Tag: MQM head altaf hussian

  • الطاف حسین کے خلاف حکومتی کارروائی کا آغاز

    الطاف حسین کے خلاف حکومتی کارروائی کا آغاز

    اسلام آباد: حکومت نے الطاف حسین کے خلاف قانونی ریفرنس تیار کر لیا ہے۔

    قومی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی اور اشتعال انگیز تقاریر الطاف حسین کو مہنگی پڑگئیں، حکومت نے ایم کیو ایم کے قائد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے،  وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق الطاف حسین کے خلاف قانونی ریفرنس تیار کرلیا گیا ہے، جو وزیرِاعظم نواز شریف کی منظوری کے بعد برطانوی حکومت کو بھجوایا جائے گا۔

      چند روز قبل وزیرِ داخلہ چوہدری نثار نے اپنی پریس کانفرنس میں ریفرنس بھیجنے کا اعلان کیا تھا،  ذرائع کے مطابق قانونی ریفرنس میں الطاف حسین کے خلاف پاک فوج کو دھمکیاں دینےاور ان کےخلاف نازیبا زبان استعمال کرنے سمیت پاکستان کےخلاف را سے مدد مانگنے سے متعلق نکات شامل ہیں۔

      گزشتہ روز کراچی کی انسدادِ دہشتگردی کی عدالت نے الطاف حسین کے خلاف نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے، وارنٹ نے کرنل طاہردھمکی کیس میں جاری کئے گئے، عدالت نےالطاف حسین کو بیس اگست تک پیش کرنے کا حکم جاری کیا ۔

  • الطاف حسین کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    الطاف حسین کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    کراچی : ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی انسدادِ دہشتگردی کی عدالت نے قائد الطاف حسین کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں ، عدالت نے حکم دیا ہے کہ 20 اگست تک الطاف حسین کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔

    وارنٹ کرنل طاہر دھمکی کیس میں جاری کئے گئے، الطاف حسین کیخلاف سول لائن تھانےمیں مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔

    یاد رہے 11 مارچ کو ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر رینجرز نے چھاپہ مارا تھا ، جس کی سربراہی کرنل طاہر کررہے تھے، چھاپے میں 100سے زائد ایم کیو ایم کے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔

    جس کے بعد الطاف حسین نے اپنے بیان میں کرنل طاہر کو دھمکی دی تھی۔

  • الطاف حسین کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست سماعت کیلئے منظور

    الطاف حسین کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست سماعت کیلئے منظور

    لاہور  : لاہور ہائیکورٹ نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی۔

    عدالت نے وزیرِاعظم کے پرنسپل سیکرٹری ، وزارتِ داخلہ اور خارجہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا، ساتھ ہی عدالت نے کیس کی سماعت کے لیے فل بنچ تشکیل دینے کی سفارش بھی کی ہے۔

    متحدہ قومی مو ومنٹ کے قائد کیخلاف مقدمے کی درخواست آفتاب ورک ایڈوکیٹ نے دی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ متحدہ کے قائد نے فوج کو بدنام کرنے کی سازش کی۔

  • نوازمودی ملاقات میں مسئلہ کشمیر پرخاموشی بزدلی ہے،الطاف حسین

    نوازمودی ملاقات میں مسئلہ کشمیر پرخاموشی بزدلی ہے،الطاف حسین

    کراچی: ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات میں مسئلہ کشمیر پر خاموشی کشمیر سے دستبرداری کے مترادف ہے۔

    خلیجی ممالک میں افطار پارٹیوں سے خطاب میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ نواز مودی ملاقات میں کشمیر کے مسئلے کو اجاگر نہ کرنے سے لگتا ہے کہ نواز حکومت مسئلہ کشمیر سے دستبردار ہوگئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف میں اتنی جرات نہ ہوسکی کہ وہ مودی کے سامنے بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھاسکیں۔

    الطاف حسین نے کہا کہ پاکستان کو لوٹنے والے بانیان پاکستان پر غداری کے الزام لگارہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ضرب عضب کی سب سے پہلے حمایت کرنے والی جماعت ایم کیوایم ہے۔

  • رینجرز آپریشن کے خلاف دھرنا ہوگا، الطاف حسین

    رینجرز آپریشن کے خلاف دھرنا ہوگا، الطاف حسین

    کراچی: الطاف حسین نے کہا ہے کہ رینجرز آپریشن کے خلاف ایم کیو ایم وزیراعلی ہاوس کے سامنے دھرنا دے گی، دھرنے کی تاریخ کا اعلان رابطہ کمیٹی کرے گی۔

    نائن زیروپر خطاب میں متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین کا کہنا تھا کہ رینجرزنے ایم کیوایم کے سیکٹر انچارجز اوریونٹ انچارجز کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے،اس اعلان پر وزیراعلیٰ یا عدلیہ نے نوٹس نہیں لیا۔

     الطاف حسین نے کہاکہ تشدداورماورائے عدالت قتل کے خلاف ایم کیو ایم وزیراعلیٰ ہاوٴس کے سامنے پرامن دھرنادے گی ۔رابطہ کمیٹی جلد دھرنے کی تاریخ کااعلان کرے گی۔

    الطاف حسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اورسندھ اسمبلی رینجرز کو صوبے سے ہٹانے کے لیئے بل پاس کریں۔

    الطاف حسین نے ایف آئی اے کو پولیس کے اختیارات دینے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے کے خصوصی اختیارات کل نواز شریف کے خلاف ہی استعمال ہوں گے جیسے نواز شریف کی بنائی گئی خصوصی عدالتوں نے ان کو سزائیں دیں۔

  • الطاف حسین نے وزیرِاعلیٰ سندھ کے بیان کو درست قرار دے دیا

    الطاف حسین نے وزیرِاعلیٰ سندھ کے بیان کو درست قرار دے دیا

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایف آئی اے کو سندھ میں اضافی اختیارات دینے کیخلاف وزیراعلیٰ سندھ کے بیان درست قرار دیا ہے۔

    اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیوایم وزیرِاعلیٰ سندھ کے اس جرات مندانہ موٴقف کی بھرپور تائید کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ سندھ کا یہ کہنا بھی درست ہے کہ صوبوں کے خلاف اس قسم کی ناانصافیوں اور مداخلت کو روکنے کیلئے مناسب قانون سازی ہونی چاہیے۔

    الطاف حسین نے وزیراعلیٰ سندھ کویقین دلایا کہ اگر وہ ایف آئی اے کو سندھ میں اختیارات دینے کے کالے قانون کے خلاف عدالت میں گئے توایم کیوایم ان کے ساتھ ہرقسم کاسیاسی، قانونی اوراخلاقی تعاون کرے گی۔

    الطاف حسین نے کہا کہ سندھ کے ساتھ گزشتہ 68سالوں سے ایک کالونی جیسا سلوک کیا جارہا ہے۔

  • الطاف حسین نے وزیرِاعظم نواز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

    الطاف حسین نے وزیرِاعظم نواز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

    کراچی: ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے وزیرِاعظم نواز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا جبکہ ساتھ ہی دوستی کا ہاتھ بھی بڑھادیا، انھوں نے کہا کہ  اگر ہم سب مل جائیں تو کوئی جمہوریت کا خاتمہ نہیں کرسکتا۔

    وزیراعظم کے بیان پر الطاف حسین کا نے شدید ردعمل کا اظہار کیا، نائن زیرو پر کارکنوں سے خطاب میں نوازشریف سے استعفے کا مطالبہ کر ڈالا اور کہا کہ  نواز شریف کو بھائی کہنا میری غلطی تھی۔

    الطاف حسین نے خطاب میں کہا کہ نوازشریف، آصف زرداری اور ہم مل جائیں تو دیکھنے ہیں پھر کون جمہوریت کا بستر گول کرتا ہے،انکا کہنا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری بتائیں وہ جمہوری پاکستان چاہتے ہیں یا فوجی پاکستان۔

    اس سے قبل ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ان کی پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کیا گیا، کبھی کے دن بڑے ہوتے ہیں اور کبھی کی راتیں، نواز شریف اپنے بیان پر قوم سے معافی مانگیں۔

  • منی لانڈرنگ کیس، الطاف حسین کی ضمانت چودہ اپریل کو ختم ہورہی ہے

    منی لانڈرنگ کیس، الطاف حسین کی ضمانت چودہ اپریل کو ختم ہورہی ہے

    لندن: ایم کیو ایم قائد الطاف حسین منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت پر ہیں، ان کی ضمانت چودہ اپریل کو ختم ہورہی ہے۔

    لندن پولیس نےعمران فاوق قتل کیس کی تحقیقات میں پانچ دسمبر سنہ 2013 کو متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ کے گھر پر چھاپہ مارا، جس کے بعد منی لانڈرنگ کا جن بوتل سے باہر آگیا، الطاف حسین کے گھر اور دفتر پر چھاپے میں بھاری مقداد میں نقدی برآمد کی گئی تھی، جس کےنتیجےمیں ڈاکٹر فاروق کے قتل کے علاوہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئیں۔

    اس کیس میں جاری تحقیقات کے دوران تین جون 2014 میں پولیس نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو منی لانڈرنگ کے الزامات میں گرفتار کر لیا تھا۔

    سات جون کو انھیں ابتدائی تفتیش کے بعد جولائی تک ضمانت پر رہا کر دیا تھا، بعد میں ان کی ضمانت میں 14 اپریل 2015 تک توسیع کی دی گئی۔

    بی بی سی کی رپورٹ کےمطابق الطاف حسین پر ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے علاوہ، منی لانڈرنگ، ٹیکس چوری اور کراچی میں پارٹی کارکنوں کو تشدد پر اکسانے کے الزامات کی بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔

    ایم کیو ایم ان تمام الزامات سے انکار کرتی ہے لیکن الطاف حسین نے ایک بار اپنے ایک ٹیلی فونک خطاب میں کہا تھا کہ لندن پولیس نے ان کا جینا حرام کر رکھا ہے۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا الطاف حسین سے رابطہ

    وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا الطاف حسین سے رابطہ

    لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا الطاف حسین سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

    ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے الطاف حسین سے خیریت دریافت کی ۔

    ذرائع کا کہناہے کہ شہباز شریف اور الطاف حسین کے درمیان سینٹ کے چیئر مین اور ڈپٹی چیئر مین کے عہدے کی تقرری  پر تبادلہ خیال ہوا اور ایم کیو ایم سے سینیٹ الیکشن میں تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ  17 سال بعد وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شرریف اور ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔

    دوسری جانب سینیٹ الیکشن ایم کیو ایم نے اپنے امیدوار لانے کا عندیہ دے د یا ہے،  نائن زیرو پر حکومتی وفد نے ایم کیو ایم کے وفد سے بھی ملاقات کی ایم کیو ایم کی نمائندگی فاروق ستار ،خالد مقبول صدیقی ،کنور نوید جمیل ،میاں عتیق اور روف صدیقی نے کی، ملاقات میں حکومتی وفد نے ایم کیو ایم سے چیئر مین اور ڈپٹی چیئر مین سینٹ کے لیئے تعاون مانگا۔

    ملاقات کے بعد ایم کیو ایم نے کے روف صدیقی نے واضع کیا کہ ایم کیو ایم پچاس سال سے ووٹ دے رہی ہے اس بار اسے یہ موقع دیا جائے۔

  • آصف علی زرداری کا الطاف حسین کو فون

    آصف علی زرداری کا الطاف حسین کو فون

    اسلام آباد: سابق صدر آصف زرداری نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو ٹیلی فون کیا، دونوں کے درمیان چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

    سابق صدر آصف زرداری نے الطاف حسین کی خیریت دریافت کی، انہوں نے کہا کہ حالات کا تقاضہ ہے کہ مفاہمت کی سیاست اور یکجہتی کی فضا کو فروغ دیا جائے۔

    اس موقع پر الطاف حسین نے سینٹ الیکشن میں بھرپور ساتھ دینے پر سابق صدر کا شکریہ ادا کیا، ایم کیو ایم کے قائد نے کہا کہ پاکستان سب کا ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کے منڈیٹ کا احترام کرنا چاہیئے۔

    الطاف حسین نے سابق صدر کی باتوں سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ مفاہمت کی سیاست کو آگے بڑھنا چاہیئے۔