Tag: Motorcyclist dies

  • کراچی: کار ساز روڈ پر بل بورڈ گرنے سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق

    کراچی: کار ساز روڈ پر بل بورڈ گرنے سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق

    کراچی میں کار ساز روڈ پر بل بورڈ کا کھمبا موٹر سائیکل سوار پر گر گیا، افسوس ناک حادثے میں موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کار ساز شارع فیصل پر ایئر پورٹ جانے والے ٹریک پر بل بورڈ کا خستہ حال کھمبا موٹر سائیکل سوار خاندان پر گر گیا جس کے نتیجے میں شوہر جاں بحق، اہلیہ اور بیٹی زخمی ہوگئیں۔

    ریسکیوحکام کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت 45 سالہ جمیل اور زخمیوں میں 40 سالہ فاطمہ اور 16 سالہ بیٹی انیسہ شامل ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    متوفی ڈرگ روڈ کینٹ بازار کا رہائشی اور3 بچوں کا باپ تھا، جس میں دو بیٹیاں اورایک بیٹا ہے اوراپنی رہائش گاہ سے کسی رشتے دار کے گھر جا رہا تھا کہ یہ حادثہ پیش آیا۔

    حادثے کے بعد شارع فیصل پر وقتی طور پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورت حال پر قابو پالیا۔

    اس سے قبل راشد منہاس روڈ پر ایک خوفناک حادثہ پیش آیا تھا جس میں خاتون اور بچی سمیت دو افراد جاں بحق اور ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی تھیں۔

    حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، خونی ڈمپر ریت سے بھرا ہوا تھا جو کار پر گرگیا، حادثے کے کافی دیر بعد بھاری بھرکم ڈمپر کو ہیوی مشینری کی مدد سے اٹھایا گیا دبی ہوئی کار میں سے ایک بچی اور ایک خاتون کی لاش نکال لی گئی۔

  • کراچی : خونی ٹریلر نے ایک اور موٹر سائیکل سوار کی جان لے لی

    کراچی : خونی ٹریلر نے ایک اور موٹر سائیکل سوار کی جان لے لی

    کراچی : شہر قائد میں ایک اور موٹر سائیکل سوار خونی ٹریلر کے پہیوں تلے آکر کچلا گیا، دوسرے واقعے میں ایک راہگیر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی فردوس چالی کے قریب تیز رفتار خونی ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شہری کچل کر جاں بحق ہوگیا، حادثے میں موٹر سائیکل پر بیٹھا دوسرا شخص زخمی ہوگیا۔

    اس حوالے سے متوفی کے اہل خانہ نے میڈیا کو بتایا کہ خونی ٹریلر کی زد میں آنے والے دونوں افراد آپس میں کزن ہیں، جاں بحق ہونے والے شخص کا نام شہباز اور زخمی ہونے والے کا نام شاہ میر ہے۔

    اہل خانہ کے مطابق دونوں کزن مہران ٹاؤن سے بھینس کالونی بھتیجی کو چھوڑ کر واپس آرہے تھے کہ حادثہ ہوگیا۔

    یہ اندوہناک حادثہ داؤد چورنگی لانڈھی میں پیش آیا، متوفی شہباز ضلع میر پور خاص تحصیل ڈگری گاؤں دیال گڑھ کا رہائشی تھا۔

    دوسرے واقعے میں پرانی سبزی منڈی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک راہگیر کے جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے، ریسکیوحکام کا کہنا ہے کہ فی الحال راہگیر کی شناخت نہیں ہو سکی ہے، لاش کو قانونی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

  • کراچی : ٹریلر سے کچل کر ایک اور موٹر سائیکل سوار جاں بحق

    کراچی : ٹریلر سے کچل کر ایک اور موٹر سائیکل سوار جاں بحق

    کراچی : شہر قائد میں ٹریفک حادثات میں 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، کورنگی انڈسٹریل ایریا میں ایک اور  شخص ٹریلر سے کچل کر جاں بحق ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کورنگی انڈسٹڑیل ایریا گودام چورنگی پر تیز رفتار ٹریلر کی زد میں آکر نوجوان کے جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    حادثے کے بعد پولیس اور امدادی کارکنان جائے وقوعہ پر پہنچے اور جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش کو قانونی کارروائی کیلیے جناح اسپتال منتقل کیا۔

    ریسکیوحکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عرفان کے نام سے ہوئی ہے، اہل خانہ کے مطابق متوفی عرفان موٹرسائیکل پر سوار تھا۔

    متوفی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ عرفان شادی شدہ اور ایک بچے کا باپ تھا جو مقامی گارمنٹ فیکٹری میں درزی کا کام کرتا تھا، متوفی شیریں جناح کالونی کا رہائشی اور کچھ روز قبل عمرہ کرکے واپس آیا تھا۔

    دوسرے واقعے میں کراچی کے علاقے کورنگی نمبر4 پر فائرنگ سے نوجوان کے زخمی ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے، پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ 2 دوستوں میں مذاق کے دوران گولی چل گئی۔

    زخمی نوجوان کی شناخت 18 سالہ دانیال کے نام سے کی گئی ہے جو اپنے ایک دوست کے ہمراہ گرلز کالج کے باہر بیٹھا ہوا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں میں کسی بات پر مذاق چل رہا تھا کہ اس دوران اچانک فائر ہوگیا اور ایک گولی دانیال کے پاؤں میں جا لگی، فائرکرنے والا ملزم اویس گرفتاری کے خوف سے فرار ہوگیا۔

    مزید پڑھیں : واٹر ٹینکر نے ایک اور موٹر سائیکل سوار کی جان لے لی

    اس سے قبل مانسہرہ کالونی کے قریب واٹر ٹینکر نے ایک موٹر سائیکل سوار کی جان لے لی، ٹریفک حادثے کے بعد موٹر سائیکل سوار کی لاش بہت دیر تک واٹر ٹینکر کے نیچے پھنسی رہی۔