Tag: mqm deligation

  • ایم کیوایم سے معاہدے پر جلد عملدرآمد شروع ہوجائیگا، وزیراعظم

    ایم کیوایم سے معاہدے پر جلد عملدرآمد شروع ہوجائیگا، وزیراعظم

    وزیراعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات کی ہے اور انہیں یقین دلایا ہے کہ معاہدے کے نکات پر جلد عملدرآمد شروع کردیا جائیگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پارلیمنٹ لاجز میں حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات کی جس میں خالد مقبول صدیقی، امین الحق، وسیم اختر ودیگر شامل تھے۔

    ملاقات کے حوالے سے ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ وزیراعظم نے عدم اعتماد کیلیے ووٹ دینے پر ایم کیو ایم قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سندھ کی ترقی کیلیے ایم کیو ایم کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ایم کیو ایم وفد کو یقین دلایا کہ ایم کیوایم سے ہونیوالے معاہدے کے نکات پر جلد عملدرآمد شروع کردیا جائیگا اور وفاق کے تحت کراچی اور سندھ کے منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے۔

    ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعظم نے ایم کیو ایم کو وفاقی کابینہ میں شامل کرنے کے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے ایم کیو ایم سے کابینہ میں شمولیت کے لیے نام مانگ لیے ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں بتایا گیا کہ بلدیاتی ایکٹ پرعملدرآمد کیلئے ایم کیو ایم نے ڈرافٹ کی تیاری شروع کر دی ہے جس مکمل ہونے کے بعد پیپلز پارٹی کو دیا جائیگا اور پی پی مضبوط بلدیاتی نظام کیلیے ڈرافٹ پر قانون سازی کرکے اسمبلی سے پاس کرائیگی۔

    دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کل کراچی کا ایک روزہ دورہ کریں گے، وہ اتحادیوں کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دیں گے جس کے بعد وزیراعلیٰ ہاؤس جائیں گے جہاں وہ کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کی حکمت عملی کیلیے اجلاس کی صدارت کرینگے۔

  • سندھ کی سیاسی صورتحال، ایم کیو ایم کا وفد آج صدر مملکت سے اہم ملاقات کریگا

    سندھ کی سیاسی صورتحال، ایم کیو ایم کا وفد آج صدر مملکت سے اہم ملاقات کریگا

    ایم کیو ایم کا اعلیٰ سطحی وفد آج صدر مملکت سے اہم ملاقات کرے گا جس میں سندھ کی سیاسی صورتحال، بلدیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کا وفد آج ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے اہم ملاقات کرے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفد سندھ کی سیاسی صورتحال، بلدیاتی امور کے ساتھ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے حوالے سے اپنی گزارشات صدر کے سامنے رکھے گا۔

    ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دیگر اہم موضوعات پر بھی گفتگو ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق وفد کی قیادت ڈپٹی کنوینر عامر خان کرینگے جب کہ وفد میں سابق میئر کراچی وسیم اختر اور صادق افتخار بھی شامل ہوں گے۔

    مزید پڑھیں:سندھ میں بلدیاتی اختیارات کیس : سپریم کورٹ نے ایم کیو ایم کی درخواست پر فیصلہ سنادیا

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے سندھ میں بلدیاتی اختیارات کیس میں ایم کیو ایم کی درخواست پر چند روز قبل فیصلہ سنایا ہے۔

    سپریم کورٹ نے فیصلے میں بلدیاتی اداروں کی تحلیل سے متعلق سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی شق چوہتر اور پچھتر کالعدم قرار دی ہے۔