Tag: motorway

  • موٹر وے پر کھڑی کار میں 4 افراد کی ہلاکت کیسے ہوئی؟ فرانزک رپورٹ آ گئی

    موٹر وے پر کھڑی کار میں 4 افراد کی ہلاکت کیسے ہوئی؟ فرانزک رپورٹ آ گئی

    لاہور: موٹر وے پر کھڑی کار میں 4 افراد کی ہلاکت کیسے ہوئی تھی؟ آخرکار ایک مہینہ اور نو دن بعد فرانزک رپورٹ آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق موٹر وے بھیرہ انٹرچینج کے قریب گاڑی میں 4 افراد کی ہلاکت کے حوالے سے فرانزک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چاروں افراد کی ہلاکت کاربن مونو آکسائیڈ گیس سے ہوئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کاربن مونو آکسائیڈ گیس کار میں جمع ہونے کی وجہ سے اندر بیٹھے افراد کا سانس بند ہوا، ٹیسٹ کے دوران کسی دوسری نشہ آور شے کی نشان دہی نہیں ہوئی، امکان ہے ایگزاسٹ پائپ سے گیس لیک ہو کر گاڑی میں جمع ہوتی رہی تھی، گاڑی کے اے سی سے بھی گیس جمع ہونے کا امکان ہے۔

    یاد رہے کہ 23 اگست کو گاڑی سے 2 خواتین سمیت 4 افراد کی لاشیں ملی تھیں، جب کہ ڈرائیور زندہ لیکن تشویش ناک حالت میں ملا تھا جسے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    ابتدائی طور پر اس کیس میں کہا جا رہا تھا کہ سالم کے قریب موٹروے پر ان افراد کی ہلاکت زہر خورانی سے ہوئی ہے، ڈرائیور نے ہوش آنے پر بتایا تھا کہ انھوں نے دوران سفر خانقاہ ڈوگراں گورمے بیکری سے جوس اور کھانے پینے کی چیزیں خریدی تھیں، جس کی وجہ سے سانحہ پیش آیا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوڈ اتھارٹی اور مقامی انتظامیہ کے افسران نے تمام بیکریوں کا ریکارڈ چیک کیا تھا اور وہاں موجود اشیا کے نمونے لے کر لیبارٹری بھیجے۔ مزید یہ کہ گاڑی سے ملنے والے بیج کسی بھی بیکری سے میچ نہیں کر سکے تھے، نہ ہی کسی بیکری سے زائد المیعاد چیز نہیں ملی تھی۔

    کار میں بیٹھے بیٹھے اپنی قیمتی زندگیوں سے محروم ہونے والی فیملی کا تعلق لاہور سے تھا، متاثرہ فیملی میکلوڈ روڈ پر رہائش پذیر تھی۔

  • سپر ہائی وے کو موٹر وے قرار دینے کی بجائے نیا موٹر وے کیوں نہیں بنایا جا رہا؟ سندھ ہائیکورٹ

    سپر ہائی وے کو موٹر وے قرار دینے کی بجائے نیا موٹر وے کیوں نہیں بنایا جا رہا؟ سندھ ہائیکورٹ

    کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے موٹر وے اسکیم سے شہریوں کے متاثر ہونے کے کیس میں اہم سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ’سپر ہائی وے کو موٹر وے قرار دینے کی بجائے نیا موٹر وے کیوں نہیں بنایا جا رہا؟‘

    سندھ ہائی کورٹ میں موٹر وے ایم 5 پر سروس روڈ سمیت دیگر سہولتوں تک رسائی کے کیس میں عدالت نے سوال اٹھایا ہے کہ جن شہریوں کی جائیدادیں سپر ہائی وے کے اطراف ہیں انھیں وہاں رسائی سے کیسے روکا جا سکتا ہے۔

    وکیل این ایچ اے نے بتایا کہ ان شہریوں کے داخلے کے لیے انٹری گیٹ تعمیر کیے جا رہے ہیں، لیکن یہ لوگ تعمیرات کے لیے ادائیگی نہیں کر رہے ہیں۔

    جسٹس صلاح الدین پنہور نے کہا کہ یہ لوگ ادائیگی کیوں کریں گے؟ کیا اسکیم میں یہ شامل نہیں؟ ایک شخص کی یہاں زمین ہے اور اچانک سڑک بن جائے تو کیا حق ملکیت ختم ہو جائے گا؟

    سندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ موٹر وے بناتے ہوئے پرانی زمینوں کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا، شہریوں کو سہولتوں کی فراہمی اسکیم کا حصہ ہونا چاہیے۔

    عدالت نے نکتہ اعتراض اٹھایا کہ سکھر حیدرآباد، لاہور اسلام آباد موٹر وے تو نئے بنائے گئے، جی ٹی روڈ کو تو موٹر وے نہیں بنایا گیا۔ کیس کی سماعت کے بعد سندھ ہائیکورٹ نے این ایچ اے سمیت دیگر فریقین سے 28 اگست کو جواب طلب کر لیا۔

  • نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے موٹر وے کے ٹول ٹیکس میں اضافہ کر دیا

    نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے موٹر وے کے ٹول ٹیکس میں اضافہ کر دیا

    لاہور: نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے موٹر وے کے ٹول ٹیکس میں اضافہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق این ایچ اے نے موٹر وے ٹول ٹیکس میں اضافہ کر دیا ہے، لاہور سے اسلام آباد تک سفر کرنے والی گاڑیوں کو 1100 روپے ٹول ٹیکس دینا ہوگا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی ہر گاڑی سے فی کلو میٹر 3 روپے 7 پیسے وصول کرے گی، موٹر وے پر سفر کرنے والی مسافر وین سے 2 ہزار 590 روپے وصول کیے جائیں گے، مسافر بسوں کو 10 روپے 29 پیسے فی کلو میٹر کے حساب سے 3 ہزار 690 روپے دینا ہوں گے۔

    سامان کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والے ٹرکوں کے ٹول ٹیکس میں بھی اضافہ ہو گیا، نیشنل ہائی وے اتھارٹی ہر ٹرک سے 17 روپے 22 پیسے فی کلو میٹر وصول کرے گی۔

  • موٹر وے پر اووراسپیڈنگ، پولیس نے ٹریکر سسٹم سے خود نگرانی شروع کر دی

    موٹر وے پر اووراسپیڈنگ، پولیس نے ٹریکر سسٹم سے خود نگرانی شروع کر دی

    کراچی: موٹر وے پولیس نے ملک بھر میں ٹریکر سسٹم کے ذریعے مسافر بسوں کی خود نگرانی شروع کر دی۔

    موٹر وے پر اوور اسپیڈنگ کرنے والی مسافر بسوں کے ڈرائیورز ہوشیار ہو جائیں، موٹر وے پولیس نے ٹریکر سسٹم کے ذریعے اب باقاعدہ سیٹلائٹ مانیٹرنگ کا استعمال شروع کر دیا ہے۔

    ‘یہاں کیمرہ موجود نہیں ہے چلو گاڑی تیزی سے بھگا لیتے ہیں’ اکثر ڈرائیور یہی سوچ پر اووراسپیڈنگ کر جاتے ہیں، لیکن موٹر وے پر اب ایسا نہیں چلے گا۔

    سیکٹر کمانڈر موٹر وے سید فرحان شاہ نے بتایا کہ پاکستان بھر میں مسافر بسوں کی مانیٹرنگ شروع کی گئی ہے، اور ایک شہر سے دوسرے شہر یا صوبے جانے والی ساڑھے 6 ہزار سے زائد بسوں کی ٹریکنگ ہو رہی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اوور اسپیڈنگ کی وجہ سے حادثات بہت بڑھتے جا رہے تھے، جس کے سد باب کے لیے یہ نیا سلسلہ شروع کیا گیا ہے، پہلے پی ایس وی بسوں میں ٹریکر سسٹم لگے ہوتے تھے، ہم نے ان کے ساتھ میٹنگ کی اور ان کے ٹریکر کا سسٹم حاصل کر لیا۔

    سیکٹر کمانڈر سید فرحان شاہ کے مطابق ٹریکر سسٹم کا ایکسس موٹر وے پولیس کے سیکٹر آفس میں لگایا گیا ہے، اور بسوں کی مانیٹرنگ آفس سے کی جاتی ہے، یعنی انٹر سٹی جانے والی بس اگر اوور اسپیڈ کرتی ہے تو اب موٹر وے پولیس خود ان کو ٹریک کرتی ہے، پولیس اب کمپنی کی محتاج نہیں رہی۔

    انھوں نے بتایا کہ حد سے زیادہ رفتار سے جانے والے بسوں کو روکا جاتا ہے، اور نہ صرف ان پر جرمانہ کیا جاتا ہے بلکہ ان کو تنبیہ بھی کی جاتی ہے۔

    سیکٹر کمانڈر کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 100 سے زیادہ جرمانے کیے جا رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جرمانوں کی تعداد زیادہ نہ ہوں بلکہ ڈرائیور ہی اووراسپیڈنگ چھوڑیں، تاکہ حادثات میں کمی واقع ہو۔

  • خواتین کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کرنے والا گروہ پکڑا گیا

    خواتین کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کرنے والا گروہ پکڑا گیا

    اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف ) نے منشیات اسمگلنگ میں ملوث گروہ کو بے نقاب کردیا۔

    ترجمان اے این ایف کے مطابق موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کےقریب خفیہ اطلاعات پر کارروائی عمل میں لائی گئی اور ایک کار سے مجموعی طور پر 104کلو 400گرام منشیات برآمد کرلی گئی، منشیات میں 87کلو 600 گرام چرس ،16کلو 800گرام افیون شامل تھی۔

    ترجمان کے مطابق واقعے کا افسوسناک پہلو یہ ہے کہ گھناؤنے دھندے میں ملوث تین خواتین سمیت چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی میں چوری کی موٹرسائیکل دے کر منشیات خریدنے کا انکشاف

    اےاین ایف کے مطابق منشیات گاڑی کےفرش میں بنائےگئے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی۔

    یہ پہلا موقع نہیں ہے جب خواتین کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنایا گیا ہے۔

    اس سے قبل کراچی پولیس نے بھی بلوچستان سے منشیات لاکر فروخت کرنیوالے گروہ کے 14 کارندے گرفتار کئے تھے، جن میں پانچ خواتین بھی شامل تھیں۔

  • موٹر وے پر دو کم عمر لڑکوں کا لرزہ خیز قتل

    موٹر وے پر دو کم عمر لڑکوں کا لرزہ خیز قتل

    راولپنڈی کی تحصیل ٹیکسلا میں نامعلوم ملزمان کے ہاتھوں دو کم عمر بچوں کے لرزہ خیز قتل نے سنسنی پھیلادی ہے۔

    پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ ٹیکسلا کی حدود میں پیش آیا جہاں نامعلوم ملزمان نے دو کم عم لڑکوں کو قتل کیا اور لاشیں موٹروے پر پھینک کر فرارہو گئے، قتل ہونے والے لڑکوں کی عمریں 10 سے 12 سال کے درمیان ہیں۔

    پولیس کے مطابق فوری طور پر قتل کے محرکات معلوم نہ ہوسکےاور لڑکوں کی شناخت بھی نہ ہوسکی ہے، موبائل فرانزک لیبارٹری کی مدد سے جائے وقوعہ سے اہم شواہد جمع کیے ہیں، لڑکوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال ٹیکسلا منتقل کر دیا گیا ہے۔

    ترجمان پولیس کے مطابق سی پی او عمر سعید ملک نے جائے وقوعہ کا دورہ کرکے ایس پی پوٹھوہار سے تفصیلات لیں اور جائے واردات کا جائزہ لیا، پولیس کا کہنا تھا کہ قتل کی اندوہناک واردات میں ملوث ملزمان کی تلاش کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں جبکہ مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    پولیس افسران نے تفتیشی افسران کو ہدایت کی ہے کہ معاملے کی تحقیقات زیادتی قتل، اغوا سمیت دیگر پہلوں پر بھی کی جائے تاکہ جلد ملزمان کو گرفتار کیا جاسکے۔

  • ہوشیار! موٹر وے پر تیز رفتاری پر بھاری جرمانہ عائد

    ہوشیار! موٹر وے پر تیز رفتاری پر بھاری جرمانہ عائد

    اسلام آباد: موٹر وے پولیس نے قومی شاہراؤں پر نئے جرمانوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیز رفتاری پر 10 ہزار اور دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر 2 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراؤں پر یکم جنوری سے نئے جرمانوں کا اطلاق ہوگا، تیز رفتاری پر بسوں کو 10 ہزار جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    ترجمان کے مطابق تیز رفتاری پر کار کو ڈھائی ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔ پبلک سروس میں مسافروں کی اوور لوڈنگ پر 5 ہزار جرمانہ ہوگا۔

    نئے ضوابط کے مطابق بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر ایک ہزار جرمانہ ہوگا۔ بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر کار، موٹر سائیکل اور ایل ٹی وی کو 5 ہزار جرمانہ ہوگا۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ دوران ڈرائیونگ موبائل استعمال پر موٹر سائیکل سوار کو 500 جبکہ کار ڈرائیور کو 2 ہزار جرمانہ ہوگا۔

  • سکھر سے ملتان موٹروے ایم فائیو کھول دی گئی

    سکھر سے ملتان موٹروے ایم فائیو کھول دی گئی

    لاہور: ترجمان موٹروے کا کہنا ہے کہ سکھر سے ملتان موٹروے ایم فائیو کھول دی گئی، دونوں شہروں کے درمیان موٹروے کا سفر 392 کلو میٹر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان موٹروے نے بتایا کہ سکھر سے لاہور کا فاصلہ بذریعہ موٹروے 700کلو میٹر ہے، اور سکھر سے فیصل آباد 622کلومیٹر جبکہ اسلام آباد 930کلو میٹر ہے۔

    موٹروے پر سکھر سے پشاور کا سفر1085کلو میٹر ہے، سکھر سے ملتان ایم 4 اور ایم 5 پر فیول اسٹیشنز نہیں ہیں، گاڑی کی مکمل فلنگ کراکر سکھر سے ملتان کا سفر کیا جائے، موٹروے پولیس نے سفر سے متعلق خصوصی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔

    ترجمان موٹروے نے ہدایت کی کہ سکھر سے ملتان کے سفر میں کھانے پینے کا سامان بھی ساتھ رکھیں، شہری تیز رفتاری سے گریز اور رات کو فیملیز کے ہمراہ سفر نہ کریں، سکھر ملتان موٹروے کے کچھ حصوں پر کام جاری ہے۔

    خیال رہے کہ موجودہ حکومت مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ گزشتہ سال نومبر سے موٹروے پولیس اور این ایچ اے کے اشتراک سے موبائل ایپ کا اجرا کیا جاچکا ہے۔

    موٹر وے پولیس اور این ایچ اے کے اشتراک سے موبائل ایپ کا اجرا

    وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے موٹروے پولیس اور این ایچ اے کے اشتراک سے موبائل ایپلی کیشن ہمسفر کا اجرا کیا، دوران سفر مسافروں کو ہر ممکن سہولت کے لیے اقدامات کرتے رہیں گے۔

  • ملک کے مختلف شہروں میں شدید دھند کا راج، موٹرویز بند

    ملک کے مختلف شہروں میں شدید دھند کا راج، موٹرویز بند

    لاہور: ملک کے مختلف شہروں میں شدید دھند کے باعث موٹرویز بند کردی گئیں، شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں جبکہ بالائی سندھ میں دھند کی چادر تن گئی، جس کے باعث نظام زندگی مفلوج ہے۔

    خیبرپختونخواہ میں موٹروے اور نیشنل ہائی وے پر حد نظر کم ہے، موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئی تک ٹریفک کے لیے بند کردی گئی۔

    موٹروے انتظامہ کے مطابق موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن اور فیصل آباد سے گوجرہ تک بھی ٹریفک کے لیے بند ہے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال ضرور کریں اور بلاضرورت سفر کرنے سے بھی گریز کیا جائے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے پنجاب میں شدید دھند نے نظام زندگی درہم برہم کردی تھی۔

    شیخوپورہ، فیصل آباد، گوجرہ، پنڈی بھٹیاں اور سکھیکی میں شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 2 پنڈی بھٹیاں سے شیخوپورہ تک بند رہی تھی۔

    علاوہ ازیں کوئٹہ، قلات اور دیر میں سردی میں مزید اضافے کی توقع ہے، جبکہ کراچی، حیدرآباد، سکھر، گوجرانولہ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، ملتان، ڈی جی خان، ساہیوال اور بہاولپور میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند متوقع ہے۔

  • لندن: بچوں سے بھری وین الٹ گئی، 41 بچے زخمی، کئی کی حالت نازک

    لندن: بچوں سے بھری وین الٹ گئی، 41 بچے زخمی، کئی کی حالت نازک

    لندن: برطانوی دارالحکومت میں موٹروے پر بچوں سے بھری وین الٹ گئی جس کے نتیجے میں 41 بچے زخمی ہوگئے جبکہ کئی کی حالت نازک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لندن کے موٹروے پر چلتی وین اچانک الٹ گئی جس کے باعث بس میں سوار 41 بچے زخمی ہوئے جبکہ متعدد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے بچوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، اور قریبی اسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کر دی گئی۔

    حادثے کے فوراً بعد موٹروے پر شدید ٹریفک جام ہوگیا، اور گاڑیوں کی روانی رک گئ جبکہ حکام کی جانب سے حالات کا جائزہ لیا جارہا ہے، اور فوری طور پر اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔


    چین میں ٹریفک حادثہ، 36 افراد ہلاک


    پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی بس کو خاص قسم کے آلے کے ذریعے کاٹ کر بھی بچوں کو ریسکیو کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ حادثے کا شکار ہونے والے بس ڈرائیور کو بھی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ جائے حادثے کو گھیرے میں لے کر مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال اگست میں ہی برطانیہ میں ایم ون موٹر وے پر تین گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئی تھیں، خوفناک حادثے میں آٹھ افراد ہلاک اور چار زخمی ہوئے تھے، حادثہ نیو پورٹ پیگنل کے قریب پیش آیا تھا۔