یا پھر کسی پل سے سیلفی لینے کے شوق میں ہوئیں جب کہ امریکہ میں زیادہ تر ہلاکتیں بلند پہاڑوں پر سے سیلفی لینے کے سبب ہوئیں۔

  • ٹرمپ نے مزید فوج مشرق وسطیٰ بھیجنے کی منظوری دے دی

    ٹرمپ نے مزید فوج مشرق وسطیٰ بھیجنے کی منظوری دے دی

    واشنگٹن : جنگ کی تیاریوں کے تناظر میں ایران کی طرف سے معاملات کو ٹھنڈا کرنے کی کوششیں بھی سامنے آئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد واشنگٹن نے اپنی فوج مشرق اوسط ارسال کی ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرق اوسط میں اضافی فوج کی تعیناتی کی بھی منظوری دی ہے۔

    دوسری جانب جنگ کی تیاریوں کے تناظر میں ایران کی طرف سے معاملات کو ٹھنڈا کرنے کی کوششیں بھی سامنے آئی ہیں۔ ایران نے امریکا کے ساتھ جنگ بندی کے لیے ثالثوں کے ذریعے کوششیں شروع کی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان جنگ کے خطرے کے پیش نظر خطے کے ممالک بھی حرکت میں آئے ہیں۔

    خبر رساں ادارے کے مطابق اس وقت عراق، سلطنت آف اومان، قطر، ایشیائی ممالک میںجاپان نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے لیے لیے ثالثی کی کوششیں شروع کی ہیں مگر دونوںملکوں کے درمیان مذاکرات کی راہ میں امریکا کہ وہ 12 شرائط حائل ہیں جن کا اعلان ٹرمپ انتظامیہ کئی ماہ قبل کر چکی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھاکہ امریکا نے ان شرائط کے ذریعے ایران کو مذاکرات کی طرف لانے کی کوشش کی تھی مگر تہران کے غیر لچک دار رویے کے باعث واشنگٹن کو جوہری سمجھوتے سے علاحدگی اور ایران پر پہلے والی پابندیوں کی بحالی کا فیصلہ کرنا پڑا۔ایرانی قیادت بھی سفارتی کوششیں کر رہی ہے۔

    صدر حسن روحانی اور ان کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف خطے میں؟ جنگ کا خطرہ ٹالنے کے لیے مزید وقت حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی برادری اور امریکا کی طرف سے ایران پر دباﺅ میں کمی لانے کی سفارتی کوشش کے باوجود ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب کی جانب سے خطے میں جارحانہ کارروائیوں کی دھمکیاں جاری ہیں۔

    پاسداران انقلاب خطے میں موجود اپنی حامی ملیشیاﺅں کو متحرک کرنے اور انہیں امریکا اور اس کے اتحادیوں کے مفادات کو نقصان پہنچانے کے لیے منظم کر رہا ہے۔

  • ایران پر مزید امریکی پابندیوں کا خطرہ، یورپی یونین کے تحفظات

    ایران پر مزید امریکی پابندیوں کا خطرہ، یورپی یونین کے تحفظات

    برسلز/تہران : امریکی پانبدیوں کے خدشے پر یورپی ممالک نے تشویش کا اظہار کرتےہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ تیل شعبے سے منسلک تجارتی استثنی میں توسیع نہ دینے پر افسوس ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران میں 70 کی دہائی میں آنے والے اسلامی انقلاب کے بعد سے امریکا اور ایران میں کشیدگی جاری جس میں وقتاً فوقتاً مزید اضافہ ہوتا جارہا ہے، سنہ عالمی طاقتوں کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے سے امریکی انخلاء اور ایران پر دوبارہ پابندیوں نے دونوں ممالک کے درمیان نئی جنگ چھیڑ دی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ یورپی یونین نے امریکا کی جانب سے ایرانی جوہری پروگرام سے منسلک دو خصوصی استثنی میں توسیع نہ دینے پر تحفظات کا اظہار کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کے ممالک فرانس، جرمنی اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے کہا کہ ایران کے ساتھ تیل کے شعبے سے منسلک تجارتی استثنی میں توسیع نہ دیئے جانے پر افسوس اور امریکی فیصلے پر تحفظات ہیں۔

    واضح رہے کہ عالمی عدالت کی جانب سے امریکا کو ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کا حکم سامنے آنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ نے تہران کے ساتھ 1955 کا معاہدہ منسوخ کردیا تھا۔

    ایران پر امریکی پابندیاں، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس کے بعد مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ میں اعلان کر رہا ہوں کہ امریکا 1955 کے اس معاہدے کو ختم کرتا ہے جس کے تحت دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور سفارتی تعلقات قائم ہوئے تھے۔

  • محکمہ موسمیات نے کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں مزید بارش کی نوید سنا دی

    محکمہ موسمیات نے کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں مزید بارش کی نوید سنا دی

    کوئٹہ : محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے کا نیا سسٹم پاکستان میں داخل ہوگیا ہے، 24 گھنٹوں کے دوران مکران، قلات ڈویژن مزید بارشوں کا امکان ہے جبکہ کوئٹہ،زوب، سبی، نصیرآباد، ڈی جی خان اور ڈی آئی خان ڈویژن میں بھی مزید بارشوں کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئتہ میں مطلع ابر آلود رہے گا اور آج مزید بارش کا امکان ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 45 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں : بلوچستان میں سیلاب، سیکڑوں ہندو یاتری پھنس گئے، 2 ہلاک

    یاد رہے کہ  بلوچستان کے علاقے بولان سوکلیجی میں واقع مندر جانے والے ہندو یاتری سیلابی ریلے میں پھنس گئے جبکہ ریلے میں بہنے والی دو افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ وزیرستان میں باراتیوں کی بس سیلابی ریلے میں بہہ گئی جس میں خواتین اور بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق ہوئے۔

    اطلاعات کے مطابق ہندو یاتری اونٹوں پر اپنے مذہبی مقام تک پہنچے جہاں بارشوں کے بعد اچانک سیلاب آگیا، پانی کے تیز بھاؤ میں بہنے والے 2 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جن میں سے ایک یاتری کی ہے۔

  • وزارت خزانہ عالمی مارکیٹ سے3 ارب ڈالر کے مزید قرضے حاصل کرے گی

    وزارت خزانہ عالمی مارکیٹ سے3 ارب ڈالر کے مزید قرضے حاصل کرے گی

    اسلام آباد : ملک پر قرضوں کے بوجھ میں مزید اضافہ ہوگیا ، وزارت خزانہ عالمی مارکیٹ سے تین ارب ڈالر کے مزید قرضے حاصل کرے گی۔

    حکومت کی جانب سے مزید قرضے لینے کا سلسلہ جاری وساری ہے، وزارت خزانہ زرائع کے مطابق نئے قرض کیلئے تین ارب ڈالر کے سکوک اور یورو بانڈز جاری کئے جائیں گے، پاکستان پہلی بار تیس سال مدت کا یورو بانڈز جاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس ٹرانزیکشن کیلئے حکومت نے مالیاتی اداروں اور بینکوں پر مشتمل کنسورشیم کا بھی انتخاب کر لیا ہے ۔

    بانڈز کیلئے برطانیہ ،امریکہ ، دبئی، ، سنگاپور ، اور ہانگ کانگ میں روڈ شو کئے جائیں گے۔

    اس کے علاوہ غیر ملکی قرض فراہم کرنے والے اداروں کے لئے منافع پر ٹیکس ، انکم ٹیکس ، ڈیویڈنڈ ٹیکسس میں مراعات بھی شامل ہیں۔

    موجودہ حکومت نے اب تک مجموعی طور پر پینتیس ارب ڈالر کے بیرونی قرضے لئے ہیں۔


    مزید پڑھیں : حکومت نے 45کروڑ ڈالر کے مزید قرضے لے لئے


    اس سے قبل حکومت نے مزید پینتالیس کروڑ ڈالر کے قرض لئے تھے، یہ قرضے کریڈٹ سوئس بینک سے حاصل کئے گئے ، کنسورشیم میں پاکستانی بینکس بھی شامل تھے۔

    خیال رہے گزشتہ دنوں ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں بھی قرضوں کا حصول سرفہرست تھا اور حکومت نے مالی مشکلات میں اضافہ کے بعد غیرملکی تجارتی مالیاتی اداروں سے40 سے50کروڑڈالر قرض لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

    یال رہے کہ نواز لیگ کے ساڑھے چار سال دورمیں غیر ملکی قرضوں کے بوجھ میں پینتس ارب ڈالر کااضافہ ہواہے۔

    عالمی بینک نے بھی خبردار کیا ہے کہ پاکستان کو مالی خسارہ دور کرنے کیلئے اکتیس ارب ڈالر درکارہونگے جبکہ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تجارتی اورجاری خسارہ پوراکرنے کیلئے 20سے21 ارب ڈالر درکار ہیں۔


    مزید پڑھیں : نواز لیگ کی حکومت میں ملک پر قرضوں کے بوجھ میں 35 فیصد کا ہوش ربا اضافہ


    یاد رہے کہ نواز لیگ کے موجودہ دورے حکومت میں ملک پر قرضوں کے بوجھ میں پینتیس فیصد کا ہوش ربا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد ملک کا مجموعی قرضہ 18 کھرب روپے سے تجاوز کر چکا ہے۔

    وزارت خزانہ کی جانب سے دیئے گئے اعداد وشمار کے مطابق قرضوں میں اضافہ کی وجہ حکومتی کی جانب سے مقامی زرائع سے بڑھتی ہوئی قرض گیری ہے، تین سال قبل یعنی مالی سال 2013-2012 کے اختتام تک ملکی قرضوں کا حجم 13 کھرب 48 ارب روپے تھا، مقامی قرضوں میں چالیس فیصد کا اضافہ ہوا ۔

    غیر ملکی قرضوں میں اٹھائیس فیصد کا اضافہ ہوا،  یہ قرضے مالی سال 2013 میں 4 کھرب،7 ارب 69 کروڑ تھے، جو 30 ستمبر 2016 تک بڑھ کر 6 کھرب 14 ارب تک پہنچ گئے۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پرشیئر کریں۔