Tag: motorcycle

  • چور موٹر سائیکلوں کے کاغذات چوری کرنے لگے

    چور موٹر سائیکلوں کے کاغذات چوری کرنے لگے

    قصور (12 اگست 2025): پنجاب کے شہر قصور میں موٹر سائیکلوں کے کاغذات بڑی تعداد میں چوری ہونے لگے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قصور کے علاقے الہ آباد میں ایک شوروم میں چوری کی واردات ہوئی ہے، جس میں چور ساڑھے 7 لاکھ روپے اور 15 موٹر سائیکلوں کے کاغذات چوری کر کے لے گئے۔

    گزشتہ تین دنوں میں یہ دوسری بڑی واردات ہے، پہلی واردات میں چور 2 موٹر سائیکلیں اور 40 موٹر سائیکلوں کے کاغذات اڑا لے گئے تھے۔

    متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ مقامی پولیس چوروں کو پکڑنے میں ناکام نظر آتی ہے، جب کہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو جلد گرفتار کر لیں گے۔


    خواتین کے کانوں سے بالیاں نوچنے والا ڈاکو مقابلے میں ساتھی سمیت مارا گیا


    دوسری طرف لاہور میں سی سی ڈی کے ہاتھوں مختلف وارداتوں میں ملوث ملزمان کے انکاؤنٹر کا سلسلہ بھی جاری ہے، ملزمان سے ’’مقابلہ‘‘ ہوتا ہے اور وہ پولیس کے ہاتھوں مارے جاتے ہیں اور اس دوران پولیس اہلکاروں کے بلٹ پروف جیکٹوں پر گولیاں لگتی ہیں۔

    ایسے ہی ایک مقابلے میں گزشتہ روز معمر خاتون کے کانوں سے بالیاں نوچنے والا ملزم بھی سی سی ڈی کے ہاتھوں اپنے ساتھی سمیت مارا گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مناواں میں پولیس اور اشتہاری ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں پولیس کو مطلوب ریکارڈ یافتہ ملزمان مارے گئے۔

    مارے جانے والے ملزمان میں اشتہاری ملزم فراست علی اور اس کا ساتھی شامل تھا، ملزمان کی فائرنگ سے ایس ایچ او سی سی ڈی کینٹ بال بال بچے، ترجمان کے مطابق گولیاں ایس ایچ او عاطف ذوالفقار کی بلٹ پروف جیکٹ پر لگیں۔ ترجمان نے بتایا کہ ہلاک ملزم نے چند روز قبل غازی آباد میں معمر خاتون کے کان سے بالیاں نوچی تھیں۔

  • شہر قائد میں موٹر سائیکل اور گاڑیوں پر اصل یا اصل جیسی نمبر پلیٹ لگانا لازمی قرار

    شہر قائد میں موٹر سائیکل اور گاڑیوں پر اصل یا اصل جیسی نمبر پلیٹ لگانا لازمی قرار

    کراچی: شہر قائد میں موٹر سائیکل اور گاڑیوں پر اصل یا اصل جیسی نمبر پلیٹ لگانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے، فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف آپریشن کے دوران تھانوں کے احاطے ضبط شدہ موٹر سائیکلوں سے بھر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ٹریفک پولیس کا فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے، گزشتہ روز ایک ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں ضبط کی گئیں، تھانوں کے احاطے ضبط شدہ موٹر سائیکلوں سے بھر گئے ہیں۔

    ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے بتایا کہ سرکاری سائز کی واضح نمبر پلیٹس لگانا ضروری ہے، نمبر پلیٹ واضح نہ ہونے پر بھی موٹر سائیکلیں ضبط کی گئی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ کریک ڈاؤن دراصل ای چالان مرحلے کا آغاز ہے، اور اگلے ماہ سے کیمروں کے ذریعے ای چالان سسٹم شروع کر دیا جائے گا۔


    گھر میں 1 کروڑ روپے، 80 تولہ سونے کی چوری میں سابق ڈرائیور ملوث نکلا


    ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ جاری کریک ڈاؤن کے دوران کسی کا بھی چالان نہیں کیا جا رہا ہے، شہری نمبر پلیٹس بنا کر ضبط موٹر سائیکلیں لے جا سکتے ہیں، تاہم موٹر سائیکل جس کے نام رجسٹرڈ ہوگی صرف اُسے واپس دی جائے گی، جب کہ ای چالان قانون توڑنے والے شخص کے نام اور پتے پر جائے گا۔

    انھوں نے بتایا کہ آج رکشوں کے خلاف کریک ڈاؤن ہوگا، اور کل گاڑیوں کے خلاف ایسا ہی آپریشن کریں گے، کریک ڈاؤن کا مقصد ہے کہ لوگ سرکاری سائز کی نمبر پلیٹس لگائیں۔

  • ڈاکوؤں نے موٹرسائیکل نہ روکنے پر نوجوان کو قتل کردیا

    ڈاکوؤں نے موٹرسائیکل نہ روکنے پر نوجوان کو قتل کردیا

    پتوکی میں ڈاکوؤں نے موٹرسائیکل نہ روکنے پر فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق واردات تھانہ صدر کی حدود آدھن روڈ پر پیش آیا، پولیس کے مطابق 26 سالہ اعظم سر اور گردن میں گولیاں لگنے سے جاں بحق ہوا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لاش پوسٹمارٹم کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال پتوکی منتقل کردی گئی، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

    دوسری جانب کراچی میں نیپا پل کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، پولیس کا کہنا ہےکہ قتل کیے جانے والے شخص کی شناخت زبیر کے نام سے ہوئی ہے جو شیریں جناح کالونی کا رہائشی تھا۔

    پولیس نے سی سی ٹی وی حاصل کرلی جس  میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم نے چلتی موٹر سائیکل سے شہری پر فائرنگ کی اور فرار ہوگیا، پولیس کا یہ بھی کہنا ہےکہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ لگتا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/tank-2-brothers-killed-in-shooting/

  • کوئٹہ میں موٹر سائیکل چھیننے کی واردات کی فوٹیج سامنے آ گئی

    کوئٹہ میں موٹر سائیکل چھیننے کی واردات کی فوٹیج سامنے آ گئی

    کوئٹہ: بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں بھی موٹر سائیکل چھیننے کی ایک واردات کی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں اسلحے کے زور پر راہزنی کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز زاہد محمود نامی شہری سے جان محمد روڈ پر گلی کے اندر مسلح افراد موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔

    اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوئی ہے، جس سے پتا چلتا ہے کہ یہ واردات کل شام ساڑھے آٹھ بجے کی گئی تھی۔

    شہری کا پیچھا کر کے آنے والے 3 لٹیرے ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے، جیسے ہی شہری اپنے گھر کے دروازے پر پہنچا، پیچھے سے لٹیروں نے اسے گھیر لیا۔

    دو لٹیروں نے شہری سے اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل چھینی، اور فرار ہو گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل چھننے کی واردات کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ یاد رہے کہ 2 روز قبل خروٹ آباد کے علاقے میں موٹر سائیکل چھین کر ایک شہری کو قتل کر دیا گیا تھا۔

  • ثمرین کو موٹر سائیکل سے اتار کر گولی مارنے کے واقعے میں‌ پیش رفت لیکن معمہ حل نہ ہو سکا

    ثمرین کو موٹر سائیکل سے اتار کر گولی مارنے کے واقعے میں‌ پیش رفت لیکن معمہ حل نہ ہو سکا

    رپورٹر: عدنان راجپوت

    کراچی: ثمرین نامی خاتون کو موٹر سائیکل سے اتار کر گولی مارنے کے واقعے میں‌ پیش رفت ہوئی ہے، واقعے کا مقدمہ درج ہو گیا، تاہم دوسری طرف قتل کا معمہ حل نہیں ہو سکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورنگی دارالعلوم کے قریب فائرنگ سے ایک خاتون جاں بحق ہو گئی تھی، مقتولہ کی شناخت 40 سالہ ثمرین کے نام سے ہوئی ہے، ثمرین کو نامعلوم شخص نے موٹر سائیکل سے اتار کر گولیاں مار دی تھیں، معلوم ہوا ہے کہ مقتولہ داؤد چورنگی معین آباد نمبر ایک کی رہائشی تھی۔

    ایس پی لانڈھی کیپٹن اظہر نے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے چاچا گل تاج کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت درج کر لیا گیا ہے، مقتولہ نے پہلے شوہر سے طلاق لے کر دوسری شادی کر رکھی تھی، اور وہ 3 بچوں کی ماں تھی، جب کہ اس کے دوسرے شوہر کا نام سرور عرف سرو ہے۔

    مدعی کے مطابق مقتولہ ذہنی مریضہ ہونے کی وجہ سے بغیر بتائے گھر سے غائب ہو جاتی تھی، واقعے کے روز مقتولہ اپنی بہن عالیہ کے گھر گئی ہوئی تھی، جہاں سے وہ کسی نامعلوم موٹر سائیکل سوار کے ساتھ گئی۔

    کراچی: لڑکی کو موٹر سائیکل سے اتار کر قتل کرنے کا واقعہ، عینی شاہدین نے کیا دیکھا؟

    ایف آئی آر کے مطابق نامعلوم ملزم ثمرین کو کراچی دارالعلوم کے قریب جھاڑیوں میں لے کر گیا، اور ثمرین کو کسی نامعلوم رنجش کی بنا پر موٹر سائیکل سے اتار کر فائر کر دیے، مقتولہ کو چہرے پر 2 گولیاں لگیں جو موت کی وجہ بنیں۔

  • ویڈیو: کراچی کی سڑک پر 30 سیکنڈ میں موٹر سائیکل چھیننے کی واردات

    ویڈیو: کراچی کی سڑک پر 30 سیکنڈ میں موٹر سائیکل چھیننے کی واردات

    کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں کوئی کمی نہیں آئی، شہریوں سے چھینا جھپٹی کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکل اسنیچنگ کی وارداتیں بھی عروج پر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز کراچی کے علاقے سعود آباد میں سڑک پر لٹیروں نے ایک شہری سے محض 30 سیکنڈ میں موٹر سائیکل چھیننے کی واردات کی، اور فرار ہو گئے۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، لٹیروں نے واردات میں شہری کو بالکل نئی موٹر سائیکل سے محروم کیا، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار 3 کریمنلز نے چلتی موٹر سائیکل کو بیچ سڑک روک دیا۔

    فوٹیج کے مطابق 2 لٹیروں نے اتر کر شہری سے بیگ اور موٹر سائیکل چھینی، یہ واردات سعود آباد تھانے کی حدود ملت گارڈن میں گزشتہ روز پیش آئی ہے۔

  • 2 موٹر سائیکلوں میں ٹکر، ایک موٹر سائیکل دھماکے سے پھٹ گئی

    2 موٹر سائیکلوں میں ٹکر، ایک موٹر سائیکل دھماکے سے پھٹ گئی

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 2 موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم کے بعد ایک موٹر سائیکل دھماکے سے پھٹ گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر موٹر سائیکل میں بارودی مواد موجود تھا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو میں 2 موٹر سائیکلوں میں تصادم ہوا جس میں ایک موٹر سائیکل دھماکے سے پھٹ گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے کہ موٹر سائیکل میں بارودی مواد موجود تھا، حادثے کے قریب ڈیٹونیٹر، تاریں اور بارودی مواد ملا ہے۔

    پولیس کے مطابق حادثے میں 3 افراد شدید زخمی ہوئے، دونوں موٹر سائیکلیں قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    خیال رہے کہ اسلام آباد میں رواں سال جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، رواں برس گزشتہ برس کے مقابلے میں سینکڑوں زائد مقدمات درج کیے گئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمات کا زائد اندراج فری رجسٹریشن آف ایف آئی آر کو ظاہر کرتا ہے، سائلین کو ماضی کی طرح ایف آئی آر کے اندراج میں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

  • تیز رفتار کوچ نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی اور ساس کو کچل دیا

    تیز رفتار کوچ نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی اور ساس کو کچل دیا

    کراچی : تیز رفتار مساافر کوچ نے موٹر سائیکل پر جانے والے تین افراد کو کچل ڈالا، حادثہ میں موٹر سائیکل سوار میاں بیوی اور ساس جاں بحق ہوگئے، تین جنازے گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ میں ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس میں ایک تیز رفتار مسافر کوچ نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے۔

    جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی اور ساس شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ہلاک شدگان کی لاشیں اسپتال منتقل کی گئیں اور قانونی کارروائی کے بعد انہیں ورثاء کے حوالے کردیا گیا

    جاں بحق افراد میں 55 سالہ زینب، 28 سالہ الفت اور 33 سالہ عبدالحفیظ شامل ہیں، جاں بحق ہونے والوں کی تین میتیں ان کے گھر پہنچیں تو علاقے میں کہرام مچ گیا، اہل کانہ دھاڑیں مار کر روتے رہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا

    یاد رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا تھا، مقتول سید معاذ حافظ قرآن اور ایم بی اے فائنل ایئر کا طالب علم تھا۔

    حادثے کے بعد مشتعل افراد نے ڈمپر کو آگ لگادی، ڈمپر ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ سید معاذ کی عمر 24 سال تھی اور اس روز مقتول کا ایم بی اے فائنل ایئر کا پیپر تھا۔

    آئے روز شہر میں ڈمپر کی ٹکر سے شہری اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں لیکن متعلقہ حکام کی جانب سے کچھ نہیں کیا جاتا جو ایک سوالیہ نشان ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال جون میں بھی لانڈھی میں ڈمپر کی ٹکر سے بچہ جاں بحق ہوگیا تھا، مشتعل افراد کی جانب سے ڈمپر کو آگ لگادی گئی تھی۔

  • فیصل آباد : شہری نے گولی لگنے کے باوجود ڈاکو کو بھاگنے پر مجبور کردیا

    فیصل آباد : شہری نے گولی لگنے کے باوجود ڈاکو کو بھاگنے پر مجبور کردیا

    فیصل آباد : شہری نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش پر مزاحمت کرکے ڈاکو کو گرالیا، گولی لگنے کے باوجود ہار نہ مانی ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد ریلوےاسٹیشن کے قریب ڈاکو نے موٹر سائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر نوجوان کو گولی مار کر زخمی کردیا، زخمی ہونے کے باوجود نوجوان نے ہمت نہ ہاری۔

    شہری نے مسلح ڈاکو کو ناکوں چنے چبوادیے اور ڈاکو کو بھاگنے پر مجبور کردیا، پولیس چوکی کے سامنے واردات کے باوجود کوئی اہلکار بچانے نہ آیا۔ واقعہ چار ستمبر کو پیش آیا۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ محمد شیراز نے مزاحمت کی جس پر ڈاکو نے گولی چلادی جو شیراز کے بازو کو چھوتی ہوئی پاؤں میں جا لگی۔ شیراز نے ہمت نہ ہاری اس دوران موٹرسائیکل گرگئی، ڈاکو نے موٹرسائیکل اٹھانے کی کوشش کی تاہم شیراز نے ڈاکو کو زمین پر گرالیا۔

    آس پاس کھڑے لوگ اسے تماش بینوں کی طرح دیکھتے رہے لیکن بیچ میں کوئی نہ آیا، شیراز کی بہادری نے ڈاکو کو خالی ہاتھ بھاگنے پر مجبورکردیا، واردات پولیس چوکی کے عین سامنے پیش آئی لیکن کوئی اہلکار جائے واردات پر نہ پہنچا ۔

    اس کے علاوہ قریب ہی سی آئی اے اور پولیس کا آفس بھی ہے، ایف آئی آر میں بھی ڈکیتی کے بجائے صرف فائرنگ کا ذکر کیا گیا ہے۔

  • ایک اور امریکی سفارتی اہلکار نے پاکستانی شہری کو کچل دیا

    ایک اور امریکی سفارتی اہلکار نے پاکستانی شہری کو کچل دیا

    اسلام آباد: ایک اور امریکی سفارتی اہلکار نے پاکستانی شہری کو کچل دیا، موٹر سائیکل سوار نزاکت اسلم کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرنل جوزف کے بعد ایک اور امریکی سفارتکار نے پاکستانی شہری موٹر سائیکل سوار نزاکت اسلم کو کچل دیا، نزاکت اسلم کو زخمی حالت میں پمنز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    امریکی سفارتکار جیپ میں سوار تھا اور جیپ نمبر کیو این 734 نے موٹر سائیکل نمبر اے آر ایم 935 پر سوار شہری کو سیکریٹریٹ چوک پر ٹکر ماری، زخمی شہری نزاکت اسلم موتمر عالم اسلامی میں ملازم ہے۔

    پمز اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمی ہونے والے نزاکت اسلم کو ابتدائی طبی امداد دے دی گئی ہے جبکہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
    پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سوار امریکی سفارتکار کا نام چاڈریکس ہے جبکہ دوسرے امریکی سفارتی اہلکار بھی تھانے پہنچ گئے ہیں، واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا ہے۔

    پولیس کے مطابق امریکی سفارتخانے کا اہلکار تیز رفتاری سے گاڑی چلا رہا تھا اور شراب کے نشے میں دھت تھا، واقعہ تھانہ سیکریٹریٹ کی حدود میں پیش آیا، امریکی سفارتخانے کا اہلکار اور گاڑی تھانے منتقل کردی گئی ہے۔

    ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق واقعے کے ذمے داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، وزارت خارجہ کو سفارتی اہلکار کی تحریری تصدیق کا کہا ہے، وزارت خارجہ کی تحریری تصدیق کے بغیر سفارتی اہلکار کو رہا نہیں کریں گے۔

    خیال رہے کہ 8 اپریل کو بھی امریکی سفارتی اہلکار کرنل جوزف کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔

    جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عتیق کے نام سے ہوئی تھی اور جس گاڑی کی ٹکر سے وہ ہلاک ہوا وہ امریکی ڈیفنس اینڈ ایئر اتاشی کرنل جوزف ایمانوئل ہال کی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔