Tag: Mossad

  • حزب اللہ کے راکٹوں کا ہدف موساد کے خفیہ ٹھکانے تھے، اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ

    حزب اللہ کے راکٹوں کا ہدف موساد کے خفیہ ٹھکانے تھے، اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ

    اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حزب اللہ کے راکٹوں کا ہدف موساد کے خفیہ ٹھکانے تھے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حزب اللہ نے اسرائیل پر ایک بار پھر راکٹوں کی بارش کر دی ہے، اسرائیلی میڈیا نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ لبنانی گروپ کا ارادہ راتوں رات وسطی اسرائیل میں ملٹری انٹیلی جنس اور موساد کے ٹھکانوں پر حملہ کرنا تھا۔

    اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ حزب اللہ نے ایک اسٹریٹجک ہدف کو نشانہ بنایا، جب کہ اسرائیلی فوج نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس نے قبل از وقت لبنانی گروپ کے ٹھکانوں پر حملے کیے، اور جنوبی لبنان میں سیکڑوں راکٹ لانچروں کو تباہ کر دیا۔

    اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان تنازعہ کے آغاز کے بعد سے یہ اسرائیلی فوج کی طرف سے کیا گیا سب سے بڑا حملہ تھا، ایک وسیع حملہ جس میں 40 مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ انھوں نے جو بھی حملے کیے وہ اپنے دفاع میں تھے، نیتن یاہو نے بھی ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل نے لبنانی گروپ کے خطرے کو دور کرنے کے لیے قبل از وقت حملے کیے۔

    حزب اللہ اور اسرائیل نے ایک دوسرے پر میزائل حملے شروع کر دیے

    تاہم دوسری طرف حزب اللہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے قبل از وقت کارروائیوں اور گروپ کے اہداف کو نشانہ بنانے اور گروپ کے حملوں میں رکاوٹ کے دعوے بے بنیاد اور زمینی حقائق کے منافی ہیں۔

    لبنانی گروپ نے کہا کہ تمام ڈرون اپنی سائٹوں سے مخصوص اوقات میں لانچ کیے گئے، اور یہ سرحد پار کر کے اسرائیل میں ’متعدد راستوں سے اپنے مطلوبہ اہداف کی طرف‘ گئے، اور اس طرح، آج کے لیے ’’ہمارا فوجی آپریشن مکمل ہو گیا ہے۔‘‘ حزب اللہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ آج کسی وقت اس کے سربراہ حسن نصر اللہ ان حملوں کی تفصیلات ٹی وی خطاب میں بتائیں گے۔

  • اسماعیل ہنیہ کا قتل موساد نے ایرانی ایجنٹوں کے ذریعے کیا، برطانوی اخبار کا دعویٰ

    اسماعیل ہنیہ کا قتل موساد نے ایرانی ایجنٹوں کے ذریعے کیا، برطانوی اخبار کا دعویٰ

    برطانوی اخبار ٹیلی گراف نے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد نے حماس کے سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ کو ایرانی ایجنٹوں کے ذریعے قتل کرایا۔

    برطانوی اخبار نے اپنی رپورٹ میں ایک اور انکشاف بھی کیا ہے کہ ایرانی ایجنٹوں نے گیسٹ ہاؤس کے 3 کمروں میں پہلے ہی دھماکا خیز مواد نصب کیا تھا، اور دھماکا خیز مواد نصب کرنے والے ایجنٹ ایران چھوڑ چکے تھے۔

    رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے جنازے میں شرکت کے موقع پر اسماعیل ہنیہ کو قتل کیا جانا تھا، تاہم نئے صدر کی حلف برداری کے موقع پر یہ اقدام کیا گیا، اور دھماکا خیز مواد ایران کے باہر سے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے تباہ کیا گیا۔

    اخبار کے مطابق ایرانی حکام کے پاس گیسٹ ہاؤس کے کمروں میں ایجنٹوں کے انتہائی تیزی سے آنے جانے کی ویڈیو بھی موجود ہے۔

    دوسری طرف برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 روز میں ایران کے رہبر اعلیٰ متعدد بار تمام کمانڈروں کو طلب کر چکے ہیں، وہ ان سے جواب کے خواہاں ہیں، اور ان کے نزدیک سیکیورٹی کی خلاف ورزی کو حل کرنا اب بدلہ لینے سے زیادہ اہم ہے۔

    اس سے قبل امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ حماس لیڈر اسماعیل ہنیہ کی شہادت ان کے کمرے میں نصب دھماکا خیز مواد پھٹنے سے ہوئی، جو ریسٹ روم میں 2 مہینے قبل چھپایا گیا تھا اور بم کو ریموٹ کنٹرول سے اُس وقت پھاڑا گیا جب اسماعیل ہنیہ کی اپنے کمرے میں موجودگی کی تصدیق ہوئی۔ اس دھماکے میں اُن کا ذاتی محافظ بھی شہید ہوا۔

    واضح رہے اسماعیل ہنیہ شمالی تہران کے جس گیسٹ ہاؤس میں قیام پذیر تھے وہ جس کمپاؤنڈ میں واقع ہے، اس کا کنٹرول ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب کے پاس تھا اور یہ کمپاؤنڈ کئی سرکاری عمارات کے ایک سلسلے کا حصہ ہے جسے ’نشاط‘ کہا جاتا ہے۔

    حماس سربراہ نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی تقریب حلف برداری کے لیے تہران آئے تھے اور ایک روز قبل انھوں نے اس تقریب میں شرکت کی تھی۔

  • ایران نے اسرائیلی انٹیلیجنس ایجنسی موساد کے ایجنٹ کو پھانسی دے دی

    ایران نے اسرائیلی انٹیلیجنس ایجنسی موساد کے ایجنٹ کو پھانسی دے دی

    تہران: ایران نے اسرائیلی انٹیلیجنس ایجنسی موساد کے ایجنٹ کو پھانسی دے دی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے ایک عسکری سائٹ پر ہونے والے حملے میں ملوث موساد کے ایجنٹ کو پھانسی دے دی، موساد ایجنٹ کو 28 جنوری 2023 میں اصفہان میں واقع وزارت دفاع کمپلکس پر حملے کے جرم میں سزا دی گئی ہے۔

    ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق موساد ایجنٹ نے ایرانی وزارت دفاع کمپلیکس کی حساس عمارت کو ڈرون حملے سے نشانہ بنایا تھا۔ ایران کے اصفہان کے علاقے میں جوہری تحقیق کے کئی مشہور مقامات ہیں، جن میں یورینیم کی افزودگی کا پلانٹ بھی شامل ہے۔

    واضح رہے کہ ایران کا پابندیوں سے متاثرہ جوہری پروگرام تخریب کاری، سائنس دانوں کے قتل اور سائبر حملوں کا نشانہ رہا ہے، جب کہ تہران اسرائیل پر اپنی سرزمین پر کئی خفیہ کارروائیاں کرنے کا الزام بھی لگاتا رہا ہے۔

  • ایران نے موساد کے ایجنٹ کو پھانسی دے دی

    ایران نے موساد کے ایجنٹ کو پھانسی دے دی

    تہران: ایران نے اسرائیل کی موساد انٹیلی جنس سروس کے ایجنٹ کو پھانسی دے دی۔

    روئٹرز کے مطابق ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی نے کہا ہے کہ ہفتے کے روز ایران کے جنوب مشرقی صوبہ سیستان بلوچستان میں اسرائیل کی موساد انٹیلی جنس سروس کے ایک ایجنٹ کو پھانسی دے دی گئی ہے۔

    خبر میں کہا گیا ہے کہ ایجنٹ کے غیر ملکی ایجنسی موساد کے ساتھ روابط تھے، اور اس نے خفیہ معلومات اکٹھی کی تھیں، اور ساتھیوں کے ساتھ مل کر موساد سمیت غیر ملکی ایجنسیوں کو دستاویزات فراہم کی تھیں۔

    جس ایجنٹ کو پھانسی دی گئی ہے اس شخص کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے، تاہم یہ بتایا گیا ہے کہ ملزم نے اسلامی جمہوریہ کے مخالف گروہوں اور تنظیموں کے لیے پروپیگنڈا کے مقصد کے ساتھ موساد کے افسر کو خفیہ معلومات فراہم کی تھیں۔

    ایران میں پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملہ، 11 سیکیورٹی اہلکار ہلاک

    یہ خفیہ معلومات کہاں فراہم کی گئی تھیں، اور مبینہ ایجنٹ کو کب گرفتار کیا گیا تھا، خبر میں اس سلسلے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی ہے، تاہم مذکورہ ایجنٹ کی جانب سے کی گئی ایک اپیل مسترد کر دی گئی تھی۔

    پھانسی سیستان-بلوچستان کی زاہدان جیل میں عمل میں آئی ہے، جہاں ایک روز قبل عسکریت پسندوں کی جانب سے صوبے کے ایک پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا گیا تھا، جس میں 11 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔