Tag: mqm haqiqi

  • آفاق احمد کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

    آفاق احمد کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

    کراچی : مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد اور دیگر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ اور دیگر کے خلاف کورنگی میں ٹرک جلانے کا مقدمہ انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت عوامی کالونی تھانے میں درج کرلیا گیا۔

    مذکورہ مقدمہ ٹرک ڈائیور فرید خان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، ایف آئی آر کے متن کے مطابق ٹرک کو آفاق احمد کے حکم پر آگ لگائی گئی۔

    آفاق احمد نے بھاری ٹریفک کو شہر میں داخل ہونے سےمنع کر رکھا تھا، مدعی کے مطابق اس کا ٹرک جلانے کی وجہ ان کا دھمکی آمیز ویڈیو بیان ہے۔

    ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ آفاق احمد کی بیان بازی سے شہرکا پر امن ماحول خراب ہوا، ایف آئی آر میں پندرہ سے بیس نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

    چیئرمین مہاجرقومی موومنٹ کو گرفتاری کے بعد فیروزآباد تھانے منتقل کردیا گیا تھا ان کے وکیل ماہر قانون بیرسٹر حسن خان نے فیروزآباد تھانے کے باہر میڈیا سے گفتگو کی۔

    بیرسٹرحسن نے کہا کہ ہماری ایم کیو ایم کے چیئرمین  سے ملاقات ہوئی ہے ایم کیوایم حقیقی کی قیادت نے مجھے قانونی مشاورت کیلئے بلایا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ میں یہاں قانونی ایڈوائزر کے طور پر آیا ہوں، آفاق احمد نےکارکنان کو پرامن رہنے کاپیغام دیا ہے، بیرسٹر حسن خان نے کہا کہ آفاق احمد پر جو ایف آئی آر کی گئی ہے وہ تمام الزامات غلط ہیں۔

    واضح رہے کہ چند گھنٹے قبل مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کو جلاؤ گھیراؤ کے کیس میں پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

    گرفتاری کی وجوہات بیان کرتے ہوئے پولیس حکام کا کہنا تھا کہ آفاق احمد کے کہنے پر کراچی میں مال بردار گاڑیاں جلائی گئیں اور اس کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق آفاق احمد کے خلاف جلاؤ گھیراؤ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ آفاق احمد کو ان کے گھر ڈیفنس سے گرفتار کیا گیا اور فوری طور پر کورنگی تھانے منتقل کیا گیا تھا۔

  • پی ایس114 کا انتخاب: آفاق احمد نے متحدہ پاکستان کی حمایت کردی

    پی ایس114 کا انتخاب: آفاق احمد نے متحدہ پاکستان کی حمایت کردی

    کراچی: پی ایس 114 کے انتخابات میں آفاق احمد نے ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی حلقہ 114 میں انتخابی مہم جاری ہے، آج پیپلز پارٹی جلسہ کررہی ہے، شیخ رشید بھی ریلی نکال رہے ہیں، وہیں مہاجر قومی موومنٹ نے ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار کامران ٹیسوری کی حمایت کا اعلان کردیا۔


    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ رافع حسین نے بتایا کہ مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے یہ اعلان کچھ دیر قبل کی گئی پریس کانفرنس میں کیا اور ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کا ووٹ پی ایس 114 میں ہوتا تو وہ کامران ٹیسوری کو ووٹ ڈالتے۔

    آفاق احمد نے اپنے خطاب میں تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کے ایک بیان کی مذمت کی اور کہا کہ مہاجر قوم تقسیم نہیں ہوئی، مہاجر اپنا ووٹ ضائع نہ کریں اور کامران ٹیسوری کو کامیاب بنائیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وہ جولائی میں ایک بڑا جلسہ کرنے جارہے ہیں اس حوالے سے تاریخ کا اعلان جلد کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی پر قابض متحدہ کو پی ایس 114سے امید وار بھی نہیں ملا: کائرہ

  • آفاق احمد کے مفاہمتی بیان کا خیر مقدم کرتا ہوں، فاروق ستار

    آفاق احمد کے مفاہمتی بیان کا خیر مقدم کرتا ہوں، فاروق ستار

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ آفاق احمد کی مفاہمت کے بیان کا خیرمقدم کرتا  ہوں، ہم 90 کی دہائی والی سیاست دہرانے نہیں دیں گے۔ تشدد کی سیاست کا خاتمہ کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے کراچی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر فاروق ستار کا ایم کیو ایم حقیقی کے سربراہ آفاق احمد کی مفاہمت کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آفاق احمد سمیت جو بھی مثبت بیان دے گا ہم اس کاخیرمقدم کریں گے۔

    تشدد کی سیاست کا وقت گزر گیا ہے اب مفاہمت کا راستہ اختیار کرنا ہوگا، جو بھی فرد مہاجروں کے حقوق کی بات کرے گا اس سے ہاتھ ملائیں گے سیاست میں مفاہمت کےدروازے ہمیشہ کھلےرہتے ہیں۔

    فاروق ستار نے کہا کہ اب ہماری پالیسی مفاہمت کی ہوگی، تشدد کی سیاست کا خاتمہ کرینگے، لیکن مفاہمت کےعمل کا اگلا قدم کیا ہوگا ابھی اس حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا۔

    مزید پڑھیں : تبدیلی ایم کیوایم کے پلیٹ فارم سے آئے گی،فاروق ستار

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم حقیقی کے سربراہ آفاق احمد نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ آپس میں دست و گریبان ہونے کی بجائے گفت و شنید کے ذریعے معاملات حل کئے جائیں تو یہ مہاجر قوم کے لئے ایک بہترین قدم ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ذاتی مفادات کے لئے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرنے چاہئیں۔ مہاجر قوم کا منقسم ہونا قابل قبول نہیں ہے، کراچی میں مہاجروں کے حقوق کے لئے اسٹیک ہولڈرز سیٹ ایڈجسمنٹ بھی کر سکتے ہیں۔

  • لانڈھی کے عوام کو دہشتگردوں کے چنگل سے آزاد کرایا جائے، متحدہ اراکین اسمبلی

    لانڈھی کے عوام کو دہشتگردوں کے چنگل سے آزاد کرایا جائے، متحدہ اراکین اسمبلی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے حق پرست اراکین سندھ اسمبلی خالد افتخار ، عامرمعین اور وقار حسین شاہ نے لانڈھی میں جرائم پیشہ حقیقی دہشت گردوں کی کھلی غنڈہ گردی اور عوام کو پانی اور بجلی کی فراہمی اسلحہ کے زور پر روکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لانڈھی کے عوام کو کھلی دہشت گردی کانشانہ بنانے کے بعد اب عوام کو قائد تحریک سے محبت اور عقیدت رکھنے کی پاداش میں پانی اور بجلی کی فراہمی تک روک دی گئی ہے اور اس پر حکومت اور انتظامیہ حقیقی دہشت گردوں کے آگے مکمل طور پر بے بس دکھائی دیتی ہے ۔

    اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ لانڈھی میں حقیقی دہشت گردوں کی سرکاری سرپرستی میں مجرمامہ سرگرمیوں کے باعث امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہوچکی ہے. جرائم پیشہ حقیقی دہشت گردوں نے لانڈھی میں عوام کو بجلی اور پانی کی سپلائی روکنے کیلئے ان اداروں کی سرکاری عمارتوں پر اسلحہ کے زور پرقبضہ کررکھا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ حقیقی دہشت گرد وں کی سرکاری سرپرستی میں کھلی دہشت گردی ، ایم کیوایم کے کارکنان کے گھروں پر حملے ، انہیں تشدد کا نشانہ بنانے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے اوچھے ہتھکنڈے کامیاب نہیں ہوئے تو ایم کیو ایم قائد اور لانڈھی کے عوام کے درمیان محبتیں ختم کرنے کیلئے حقیقی دہشت گردوں نے یزیدی دور کے مظالم کو اپنا لیا ہے اور اس کھلے ظلم و بربریت پر حکومت سندھ او ر ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت سندھ اور ضلعی انتظامیہ نے ایم کیو ایم قائد کا ساتھ دینے کی پاداش میں لانڈھی کے عوام کوجرائم پیشہ حقیقی دہشت گردوں کے سپرد کردیا ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ حقیقی دہشت گردوں کی کھلی دہشت گردیوں اور غنڈہ گردی کے واقعات کی ایف آئی آر درج کرانے کے باوجود ایک جانب عوام کی کوئی سنوائی نہیں ہورہی ہے اور دوسری جانب حقیقی دہشت گردوں کو کھلی غنڈہ گردی کا لائسنس دیدیا گیا ہے ۔

    انہوں نے کہاکہ لانڈھی میں پانی اور بجلی کے بحران کے اصل ذمہ دار حقیقی دہشت گرد ہی ہیں اور بجلی اور پانی کی عمارتوں پر اسلحہ کے زور پر قبضہ کرکے حقیقی دہشت گردوں نے واضح کردیا ہے کہ انہیں مکمل طور پر سرکاری سرپرستی حاصل ہے ۔

    انہوں نے کہاکہ کراچی آپریشن کے نام پر ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کو گھروں سے سوئی ہوئی حالت میں گرفتار کیاجارہا ہے جبکہ جرائم پیشہ حقیقی دہشت کھلی دہشت گردی اور غندہ گردی کے باوجود قانون کی گرفت سے محفوظ ہیں ۔

    خالد افتخار ، عامر معین اور وقار حسین شاہ نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ جرائم پیشہ حقیقی دہشت گردوں کو حاصل سرکاری سرپرستی کا سلسلہ بند کرایاجائے.

    لانڈھی کے عوام کو اسلحہ کے زور پر پانی اور بجلی کی فراہمی روکنے میں ملوث حقیقی دہشت گرودں کو گرفتار کیاجائے اور سرکاری عمارتوں سے حقیقی دہشت گردوں کا قبضہ فی الفور ختم کرایاجائے.