Tag: Moving

  • نہر سوئز : راستہ کھلنے کے باوجود ڈھائی سو جہاز اپنی باری کے منتظر

    نہر سوئز : راستہ کھلنے کے باوجود ڈھائی سو جہاز اپنی باری کے منتظر

    قاہرہ : نہر سوئز میں پھنسے والے بحری جہاز کو نکالنے کے بعد281 مال بردار جہاز اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگئے تاہم اب بھی249 بحری جہازوں کا نکلنا باقی ہے۔

    مصر کی نہر سوئز میں پھنسنے والے ایور گرین نامی تجارتی جہاز ہٹانے کے باوجود اس راستے سے گزرنے کیلئے جہازوں کی لمبی قطاریں اب بھی لگی ہوئی ہیں۔ نہر سوئز میں ٹریفک جام ختم ہونے کے تیسرے دن بھی کئی بڑے کارگو جہاز یہاں سے گزرے۔

    سوئز کینال اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل اسامہ ربی نے نہر سے جہاز ہٹانے والی ٹیم کے اعزاز میں منعقد ایک تقریب کے دوران بتایا کہ پیر کی شام سے بدھ تک 194 بحری جہاز جس پر12 ملین وزن سامان لدا ہوا تھا۔ ان جہازوں کو یہاں سے گزارا جاچکا ہے اور جمعرات کو 87 مزید بحری جہاز کو یہاں سے گزرنا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ”بحیرہ احمر کو بحیرہ روم سے ملانے والی نہر سوئز پر ٹریفک نظام کو بحال کئے جانے کے باوجود ابھی بھی کئی تجارتی بحری جہاز اپنی باری کا انتظار کررہے ہیں۔

    تازہ ترین رپورٹ کے مطابق 249 تجارتی جہاز جس پر خام تیل سے لے کر مویشی تک لدے ہوئے ہیں، اپنی باری کے انتظار میں ہیں، ان تجارتی جہازوں کو گزرنے میں ابھی کئی دن لگ سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ نہر سوئز میں ایور گرین کے پھنس جانے کے باعث سمندری تجارت کو بڑا نقصان ہوا ہے یہاں سے روزانہ اربو ڈالر کے سامان کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا جاتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ٹریفک جام کو ختم ہونے کے باوجود تمام تجارتی جہاز کو یہاں سے گزرنے میں دس مزید دن لگ سکتے ہیں جبکہ منگل کے روز مصر کے صدر نے کہا تھا کہ اس میں محض تین دن لگیں گے۔

  • اٹلی کا خوبصورت قصبہ جہاں رہنے کے لیے حکومت گھر اور خطیر رقم فراہم کرے گی

    اٹلی کا خوبصورت قصبہ جہاں رہنے کے لیے حکومت گھر اور خطیر رقم فراہم کرے گی

    اٹلی میں معمر افراد کی آبادی میں اضافے کے بعد اس بات کی کوشش کی جارہی ہے کہ نوجوانوں کی آبادی میں بھی اضافہ ہو، اس مقصد کے لیے دنیا بھر سے لوگوں کو ایک یورو میں خالی مکانات دینے کی پیشکش کی جاتی ہے، جس کا مقصد وہاں کی آبادیوں میں اضافہ کرنا ہے۔

    اٹلی کے اکثر مقامات پر ہزاروں گھر خالی پڑے ہیں جو بہت بڑا مسئلہ ہے جس کا حل اکثر مختلف قسم کی پرکشش آفرز کی شکل میں پیش کیا جاتا ہے، اس کے ساتھ مکان کی تزئین نو ایک مخصوص وقت میں کرنے کی شرط بھی عائد کی جاتی ہے۔

    سنہ 2017 میں اٹلی کے خطے پولیا میں واقع قصبے کینڈیلا میں لوگوں کو بسنے پر 2 ہزار یورو دینے کی پیشکش کی گئی۔

    اب اس سے بھی بہتر پیشکش آبروزو میں واقع گاؤں سانتو اسٹیفنو ڈی سیشنو کی جانب سے کی گئی ہے، جو وہاں بسنے اور کاروبار شروع کرنے والے افراد کو رقم دینے کے ساتھ رہنے کے مکانات کے کرائے میں بھی معاونت فراہم کرے گا۔

    وہاں کے میئر فابیو سانٹاویسا کا کہنا ہے کہ ہم کسی کو کچھ بھی نہیں فروخت کر رہے، یہ کوئی کاروباری قدم نہیں، ہم بس اپنے گاؤں کی رونق بحال کرنا چاہتے ہیں۔

    اس کی شرط ہے کہ خواہشمند افراد کو اٹلی کا شہری ہونا چاہیئے یا شہری بننے کی قانونی اہلیت ہو اور 40 سال یا اس سے کم عمر ہو۔

    یہ پہاڑی گاؤں سطح سمندر سے 1250 فٹ بلندی پر واقع ہے، جہاں اس وقت صرف 115 افراد مقیم ہیں، جن میں سے نصف معمر جبکہ محض 20 سے کم 13 سال سے کم عمر ہیں۔

    ٹاؤن کونس کی جانب سے وہاں منتقل ہونے والے نئے رہائشیوں کو 3 سال تک ہر ماہ ایک مخصوص رقم دی جائے گی۔

    مجموعی طور پر ہر سال 8 ہزار یورو (15 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) دیئے جائیں گے، جبکہ کاروبار کے لیے 20 ہزار یورو (37 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) یکمشت دیے جائیں گے۔

    ان کو رہائش کے لیے ایک جائیداد بھی ملے گی جس کا علامتی کرایہ لیا جائے گا، تاہم یہ علامتی کرایہ کتنا ہوگا، اس بارے میں ابھی کچھ واضح نہیں۔ میئر کے مطابق تمام درخواستوں کا تجزیہ کرنے کے بعد مالیاتی تفصیلات کا تعین کیا جائے گا۔

    اب تک ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد نے اس کے لیے درخواستیں دی ہیں مگر کونسل فی الحال صرف 5 جوڑوں کو منتخب کرے گی اور بتدریج اس تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

  • بھوت جم میں ورزش کرنے پہنچ گیا؟ پراسرار ویڈیو وائرل

    بھوت جم میں ورزش کرنے پہنچ گیا؟ پراسرار ویڈیو وائرل

    نئی دہلی: بھارتی سوشل میڈیا پر ایک پراسرار ویڈیو وائرل ہوگئی جس میں ایک اوپن ایئر جم میں ورزش کی مشینیں خودبخود حرکت کرتی نظر آرہی ہیں۔

    بھارتی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی یہ ویڈیو ایک پارک میں قائم اوپن ایئر جم کی ہے، بعض صارفین کے مطابق یہ پارک نئی دہلی کا ہے جبکہ بعض افراد کے مطابق یہ ویڈیو اتر پردیش کی ہے۔

    ویڈیو میں ورزش کے لیے استعمال ہونے والا سوئنگ خود بخود حرکت کرتا دکھائی دے رہا ہے۔

    سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ یہ کوئی بھوت ہے جو اپنی فٹنس کے بارے میں ازحد متفکر ہے اور جم استعمال کر رہا ہے۔

    یہ ویڈیو اس قدر وائرل ہوئی کہ اتر پردیش کے شہر جھانسی کی پولیس کو نوٹس لینا پڑا۔ پولیس مذکورہ پارک میں پہنچی اور ورزش کے آلات کا جائزہ لیا۔

    جلد ہی پولیس نے معلوم کرلیا کہ سوئنگ پر چکنائی جم گئی ہے جس کی وجہ سے وہ ہوا سے باآسانی حرکت کر رہا ہے۔

    بعد ازاں محکمہ پولیس کے ٹویٹر پر کہا گیا کہ اصل بھوت وہ ہے جس نے ایک عام سی ویڈیو کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا، ایسے شخص کو گرفتار کیا جائے گا۔

    سوشل میڈیا پر اس ویڈیو پر طرح طرح کے تبصرے جاری ہیں، بعض افراد نے پولیس سے درخواست کی کہ وہ ان لوگوں کو گرفتار نہ کریں جنہوں نے یہ ویڈیو بنائی ہے۔