Tag: motorcycle

  • کراچی: ٹریکر کے بغیر چلنے والی موٹرسائیکلیں ضبط کرنے کا فیصلہ

    کراچی: ٹریکر کے بغیر چلنے والی موٹرسائیکلیں ضبط کرنے کا فیصلہ

    کراچی: وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال نے ہدایت کی ہے کہ شہر قائد میں چلنے والی تمام موٹر سائیکلوں میں ٹریکر سسٹم جلد از جلد نصب کردیے جائیں تاکہ جرائم کی روک تھام میں مدد مل سکے، مقررہ وقت تک جن موٹرسائیکلوں میں ٹریکر نصب نہ کیا جائے انہیں ضبط کرلیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ سندھ کی زیر صدارت موٹر سائیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن،ٹریکنگ کمپنیز،سندھ پولیس،ایکسائز ڈپارٹمنٹ،رینجرز اور سی پی ایل سی پرمشتمل اعلیٰ سطح کا مشترکہ اجلاس منعقد کیا گیا۔

    وزیر داخلہ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے بھر کی موٹر سائیکلوں میں ٹریکنگ ڈیوائسز کی تنصیب کے حوالے سے گزشتہ میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ نئی اور پرانی موٹر سائیکلوں میں ٹریکنگ ڈیوائسز کی تنصیب کا عمل تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے مکمل کیا جائےگا۔

    اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ جرائم سے وابستہ عناصر، گروہوں اور کارندوں کی بیخ کنی حکومت سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

    انہوں نے کہا اب تک ہونے والے زیادہ تر جرائم میں موٹر سائیکل سوار ملوث پائے گئے ہیں، اُسی تناظر میں موٹر سائیکلوں میں ٹریکر ڈیوائسز کی تنصیب انتہائی ضروری اور ناگزیر ہے۔

    مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے سندھ میں موٹرسائیکل رکشہ چلانے کی اجازت دیدی

    وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ بغیرٹریکرنئی موٹرسائیکل سڑک پرلانےکی اجازت نہیں ہوگی اور پہلےمرحلےمیں نئی موٹرسائیکلوں میں ٹریکرنصب کرانالازم ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ پرانی موٹرسائیکلوں میں ٹریکرنصب کرنےکاوقت دیاجائےگا جبکہ 4 سے 6 ماہ پرانی موٹر سائیکل میں ٹریکر نصب کرانا لازم ہوگا، اس ضمن میں 8 کمپنیوں کو ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔

    اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے موٹر سائیکل ایسوسی ایشن اور ٹریکنگ کمپنیوں کے نمائندگان نے وزیر داخلہ سندھ کو یقین دہانی کروائی کہ ان کا تمام تر غیر مشروط تعاون سندھ حکومت کے ساتھ ہے اور عوام کو جرائم سے محفوظ معاشرے کی فراہمی کے حوالے سے وہ سرکاری اقدامات کی مکمل حمایت و تائید کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی: ٹریفک پولیس کا شہریوں‌ سے مک مکا جاری

    سہیل انور خان سیال کے استفسار پر شرکاء نے بتایا کہ شہر میں چلنے والے بیشتر چنگ چی رکشوں کا کوئی باقاعدہ ریکارڈ موجود نہیں ہے، وزیر داخلہ سندھ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس حوالے سے چنگ چی رکشوں کو باقاعدہ ضابطہ کار میں لانے کے احکامات جاری کئے۔

    وزیر داخلہ سندھ نے  سیکرٹری داخلہ سندھ کو ہدایت کی کہ تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے ابتدائی مسودہ تیار کیا جائے اور موٹر سائیکلوں میں ٹریکنگ ڈیوائسز کی تنصیب کے عمل میں مزید تاخیر سے کام نہ لیا جائے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • کار سوار موٹرسائیکل سمیت ڈاکو کو گھسیٹتا ہوا لے گیا

    کار سوار موٹرسائیکل سمیت ڈاکو کو گھسیٹتا ہوا لے گیا

    کراچی : ڈاکوؤں کو لینے کے دینے پڑ گئے، دوموٹرسائیکل سواروں نے اسلحہ کے زور پر گاڑی روکنے کی کوشش کی تو ڈرائیور نے روکنے کے بجائے گاڑی موٹرسائیکل پر ہی چڑھادی اور ڈاکو کو گھسیٹتا ہوا لے گیا۔

    تفصییلات کے مطابق کراچی میں لوٹ مار کی دو وارداتیں ہوئیں جنہیں کار سوار نے حاضر دماغی سے ناکام بنادی، کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں ہونیوالی رہزنی کی واردات کے دوران ڈاکو خود ہی اپنے جال میں آگیا۔

    دو موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے ایک سنسان گلی میں جب ایک کار سوار کو روکنے کیلئے چلتی گاڑی کے آگے موٹر سائیکل کھڑی کرنے کی کوشش کی تو ڈرائیور نے کمال مہارت سے گاڑی روکنے کے بجائے موٹر سائیکل پر چڑھا دی اور ڈاکو کو موٹر سائیکل سمیت گھسیٹتا ہوا لے گیا۔


    CCTV Footage: Man in Karachi teaches street… by arynews

    اس کا ایک ساتھی یہ منظر دیکھ کر خاموشی سے پیچھے ہٹ گیا، اے آر وائی نیوز کو ملنے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح ایک ڈاکو موٹرسائیکل سے گرا جبکہ دوسرا موٹر سائیکل سمیت کار کے ساتھ دور تک گھسٹتا رہا۔

    بعد ازاں شہریوں نے ڈاکو کو تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کردیا، رات گئے پولیس نے زخمی ڈاکو کو بھی گرفتارکرلیا۔ گلزار ہجری میں بھی ایسا ہی واقعہ ہوا جس میں کار سوارنے مسلح ڈاکوؤں پرکارچڑھادی۔

    کار سوار اور شہریوں نےزخمی ڈاکو کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کےحوالےکردیا۔

  • خواتین موٹرسائیکل ریلی کل لاہور میں نکالی جائے گی

    خواتین موٹرسائیکل ریلی کل لاہور میں نکالی جائے گی

    لاہور: موٹر سائیکل چلانے کی تربیت کے حوالے سے خواتین میں آگاہی سیشن اورخواتین کی موٹر سائیکل ریلی کا انعقاد کل لاہور میں کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے اسپیشل مانٹیرنگ سیل کے ویمن آن وہیلزپراجیکٹ کے حوالے سے آگاہی سیشن اور موٹرسائیکل ریلی کل دس جنوری کو منعقد ہوگی۔

    ریلی کا آغاز دوپہر ایک بجے کشمیر روڈ سے کیا جائے گا، وزیر برائے ترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحید الدین تقریب کی مہمان خصوصی ہوں گی۔

    بعدازاں صوبائی وزیر خواتین کشمیر روڈ پر موٹر سائیکل ریلی کی تقریب میں بھی شرکت کریں گی۔ اس موقع پر لاہور کی خواتین میں کافی جوش و خروش پایا جا رہا ہے اور ان کی جانب سے خواتین کی ترقی کیلئے اس اقدام کو سراہا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے صنفی امتیاز کے خاتمے اور حقوق نسواں کے بارے میں خواتین میں  آگاہی مہم کا آغا زکیا گیا ہے۔

  • جعلی چیسس نمبر بنانیوالا ملزم ساتھیوں سمیت گرفتار

    جعلی چیسس نمبر بنانیوالا ملزم ساتھیوں سمیت گرفتار

    کراچی : اے سی ایل سی پولیس نے چوری اور چھینی گئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی ہاتھوں کے ذریعے جعلی چیسس نمبر بنانے کے ماہر ملزم کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔

    شہر سے چوری شدہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو چھیننے کے بعد جعلی چیسز نمبر اور کاعذات بنا کر فروخت کرنے والے بین الصوبائی گروہ کو اے سی ایل سی پولیس نے بے نقاب کردیا ۔

    ایس ایس پی اے سی ایل سی عرفان بہادر کے مطابق ملزم ہتھوڑے اور کیل کے ذریعے بڑی مہارت کے ساتھ کم وقت میں جعلی چیسز نمبر بنا لیتا تھا ۔ ایس ایس پی عرفان بہادر نے بتایا کہ گرفتار ملزمان جعلی چیسز نمبر والی موٹرسائیکلوں اورگاڑیوں کو اندرون سندھ اور بلوچستان میں فروخت کیا کرتے تھے ۔

    ایس ایچ او اے سی ایل سی اشتیاق غوری کا کہنا ہے کہ اے سی ایل کے محکمے میں جدید ٹینالوجی آجانے سے شہر میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے چوری اور چھینے کے واقعات میں کمی آئی۔ .

    محمکہ اے سی ایل سی کی کارکردگی میں بہتری آنے سے گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چوری اور چھینے کی وارداتوں میں کمی تو آئی ہے لیکن شہریوں کا کہنا ہے کہ اصل کارکردگی تو وہ ہوگی جب ان کی چوری یا پھر چھینی گئی گاڑیاں اورموٹر سائیکلیں انہیں واپس مل جائیں۔