Tag: Motorcycle snatching

  • فوٹیج: کراچی میں ایک اور صحافی سے موٹر سائیکل چھن گئی

    فوٹیج: کراچی میں ایک اور صحافی سے موٹر سائیکل چھن گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے عزیز آباد بلاک 2 میں موٹر سائیکل چھیننے کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے عزیز آباد میں 3 لٹیرے سیکنڈوں میں ایک اور صحافی سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔

    فوٹیج میں دو موٹر سائیکلوں پر تین لٹیروں کو دیکھا جا سکتا ہے، لٹیرے شہری کا پیچھا کرتے ہوئے گلی کے کونے تک پہنچے، ایک لٹیرے نے تیزی سے موٹر سائیکل آگے لگا کر راستہ روک دیا۔

    موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھا لٹیرا اترا اور اطمینان سے صحافی سے موٹر سائیکل چھینی، موٹر سائیکل چلانے والے لٹیروں نے ہیلمٹ جب کہ چھیننے والے لٹیرے نے ماسک پہن رکھا تھا۔

    تینوں لٹیروں نے پینٹ شرٹ پہنی ہوئی تھی، جس گلی سے وہ آئے تھے اسی گلی میں موٹر سائیکل لے کر فرار ہو گئے۔

  • چھینی گئی موٹر سائیکل کا چیچس کچرا کنڈی میں پھینکنے کی ویڈیو سامنے آ گئی

    چھینی گئی موٹر سائیکل کا چیچس کچرا کنڈی میں پھینکنے کی ویڈیو سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں چھینی گئی موٹر سائیکل کا چیچس کچرا کنڈی میں پھینکنے کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گاڑیاں اور موٹر سائیکل لفٹر گینگ نے اپنی مجرمانہ کارروائیاں تیز کر دی ہیں، گلستان جوہر کامران چورنگی کے قریب واقع کچی آبادی میں بھی موٹر سائیکل چوروں کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔

    ایک کم عمر لڑکے کے ذریعے مسروقہ موٹر سائیکل کا چیچس کچرے میں ڈالے جانے کی ویڈیو سامنے آئی ہے، معلوم ہوا ہے کہ ملزمان شہر کے مختلف علاقوں سے موٹر سائیکلیں چوری کر کے کچی آبادی میں لا کر کھول دیتے ہیں۔

    ملزمان موٹر سائیکل کے پارٹس کباڑ میں فروخت کرتے ہیں اور چیچس کچرے میں پھینک دیتے ہیں، دوسری طرف پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ویڈیو کے حوالے سے تحقیقات کر رہے ہیں، اور موٹر سائیکل چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن بھی تیز کر دیا گیا ہے۔

  • کراچی میں موٹرسائیکل چوری کی وارداتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

    کراچی میں موٹرسائیکل چوری کی وارداتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

    کراچی : شہر قائد میں رواں سال 30 ہزار سے زائد موٹرسائیکلیں چوری کی گئیں ، بفرزون میں پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سےملزم کی تلاش شروع کردی ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں موٹرسائیکل چوری کی وارداتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں ، رواں سال شہریوں کی 30 ہزار سے زائد موٹرسائیکلیں چوری کی گئیں ، بفرزون میں چورایک اور شہری کی موٹرسائیکل چرا کر لے گیا۔

    پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سےملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔

    گذشتہ ماہ رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب 3 رکنی موٹر سائیکل لفٹنگ گینگ گرفتار کرکے چوری کی گئی 10موٹر سائیکلیں اور 10چیسز برآمد کرلی تھی۔

    اس سے قبل بھی اے وی ایل سی پولیس نے موٹرسائیکل اسنیچنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے شہریوں سےموٹرسائیکلیں چھیننےکی وارداتوں کی سنچری کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا تھا۔

    ایس ایس پی اےوی ایل سی عارف اسلم راؤ نے بتایا تھا کہ ملزمان میں منیربنگالی، بابرعلی، حسن عرف بوائے اورمظفر چانڈیوشامل ہیں ، ملزمان نے 100سے زائد موٹر سائیکل چھیننے کا انکشاف کیا۔