Tag: mosques

  • ابو ظہبی: مساجد کے اطراف غلط پارکنگ پر بھاری جرمانہ عائد

    ابو ظہبی: مساجد کے اطراف غلط پارکنگ پر بھاری جرمانہ عائد

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی کی ٹریفک پولیس نے عبادات و تراویح کے لیے آنے والوں کی گاڑی پارکنگ کے حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ابو ظبہی محکمہ ٹریفک نے خبردار کیا ہے کہ مساجد کے اطراف غلط طریقے سے گاڑی پارک کرنے پر 500 درہم جرمانہ ہوگا۔

    دبئی ٹریفک پولیس نے گاڑیوں کے مالکان سے کہا ہے کہ رمضان کے دوران مثبت طرز عمل اپنائیں، ٹریفک کے نظام میں خلل نہ پیدا کریں، پارکنگ کے داخلی راستے بند کرنے سے گریز کریں۔ گاڑیاں منظم شکل میں پارک کی جائیں۔

    پولیس نے کہا کہ تراویح کے لیے مسجد آتے ہوئے گاڑی ایسے پارک کریں کہ پہلے سے پارک گاڑی کو نکلنے میں پریشانی نہ ہو۔

    ٹریفک پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ رمضان کے دوران ٹریفک سلامتی کا جامع پلان تیار کیا گیا ہے، ٹریفک اہلکار سمارٹ سسٹم کے ذریعے ٹریفک خلاف ورزیاں کرنے والوں کے حوالے سے قانونی کارروائی کریں گے۔

    ٹریفک پولیس نے مزید کہا کہ فرض نمازوں خصوصاً تراویح کے موقع پر مساجد کے اطراف ٹریفک رش ہے، نماز کے لیے آنے والے فٹ پاتھ اور گاڑیوں کے آگے پیچھے بھی پارکنگ کر دیتے ہیں جس سے پہلے سے پارک گاڑیوں کے مالکان کو نکلنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔

    رمضان کے دوران ہر سال یہ مناظر دیکھنے میں آتے ہیں، اس سے سب کو پریشانی ہو رہی ہے، ٹریفک اہلکار اسے منظم کرنے کے لیے مہم چلا رہے ہیں۔

  • مصر میں رواں برس کتنی مساجد تعمیر ہوئیں؟ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    مصر میں رواں برس کتنی مساجد تعمیر ہوئیں؟ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    قاہرہ: مصر میں السیسی کی حکومت میں رواں برس اور اب تک ریکارڈ تعداد میں مساجد کی تعمیر ہوئی ہے۔

    عرب نیوز کے مطابق مصری وزارت اوقاف کا کہنا ہے کہ مصر بھر میں اس سال ریکارڈ ایک ہزار 200 نئی مساجد کھولی گئی ہیں۔

    مصر کی وزارت اوقاف کے انڈر سیکریٹری ایمن عمر نے بتایا کہ ستمبر 2020 سے مصر میں 2 ہزار 712 نئی مساجد کھولی گئی تھیں، جب کہ مزید 404 کی تزئین و آرائش کی گئی۔

    جون 2014 میں صدر عبدالفتاح السیسی کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے اب تک 10.2 بلین مصری پاؤنڈ کی لاگت سے مجموعی طور پر 9 ہزار 600 مساجد کی تعمیر یا تزئین و آرائش کی جا چکی ہے۔

    ایمن عمر نے عرب نیوز کو بتایا کہ رواں برس ایک ہزار 200 نئی مساجد میں سے کچھ کی مالی اعانت وزارت کی جانب سے کی گئی تھی جب کہ دیگر نجی طور پر حکومتی نگرانی میں تعمیر کی گئی ہیں۔

    مصری وزارت کے ایک اہل کار شیخ رفیع السید نے بتایا کہ اب 2 ہزار 451 مساجد وزارت اوقاف سے منسلک ہیں، جن میں سے ایک ہزار391 ’عارضی‘ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس سے یہ مشہور قول بدل جاتا ہے کہ قاہرہ ’ہزار میناروں کا شہر‘ ہے، کیوں کہ اب ہمارے پاس اس سے زیادہ مینار ہیں۔

  • وزیراعلیٰ اترپردیش کا ایک اور  مسلم دشمن اقدام سامنے آگیا

    وزیراعلیٰ اترپردیش کا ایک اور مسلم دشمن اقدام سامنے آگیا

    نئی دہلی: اُتر پردیش کے انتہا پسند وزیراعلیٰ یوگی ادیتہ ناتھ کا ایک اور مسلم دشمن اقدام سامنے آیا ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق اُتر پردیش میں انتہا پسند وزیراعلیٰ یوگی ادیتہ ناتھ نے مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کا حکم جاری کیا ہے، جس کے بعد یوپی کے مختلف شہروں سے پچیس ہزار سے زائد لاؤڈ اسپیکر اتارے جاچکے ہیں جبکہ پینتیس ہزار اسپیکر کی آواز کم کرادی گئی ہے۔

    اُتر پردیش کے انتہا پسند وزیراعلیٰ یوگی ادیتہ ناتھ کا کہنا ہے یہ اقدام عدالتی فیصلے کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

    قابل ذکر بات یہ ہے کہ عدالت کی جانب سے حکم دیا گیا تھا کہ تمام مذہبی مقامات سے غیر قانونی لاؤڈ اسپیکر ہٹائے جائیں تاہم ایکشن صرف مساجد کیخلاف کیا جارہا ہے جس کے باعث مسلمانوں میں غم وغصہ پایا جاتا ہے۔

    اس سے قبل بھارتی ریاست یو پی میں ہی انتظامیہ کی جانب سے عید اور جمعۃ الوداع پر سڑک پر نماز ادا کرنے پر پابندی لگائی جاچکی ہے جس کے باعث گذشتہ روز مسلمانوں نے جمعۃ الوداع کی نماز بمشکل مساجد میں ادا کیں تھی۔

  • رمضان المبارک: سندھ میں مساجد کے لیے ایس او پیز جاری

    رمضان المبارک: سندھ میں مساجد کے لیے ایس او پیز جاری

    کراچی: سندھ حکومت نے رمضان المبارک کے دوران مساجد، امام بارگاہوں، بازاروں، دفاتر اور تقریبات کے لیے نئی ایس او پیز جاری کردیں، شادی بیاہ کی تمام تقریبات پر ایک ماہ کے لیے مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے رمضان المبارک کے دوران مساجد کے لیے نئی ایس او پیز جاری کردیں، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے فیصلے کے تحت محکم داخلہ سندھ نے اپنا حکم نامہ جاری کیا ہے۔

    حکم نامے میں مساجد و امام بارگاہوں میں دوران عبادات سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، نمازیوں کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک میں دوران عبادات مذہبی مقامات میں ماسک کا استعمال لازمی ہوگا، بخار اور کھانسی کی علامات ظاہر ہونے پر مساجد و امام بارگاہوں میں آنے کی ممانعت ہوگی۔ مساجد میں دریاں اور قالین نہیں بچھائے جائیں گے۔

    محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ 50 سالہ بزرگ شہری مساجد آنے سے گریز کریں۔

    حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تروایح اور نماز کے بعد مساجد میں رش یا جمع ہونے پر پابندی ہوگی، نمازی اگر چاہیں تو گھر سے جائے نماز لا سکتے ہیں، نماز مساجد اور امام بارگاہوں کے صحن یا کھلی جگہ پر پڑھائی جائے گی۔ مساجد اور امام بارگاہوں کے صحن کو روزانہ کلون سے ڈس انفیکٹ کیا جائے گا۔

    حکم نامے کے مطابق مساجد اور امام بارگاہوں کی انتظامیہ ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے اپنی اپنی کمیٹیاں تشکیل دیں، موجودہ صورتحال میں معتکفین اعتکاف بھی گھروں میں اختیار کریں۔ سحر اور افطار کے اجتماعات بھی مساجد اور امام بارگاہوں پر کرنے پر پابندی ہوگی۔

    دوسری جانب مارکیٹس اور بازاروں میں تجارتی سرگرمیاں صبح 6 سے شام 8 بجے تک ہوں گی۔ جمعہ، اتوار کو سیف ڈیز کے طور پر کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ ریستوران میں انڈور سروس کی اجازت نہیں ہوگی، آؤٹ ڈور سروس رات دس بجے تک ہوگی۔

    حکم نامے کے مطابق رمضان میں تفریحی پارکس، سینما اور مزارات مکمل طور پر بند رہیں گے۔ شادی بیاہ کی انڈور اور آؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی ہوگی، سماجی، سیاسی، ثقافتی تقاریب، کھیلوں، میوزیکل اور مذہبی اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی۔

    سرکاری اور نجی دفاتر میں روٹیشن پالیسی کے تحت اسٹاف کی 50 فیصد حاضری کا اطلاق ہوگا، تمام سرکاری و نجی دفاتر کام کی جگہ پر ماسک اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا۔

    نئی ایس او پیز پر آئندہ ماہ 16 مئی تک عملدر آمد ہوگا۔ محکمہ داخلہ سندھ نے ضلعی انتظامیہ کو وضع کردہ طریقہ کار پر عملدر آمد کروانے کی بھی ہدایت کردی ہے۔

    محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور آئی جی کو بھی احکامات جاری کردیے ہیں، محکمے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ علمائے کرام سے مل کر مساجد اور امام بارگاہوں میں رمضان کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عمل کروایا جائے۔

  • کرونا وائرس: سعودی عرب میں نمازیوں کے لیے اہم ہدایت جاری

    کرونا وائرس: سعودی عرب میں نمازیوں کے لیے اہم ہدایت جاری

    ریاض: کرونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر سعودی عرب میں نمازیوں کے لیے اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے مساجد میں پانی کی بوتلیں لے جانے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور نے تمام مساجد میں پانی کی بوتلیں لے جانے پر پابندی لگا دی ہے۔

    سعودی عرب کی مساجد میں عام افراد نمازیوں کے لیے پانی کی بوتلیں خرید کر رکھوا دیتے ہیں، بیشتر مساجد میں پانی کی بوتلوں کے فریج بھی رکھے ہیں۔

    تاہم وزارت اسلامی امور نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر مساجد میں پانی کی بوتلوں پر وقتی طور پر پابندی لگا دی ہے۔

    وزارت اسلامی امور نے اس سے قبل اذان اور اقامت کے درمیان 10 منٹ کا وقفہ بھی مقرر کیا تھا جبکہ نماز جمعہ اور خطبے کا دورانیہ 15 منٹ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

    وزارت نے پیر اور جمعرات کو روزہ داروں کے لیے دستر خوان اور افطاری پیش کرنے پر بھی پابندی لگائی ہے۔

  • امریکا میں‌ مساجد کی سیکیورٹی کیلئے خصوصی دستے تیار

    امریکا میں‌ مساجد کی سیکیورٹی کیلئے خصوصی دستے تیار

    واشنگٹن : امریکا میں مساجد کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی سیکیورٹی دستے سے رضاکارانہ طور پر ذمہ سنبھال لی تاہم مسلمانوں کے مذہبی مقامات کی حفاظت کیلئے تیار کی گئی نجی پیٹرول سروس تنازعے کا شکار ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے تیسرے بڑے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر سفید فام دہشت گرد کے متعصبانہ حملے کے بعد نیویارک میں مساجد و دیگر مذہبی مقامات مقدسہ کی حفاظت کے لیے نجی سیکیورٹی سروس متعارف کرائی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ میں حملے کے بعد ایک جمعے بروکلین کے مسلمان نوجوانوں کا ایک گروہ مساجد کی پیٹرولنگ پر نکل پڑا جن کی گاڑیاں نیویارک پولیس کی پیٹرولنگ گاڑیوں سے مشابہ تھیں۔

    میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ پیٹرولنگ ٹیم مساجد کے باہر اس وقت تک تعینات رہے گی جب تک نمازی نماز کی ادائیگی نہ کرلیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ مسلم کمیونٹی پیٹرولنگ خود کفیل گروپ ہو مسلمانوں کے مذہبی اجماعات، مساجد، اسلامی تعلیمی اداروں اور پُرہجوم جگہوں پر اضافی سیکیورٹی فراہم کرنے پر تیار کیا جارہا ہے۔

    پیٹرولنگ گروپ کے بانی نور رباح کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ میں 51 مسلمانوں کی شہادت کے بعد مذکورہ سروس کو قائم کیا گیا ہے، ہمارا این وائی پی ڈی (نیویارک پولیس) سے کوئی تعلق نہیں ہے یہ ادارہ متعلقہ حکام تک رپورٹ پہنچانے کےلیے بطور کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مسلم کمیونٹی پیٹرولنگ سروس متعارف ہونے کے بعد جہاں اسے سوشل میڈیا پر پذیرائی مل رہی ہے وہی دوسری جانب اسے شدید تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔

  • نیوزی لینڈ میں جامع مساجد کی سیکیورٹی بائیکرز گینگ نے سنبھال لی

    نیوزی لینڈ میں جامع مساجد کی سیکیورٹی بائیکرز گینگ نے سنبھال لی

    ویلنگٹن : سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد نیوزی لینڈ کے بائیکرز گینگ نے بھی مسلمانوں کی حفاظت اور جمعے کی نماز کے دوران مساجد کے باہر پہرہ دینے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے تیسرے بڑے شہر کرائسٹ چرچ میں گزشتہ جمعے مساجد پر فائرنگ کے افسوس ناک واقعے میں درجنوں افراد شہید ہوگئے تھے جس کے بعد نیوزی لینڈ کا ہر طبقہ و ادارہ مسلمانوں سے اظہار ہمدردی و یکجہتی کررہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے بائیکرز گینگ کی جانب سے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی و خفاظت کےلیے جمعے کی نماز کے دوران مساجد کے باہر سیکیورٹی کے فرائض انجام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    مونگریل موب، کنگ کوبرا اور دی بلیک پاور نامی بائیکرز گینگ نے وعدہ کیا ہے کہ وہ ملک بھر میں مسلمان برادری کے ساتھ تحفظ کےلیے موجود رہیں گے۔

    مونگریل موب کے صدر سونی فٹو کا کہنا تھا کہ ان کا گروپ ہیملٹن شہر کی جامع مسجد کی سیکیورٹی دیکھیں گے اور اس وقت تک اپنے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کی معاونت کریں گے جب تک چاہیں گے۔

    سونی فٹو کا کہنا ہے کہ انہں اپنے گینگ ممبران کی جانب سے اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ مسلم برادری کو جمعے کی نماز کی ادائیگی کے دوران خدشات لاحق ہیں۔

    خیال رہے کہ کرائسٹ چرچ میں دو مساجد میں دہشت گردانہ حملوں کے بعد نیوزی لینڈ میں پہلی مرتبہ نمازِ جمعہ ی ادائیگی کی گئی جبکہ جمعے کی اذان سرکاری ٹی وی و ریڈیو پر براہ راست نشر کی گئی۔

    سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد نیوزی لینڈ میں پہلی نماز جمعہ مسجدالنور کے سامنے ادا کردی گئی، جمعے کی اذان کے بعد شہدا کی یاد میں 2 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

    جیسنڈا آرڈن نے اپنے خطاب میں حدیث نبوی بیان کی اور کہا کہ ہم ایک ہیں، مسلمانوں کےغم میں برابر کے شریک ہیں، سارا نیوزی لینڈ غمزدہ ہے۔

    مزید پڑھیں : نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا آٹومیٹک اورسیمی آٹومیٹک اسلحے پرپابندی کا اعلان

    یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 49 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے۔ مرکزی حملہ آور کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے اور وہ آسٹریلوی شہری ہے جس کی تصدیق آسٹریلوی حکومت نے کردی۔

  • برطانوی حکومت نے لندن و مانچسٹر میں مساجد کی سیکیورٹی بڑھا دی

    برطانوی حکومت نے لندن و مانچسٹر میں مساجد کی سیکیورٹی بڑھا دی

    لندن : حکومت نے کرائسٹ چرچ حملے کے بعد لندن اور مانچسٹر کی مساجد و مسلمانوں کی دیگر عبادت گاہوں پر پولیس کے انسداد دہشت گردی یونٹ کو تعینات کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں جمعے کی نماز کے دوران مسلح دہشت گردوں نے دو مساجد میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں اب تک 49 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ برطانوی حکومت نے مانچسٹر میں بھی مساجد کی سیکیورٹی سخت کرتے ہوئے مساجد کے باہر پولیس پیٹرولنگ بڑھا دی۔

    برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، دہشت گرد ہمیں تقسیم نہیں کرسکتے، برطانوی شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

     

    میئر لندن صادق خان نے لندن میں واقع مساجد کی سیکیورٹی انسداد دہشت گردی یونٹ کے حوالے کرنے کی تصدیق کی، ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ اقدامات اس لیے کیے گئے ہیں تاکہ کوئی لندن میں مسلمانوں کی عبادت گاہوں پر حملہ نہ کرے۔

    صادق خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کیا کہ ’’افسوس ناک خبر سن کر دل اداس ہوگیا کہ نیوزی لینڈ میں بے گناہ افراد کو ان کے ایمان کی وجہ سے قتل کیا گیا‘‘۔

    لندن کی عوام کرائسٹ چرچ میں خوفناک دہشت گردانہ حملے کا سامنا کرنے والوں کے ساتھ کھڑے ہیں، لندن ہمیشہ اپنے اندر کی ہمہ جہتی کو برقرار رکھے گا جسے کچھ لوگ تباہ کرنا چاہتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں لندن میں مقیم مسلمانوں کو یقین دہانی کراتا ہوں کہ یہاں تمام مساجد پر انسداد دہشت گردی فورس تعینات ہیں آپ سکون سے عبادت کے لیے جائیں۔

    مزید پڑھیں : نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں فائرنگ‘ 49 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ جمعے کی نماز کے دوران نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مسلح افراد نے مساجد میں موجود نمازیوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 49 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کرائسٹ چرچ میں واقع مساجد پر حملہ کرنے والے ایک دہشتگرد کا تعلق آسٹریلیا سے ہے جس کی شناخت برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے، مذکورہ دہشت گرد خوفناک حملے کی برائے راست ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی نشر کررہا تھا۔

  • حکومت نے کالعدم تنظیموں کے زیر انتظام مساجد و مدارس کا کنٹرول سنبھال لیا

    حکومت نے کالعدم تنظیموں کے زیر انتظام مساجد و مدارس کا کنٹرول سنبھال لیا

    اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے کالعدم تنظیموں کے زیر انتظام مساجد و مدارس کا کنٹرول سنبھال لیا ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے متعدد افراد کو بھی حراست میں لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے مبینہ طورپرکالعدم تنظیموں کے زیرانتظام مساجد و مدارس کا کنٹرول سنبھال لیا، مساجد و مدارس اسلام آبادکےمختلف علاقوں میں واقع ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جن مساجد اور مدارس کا کنٹرول سنبھالا، اس میں مسجد قبا، مدنی مسجد، علی اصغر مسجد، مدرسہ خالد بن ولی اور مدرسہ ضیاء القرآن شامل ہیں، ان مساجد و مدارس کو نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے سلسلے میں تحویل میں لیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق محکمہ اوقاف نے مساجد کے نئے امام اور خطیب مقرر کردیے، مولانا یاسین کو مسجد قبا سے ہٹا کر مولانا عبدالحفیظ کو خطیب جب کہ مدنی مسجد سے مولانا اظہر عباسی کو ہٹا کر مولانا عمر فاروق کو خطیب مقرر کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق مسجد علی اصغر سے خطیب یار محمد کو ہٹا کر قاری محمد صدیق کو مقرر کردیا گیا ہے جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے متعدد افراد کو بھی حراست میں لیا ہے۔

    مزید پڑھیں : کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن، 44 افراد زیرِ حراست

    وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان2014کے مطابق آپریشن جاری رہےگا، کالعدم تنظیموں کیخلاف آپریشن مقاصد کے حصول تک جاری رہے گا، نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد میں تیزی کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

    گذشتہ روز وزیرِ مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی اور سیکریٹری داخلہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاتھا کہ وزارتِ داخلہ نے کالعدم تنظیموں کے خلاف ایکشن کا آغاز کر دیا ہے، کالعدم تنظیموں کے 44 ارکان حراست میں لیے لیا گیا ہے۔

    وزارت داخلہ نے جماعت الدعوة اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی لگا دی تھی اور نوٹی فکیشن جاری کردیا تھا ، وزارت داخلہ کے مطابق پابندی انسداد دہشت گردی ایکٹ انیس سو ستانوے کے تحت عائد کی گئی، دونوں تنظیموں کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے شیڈول ون میں شامل کر دیا گیا ہے۔

  • کراچی: چور مسجد سے چندے کا ڈبہ لے کر غائب، ویڈیو وائرل

    کراچی: چور مسجد سے چندے کا ڈبہ لے کر غائب، ویڈیو وائرل

    کراچی: شہر قائد کی سڑکوں پر عوام کو لوٹنے والے چوروں‌ نے اب مساجد کا رخ‌ کر لیا، کارروائی سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہوگئی.

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں‌ 7 فروری کی صبح‌ عجیب و غریب واقعہ پیش آیا، جب ایک شخص دیوار کود کر مسجد میں‌ داخل ہوا.

    ویڈیو کے مطابق چور مسجد میں‌ داخل ہو کر سیدھا اس جگہ گیا، جہاں‌ چندے کا ڈبہ رکھا تھا، چور نے نہ صرف ڈبے کا صفایا کر دیا، بلکہ مسجد میں استعمال ہونے والی الیکٹرانک مصنوعات بھی لے اڑے.

    پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں‌ ملزم کا چہرہ واضح نہیں، البتہ یہ دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ اطراف کے علاقے سے آیا اور اسے مسجد کے محل وقوع کا علم تھا.

    مزید پڑھیں: ایم پی اے خرم شیرزمان کے اہلخانہ اسٹریٹ کرائم کا شکار بن گئے

    مزید پڑھیں: منشیات فروش سمیت اسٹریٹ کرائم میں ملوث تین ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    پولیس کا کہنا ہے کہ وہ علاقے میں‌ نصب کیمروں‌ کا جائزہ لے کر ملزم تک پہنچنے کی کوشش کریں گے.

    یاد رہے کہ 24 جنوری 2019 کو  پولیس نے شہر مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات فروش سمیت اسٹریٹ کرائم میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کیا تھا۔