Tag: motorcycle rider

  • ہینڈل اور پہیے کے بغیر موٹر سائیکل چلانے کی خوفناک ویڈیو، نوجوان کے ساتھ کیا ہوا؟

    ہینڈل اور پہیے کے بغیر موٹر سائیکل چلانے کی خوفناک ویڈیو، نوجوان کے ساتھ کیا ہوا؟

    قاہرہ : دوستوں کو متاثر کرنے یا تفریح کی غرض سے بہت سے لوگ سڑکوں پر موٹر سائیکل کے کرتب دکھاتے پھرتے ہیں اور اس شوبازی میں وہ اپنی جان کی پرواہ بھی نہیں کرتے۔

    مصر میں بھی کچھ ایسا ہی ہوا کہ ایک نوجوان نے اگلے پہیے اور ہینڈل کے بغیر موٹر سائیکل چلا کر دیکھنے والوں کو حیرت زدہ کردیا۔

    سوشل میڈیا پر کی جانے والی پوسٹ پر بہت سے صارفین نے اپنے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس خطرناک حرکت پر کڑی تنقید کی۔

    مصر کے علاقے میں ایک نوجوان نے حیران کن طور پر ایسی موٹر سائیکل چلائی جس کا ہینڈل اور اگلا پہیہ ہی غائب تھا، یہ ہی نہیں انتہائی تیز رفتاری سے چلاتے ہوئے وہ موٹرسائیکل پر کھڑا ہوگیا۔

    اس خوفناک منظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر صارفین نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے موٹر سائیکل سوار کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

    کمنٹس میں ان کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ حرکت ہے جس کے نتیجے میں کوئی بھی بڑا حادثہ رونما ہوسکتا ہے اور درجنوں بے گناہ افراد لقمہ اجل بن سکتے ہیں۔

    مصر کی وزارت داخلہ نے مذکورہ ویڈیو کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی اور بیان جاری کیا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے موٹر سائیکل سوار کی شناخت کرکے اسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    بیان میں کہا گیا کہ گرفتار ہونے والا نوجوان ڈمیتا کا رہائشی ہے، موٹر سائیکل سوار کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی نہیں ہے، تاہم نوجوان نے اپنی اس گھناؤنی حرکت کا اعتراف کیا ہے، مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔

    واضح رہے کہ اس کے علاوہ بھی مصر میں حکام نے اسی طرح کے مختلف واقعات میں متعدد ملزمان کو گرفتار کیا جو مصر کی سڑکوں پر اسی طرح کے خطرناک کرتب کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کررہے تھے۔

  • ریس کے دوران 14سالہ بائیک رائیڈر کی درد ناک موت

    ریس کے دوران 14سالہ بائیک رائیڈر کی درد ناک موت

    الکینز : اسپین کے 14سالہ موٹر بائیک رائیڈر ہیوگو ملان الکینز میں ہونے والی ریس میں حادثے کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپین کے موٹر سائیکل رائیڈر ہیوگو میلان ہسپانوی صوبے تاراگونا کے موٹر لینڈ ریس ٹریک میں یوروپی ٹیلنٹ کپ کے دوران حادثے میں جاں بحق ہوئے۔

    بائیک رائیڈر کی عمر 14سال تھی، ہیوگو ملان الکینز اسپین میں ہونے والی ایک ریس میں شریک تھے، ریس کے دوران ان کی موٹر بائیک کو حادثہ پیش آیا جس میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔

    خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق میلان پہلے لیپ کے پانچویں کرو میں حادثے کا شکار ہوئے حالانکہ انہوں نے خود کو سنبھالا لیکن ریس کے سائیڈ میں جانے کی کوشش کے دوران انہیں ایک دوسری موٹر سائیکل نے ٹکر مار دی۔

     

    تیز رفتاری کے باعث ہونے والے حادثے کے بعد ریس کو فوری طور موقوف کردیا گیا اور 14 سالہ رائیڈر کا ٹریک کے سائیڈ میں علاج کیا گیا۔ اس کے بعد انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے زاراگوزا کے اسپتال لے جایا گیا لیکن چند گھنٹوں کے بعد وہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گئے۔

    ہیوگو ملان کے رائیڈنگ اسکول کونا ڈی کیمپنز کے عہدیدار نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہیوگو ملان کی ہنستی مسکراتی شخصیت اور پروفیشنلزم ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

  • کراچی: آج  سے بغیر ہیلمٹ سفرکرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    کراچی: آج سے بغیر ہیلمٹ سفرکرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    کراچی: آج سے بغیر ہیلمٹ سفر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ، ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا ہے کہ خصوصی مہم میں بلاتفریق کارروائی کی جائےگی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج جو موٹر سائیکل پر ہیلمٹ کے بغیر نظر آئے گا، اسکاچالان ہو جائے گا، ٹریفک پولیس کی جانب سے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف آج سے خصوصی مہم کا اعلان کیا ہے، یہ مہم ایک ہفتے تک جاری رہے گی۔

    ڈی آئی جی ٹریفک نے موٹر سائیکل چلانے والے تمام حضرات کو خبردار کیا کہ وہ سفر کے دوران ہیلمٹ کا استعمال کریں نہیں تو قانونی کارروائی کاسامناکرنا ہوگا۔

    ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا ہے کہ خصوصی مہم میں بلاتفریق کارروائی کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل پولیس حکام نے متعدد بار مختلف مہم کے ذریعے قانون کے نفاذ کی کوشش کی گئی لیکن ناکام رہی ۔

    خیال رہے کہ شہر میں ہونے والے ٹریفک حادثات میں موٹر سائیکل پر سفر کرنے والوں کی اموات کی بنیادی وجہ ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنا ہوتا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔