Tag: Motor way Police

  • شدید دھند نے پنجاب میں ڈیرے ڈال لئے، ٹریفک حادثات میں چار افراد زخمی

    شدید دھند نے پنجاب میں ڈیرے ڈال لئے، ٹریفک حادثات میں چار افراد زخمی

    لاہور : پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند نے ڈیرے ڈال لئے، قومی شاہراہ پر لاہور سے ساہیوال تک حدنگاہ انتہائی کم ہوگئی۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو محتاط ڈرائیونگ اورفوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند نے منظر دھندلا دیا، قومی شاہراہ پردھند کی چادر تنی تو لاہورتا ساہیوال حد نگاہ انتہائی کم ہوگئی۔

    ہڑپہ، کسوال، اقبال نگراور چیچہ وطنی میں حد نگاہ سو میٹر رہ گئی، شاہراہوں پرٹریفک کی روانی شدید متاثرہورہی ہے۔ اوکاڑہ میں شدید دھند کے باعث دو موٹرسائیکلیں ٹکرا گئیں دوبچوں سمیت چارافراد زخمی ہو گئے۔

    ٹبہ سلطان پورمیں بھی دھند سے ٹریفک کی رفتارسست پڑگئی، دھند نے چشتیاں اور محسن وال کو بھی لپیٹ میں لے لیا وہاں بھی حد نگاہ کم ہونے سے ٹریفک کی روانی میں خلل پڑرہاہے۔

    اس حوالے سے ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں کو محتاط ڈرائیونگ اورفوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

  • موٹروے پولیس ایک ایسا ادارہ ہے جس پر پورے ملک کو فخر ہے، مراد سعید

    موٹروے پولیس ایک ایسا ادارہ ہے جس پر پورے ملک کو فخر ہے، مراد سعید

    کراچی : وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ موٹروے پولیس ایک ایسا ادارہ ہے جس پر پورے ملک کو فخر ہے، ترقی پانے والے افسران کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں موٹر وے پولیس کے افسران واہلکاروں کو رینک لگانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر آئی جی موٹر ویز پولیس اے ڈی خواجہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

    وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید کا مزید کہنا تھا کہ موٹروے پولیس کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کروایا جائے گا، اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو ریوارڈ سے نوازا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ شاہراہیں ہمارا قومی اثاثہ ہیں اور ان کی حفاظت ہمارا قومی فریضہ ہے، گرین پاکستان اور کلین پاکستان مہم میں بھر پور حصہ لیں گے۔

    اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی موٹرویز پولیس اے ڈی خواجہ نے کہا کہ تمام ٹرانسپورٹرز بالخصوص کار کیرئرز یونین کی جانب سے قانون پر عمل درآمد کرانے کی یقین دہانی خوش آئند ہے۔

    بعد ازاں وزیر مملکت مراد سعید اور اے ڈی خواجہ نے افسران و اہلکاروں کو بیجز لگائے۔

  • موٹر وے پولیس بھی شجر کاری مہم میں شامل، صوبہ بھر میں 7300 درخت لگائے

    موٹر وے پولیس بھی شجر کاری مہم میں شامل، صوبہ بھر میں 7300 درخت لگائے

    کراچی : گرین پاکستان مہم کے دوران موٹروے پولیس نے صوبہ بھر میں7300پودے لگائے جن میں ماحول دوست پھل دار اور سایہ دار درخت شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی موٹر ویز اینڈ ہائی ویز پولیس عامر ذوالفقار خان اور ڈی آئی جی کراچی محمد سلیم کی خصوصی ہدایات پر صوبہ بھر میں گرین پاکستان مہم کے دوران 7300 پودے لگائے گئے ہیں۔

    ڈی آئی جی موٹر وے پولیس کراچی محمد سلیم کا کہنا تھا کہ یہ پودے ماحول دوست ہیں، لگائے جانے والے پودوں میں زیادہ تر پھل دار اور سایہ دار ہیں اس قسم کے پودوں سے ہم ماحولیاتی تبدیلی سے بچ سکتے ہیں۔ شجرکاری مہم کے پہلے مرحلے میں دس ہزار پودے لگانے کا ہدف مکمل کیا جائے گا ۔

    گرین پاکستان مہم کے دوسرے مرحلے میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے تعاون سے پچاس ہزار پودے لگانے کا ہدف مکمل کیا جائے گا، ڈی آئی جی موٹر وے کراچی محمد سلیم کا مزید کہنا تھا کہ پودے ایسے مقامات پر لگائے گئے ہیں جہاں ان کو پانی دینے اور حفاظت کے انتظامات بھی میسر ہیں۔

  • اسکول کے بچے‘ بڑوں کو ڈرائیونگ سکھانے لگے

    اسکول کے بچے‘ بڑوں کو ڈرائیونگ سکھانے لگے

    نوشہروفیروز: موٹروے پولیس نے ٹریفک قوانین سے ناواقف افراد کو سبق سکھانے کے لیے سکول کے بچوں کو موٹروے پولیس کی وردی پہنا کر ڈرائیوروں کو روڈ پر چلنے کے اصولوں کے بارے میں آگاہی دی۔

    تفصیلات کے مطابق موٹر وے پولیس بیٹ 29 کنڈیارو نے اسکول کے بچوں کے ذریعے بڑو ں کو ٹریفک قوانین سے آگاہی دی‘ موٹر وے کے اعلیٰ حکام کا ماننا ہے کہ بچوں کی باتوں پر بڑے جلد عمل کرتے ہیں۔

     

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی ڈاکٹر کلیم امام ڈی آئی جی شاہد حیات اور ایس پی سجاد حسین بھٹی کی ہدایات پر موٹروے پولیس کنڈیارو نے ڈی ایس پی اسد اللہ ابڑو کی سربراہی میں محبوب الٰہی‘ ایڈمن افسر عبدالرشید سہتو اور دوسرے افسران کے ہمراہ چھوٹے بچوں کو پولیس کی وردی پہنا کر روڈ پر سفر کرنے والی گاڑیوں کو روک کر بچوں سے ڈرائیورز کو بریفنگ دلوائی۔

    بچوں نے ڈرائیورز کو بتایا کہ روڈ پر گاڑی احتیاط سے چلائی جائے‘ قانون پر عملدرآمد کیا جائے ‘ گاڑی چلاتے وقت سیٹ بیلٹ کا استعمال کریں‘ موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کا استعمال کریں‘ اوور سپیڈ نہ کریں اور نہ ہی بچوں کو ڈرائیونگ کرنے دیں۔ اس موقع پر بچوں نے ڈرائیورز میں پمفلٹ تقسیم کئے جن پر ڈرائیونگ کے اصولوں بابت لکھا ہوا تھا۔

    ڈرائیورز نے موٹروے پولیس کے اس عمل کو سراہا اور اور روڈ پر گاڑیاں احتیاط سے چلانے کے عزم کا اظہار کیا ۔اس موقع پر ڈرائیورز نے موٹروے پولیس کی وردی پہنے ہوئے بچوں کے ساتھ تصویریں بھی بنوائیں۔

    موٹروے پولیس کے افسران اسد اللہ ابڑو اور عبدالرشید سہتو نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کے ڈرائیورز نے بچوں کی باتیں غور سے سنیں اور قانون پر عملدرآمد کے لیے موٹروے پولیس کے بنائے ہوئے قوانین پر چلنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور یہ یقینی طور پر حوصلہ افزا صورتحال ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔