Tag: Movement non-confidence

  • لعنت دینے والوں میں ہمت ہے تو اسمبلی توڑکردکھائیں، شاہد خاقان عباسی

    لعنت دینے والوں میں ہمت ہے تو اسمبلی توڑکردکھائیں، شاہد خاقان عباسی

    بھکر : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مجھے صوبائی اسمبلیاں توڑنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں اور لعنت دینے والوں میں ہمت ہے تو اس دھمکی پرعمل کر کے بھی دکھائیں پتہ لگ جائے گا سیاست کیا ہوتی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھکر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم کسی پر لعنت بھیجنے کی سیاست نہیں کرتے۔

    میں لعنت بھیجنے والوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد لا کر دکھائیں، ن لیگ کا پیغام محبت ہے جبکہ مخالفین کا پیغام لعنت ہے، اب فیصلہ عوام نے کرنا ہے کہ انہیں کس کا پیغام چاہئے۔

    انہوں نے کہا کہ مخالفین صوبائی اسمبلیاں توڑ کرعوام کے پاس جائیں، پتہ لگ جائے گا کہ سیاست کیا ہوتی ہے، ن لیگ نے ہمیشہ صوبوں کو ملانے کی بات کی ہے اور کبھی تفریق کی بات نہیں کی، عوام کو ملک کے تمام صوبوں میں ن لیگ کے منصوبے نظر آئیں گے۔

    وزیر اعظم نے لاہور میں متحدہ اپوزیشن کے احتجاجی جلسے پرکڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لاہور مال روڈ کا جلسہ سب نے دیکھا جہاں تقریر کرنے والے زیادہ اور سننے والے بہت کم تھے۔


    مزید پڑھیں: پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے کا بیان، شیخ رشید اورعمران خان کیخلاف مذمتی قرارداد منظور


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔ 

  • سندھ اسمبلی: شہلارضا کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ

    سندھ اسمبلی: شہلارضا کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ

    کراچی : سندھ اسمبلی میں اپوزیشن نے ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کے خلاف عدم اعتماد لانے کا اعلان کردیا، شہلا رضا کا کہنا ہے کہ جسے تحریک لانی ہے شوق سے لائے، ایوان کا تقدس ہر حال میں برقرار رکھوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں حسب معمول ڈپٹی اسپیکر شہلارضا اور اپوزیشن رکن نصرت سحر عباسی میں آج پھر تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، اس موقع پر پی ٹی آئی کی ڈاکٹر سیما اور ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا بھی الجھ پڑیں۔

    شہلا رضا نے نصرت سحر کا مائیک بند کیا تو نصرت سحر اور بپھرگئیں، اسپیکرڈائس کے سامنے احتجاج کیا، بعد ازاں اپوزیشن نے ڈپٹی اسپیکر کے رویے کے خلاف عدم اعتماد لانے کا اعلان کردیا، اپوزیشن اراکین کا مؤقف ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کا رویہ ان کے ساتھ درست نہیں، وہ صرف حکومتی ارکان کی بات ہی سنتی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اراکین کے سوالات کو ایجنڈے سے خارج کردیا جاتا ہے، تحریک عدم اعتماد شہلارضا کے رویے پرلائی جاری ہے۔

    اپوزیشن ارکان کا مزید کہنا ہے کہ پارلیمانی لیڈرز تحریک عدم اعتماد اسمبلی میں پیش کریں گے، چاروں جماعتوں میں سے کسی ایک پارٹی کا پارلیمانی لیڈر قرار داد جمع کرائے گا۔

    ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی چاروں جماعتیں ایم کیو ایم، مسلم لیگ فنکشنل، تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن تحریک عدم اعتماد سندھ اسمبلی کے منگل کو ہونے والے اجلاس میں پیش کریں گی۔

      دوسری جانب ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے اے آر وائی نیوز کے نمائندے ارباب چانڈیو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس نے جو کرنا ہے کرلے، جسے شکایت ہے تحریک عدم اعتماد لانے کا شوق ہے پورا کرلے، ایوان کا تقدس برقرار رکھنے کیلئے جو کچھ کرنا پڑا کرتی رہوں گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن کو ایسا لگ رہا ہے کہ میں قواعد و ضوابط کو پورا نہیں کررہی یا اپنی مرضی سے اسمبلی چلا رہی ہوں تو وہ تحریک عدم اعتماد لاسکتے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ میں چاہتی ہوں کہ لوگ میرے خلاف آواز اٹھائیں لیکن یہ بھی بتائیں کہ میں کس اصول کی خلاف ورزی کی ہے؟