Tag: MQM H

  • انتخابات میں شکست، ایم کیو ایم (حقیقی) کے سربراہ قیادت سے دستبردار

    انتخابات میں شکست، ایم کیو ایم (حقیقی) کے سربراہ قیادت سے دستبردار

    کراچی: مہاجر قومی موومنٹ (ایم کیو ایم حقیقی) کے چیئرمین آفاق احمد نے عام انتخابات میں شکست کا اعتراف کرتے ہوئے پارٹی کی سربراہی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 240 سے انتخابات لڑ رہے تھے مگر انہیں کامیابی حاصل نہ ہوئی اور ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی اقبال نے فتح اپنے نام کی۔ فاتح امیدوار نے 240 سے 61ہزار 165 ووٹ حاصل کیے جبکہ آفاق احمد کو 14ہزار 3سو 76 ووٹ مل سکے تھے۔

    انتخابات میں شکست کے بعد حقیقی کے چیئرمین نے اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس طلب کی جس کے دوران انہوں نے پارٹی کی سربراہی چھوڑنے کا اعلان کیا۔

    آفاق احمد کا کہنا تھا کہ ’الیکشن میں ناکامی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اعتراف کرتا ہوں کہ پارٹی کو اب نئی قیادت کی ضرورت ہے لہذا نئے لوگ آکر جماعت کو سنبھالیں اور مجھے اجازت دیں‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ سربراہی چھوڑنے کا فیصلہ حتمی ہے اگر کارکنان اصرار بھی کریں گے تو اُن کی بات سُن کر فیصلہ تبدیل نہیں کروں گا، پارٹی کے کچھ لوگ مجھے ڈاکٹر فاروق ستار کی طرح بنانا چاہتے ہیں۔

    آفاق احمد نے اعلان کیا کہ کارکن کی حیثیت سے آکر سانس تک مہاجروں اور اُن کی نمائندہ جماعت کے لیے جدوجہد کرتا رہوں گا، اب کارکنان پارٹی قیادت کا اور ذمہ داران کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنی جماعت کو مضبوط بنائیں۔

    حقیقی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ انتخابات میں غلطی ہوئی اور ہم اپنے خلاف ہونے والی سازشوں کو روک نہیں سکے، کارکن کے ساتھ قیادت بھی غلطی کرسکتی ہے لہذا جماعت میں جمہوری روایت کو فروغ دینے کے لیے صدارت چھوڑ رہا ہوں۔

    عام انتخابات میں صوبائی اور قومی اسمبلی کی نشستوں پر تحریک انصاف کی کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے آفاق احمد کا مزید کہنا تھا کہ ’مین مہاجر سیاست کرنے والوں کو خبردار کرتا رہا مگر کسی نے بات نہ سنی اور آج یہ شہر ہم سب کے ہاتھوں سے نکل گیا‘۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • بلدیاتی امیدواران اور کارکنان پر تشدد کیا جارہا ہے، ایم کیو ایم

    بلدیاتی امیدواران اور کارکنان پر تشدد کیا جارہا ہے، ایم کیو ایم

    کراچی: ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی پاکستان کا کہنا ہے کہ متحدہ کے خلاف شرپسند عناصر اور پاک سرزمین پارٹی کے کارکنان مشترکہ اتحاد کر کے کارکنان اور نو منتخب بلدیاتی امیدواران کو تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء محمد حسین نے پی آئی بی میں واقع گھانچی ہال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’’متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف جرائم پیشہ افراد اور پاک سرزمین پارٹی کے کارکنان نے گٹھ جوڑ کرلیا ہے اور اب وہ ہمارے کارکنان کو تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں‘‘۔

    رہنماء ایم کیو ایم پاکستان نے الزام عائد کیا کہ ’’جرائم پیشہ عناصر  عناصر لائنز ایریا، شاہ فیصل، ملیر، کورنگی اور لانڈھی میں متحدہ کارکنان اور عوام کو تشدد کا نشانہ بنارہے ہیں، اب تک درجنوں کارکنان اور بلدیاتی نمائندوں پر تشدد کیا جاچکا ہے‘‘۔

    رابطہ کمیٹی کے رکن کا کہنا تھاکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں منصوبہ بندی کے تحت ایم کیو ایم کے ذمہ داران و کارکنوں کو تنگ کیا جارہا ہے اور جرائم پیشہ افراد کو اس کا کھلا لائسنس دے دیا گیا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’’مہاجر قومی موومنٹ (حقیقی) کے کارکنوں نے اسلحے کے زور پر کئی گھروں پر قبضہ کرلیا ہے اور مزید لوگوں کو بے گھر کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، اس ضمن میں متعلقہ پولیس بھی کوئی مدد کررہی‘‘۔

    محمد حسین نے آرمی چیف آف اسٹاف، وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف، وزیر اعلیٰ سندھ اور ڈی جی رینجرز نے مطالبہ کیا کہ وہ کارکنان پر تشدد کرنے والے جرائم پیشہ افراد اور مخالف جماعت کے کارکنان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور متحدہ کے کارکنان پر ہونے والے مظالم کا سلسلہ فی الفور بند کروایا جائے۔