Tag: Moving Car

  • کراچی : مغوی شہری کو گولی مار کر چلتی کار سے پھینک دیا

    کراچی : مغوی شہری کو گولی مار کر چلتی کار سے پھینک دیا

    کراچی : سپرہائی وے جمالی پل کے قریب کار سے ایک مغوی شہری کو گولی مار کر پھینکنے کا واقعہ پیش آیا ہے جسے تاوان کیلیے اغوا کیا گیا تھا۔

    متاثرہ زخمی شہری عابد نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ مجھ کو ملیر کے علاقے گلشن قادری سے کار سوار ملزمان نے اغوا کیا تھا۔

    عابد کے مطابق میں پراپرٹی کے کاروبار سے وابستہ اور شاہ لطیف ٹاؤن کا رہائشی ہوں، کار سوار مسلح ملزمان نے ملیر سے اغوا کرکے رقم کا تقاضا کیا۔

     مغوی شہری نے بتایا کہ ملزمان نے میرے ہاتھ پلاسٹک کی ٹائی سے باندھے اور مختلف علاقوں میں گھمایا گیا، کار سوار ملزمان نے10لاکھ روپے کاتقاضا کیا۔

    زخمی عابد نے بتایا کہ میری جیب میں50ہزار روپے سے زائد رقم اور پرس میں بینک چیکس تھے، ملزمان نے تشدد کیا، پاؤں پر گولی ماری اور سامان لوٹ کر پھینک دیا۔

     مغوی شہری عابد نے بتایا کہ کار سوار ملزمان نے مجھے کس علاقے میں پھینکا اس کا مجھے علم نہیں
    پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی شخص کے بیان پر مقدمہ درج کرنے کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

  • ڈرائیور کے نامناسب تبصرے پر لڑکی نے چلتی کار سے چھلانگ لگا دی

    ڈرائیور کے نامناسب تبصرے پر لڑکی نے چلتی کار سے چھلانگ لگا دی

    شمالی کیرولائنا: امریکا میں ایک لڑکی نے اچانک خوف زدہ ہو کر چلتی کار سے چھلانگ لگا کر جان خطرے میں ڈال دی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست شمالی کیرولائنا میں ایک نو عمر لڑکی کام سے گھر واپسی کے دوران آن لائن ٹیکسی سے اچانک چھلانگ لگا کر شدید زخمی ہو گئی۔

    17 سالہ ایزیا باؤڈن نے بتایا کہ ڈرائیور نے پہلے اس کی شکل کے بارے میں نامناسب تبصرہ کیا، اور پھر یہ کہا کہ اگر وہ اتنی کم عمر نہ ہوتی تو وہ اسے ڈیٹ کرتا، اس کے بعد اس نے کئی بار ہوا میں کچھ اسپرے کیا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایزیا باؤڈن نے کہا مجھے لگا کہ شاید آن لائن ٹیکسی سروس ’لفٹ‘ کے ڈرائیور نے نشہ کیا ہے۔

    ڈرائیور نے بے شرمی سے کہا تمھارے ساتھ کتنے لڑکوں نے فلرٹ کیا ہوگا؟ باؤڈن نے کہا کہ کسی اجنبی کے ساتھ کار میں جاتے ہوئے میں ہمیشہ پریشان ہوا کرتی ہوں لیکن یہ تو بالکل ہی مختلف معاملہ تھا۔

    ایزیا باؤڈن نے بتایا کہ ڈرائیور کی باتیں سن کر ان کی حالت بے حد عجیب ہو گئی تھی، جسم میں عجیب سی لہریں دوڑنے لگیں، ایسا لگ رہا تھا جیسے میں نے نشہ کر لیا ہو، پھر ڈرائیور نے ہوا میں نامعلوم کیمیکل چھڑکا، جس سے مجھے چکر آنے لگے اور گرمی محسوس ہوئی۔

    لڑکی نے بتایا کہ میری آنکھیں بند ہونے لگی تھیں، اور میں بے حد ڈر گئی تھی، میرے ذہن میں ایک ہی بات چل رہی تھی کہ میں اس کار میں سو جانے کی بجائے اس سے باہر نکلنا چاہوں گی، اس لیے میں نے دروازہ کھولا اور باہر چھلانگ لگا دی۔

    باؤڈن نے کہا کہ چھلانگ لگانے کے بعد ایک لمحے کے لیے اس نے ہوش کھو دیا تھا اور پھر وہ زمین سے ٹکرا گئی، ٹیکسی کے ڈرائیور نے گاڑی روکی اور میرے پاس آ گیا لیکن 911 پر کال اس طرح کی جیسے کوئی راہ گیر ہو، اور پھر چلا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق ایزیا باؤڈن کو اس حادثے میں معمولی زخم آئے تھے اسپتال میں طبی امداد کے بعد اسے گھر بھیج دیا گیا۔ رائیڈر کمپنی کا کہنا تھا کہ انھوں نے مذکورہ ڈرائیور کو اپنی سروس سے ہٹا دیا ہے۔

  • چلتی گاڑی کے بونٹ پر بیٹھی دلہن کا پروپوزل وائرل

    چلتی گاڑی کے بونٹ پر بیٹھی دلہن کا پروپوزل وائرل

    بھارت میں مہنگی اور انوکھی شادیوں کا رواج چل پڑا ہے اور دلہا دلہن اپنی شادی کو انوکھا ترین بنانے کے لیے ہر حد سے گزر جاتے ہیں۔

    ایسی ہی ایک دلہن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر وائرل ایک ویڈیو میں سولہ سنگھار کیے ایک دلہن گاڑی کے بونٹ پر دلہے کے گھر کے نیچے کھڑی ہے اور بالی ووڈ فلم کے ایک ڈائیلاگ پر لپ سنک کرتی ہے۔

    پس منظر میں ڈائیلاگ سنائی دیتا ہے جس میں لڑکی کہتی ہے کہ مجھے شادی کرنی ہے تم سے۔

    دلہن بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے مشہور اسٹائل کی نقل بھی کرتی ہے۔

    سوشل میڈیا صارفین نے ویڈیو پر مختلف کمنٹس کیے، کچھ نے دلہن کو سراہا تو کچھ نے اسے احمقانہ حرکت قرار دی۔

    ایک صارف کا کہنا تھا کہ اتنی گرمی میں کار کے اندر نہیں بیٹھا جارہا یہ باہر کیسے بیٹھی ہے۔