Tag: MQM leader

  • حکومت پی ٹی آئی مذاکرات : کشور زہرہ کے اہم انکشافات

    حکومت پی ٹی آئی مذاکرات : کشور زہرہ کے اہم انکشافات

    اسلام آباد : ایم کیوایم کی خاتون رہنما اور مذاکراتی کمیٹی کی رکن کشور زہرہ نے کہا ہے کہ حکومت پی ٹی آئی مذاکرات میں اسمبلیاں توڑنے اور انتخابات پر اتفاق رائے ہوگیا تھا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی، ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کو ناکام نہیں کہوں گی کیونکہ تینوں اجلاس مثبت تھے۔

    کشور زہرہ نے بتایا کہ طے ہوگیا تھا کہ بجٹ کی منظوری کے ایک ہفتے بعد عام انتخابات کی طرف جائیں گے، مذاکرات میں جولائی میں اسمبلیاں توڑنے پر اتفاق ہوگیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ چوتھی میٹنگ کے لیے چیزیں فائنل کرکے معاہدہ پر اتفاق رائے ہوگیا تھا لیکن باہر نکلتے ہی شاہ محمود قریشی نے حیران کن طور پر کہہ دیا کہ مذاکرات ناکام ہوگئے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مجبوری تھی ورنہ خان صاحب ناراض ہوجاتے، ہم نے کہا کہ یہ آپ کا کام تھا خان صاحب کو سمجھانا۔

    رکن مذاکراتی کمیٹی کشور زہرہ نے بتایا کہ اسحاق ڈار اور یوسف گیلانی نے واضح کیا تھا کہ حکومت توسیع نہیں چاہتی، معاہدہ ہوتا تو یہ ساری باتیں معاہدے میں بھی لکھی جاتیں۔

    انہوں نے بتایا کہ پہلی میٹنگ خوش آئند ہوئی، دوسری سے پہلے ان کے35 کارکن گرفتار ہوگئے، جب شاہ محمود صاحب نے بتایا تو حکومتی ٹیم نے مذاکرات روک دیے۔

    کشور زہرہ نے کہا کہ جب رانا ثنااللہ صاحب کو اسپیکر پر لیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ان کے علم میں بھی کارکنان کی گرفتاری نہیں، دوسری میٹنگ کے بعد پرویز الہٰی کے گھر چھاپے سے بات مزید خراب ہوگئی، ایسے ہی نامناسب طریقوں سے بات بگڑتی ہے۔

    گزشتہ روز پی ڈی ایم کے ہونے والے مظاہرے سے متعلق رکن مذاکراتی کمیٹی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایک صاحب نے تو سپریم کورٹ کے سامنے مظاہرہ بھی کیا، میں حکومت کی اتحادی ہوں لیکن میرا سوال یہ ہے کہ سپریم کورٹ کے باہر مظاہرہ کس لیے کیا گیا؟ احتجاج کس بات کا؟ آپ کس سے کیا مانگ رہے تھے؟

    انہوں نے کہا کہ جب مذاکرات کرنے تھے تو خاموش بھی رہتے، اب جو توڑ پھوڑ اور ہنگامے ہوئے اس سے امکانات اچھے نظرنہیں آرہے، آج بھی مذاکرات کی گنجائش ہے اور چیف جسٹس بھی ٹائم دے رہے ہیں۔

  • ’پیپلز پارٹی نے شہری سندھ سے کی جانیوالی زیادتیاں مان لیں‘

    ’پیپلز پارٹی نے شہری سندھ سے کی جانیوالی زیادتیاں مان لیں‘

    ایم کیو ایم رہنما اور سابق وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ پی پی پی نے شہری سندھ سے کی جانیوالی زیادتیاں مان لی ہیں۔

    متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے شہری سندھ کی کی جانیوالی زیادتیاں مان لی ہیں اور امید ہے کہ پیپلز پارٹی ان زیادتیوں کا ازالہ کرتے ہوئے جو وعدے کیے ہیں اس کو پورا کرے گی۔

    فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ ہمارا پیپلز پارٹی سے جو معاہدہ ہوا ہے اس پر دونوں قیادت کے دستخط ہیں۔ شہباز شریف اور فضل الرحمٰن اس معاہدے کے ضامن ہیں اور وہ دونوں پی پی سے معاہدے کو پورا کرانے میں کردار ادا کرینگے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کی کامیابی ہے جس نے زیادتیوں کے حوالے سےآواز اٹھائی اور پی پی نے اس کو مانا۔

    کراچی والوں کا اول اور آخر پاکستان ہے، وعدہ تھا اپنےاجداد سےاس کو پورا کیا، قوم کا سر فخر سے بلند کیا آئندہ بھی موقع ملا تو پاکستان کیلیے دن رات ایک کردیں گے۔

    تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ یہ نمبر گیم ہے اور آپشن بھی یہ ہی ہے اب دیکھیں اپوزیشن یا حکومت کتنے نمبر لےسکتی ہے۔

    فروغ نسیم نے کہا کہ میں نے ایم کیوایم پاکستان کے ٹکٹ پر الیکشن جیتا، ایم کیو ایم کی وزارت قانون لینا خواہش نہیں تھی، میری خواہش نہیں ہے کہ میں دوبارہ وزارت لوں۔

  • سینیٹ انتخابات : بی ایس 4 سال کا ہونے سے ایم کیوایم رہنما بھی متاثر

    سینیٹ انتخابات : بی ایس 4 سال کا ہونے سے ایم کیوایم رہنما بھی متاثر

    کراچی : بی ایس 4 سال کا ہونے سے ایم کیوایم رہنما بھی متاثر ہوگئے ، رؤف صدیقی نے عدالت میں کہا میری تعلیم سینیٹ الیکشن پرپورااترتی ہے، پہلےبی اے 2سال کا تھا، اب اگر بی اے 4 سال کا ہوگیا تو میرا کیا قصور۔

    سندھ ہائیکورٹ میں ایم کیو ایم رہنمارؤف صدیقی کی کاغذات مسترد ہونے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی ، عدالت میں رؤف صدیقی نے مؤقف میں کہا میری تعلیم سینیٹ الیکشن پرپورااترتی ہے، پہلےبی اے2سال کاتھا، اب اگربی اے4سال کاہوگیاتومیراکیاقصور۔

    رؤف صدیقی کا کہنا تھا کہ لاکھوں بچوں کامستقبل میرے کیس سےجڑاہے ، جنہوں نے2سال کابی اےکیاان کاکیاقصور، جنہوں نےکےجی ون،کےجی ٹونہیں کیاپھرکیاکریں گے۔

    جس پر عدالت نےدرخواست پرالیکشن کمیشن کونوٹس جاری کردیے اور کہا دونوں درخواستوں کوکل صبح9بجے سنیں گے۔

    یاد رہے رؤف صدیقی نے اپنے کیخلاف الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ چیلنج کیا تھا، جس میں کہا تھا کہ مجھےسینیٹ الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے ، جس پر عدالت نے روف صدیقی کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی تھی۔

    خیال رہے آر او نے ٹیکنوکریٹ نشست کیلئے روف صدیقی کےکاغذات مستردکردیےتھے جبکہ الیکشن ٹربیونل نے ریٹرنگ آفسر کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا۔

  • ایم کیوایم رہنما ڈاکٹر عمران فاروق مرحوم کے والد انتقال کر گئے

    ایم کیوایم رہنما ڈاکٹر عمران فاروق مرحوم کے والد انتقال کر گئے

    کراچی : ایم کیوایم رہنما ڈاکٹر عمران فاروق مرحوم کے والد انتقال کر گئے، ان کی نماز جنازہ کریم آباد میں مسجد صفاء میں بعد نماز جمعہ ادا کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم رہنما ڈاکٹر عمران فاروق مرحوم کے والد محمد فاروق انتقال کر گئے ، ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے بھی ڈاکٹر عمران فاروق مرحوم کے والد فاروق احمد کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔

    رابطہ کمیٹی کے مطابق فاروق احمد کی نماز جنازہ کریم آباد میں مسجد صفاء میں بعد نماز جمعہ ادا کی جائے گی۔

    کنوینر ایم کیو ایم پاکستان و رابطہ کمیٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے فاروق احمد کے انتقال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    گورنرسندھ نے بھی ڈاکٹرعمران فاروق کے والد کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا اللہ تعالیٰ مرحوم کےاہلخانہ کوصبرجمیل عطا فرمائے۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل اس قسم کی خبریں بھی منظر عام پر آئی تھی کہ سابق ایم کیو ایم رہنما کے بیوی بچے لندن کے انتہائی پسماندہ علاقے میں کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

  • ایم کیوایم رہنماخواجہ سہیل منصور نے  بھارتی ہائی کمشنر کی دعوت ٹھکرادی

    ایم کیوایم رہنماخواجہ سہیل منصور نے بھارتی ہائی کمشنر کی دعوت ٹھکرادی

    اسلام آباد : ایم کیوایم رہنما خواجہ سہیل منصور نے بھارتی ہائی کمشنرکی بھارت کے 700ری پبلک ڈے پر دعوت ٹھکرادی اور کہا مقبوضہ کشمیر میں  بھی بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، ایسےماحول میں بھارت کی دعوت قبول نہیں کرسکتا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی اور فوجی بربریت پر ایم کیوایم رہنماخواجہ سہیل منصور نے بھارتی ہائی کمشنرکوکراراجواب دیتے ہوئے بھارت کے 700ری پبلک ڈے پر جانے سے انکار کردیا۔

    بھارتی ہائی کمشنر کے دعوت نامے کے بدلے احتجاجی مراسلہ


    خواجہ سہیل منصور نے بھارتی ہائی کمشنر کے دعوت نامے کے بدلے احتجاجی مراسلہ میں کہا بھارتی فوج ایل اوسی پراشتعال انگیزی اورسیزفائرکی خلاف ورزی کررہی ہے، اشتعال انگیزی سےمعصوم شہری نشانہ بن رہے ہیں۔

    احتجاجی مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھی بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، بھارت کشمیریوں کیلئے اقوام متحدہ کی قرارداد کا  پاس نہیں کررہا، پانی کے معاملے پر بھی بھارت کی ہٹ دھرمی جاری ہے۔

    مراسلے میں ایم کیوایم رہنما خواجہ سہیل منصور نے کہا ایسےماحول میں بھارت کی دعوت قبول نہیں کرسکتا۔

    خیال رہے بھارت کی جانب سے ایل اوسی  کی خلاف ورزی اور شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کاسلسلہ جاری ہے ، جس میں متعددشہری شہید ہوچکے ہیں۔

    مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارتی فوج آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے اور اب تک ہزاروں کشمیری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں، 2018 میں قابض بھارتی فوج نے حاملہ خواتین، بچوں اور اسکالرز سمیت 355 شہری شہید کردیے۔

  • فاروق ستار کا این اے 245  کے انتخابی نتائج  چیلنج کرنے کا اعلان

    فاروق ستار کا این اے 245 کے انتخابی نتائج چیلنج کرنے کا اعلان

    کراچی: ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے این اے دو سو پیتنالیس کے انتخابی نتائج کوالیکشن کمیشن میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا اور کہا فیصلہ آنے تک عامرلیاقت کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق میں ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے این اے دو سو پیتنالیس کے انتخابی نتائج کوالیکشن کمیشن میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے لیے ان کی قانونی ٹیم نے 850 صفحات کی درخواست تیارکرلی ہے۔

    درخواست میں عامرلیاقت کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کی استدعا بھی کی جائے گی جبکہ درخواست کے ساتھ بے ضابطگیوں کےشواہدبھی منسلک کیے گئے ہیں۔

    درخواست گزارفاروق ستار نے مؤقف اختیار کیا کہ این اے 245میں بے ضابطگیوں کے ناقابل تردید شواہد ہیں، صرف این اے245 میں 22ہزار بیلٹ پیپرزغائب ہیں، 22 ہزار بیلٹ پیپرز غائب ہونے کے شواہد فارم 46 میں موجود ہیں۔

    فاروق ستار کی جانب سے درخواست میں ہمارے پولنگ ایجنٹس کو باہرنکال دیاگیا، کسی پولنگ ایجنٹ کو فارم 45 فراہم نہیں کیا گیا اور استدعا کی فیصلہ ہونے تک عامرلیاقت کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔

    کراچی سٹی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار نے کہا این اے 245 کے نتائج چیلنج کرنے جا رہا ہوں ، میرے پاس شواہد موجود ہیں امید ہے الیکشن ٹربیونل سنے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ میری زندگی کا مشن عوام کی خدمت ہے، عوام ہی ان کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کریں گے، جو فیصلہ کریں قبول ہوگا۔

    اس سے پہلے سٹی کورٹ میں لاوٴڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کے مقدمے کی سماعت ہوئی، ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار عدالت میں پیش ہوئے۔

    عدالت نے سولجر بازار تھانے میں درج مقدمے میں پولیس فائل طلب کرتے ہوئے سماعت تین اکتوبر تک ملتوی کردی، فاروق ستار کے خلاف تھانہ نیوٹاوٴن اور تھانہ سولجر بازار میں دو مقدمات زیر سماعت ہیں۔

    خیال رہے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں کراچی کے حلقے این اے 245 سے  تحریک انصا ف کے عامر لیاقت حسین کامیاب ہوئے جبکہ ایم کیو ایم کے فاروق ستار  دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

    واضح رہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار ملک بھر میں ہونے والے حالیہ عام انتخابات کے بعد سے پارٹی میں غیر فعال تھے انہوں نے گزشتہ دنوں اشارہ دیا تھا کہ تحریک انصاف کے کچھ دوستوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت بھی دی۔

    چند روز قبل  ایم کیو ایم پاکستان کے سابق کنونیئر اور رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا تاہم  رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کے استعفیٰ کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے اسے کسی بھی صورت قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • متحدہ رہنما عامر خان کی بھی جیب کٹ‌ گئی

    متحدہ رہنما عامر خان کی بھی جیب کٹ‌ گئی

    کراچی:متحدہ رہنما عامر خان کی سینٹرل جیل کے باہر جیب کٹ گئی، عامر خان نے چور سے پیسے رکھ کر شناختی کارڈ اور کاغذات واپس کرنے کی اپیل کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنمائوں خورشید شاہ، مراد علی شاہ، منظور وسان، سعید غنی اور شوکت بسرا کے بعد اب متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما عامر خان بھی واردات کا شکار ہوگئے، وسیم اختر کی رہائی کے دوران جیل کے باہر ان کی جیب کٹ گئی۔


    اے آر وائی نیوز کے رپورٹر رافع حسین کے مطابق متحدہ کے ڈپٹی کنوینر عامر خان سینٹرل جیل کے باہر میئر کراچی وسیم اختر کی رہائی پر ان کا استقبال کرنے پہنچے ان کے ساتھ دیگر رہنما اور کارکنان بھی موجود تھے، اس موقع پر ہجوم تھا اسی دوران کسی چور نے ان کا بٹوہ نکال لیا۔


    یہ بھی پڑھیں: جہانگیر بدر کا سوئم: سعید غنی اور شوکت بسرا کے جوتے چوری


    اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے عامر خان نے چور سے درخواست کی کہ میری چور بھائی سے درخواست ہے کہبرائے مہربانی وہ میرے پیسے رکھ لے لیکن شناختی کارڈ اور دیگر کاغذات واپس کردے جس کے بغیر انہیں زیادہ پریشانی کا سامنا ہے۔

  • ڈاکٹرعامر لیاقت کو رینجرز کی تحویل سے رہا کردیا گیا

    ڈاکٹرعامر لیاقت کو رینجرز کی تحویل سے رہا کردیا گیا

    کراچی : رینجرز نے ڈاکٹرعامر لیاقت کو رہا کردیا گیا جبکہ ایم کیو ایم رہنما قمر منصور ، شاہد پاشا اور کنور نوید جمیل کو تین روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز نے ایم کیوا ایم کے رہنما ڈاکٹرعامر لیاقت کو رہا کردیا گیا، انھیں گزشتہ روز انکے آفس سے حراست میں لیا گیا تھا۔

    رہائی کے بعد ڈاکٹر عامر لیاقت کا اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان نہیں تو کچھ نہیں، انھوں نے ایم کیو ایم کے قائد کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کیا، عامر لیاقت کا ایم کیو ایم سے علیحدگی سے متعلق کہنا تھا کہ اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا، انھوں نے کہا میں شدید دباؤ میں ہوں۔

    ایم کیو ایم قائد کی ملک مخالف تقریر پر ڈاکٹرعامر لیاقت نے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں پاکستان سے محبت کرتا ہوں اور مرتے دم تک کرتا رہوں گا۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم قائد کے بیان کی مذمت کرتا ہوں اور ڈاکٹر فاروق ستار کی حمایت کااعلان کرتا ہوں۔

    اس سے قبل کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ایم کیو ایم کے رہنما قمر منصور ، شاہد پاشا اور کنور نوید جمیل کو پیش کیا گیا ، تینوں رہنماؤں کو منہ پر کپڑا ڈال کر سخت سکیورٹی میں عدالت لایا گیا تو وکلا اور شہریوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

    عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما قمر منصور ، شاہد پاشا اور کنور نوید جمیل کو تین روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔


     مزید پڑھیں : فاروق ستاراوراظہارالحسن رہا، کنورنوید جلیل اورقمرمنصورتحویل میں


    ایم کیو ایم کے تینوں رہنماؤں کے خلاف 116/2016 اور 117/2016 کے تحت مقدمات درج ہیں، جس میں جلاؤ گھیراؤ، اشتعال انگیزی کے الزامات شامل ہیں ۔


     مزید پڑھیں : کراچی: ایم کیو ایم کارکنان کا اے آر وائی نیوز کے دفتر پر حملہ


    اس سے قبل ایم کیو ایم کے 11 کارکنوں کو بھی رہنماؤں سے پہلے 3 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔

    گزشتہ روز متحدہ کے قائد کی پاکستان کیخلاف اشتعال انگیز تقریر اور اے آر وائی نیوز کے دفتر پر حملے کے بعد ایم کیو ایم کے رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا تھا۔

  • ڈاکٹر عاصم کیس،رؤف صدیقی کی عبوری ضمانت میں 2 جنوری تک توسیع

    ڈاکٹر عاصم کیس،رؤف صدیقی کی عبوری ضمانت میں 2 جنوری تک توسیع

    کراچی : ڈاکٹر عاصم کیس میں ایم کیوایم رہنما رؤف صدیقی کی عبوری ضمانت میں دو جنوری تک توسیع کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عاصم کیس میں کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی کی عبوری ضمانت میں توسیع کی ہے۔ ایم کیو ایم رہنما کو ڈاکٹر عاصم نے کیس میں نامزد کیا تھا، رؤف صدیقی پر الزام ہے کہ ان کے احکامات پر ملزمان کو طبی سہولیات فراہم کی جاتی تھیں.

    ان پر ایم کیو ایم قائد الطاف حسین کی تقریروں میں سہولت کار ہونے کا بھی الزام ہے۔ رؤف صدیقی پر مختلف تھانوں میں 24 مقدمات درج ہیں۔

    اس موقع پر رؤف صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحفظات کے باجود آج بھی ہم آپریشن کے حمایت کرتے ہیں، کراچی آپریشن بلاتفریق سب کیلئے جاری رہنا چاہیے، حکومت اگر رینجرز کو اختیارات نہیں دے رہی تو امن کی ضمانت دے۔

  • رینجرز نے وسیم اختر کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا

    رینجرز نے وسیم اختر کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا

    کراچی: رینجرز نے ایم کیو ایم کے رہنماء وسیم اختر کے خلاف 50 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا.

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں رینجرز نے ایم کیو ایم کے رہنماء وسیم اختر کے خلاف 50 کروڑ روپے ہرجانے کی درخواست دائر کی۔

    درخواست میں پاکستان رینجرز نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر نے 29 ستمبر کو ایک ٹی وی شو میں رینجرز پر قربانی کی کھالیں چوری کرنے اور چھیننے کا الزام عائد کیا تھا، وسیم اختر کے بیان سے رینجرز کی ساکھ متاثر ہوئی ہے.

    پاکستان رینجرز نے وسیم اختر کے خلاف ہرجانے کی درخواست میں عدالت سے استدعا کی ہے کہ وسیم اختر کا الزام بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے، وسیم اختر اپنا الزام ثابت کریں ورنہ انہیں رینجرز کو ہرجانے کی رقم ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔

    عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر کو 28 دسمبر کو طلب کرلیا ہے۔