Tag: MQM head

  • نائن زیرو سے باورچی کو بھی گرفتار کرکے مطلوب دہشت گرد کہا گیا، الطاف حسین

    نائن زیرو سے باورچی کو بھی گرفتار کرکے مطلوب دہشت گرد کہا گیا، الطاف حسین

    لندن : ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ نائن زیرو سے برآمد اسلحہ لائسنس یافتہ تھا، باورچی کو بھی گرفتار کرکے مطلوب دہشت گرد کہا گیا، ایم کیو ایم بھتہ خور جماعت نہیں۔

    لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں اپنے ٹیلی فونک خطاب میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ غیرقانونی اسلحہ برآمدگی کے جھوٹےدعوے پر کارروائی نہیں کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ خورشید بیگم میموریل ہال سے گرفتار باورچی کو مطلوب دہشت گرد بتایا گیا، الطاف حسین نے کہا کہ زکوٰۃ، فطرے جمع کرنے والے کارکنان پر بھتہ خوری کا الزام لگایا جا رہا ہے۔

    الطاف حسین نے کہا ہے کہ رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ اس سال عید کا امدادی پروگرام نہیں کیا جائے گا، لیکن انہوں نے رابطہ کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ یہ پروگرام سینتیس سال سے جاری ہے، اس سال بھی ہوگا، چاہے چھوٹے پیمانے پر ہی کیوں نہ ہو۔

    الطاف حسین نے کے الیکٹرک سے کہا کہ بجلی دو ورنہ کراچی سے دفتر اٹھا کر لے جاؤ، انہوں نے کہا کہ رابطہ کمیٹی لوڈشیڈنگ کے خلاف جلد مشترکہ مظاہرے کا اعلان کریگی۔

  • کارکن دھرنے کی تیاری کر لیں، یہ دھرنا تاریخی ہوگا، الطاف حُسین

    کارکن دھرنے کی تیاری کر لیں، یہ دھرنا تاریخی ہوگا، الطاف حُسین

    لندن : ایم کیوا یم کے قائد الطاف حُسین نے کہا ہے کہ کارکن دھرنے کی تیاری کر لیں، یہ دھرنا تاریخی ہوگا۔

    الطاف حُسین کا یہ کہنا تھا کہ اگر گرفتار ہوجائیں یا زیرحراست مارے جائیں تو کارکن تحریک جاری رکھیں اور اُن کے قتل کا بدلہ لیں، انھوں نے کہا کہ  اُن کا یا اُن کی جماعت کا را سے کوئی تعلق نہیں اگر مشکل وقت آیا تو متحدہ کے کارکن پاک فوج کے ساتھ مل کرلڑیں گے۔ .

    انکا کہنا تھا کہ ہم پاکستان سے غیر مشروط محبت کرتے ہیں پاکستان ہمارا وطن ہے اور ہمیشہ رہے گا۔

    اس سے قبل الطاف حسین نے ایم کیو ایم کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قسم کھا کر کہتا ہوں را سے کوئی تعلق نہیں ہے، سازشی عناصرمتحدہ کو ملک دشمن جماعت ثابت کرنا چاہتے ہیں،  ایم کیو ایم پر بغیر ثبوت الزامات لگانے والے خود اندرونی وبیرونی ممالک کے ایجنٹ ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ایم کیوایم نے ہمیشہ کوٹہ سسٹم اور ناانصافی کیخلاف آواز بلند کی ہے، مائنس الطاف حسین فارمولے کی سازشیں ہورہی ہیں۔

  • خواجہ آصف لوڈ شیڈنگ ایم کیو ایم کو بھی کرنی آتی ہے ، الطاف حسین

    خواجہ آصف لوڈ شیڈنگ ایم کیو ایم کو بھی کرنی آتی ہے ، الطاف حسین

    لندن :ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ ایم کیو ایم کو بھی کرنی آتی ہے۔

    کراچی میں کارکنوں سے خطاب میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کو ختم کرنے کی سازش کی جارہی ہیں، ایم کیوایم کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے مگر سازشیں الطاف حسین کو لوگوں کے دلوں سے نہیں نکال سکتیں۔

    ایم کیو ایم کو ختم کرنے کیلئے سینتیس سال سے سینتیس ہزارسازشیں کی گئیں، الطاف حسین کا کہنا تھا کہ وزیرِداخلہ چوہدری کل پھر برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات کریں اور وزیرِخزانہ اسحاق ڈار کی منی لانڈرنگ کا بتائیں۔

    اس سے قبل خواجہ آصف نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں آن ریکارڈ کہا کہ وہ کسی دھمکی سے ڈر کر ملک نہیں چھوڑیں گے، انھوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ اورعمران فاروق قتل کیس کے بعدایم کیوایم کے خلاف ایک نیا الزام بھی سامنےآگیا ہے اور تفتیش کے تمام راستے لندن میں الطاف حسین تک جاتے ہیں۔

  • کارکنان چاہیں تو ساتھ چھوڑ سکتےہیں،الطاف حسین

    کارکنان چاہیں تو ساتھ چھوڑ سکتےہیں،الطاف حسین

    لندن : ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے بی بی سی کی رپورٹ کوسازش قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا، انکا کہنا ہے کہ دشمن تحریک کو ختم کرنے کے درپے ہیں لیکن جدوجہد جاری رہیگی، آزمائش کے وقت آپ میرا ساتھ چھوڑ سکتے ہیں۔

     متحدہ قومی مومنٹ ایک بارپھرالزامات کی زد میں ہے، بی بی سی کی سنسنی خیز رپورٹ نے ایم کیو ایم کی صفوں میں ہلچل مچادی، الطاف حسین نے نائن زیرو پر کارکنان سے خطاب میں تمام الزامات کوسازش قرار دیکر مسترد کردیا۔

    الطاف حسین نے کارکنان کو یقین دلایا کہ انھوں نے کبھی بھی لوٹ مارکی سیاست نہیں کی، اگروہ پیسے کماتے تو ملک کی امیرترین شخصیت ہوتے، متحدہ قائد کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہردور میں امن و محبت کا پیغام دیا اور محروم لوگوں کے حقوق کی بات کی لیکن دشمن تحریک کوختم کرنےکےدرپے ہیں۔

    الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ چاہیں تو ساتھ چھوڑ سکتے ہیں۔

    اس سے قبل رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی ایم کیوایم پر جناح پور بنانے کی سازش سمیت متعدد الزامات لگائے گئے جو بعد میں جھوٹے ثابت ہوئے۔

  • الطاف حسین نے کالاباغ ڈیم کی تعمیر کا مطالبہ کردیا

    الطاف حسین نے کالاباغ ڈیم کی تعمیر کا مطالبہ کردیا

    لندن: ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے کالاباغ ڈیم کی تعمیر کا مطالبہ کردیا ہے، انکا کہنا ہے کہ سندھ کے مطالبات دور کرکے منصوبے پر کام شروع کیا جائے۔

    ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے پانی ذخیرہ کرنے کیلئے چھوٹے ڈیم بنانے کا مطالبہ بھی کیا، ان کا کہنا تھا کہ پانی وبجلی کے نئے منصوبے بنانا وفاق اورصوبائی حکومتوں کا فرض ہے۔ سندھ کے تحفظات دور کرکے کالا باغ ڈیم تعمیر کیا جائے۔

    الطاف حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صرف کراچی میں ہیٹ اسٹروک سے اتنی زیادہ ہلاکتیں ہوئیں اور میتیں رکھنے کے لئے سرد خانے کم پڑگئے۔ قیمتی جانوں کے ضیاع پر وفاق اورصوبائی حکومت کا ایک دوسرے کو مورد الزام ٹہرانا افسوسناک ہے۔

  • انیس جون 1992ء پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، الطا ف حسین

    انیس جون 1992ء پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، الطا ف حسین

    لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے کہا ہے کہ 19جون 1992ء پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، اس دن ایم کیوایم جیسی امن پسند ، محب وطن اور سیاسی جماعت کے خلاف بھیانک ریاستی آپریشن شروع کیا گیا۔

    انیس جون 1992ء کے شہداء کی 23ویں برسی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ کی 72بڑی مچھلیوں، ڈاکوؤں اوراغواء برائے تاوان کی وارداتوں کے خلاف ہونے والے آپریشن کا رخ ایم کیوایم کی جانب موڑ دیا گیا، ایم کیوایم کے خلاف شروع کئے گئے ریاستی آپریشن کے دوران 18ہزار سے زائد کارکنان کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا۔

    الطا ف حسین نے کہا کہ ہزاروں کو گرفتارکرکے نجی عقوبت خانوں میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا ، انہیں جھوٹے مقدمات میں ملوث کیا گیا، سینکڑوں کارکنان کو جلا وطنی کی کربناک زندگی گزارنے پر مجبور کردیا گیا، تمام تر ریاستی مظالم کے باوجود ایم کیوایم کے پرعزم ، جیالے ، باہمت اور ثابت قدم کارکنان کے حوصلے ہرگز نہیں توڑے جاسکے اور حقوق کی جدوجہد میں کارکن نے لازوال داستانیں رقم کیں، جو تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ 19جون 1992ء کے بعد سے ایم کیوایم کے خلاف شروع ہونے والا ریاستی آپریشن کسی نہ کسی شکل میں آج تک جاری ہے، الطاف حسین نے 19جون 1992ء کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ تمام تر مظالم کے باوجود شہداء کی قربانیوں کی بدولت آج ایم کیوایم قائم و دائم ہے اور کامیابیوں کی منازل طے کررہی ہے، لہٰذا ذمہ داران و کارکنان حق پرست شہداء ، لاپتہ ساتھیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں۔

    انکا کہنا تھا کہ شہداء کے لواحقین اور لاپتہ ساتھیوں کے لواحقین اور اہل خانہ کی خبر گیری کریں اور ثابت قدمی کے ساتھ حق پرستانہ پیغام کو ملک بھر میں فروغ دینے کیلئے کام جاری رکھیں ۔

  • اسلام، اقوام متحدہ کا چارٹر ظالم قوتوں سے دفاع کا حق دیتا ہے، الطاف حسین

    اسلام، اقوام متحدہ کا چارٹر ظالم قوتوں سے دفاع کا حق دیتا ہے، الطاف حسین

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ اسلام اور اقوام متحدہ کا چارٹر دنیا کے ہرانسان کو ظالم قوتوں سے دفاع کا حق دیتا ہے ۔

    الطاف حسین نے یہ بات عزیزآباد کراچی اور اسلام آباد میں ایم کیوایم کے ذمے داران کو لیکچر دیتے ہوئے کہی، س موقع پر شرکاء نے الطاف حسین سے سوالات بھی کیے۔

     اسلام اور جنگ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں الطاف حسین نے کہاکہ اسلام ،سلامتی کا مذہب ہے جو صبر، برداشت، محبت ،عفوودرگزر اورافہام وتفہیم سے کام لینے کا درس دیتا ہے اوربحالت مجبوری جنگ کرنے کی بھی اجازت دیتا ہے۔

     الطاف حسین نے کہاکہ دنیا کے ہرانسان کو یہ حق اسلام اور اقوام متحدہ کاچارٹر بھی دیتا ہے ۔

  • جن صنعتکاروں نے شکایت کی ہے ان کے نام معلوم کروا رہے ہیں، الطاف حسین

    جن صنعتکاروں نے شکایت کی ہے ان کے نام معلوم کروا رہے ہیں، الطاف حسین

    لندن : ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ شکایت کرنے والے صنعتکاروں کے نام معلوم کروا رہے ہیں۔

    ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ان کی پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کیا گیا، کبھی کے دن بڑے ہوتے ہیں اور کبھی کی راتیں، نواز شریف اپنے بیان پر قوم سے معافی مانگیں۔

    انھوں نے کہا کہ جن صنعتکاروں نے شکایت کی ہے ان کے نام معلوم کروا رہے ہیں۔

    اس سے قبل ایم کیوایم کے مرکزنائن زیرو پر کارکنوں سے خطاب میں الطاف حسین نے کہا کہ ان کی تحریک کو تینتیس سال بیت گئے ہیں،  عوام کی فلاح و بہبود کے لیے زندگی کا طویل عرصہ گزارا۔

    ایم کیو ایم کے قائد نے کہا کہ مظالم کے خلاف انہوں نے عدالتوں سے رجوع کیا لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

    الطاف حسین کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ گھروں میں بیٹھ کر ان کی تقریر سن لیا کرتے تھے اس پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ  گزشتہ روز وزیرِاعظم نواز شریف نے کراچی میں تقریب سے خطاب میں گورنر سندھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گورنر صاحب صنعتکار شکایت کرتے ہیں، کراچی میں مکھی بھی مر جائے تو ہڑتال ہوتی ہے۔

  • سانحہ پکا قلعہ حیدآباد پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب ہے، الطاف حسین

    سانحہ پکا قلعہ حیدآباد پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب ہے، الطاف حسین

    لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ سانحہ پکا قلعہ حیدآباد پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب ہے، جسے فراموش نہیں کیاجاسکتا۔

    سانحہ پکا قلعہ 26، 27مئی1990ء کے شہداء کی 25ویں برسی کے موقع پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ 26، 27مئی 1990ء پاکستان کی تاریخ کاایسا سیاہ ترین دن ہے۔ جب سرکاری اہلکاروں نے حیدرآباد میں پکا قلعہ کی پانی ، بجلی اور گیس کاٹ کر اردو بولنے والی آبادی پر لشکر کشی کی اور پکا قلعہ کے معصوم وبے گناہ مکین مائیں بہنیں اپنے سروں پر قرآن شریف رکھ کردہائیاں دینے نکلیں اور ظالموں کو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کا واسطہ دیا تو ان پراندھادھند فائرنگ کی گئی، جسکے باعث متعدد خواتین،نوجوان ،بزرگ اوربچے موقع پر ہی شہید ہوگئے۔

    انھوں نے کہا کہ ظلم و بربریت کا یہ کھیل دو دن تک جاری رہا ،شہداء کے جنازے بھی نہیں اٹھانے دیئے گئے جسکے سبب شہداء کی تدفین بھی پکا قلعہ گراؤنڈ میں ہی کرنا پڑی۔

    الطاف حسین نے کہا کہ 25برس گزرجانے کے باوجودآج تک اس واقعہ میں ملوث سفاک سرکاری اہلکاروں کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ حق پرست شہداء نے جس مشن، مقصد اور نظریئے کیلئے اپنی جانیں قربان کی ہیں، انہیں ایم کیوایم ہرگز رائیگاں نہیں جانے دے گی اور مظلوم و محکوم عوام کے حقوق کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

    انہوں نے سانحہ پکا قلعہ حیدآباد کے شہداء کوزبردست خراج عقیدت پیش کیا اور دعا کی کہ اللہ شہدائے پکا قلعہ کے درجات بلندفرمائے،ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطافرمائے اور ایم کیوایم کے خلاف سازشوں کوناکام بنائے اورتحریک کے مشن و مقصد اورنظریئے کو کامیابی سے ہمکنار فرمائے۔

  • کراچی: الطاف حسین کارکنوں سے آج ٹیلی فونک خطاب کرینگے

    کراچی: الطاف حسین کارکنوں سے آج ٹیلی فونک خطاب کرینگے

    کراچی :متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ترجمان قمر منصور نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین آج اہم اور فکر انگیز ٹیلی فونک خطاب کریں گے۔

    ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے مطابق جناح گراؤنڈ میں الطاف حسین کے خطاب کے سلسلے میں انتظامات اور تیاریاں شروع کردی گئی ہیں ۔

    الطاف حسین کا خطاب ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی ، حق پرست سینیٹرز ، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ، ایم کیوایم کے مختلف ونگز و شعبہ جات کے اراکین اور سیکٹر و یونٹوں کے ذمہ داران وکارکنان سماعت کریں گے ۔

    اس موقع پر جناح گراؤنڈ میں فنکار ایم کیوایم کے تحریکی اور تنظیمی ترانے بھی گائیں گے۔

    دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کے زیرِ اہتمام کراچی بھر میں جلد بارش کے لئے آج سہ پہر تین بجے نیوکراچی میں نماز استسقاء ادا کی جائے گی۔

    کراچی میں بارش کے نہ ہونے اور پانی کی شدید قلت کے خاتمے کے لئے نماز استسقاء کا اہتما م کیا جارہا ہے، اس اجتماع کا انقعاد متحدہ قومی موومنٹ کےارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی جانب سے کیا گیا ہے۔

    نماز استسقاء کے اجتماع میں ایم کیو ایم کے ذمہ داران و کارکنان ، حق پرست ارکان اسمبلی ، عمائدین علاقہ اور حق پرست عوام بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔