Tag: motorway police

  • موٹر وے پولیس نے مسافروں سے بھری بس کو جلنے سے کیسے بچایا ؟

    موٹر وے پولیس نے مسافروں سے بھری بس کو جلنے سے کیسے بچایا ؟

    لاہور : موٹر وے پولیس ایم 5 نے فرض شناسی اور بہادری کی مثال قائم کردی، بس کے نچلے حصے میں لگنے والی آگ کو پھیلنے سے روک کر کئی مسافروں کی زندگی بچالی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے بس کے ٹائر میں لگی آگ کو فوری بجھا کر مسافروں کو جلنے سے بچا لیا۔

    مذکورہ مسافر بس ہارون آباد سے کراچی جارہی تھی کہ گدو مووی پوائنٹ پر پٹرولنگ کی ڈیوٹی پر مامور افسر باسط علی نے بس کے نچلے حصے میں لگی آگ کو دیکھا۔

    ترجمان کے مطابق پٹرولنگ افسران نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے آگ بجھانے والے آلات کی مدد سے آگ کو بجھا دیا۔

    مسافروں اور بس عملے نے جان بچنے پر موٹر وے پولیس کی فرض شناسی کو قابل فخر قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ایڈیشنل آئی جی علی احمد صابر اور ڈی آئی جی دار علی نے پٹرولنگ کرنے والے ان افسران کی اس کاوش کو سراہا اور شاباش دی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے موٹر وے ایم 14 پر کوئٹہ سے اسلام آباد جانے والی بس حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے۔

    ترجمان موٹر وے پولیس نے بتایا کہ حادثہ بس ڈرائیور کو نیند آنے کی وجہ سے پیش آیا تھا جس کے باعث بس بے قابو ہوکر الٹ گئی تھی۔

  • لاہور : موٹر وے ایک بار پھر بند کردی گئی

    لاہور : موٹر وے ایک بار پھر بند کردی گئی

    لاہور : موٹر وے ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے ہرن مینار تک شدید دھند کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لئے دوبارہ بند کردی گئی ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے کو دھند کےباعث بند کردیا گیا تھا، موٹر ویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفریقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور کے شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات میں سفر کرنے کوترجیح دیں، صبح 10سےشام 6 بجے تک دھند کے موسم میں یہ بہترین سفری اوقات ہیں۔

    ترجمان موٹر وے پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر بالخصوص لاہور اور اسلام آباد کے درمیان سفر سے گریز کریں۔

    ان کاکہنا ہے کہ اپنی گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال لازمی کریں، گاڑی کی رفتار کم رکھیں اور اگلی گاڑی سے مناسب درمیانی فاصلہ رکھیں۔

    اپنا سفر شروع کرنے سے پہلے اسمارٹ فون ایپلی کیشن موٹر وے ہمسفر کا استعمال کریں اور ایف ایم ریڈیو 95 یا ہیلپ لائن130 سے رہنمائی ضرور حاصل کر لیں۔

     

  • موٹر وے پولیس رشوت اور سفارش قبول کرتی ہے؟

    موٹر وے پولیس رشوت اور سفارش قبول کرتی ہے؟

    پاکستان میں موٹر ویز پولیس کارکردگی کیسی ہے اور اہلکاروں کا شہریوں کے ساتھ رویہ کس حد تک قابل تعریف ہے؟ اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں اس بات کا تفصیل سے احاطہ کیا گیا۔

    پروگرام سرِعام کے میزبان اقرار الحسن نے موٹر وے پر اہلکاروں کے ساتھ خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا اس موقع پر شہریوں اور موٹر وے پولیس کے درمیان ہونے والی گفتگو ریکارڈ کی گئی، اس دوران کچھ شہریوں کی جانب سے دلچسپ بہانے بھی سننے میں آئے۔

    موٹر وے پولیس نے وہاں سے گزرنے والی ایک کار کو روکا، جس کے ڈرائیور نے سیٹ بیلٹ نہیں باندھی ہوئی تھی، ڈرائیور کا کہنا تھا کہ وہ دل کا مریض ہے اور سیٹ بیلٹ باندھنے سے اسے گھٹن کا احساس ہوتا ہے جسے پولیس نے تنبییہ کرکے جانے دیا۔

    اس طرح ایک اور کار ڈرائیور نے بھی سیٹ بیلٹ نہیں باندھی اور پولیس کی جانب سے 500 روپے کا چالان دیا گیا اور ڈرائیور نے بغیر کسی بحث و مباحثے کے جرمانے کی رقم ادا کردی۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں نے مجموعی طور پر موٹر ویز پولیس کے رویے کی تعریف کی اور ایک اچھے شہری ہونے کا ثبوت پیش کرتے ہوئے آئندہ ٹریفک قوانین پر مکمل عمل درآمد کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

    جہاں تک رشوت خوری اور شہریوں کو بے جا تنگ کرنے کا سوال ہے اس حوالے سے موٹر وے پولیس کا تصور شہریوں کی نظروں میں بہت زیادہ مثبت ہے اور اے آر وائی سے گفتگو میں لوگوں نے اس عمل کی کُھل کر تعریف بھی کی۔

    واضح رہے کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کرانے کے علاوہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس چوروں اور ڈاکوؤں کیخلاف بھی کارروائیاں کرتی ہے جس کی تازہ مثال گزشتہ روز سامنے آئی۔

    موٹر وے پولیس نے ضلع رحیم یار خان کی پولیس کو مطلوب چھ مویشی چوروں کے گروہ کو گرفتار کرلیا۔ این ایچ ایم پی کے افسر برائے تعلقات عامہ کے مطابق موٹر وے پولیس کو ضلعی پولیس رحیم یار خان سے اطلاع ملی کہ 6 پیشہ ور مویشی چوروں کا ایک گروہ جو ڈاٹسن نمبر ایک آر ٹی-4174میں سفر کر رہا ہے اور روہڑی ٹول پلازہ سے موٹروے (ایم فائیو ) میں داخل ہو گا۔

    اطلاع ملنے پر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے گشت کرنے والی تمام گاڑیوں کو چوکس کر دیا اور گھوٹکی کے قریب ناکہ لگا کر مذکورہ گاڑی کو روک کر پورے گینگ کو گرفتار کر لیا۔

  • موٹروے پولیس میں ہزاروں ملازمتوں کی آن لائن بھرتیاں

    موٹروے پولیس میں ہزاروں ملازمتوں کی آن لائن بھرتیاں

    اسلام آباد : نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ اینڈ ایم پی) نے سینکڑوں ملازمتوں کے لیے خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کیا ہے، امیدواران آن لائن درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے نیشنل ہائی وے اینڈ موٹرویز پولیس میں گریڈ 15 تک کی 2ہزار331خالی اسامیوں پر بھرتی کی منظوری دے دی ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے گریڈ 7 کے جونیئر پٹرول افسر کی سب سے زیادہ 2100 خالی اسامیوں، گریڈ 15 کے اسسٹنٹ کی چار اسامیوں، گریڈ 14 کے اسٹینوٹائپسٹ کی 35، گریڈ 13 کے فوٹوگرافر کی 46، گریڈ 13 کے یوڈی سی کی 31، گریڈ 11 کے ایل ڈی سی کی 77 اور گریڈ 7 کے پیرا میڈیکل سٹاف کی 37 خالی اسامیوں پر بھرتی کی منظوری دی ہے۔

    حکومت کی منظوری کے بعد وزارت مواصلات مذکورہ اسامیوں پر آئندہ ہفتے سے بھرتی کے عمل کا باقاعدہ آغاز کرے گی، سندھ اور بلوچستان کے ڈومیسائل رکھنے والے امیدواروں والوں کو متعلقہ صوبوں میں ہی تعینات کیا جائے گا۔

    motorway

    اس کے علاوہ پنجاب پولیس میں بھی بھرتیوں کا اشتہار شائع کروا دیا گیا ہے، صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع میں کانسٹیبلوں ، لیڈی کانسٹیبلوں، ڈرائیورز اور ٹریفک اسسٹنٹ کی گریڈ 7 کی خالی اسامیوں پر بھرتی کیلئے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔

    موٹروے پولیس کی ملازمتوں کے لیے آن لائن درخواست دینے کا طریقہ

    امیدواران سب سے پہلے درخواست فارم حاصل کرنے کے لیے این ایچ ایم پی پلیٹ فارم تک رسائی حاصل کرنے کے لیے اس لنک https://nhmp.gov.pk/careers پر جائیں۔

    اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ تمام مطلوبہ معلومات کو درست طریقے سے پُر اور تمام مطلوبہ دستاویزات منسلک کررہے ہیں۔

    درخواست جمع کرانے کے بعد موٹروے پولیس کی طرف سے تصدیقی کال یا ٹیکسٹ میسج موصول کرنے کے لیے تیار رہیں۔

    اگر آپ تصدیق حاصل کرنے والے خوش قسمت امیدواروں میں شامل ہیں تو انٹرویو کے لیے خود کو جسمانی اور ذہنی طور پر تیار کرنا شروع کر دیں۔

    انٹرویو کے لیے اپنے ریکارڈ کی تصدیق شدہ فوٹو کاپیوں کے ساتھ ساتھ اپنے جسمانی اور طبی ریکارڈ کے ساتھ تمام اصل دستاویزات ساتھ لانا یقینی بنائیں۔

  • موٹروے پر سفر کرنے والوں کیلیے نئی ہدایات جاری

    موٹروے پر سفر کرنے والوں کیلیے نئی ہدایات جاری

    اسلام آباد پولیس نے بین الاضلاعی سفر کرنے والے مسافروں کی حفاظت کیلئے نیا ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔

    یہ اقدام موٹروے پر حالیہ حادثات اور ان میں سے 18 افراد کی شناخت نہ ہونے پر اٹھایا گیا۔

    اس حوالے سے ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کا کہنا ہے کہ نئے ہدایت نامے پر ایس ایس پی سی ٹی ڈی، چیف ٹریفک آفیسر، زونل ڈی پی اوز عمل درآمد کروائیں گے۔

    بس اڈوں کے انچارج سے اڈوں اور مسافروں کی تفصیلات اکٹھی کی جائیں گی اور روزانہ مسافروں کی تفصیلات کا ڈیٹا مرتب کیا جائے گا۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بس اڈوں پر پارکنگ کے قانون کو ہر صورت نافذالعمل بنایا جائے گا، بس اڈوں کیلئے الگ جگہیں مختص کی جائیں گی، تمام موجودہ بس اڈوں کی جیو ٹیگنگ کے بعد ان کا اندراج جی آئی ایس نظام میں کیا جائے گا،تمام مسافروں کا ریکارڈ ہوٹل آئی نظام میں اندراج کیا جائے گا۔

    ترجمان نے کہاکہ بس اڈوں پر ٹریفک کے انتظامات کی نگرانی سیف سٹی کے ذریعے کی جائے گی۔

     

  • پنجاب میں شدید دھند : موٹر ویز پولیس نے اہم بیان جاری کردیا

    پنجاب میں شدید دھند : موٹر ویز پولیس نے اہم بیان جاری کردیا

    لاہور : صوبہ پنجاب کے بیشترعلاقے اِن دِنوں شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، دھند کے باعث موٹر وے بند ہیں جب کہ ریلوے اور فضائی آپریشن بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

    شدید دھند کے باعث شہریوں کو روز مرہ کے معمولات میں بھی دشواری کا سامنا ہے، حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے اور ڈرائیونگ کے دوران لوگوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    اس حوالے سے موٹر وے پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ دھند چھٹنے پر موٹر وے ایم 5کو جلال پور سے شیر شاہ تک کھول دیا گیا ہے جبکہ موٹروےایم 4شیر شاہ سے عبدالحکیم انٹرچینج تک کلیئرہے۔

    ماحولیاتی آلودگی

    ترجمان نے بتایا ہے کہ موٹر وےایم 2ٹھوکر نیاز بیگ سے ہرن مینار تک دھند کےباعث بند ہے، اس کے علاوہ موٹروے ایم 3فیض پور سے سمندری تک شدید دھندکے باعث ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہے۔

    پروازوں کا شیڈول

    لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند سے کئی مقامات پر صبح کے وقت حد نگاہ صفر تک رہی، موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔

  • موٹروے پولیس کی کارروائی، منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    موٹروے پولیس کی کارروائی، منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    راولپنڈی: صوبہ پنجاب کے ضلع راولپنڈی میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش کا ناکام بنادیا گیا ہے۔

    موٹر وے پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چکری کے مقام پر موٹر وے پولیس نے کارروائی کی اور گاڑی میں موجود بوریوں کی تلاشی کے دوران 11 کلو منشیات برآمد کرلی۔

    موٹروے پولیس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں منشیات کی قیمت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے، کامیاب کارروائی کے بعد منشیات کو اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ رواں سال اگست میں وفاقی دارالحکومت میں منشیات کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کیا گیا تھا، جس کے لئے اسلام آباد پولیس ہیڈکوارٹر میں ڈائریکٹوریٹ میڈیا بھی قائم کیا گیا۔

    مزید پڑھیں: بھیڑوں کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ کیسے پکڑی گئی؟

    ایس ایس پی آپریشن ڈاکٹر مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ جرائم کے حوالے سے ہفتہ وار بریفنگ دی جائے گی اور کرائم کے حوالے سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔

    ماہ جولائی میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے اے این ایف ہیڈکوارٹرزکا دورہ کیا تھا، حکام نے آرمی چیف کو آپریشنل امور پر تفصیلی بریفنگ دی تھی، اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف کا کہنا تھا کہ ’منشیات کا مکروہ دھندہ کرنے والے قومی سلامتی کیلئےخطرہ اور منشیات تیار کرنے والےانسانیت کے دشمن ہیں۔

  • موٹروے پولیس کا شہید انسپکٹراحسان کے لواحقین کے لیے امداد کا اعلان

    موٹروے پولیس کا شہید انسپکٹراحسان کے لواحقین کے لیے امداد کا اعلان

    کراچی : موٹروے پولیس نے شہید انسپکٹراحسان کے لواحقین کے لیے 75 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے، شہید کے بچوں کے تعلیمی اخراجات محکمہ برداشت کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی موٹروے پولیس اے ڈی خواجہ نے شہید انسپکٹر احسان کے لواحقین کے لیے75 لاکھ روپے امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہید کے لواحقین کوہرماہ پنشن کے علاوہ خصوصی الاؤنس بھی دیا جائے گا۔

    آئی جی موٹروے پولیس کا کہنا تھا کہ شہید کے بچوں کے تعلیمی اخراجات محکمہ برداشت کرے گا۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل موٹروے پرچکری انٹرچینج کے قریب تیز رفتار دو ٹرالر آپس میں ٹکرائے جس کے بعد ایک بے قابو ہو کر موٹروے پولیس وین پرچڑھ گیا۔

    موٹروے پولیس کے مطابق افسوس ناک حادثے میں انسپکٹراحسان جاں بحق جبکہ سب انسپکٹرصبور الہیٰ شدید زخمی ہوگئے تھے۔

    فرائض کی ادائیگی کے دوران موٹروے پولیس کا سب انسپکٹرشہید

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ لودھراں میں دھند کے باعث حادثے کا شکارہونے والی گاڑیوں کو سب انسپکٹر سڑک سے ہٹا رہا تھا کہ دھند میں آنے والی تیزرفتاربس نے اسے کچل ڈالا۔

    حادثے میں فرائض کی ادائیگی کے دوران موٹروے پولیس کا سب انسپکٹرسعید خان شہید ہوگیا تھا۔

  • فرائض کی ادائیگی کے دوران موٹروے پولیس کا سب انسپکٹرشہید

    فرائض کی ادائیگی کے دوران موٹروے پولیس کا سب انسپکٹرشہید

    لودھراں: صوبہ پنجاب کے شہر لودھراں میں فرائض کی ادائیگی کے دوران موٹروے پولیس کا سب انسپکٹرسعید خان شہید ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق لودھراں میں دھند کے باعث حادثے کا شکارہونے والی گاڑیوں کو سب انسپکٹر سڑک سے ہٹا رہا تھا کہ دھند میں آنے والی تیزرفتاربس نے اسے کچل ڈالا۔

    حادثے میں فرائض کی ادائیگی کے دوران موٹروے پولیس کا سب انسپکٹرشہید ہوگیا۔

    ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شہید پولیس افسردیانت داراوربہادرتھے، مرحوم کی نمازجنازہ بھکر میں ادا کی جائے گی۔

    پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کا راج

    واضح رہے کہ صوبہ پنجاب کے مختلف شر شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں اور حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹروے کے کئی سیکشنز گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کردیے گئے۔

    ترجمان موٹروے نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ شہری گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موٹروے پرسفر سے قبل موٹروے ایپلی کیشن ایف ایم 95 ریڈیو اور ہیلپ لائن 130 سے مدد لیں۔

  • موٹروے پولیس کا کارنامہ: بس کے نیچے چھپ کر سفر کرتے غریب لڑکے کو بچا لیا

    موٹروے پولیس کا کارنامہ: بس کے نیچے چھپ کر سفر کرتے غریب لڑکے کو بچا لیا

    جام شورو:‌ عام طور سے عوام پولیس کی کارکردگی سے شاکی دکھائی دیتے ہیں اور ایسا بے سبب نہیں، مگر کبھی کبھار پولیس ایسی چوکسی کا مظاہرہ کرتی ہے کہ آدمی عش عش کر اٹھتا ہے.ایسا ہی ایک کارنامہ موٹروے پولیس نے انجام دیا.

    تفصیلات کے مطابق لونی کوٹ، جامشوروکے نزدیک موٹروے پولیس افسران انسپکٹر ہوش محمد اور سب انسپکٹر کی تیز نظریں‌ جب کراچی سے پشاور جانے والی برس پر پڑیں، تو وہ چونک اٹھے.

    دونوں‌ افسران کو بس کے نچلے حصے میں‌ کچھ غیرمعمولی محسوس ہوا، جس پر انھو‌ں‌ نے بس رکوا دی.

    پولیس افسران کی اس اقدام کے نتائج حیران کن رہے. بس کے نیچے نصب اضافی ٹائر سے ایک بدحال، پتلا دبلا لڑکا چپکا ہوا تھا.

    دراصل یہ ایک غریب لڑکا تھا، جو کرایے کے پیسے نہ ہونے کے باعث اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر بس کے نیچے لگے ٹائر سے چپک گیا تھا.

    اس طویل اور دشوار سفر میں ایسی پرخطر جگہ پر موجود وہ لڑکا کسی بھی ہولناک حادثے کا شکار بن سکتا تھا، مگر پولیس اہل کاروں کی عقابی نگاہوں‌ نے خطرہ بھانپ کر بس رکوا دی اور لڑکے کو بہ حفاظت بس کے نیچے سے نکال لیا ۔


    یہ بھی پڑھیں: موٹروے پولیس نے زخمی کتے کی جان بچالی


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔