Tag: Most wanted suspect

  • کراچی : سنگین وارداتوں میں ملوث انتہائی مطلوب ملزم ابرار جادو گرفتار

    کراچی : سنگین وارداتوں میں ملوث انتہائی مطلوب ملزم ابرار جادو گرفتار

    کراچی : رینجرز  نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اورنگی ٹاؤن نمبر 10 سے انتہائی مطلوب ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے ترجمان رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت ابرار عرف جادو ولد مختیار کے نام سے ہوئی ہے۔

    مطلوب ملزم ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، بھتہ خوری اور منشیات فروشی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہے، ملزم نے 2017 میں لیاری گینگ وار کارندے امجد کے ساتھ مل کر تاجروں کو بھتے کی پرچیاں دیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ ملزم نے ابتدائی تفتیش میں اورنگی ٹاؤن ایرانی کیمپ سے 75ہزار روپے سے زائد بھتہ وصول کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

    اس کے علاوہ ملزم نے رواں سال جون میں زیڈ ایم سی پارک سے 10 موبائل فون، 80ہزار روپے نقدی لوٹنے کا بھی انکشاف کیا ہے۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم نے 25 سے زائد ڈکیتیوں میں 55 موبائل فونز اور 5 لاکھ روپے لوٹے، ملزم اور اس کا ساتھی امجد کراچی میں منشیات فروشی میں بھی ملوث رہے ہیں۔

    مطلوب ملزم عادی مجرم ہے، دستی بم سمیت متعدد مقدمات میں جیل جا چکا ہے، ملزم کے خلاف 15 سے زائد مقدمات درج ہیں جبکہ ایک مقدمے میں سندھ ہائی کورٹ سے بھی مفرور ہے، ملزم کو مزید کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔