Tag: motorcyclists

  • لفٹ لینے کے بہانے خاتون نے موٹر سائیکل سوار شہری کو لوٹ لیا

    لفٹ لینے کے بہانے خاتون نے موٹر سائیکل سوار شہری کو لوٹ لیا

    کراچی : کورنگی میں خاتون ملزمہ لفٹ لینے کے بہانے موٹر سائیکل سوار شہری لوٹ کر ساتھیوں سمیت فرار ہوگئی۔

    اس حوالے سے حذیفہ نامی شہری نے عوامی کالونی تھانے میں شکایت درج کروائی جس میں بتایا گیا کہ فیکٹری سے گھر آتے ہوئے کورنگی سنگر چورنگی پر کھڑی ملزمہ نے اسے روک کر لفٹ مانگی۔

    درخواست گزار کے مطابق مذکورہ نقاب پوش مسلح ملزمہ کے بیک اپ پر 2 موٹرسائیکل سوار 3ملزمان موجود تھے، کورنگی نمبر5ماڈل پارک کے قریب خاتون ملزمہ نے مجھے موٹر سائیکل سے اترنے کا کہا۔

    شہری حذیفہ کا کہنا ہے کہ ملزمہ موٹرسائیکل سے اتری اور اپنے ہینڈ بیگ سے اسلحہ نکال کر میرے سینے پر رکھ دیا، ملزمہ نے سرعام نقدی رقم اور موبائل فون لوٹ لیا۔

    درخواست گزار نے بتایا کہ واردات کے دوران مسلح ملزمہ نے مجھے تشدد کا نشانہ بھی بنایا اور اپنے دیگر موٹرسائیکل سوار ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہوگئی۔

    متاثرہ شہری نے اندراج مقدمہ کیلئے عوامی کالونی تھانے میں درخواست جمع کر وادی ہے، پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں شروع کردیں۔

    اندھی گولی لگنے سے خاتون زخمی 

    علاوہ ازیں کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر سیون اے ایک گھر میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے خاتون زخمی ہوگئی۔

    پولیس حکام کے مطابق زخمی خاتون کی شناخت45سالہ آسیہ کے نام سے کی گئی ہے۔ زخمی آسیہ کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

     

  • سپریم کورٹ نے موٹر سائیکل سواروں کیلئے حکم جاری کردیا

    سپریم کورٹ نے موٹر سائیکل سواروں کیلئے حکم جاری کردیا

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے موٹر وے پر موٹر سائیکل چلانے کی اجازت دینے سے متعلق کیس کا فیصلہ جاری کردیا۔ عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں موٹروے پر موٹر سائیکل چلانے کی اجازت دینے کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی، جس کے بعد سپریم کورٹ نے کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے۔

    نو صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس محمد علی مظہر نے تحریر کیا، جس کے مطابق موٹر وے پر موٹر سائیکل چلانے کیخلاف وفاقی حکومت کی درخواست منظور کرلی گئی۔

    تحریری فیصلے میں سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے لکھا کہ موٹر ویز پر موٹر سائیکل چلانے کی اجازت دینا خطرناک ہوسکتا ہے۔

    سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ ملکی قوانین شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کیلئے بنائے جاتے ہیں، حکومت کے پاس احتیاطی تدابیر کے تحت مخصوص علاقوں میں موٹرسائیکل پر پابندی کا اختیار ہے۔

    فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ موٹروے پرتیز رفتار ٹریفک موٹر سائیکل سواروں کیلئے خطرناک ہوگی، شہریوں کی حفاظت کیلئے موٹر سائیکل پر پابندی بنیادی حقوق کی خلاف ورزی نہیں۔

     

    موٹر وے پر بائیکس چلانے کے خلاف وفاقی حکومت کی درخواست منظور کر لی گئی موٹر  ویز پر بائیکس چلانے کی اجازت دینا خطرناک ہوسکتا ہے،موٹر وے پر تیز رفتار  ٹریفک موٹرسائیکل

    واضح رہے کہ اسلام آباد لاہور موٹروے (ایم ٹو) کی تعمیر کے بعد نیشنل ہائی وے سیفٹی آرڈیننس 2000 کے تحت موٹروے پولیس کو قومی شاہراہوں پر ٹریفک کو ریگولیٹ اور کنٹرول کرنے کے اختیارات دیئے گئے تھے۔ ایم ٹو موٹروے پر موٹر سائیکل چلانے پر روزِ اول سے پابندی عائد ہے۔

    مذکورہ پالیسی ہائی ویز اور موٹروے کوڈ رول 202 میں شامل ہے، روڈ ٹریفک کے ویانا کنوینشن کے مطابق سڑک کے اصولوں سے متعلق حکومتی دستاویز1968 میں تیار کی گئی تھی۔

    اس پابندی سے صرف موٹروے پولیس کو پٹرولنگ کے لیے 500 سی سی کی موٹر سائیکل استعمال کرنے کا استثنیٰ حاصل تھا لیکن اسے بھی حفاظت کی وجہ سے جاری نہیں رکھا گیا اور بائیکس کو کاروں سے پیٹرول کاروں میں تبدیل کردیا گیا۔

  • کراچی میں اب موٹرسائیکل سوارکوبغیرہیلمٹ پیٹرول نہیں ملےگا

    کراچی میں اب موٹرسائیکل سوارکوبغیرہیلمٹ پیٹرول نہیں ملےگا

    کراچی : ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا ہے کہ کراچی میں اب موٹرسائیکل سوار کو بغیر ہیلمٹ پیٹرول نہیں ملےگا، خلاف ورزی کرنیوالےپمپ مالکان کےخلاف کارروائی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک جاویدمہر نے کمشنرکراچی کوخط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ موٹرسائیکل سوار کو بغیر ہیلمٹ پیٹرول نہیں ملےگا، پمپس انتظامیہ نوٹیفکیشن لگانے کی پابند ہوگی۔

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنیوالے پمپ مالکان کے خلاف کارروائی کی جائےگی، پابندی سے متعلق نوٹیفکیشن کمشنر کراچی جاری کریں ۔

    اوگرا نے بھی ہدایت کردی کہ ہرصورت پابندی کویقینی بنایا جائے۔

    خیال رہے گذشتہ سال نومبر میں راولپنڈی اور لاہور میں پابندی عائد کی گئی تھی کہ بغیر ہیلمٹ کسی موٹر سائیکل سوار کو پیٹرول فراہم نہیں کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : کراچی پولیس چیف نے شہریوں کو ہیلمٹ کی خریداری کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دےدی

    یاد رہے کہ ان دنوں پولیس موٹر سائیکل سواروں سے ہیلمٹ کی پابندی یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے، پولیس کے اے آئی جی ڈاکٹرامیرشیخ نے کہا چند روز قبل کہا تھا کہ شہریوں کو ہیلمٹ کی خریداری کے لیے ایک ہفتے کا وقت اور لائسنس بنوانے کے لیے ایک ماہ کا وقت دیتےہیں۔

    واضح رہے موٹر سائیکل سواروں سے قواعد کی پابندی کرانے کا سلسلہ لاہور سے شروع ہوا تھا جہاں سب سے پہلے مال روڈ پر بغیر ہیلمٹ آنے والوں کے چالان کرنا شروع کیے گئے اور دودن میں لگ بھگ 4 ہزار افراد کے چالان کردیے گئے جبکہ مجموعی طور پر پورے شہر میں 22 ہزار سے زائد چالان کیے گئے تھے۔