Tag: MQM Leader Altaf Hussian

  • مذاکرات سے کبھی انکارنہیں کیا، علامہ ڈاکٹرطاہرالقادری

    مذاکرات سے کبھی انکارنہیں کیا، علامہ ڈاکٹرطاہرالقادری

    اسلام آباد: عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے سربراہ کا کہنا ہےاگر نواز شریف کے بیٹوں کو شہید کردیاجاتا تو کیا وہ تب بھی جمہوریت کی بات کرتے، مذاکرات کاقائل ہوں لیکن حکومت نےرابطہ نہیں کیا۔

    پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہرالقادری نےکہامذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا۔جمہوریت پر تقریریں کرنے والے بتائیں بے گناہ شہریوں کا خون کیوں بہایا ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ مذاکرات سے انکار نہیں، اگرنوازشریف کے بیٹے شہید ہوجاتے تووہ جمہوریت کی بات کرتے؟ کیاجمہوریت میں بے گناہوں پر گولیاں برسائی جاتی ہیں؟مذاکرات کاقائل ہوں لیکن حکومت نے رابطہ نہیں کیا۔

    ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ وہ بھی مذاکرات کے حامی ہیں لیکن اس کا بھی کوئی سلیقہ ہونا چاہیئے، سانحہ ماڈل ٹاؤن اور ان کی وطن واپسی کے بعد ایک حکومتی اہلکار ان کے پاس آئے لیکن وہ اختیارات سے تھے۔ حکومت کا کوئی وفد اب تک ان سے مذاکرات کے لئے نہیں آیا۔ اس طرح جھوٹ بولنے والوں کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ شریف برادران  جب تک حکومت میں ہوں تو ان کے خلاف ایف آئی آر  درج نہیں ہوسکتی اور اگر ایسا ہو بھی گیا تو ان پولیس تحقیقات نہیں کرے گی اور عدالتوں میں بیٹھے جج ان کے خلاف فیصلہ نہیں دے سکتے، پاکستان عوامی تحریک کے کارکن جہاں  پاک فوج تعینات ہیں اس جگہ سے پیچھے ہٹ جائیں، کوئی کارکن کسی عمارت میں دھاوا نہیں بولے گا، اس کے علاوہ پارلیمنٹ ہاؤس میں آنے اور جانے والوں کو آمدورفت کی اجازت دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاؤن لاہور کی طرح یہاں بھی ان پر کھانا اور پانی بند کیا جارہا ہے اور پھر یہ حکمران اپنے آپ کو جمہوریت اور آئین کے علمبردار کہتے ہیں۔

  • طاہرالقادری ، عمران خان حکومت کو ایک موقع اور دیں ، الطاف حسین

    طاہرالقادری ، عمران خان حکومت کو ایک موقع اور دیں ، الطاف حسین

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ڈاکٹر طاہر القادری اور پاکستان تحریکِ انصاف کےسربراہ عمران خان سے شاہراہ دستور پر دھرنا دینے کے اعلان پر ان سے اپیل کی ہے کہ حکومت کوایک آخری موقع دینے کے لئے یہ اپیل واپس لی جائے ۔

    الطاف حسین کا کہنا تھا کہ معاملے کا حل تلاش کرنے کی آخری کوشش کرلی جائے اورحکومت سے کسی بھی قسم کے ٹکراؤ کی صورتحال سے گریز کیا جائے اور پر امن رہتے ہوئے اپنے مطالبات منوائے جائیں۔

    ایم کیو ایم کے قائد نے ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خان سے اپیل کی کہ جمہوریت کا غلط استعمال کرنے والوں کو مذاکرات سے راہ راست پر لائیں کیونکہ مذاکرات ہی آخری راستہ ہے۔

    الطاف حسین شروع دن سے ہے دونوں فریقوں سے اپیل کر رہے ہیں  کہ ملک اس وقت نازک صورتحال سے گزر رہا  ہے لہذا سیاسی دانشوری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس صورتحال کا پر بصیرت حل نکالنا چاہئے۔

    ایم کیو ایم کے رہنماء اور قومی اسمبلی کے ممبر حیدر عباس رضوی بھی حکومت کی جانب سے قائم کی گئی اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹی کا حصہ ہیں جو کہ دونوں جماعتوں سے مسلسل مذاکرات کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

  • قائد الطاف حسین کی باجوڑ ایجنسی میں اسکول وین دھماکہ کی شدید مذمت

    قائد الطاف حسین کی باجوڑ ایجنسی میں اسکول وین دھماکہ کی شدید مذمت

    لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے باجوڑ ایجنسی میں دہشت گردوں کی جانب سے اسکول وین کو ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ سے نشانہ بنانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکہ کے نتیجے میں خواتین ، بچوں اور اساتذہ سمیت متعدد افراد کے شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے بچوں کی اسکول وین کو بم دھماکے سے نشانہ بنا کر ثابت کردیا ہے کہ وہ تعلیم اور علم کے دشمن ہیں اور ان کی دہشت گردانہ کارروائیوں سے تمام مذاہب اور مسالک کے ماننے والے عدم تحفظ کا شکار ہیں ۔

    انہوں نے بم دھماکے میں خواتین ، بچوں ، اساتذہ سمیت دیگر شہید افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ زخمیوں کو جلد و مکمل صحت و تندرستی عطا فرمائے ۔

    الطاف حسین نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ باجوڑ ایجنسی میں اسکول وین کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنانے میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور ملک سے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے رجحانات کے خاتمے کیلئے ہر سطح پر مثبت اقدامات بروئے کار لائے جائیں ۔

  • عمران خان ریڈزون میں داخل ہونے کے فیصلے پر نظرثانی کریں، الطاف حسین

    عمران خان ریڈزون میں داخل ہونے کے فیصلے پر نظرثانی کریں، الطاف حسین

    لندن : الطاف حسین کی اپیل عمران خان کو ئی بھی ایسااقدام نہ کریں جس سے تصادم اور خونریزی کی صورتحال جنم لے۔

    ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ماضی کے تمام ترسیاسی اختلافات کوبالائے طاق رکھتے ہوئے عمران خان سے اپیل کررہاہوں کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں تمام فریقین سے اپیل کرتاہوں کہ وہ وقت ضائع کئے بغیر مذاکرات کاعمل شروع کردیں اورمعاملات کوافہام وتفہیم سے حل کریں۔

    متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ وہ کل ریڈ زون میں داخل ہونے کے فیصلے پر نظرثانی کریںاورمعاملات کومذاکرات اورافہام وتفہیم سے حل کرنے کی کوشش کریں۔

    الطاف حسین نے کہاکہ سیاست میں اختلافات معمول کاحصہ ہیں اورماضی میں ایم کیوایم کے بھی میاں نوازشریف اور عمران خان دونوں سے سیاسی اختلافات رہے ہیں لیکن میرے نزدیک ملکی سلامتی اورعوم کی فلاح تمام تر اختلافات سے بالاترہے اور اسی لئے میں ماضی کے تمام ترسیاسی اختلافات کوبالائے طاق رکھتے ہوئے عمران خان سے اپیل کررہاہوں کہ وہ ریڈزون میں داخل ہونے کے فیصلے پر نظرثانی کریں اور کوئی بھی ایسااقدام نہ کریں جس سے تصادم اور خونریزی کی صورتحال جنم لے۔

    اس وقت ملک جن داخلی وخارجی بحرانوں سے گزررہاہے اس کاتمام فریقین کوبخوبی اندازہ ہے لہٰذامیں ان سے اپیل کرتاہوں کہ وہ وقت ضائع کئے بغیر مذاکرات کاعمل شروع کردیں اورمعاملات کوافہام وتفہیم سے حل کریں۔

  • سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان قوم کے ساتھ بڑامذاق ہے، الطاف حسین

    سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان قوم کے ساتھ بڑامذاق ہے، الطاف حسین

    لندن :  ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان قوم کے ساتھ بڑا مذاق ہے، انہیں یہی کچھ کرنا تھا تو وہ کئی روز تک قوم کا وقت ، توانائی اورپیسہ خرچ کرنے کے بجائے پہلے ہی اس کا اعلان کردیتے ۔

    ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی، تنظیمی شعبہ جات کے عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ سول نافرمانی گڈے گڑیا کا کھیل نہیں بلکہ ملک کے نظام کے مستقبل کا معاملہ ہے، ملک کی معیشت کا بھٹہ بیٹھ چکا ہے ، اتنا کچھ ہونے کے بعدعمران خان کو یہی کرنا تھا تو وہ پہلے ہی کردیتے ۔

    الطاف حسین کا کہنا تھا کہ عمران خان نے عوام کو پانی بجلی گیس کا بل اور ٹیکس نہ دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ لوگ بجلی کا بل ویسے ہی نہیں دیتے اورکنڈا لگا کر بجلی حاصل کرلیتے ہیں،اسی طرح ٹیکس کی چوری بھی ہوتی ہے۔

    الطاف حسین نے وزیراعظم نوازشریف اورعمران خان سے اپیل کی کہ وہ مسائل کے حل کے لئے سول نافرمانی کے بجائے بات چیت کا آغاز کریں اور اپنے مطالبات دلائل کے ساتھ منوائیں۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کی غلط پالیسیوں کے خلاف گزشتہ کئی دنوں سے آزادی مارچ کے نام پر جلسے جلوس کررہی ہے ، پنجاب کے مختلف شہروں سے عوام کوطفل تسلیاں دی گئیں اوربڑے بڑے خوش کن نعرے دے کر اسلام آباد لایا گیا اور یہ کہا گیا کہ جب تک مقاصد حاصل نہیں ہوجاتے اس وقت تک ہم دھرنے سے نہیں اٹھیں گے ، اس دوران کاروبار زندگی متاثر ہوا، اسٹاک مارکیٹ گر گئی اور سیکورٹی کے انتظامات پر بھی بڑا خرچہ آرہا ہے، یہ پیسہ وزیراعظم نوازشریف کی ذاتی جیب سے نہیں جائیگا بلکہ ملک کے خزانے سے ہی جائے گا۔ اگر اتنا کچھ ہونے کے بعدعمران خان کو یہی کرنا تھا تو وہ پہلے ہی کردیتے ۔

     الطاف حسین نے کہاکہ میں میاں نوازشریف کی حکومت کاحمایتی نہیں، نوازشریف حکومت نے ماضی میں بھی ایم کیوایم کے ساتھ برا کیا تھا لیکن میں بدلہ لینے کاقائل نہیں، مجھے پاکستان کے عوام کا بھلاچاہیے، عوام پہلے ہی بہت پریشان ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ عمران خان نے عوام کے ساتھ مذاق کیا ہے۔

    الطاف حسین نے کہا کہ اگر کوئی خوش خیالی میں یہ سوچے کہ میں ٹارزن ہوں، ٹائی سن یامحمدعلی کلے ہوں تو سوچنے سے کوئی ٹارزن یاٹائی سن نہیں بن جاتا، انہوں نے کہا کہ میں نے ملک کی بہتری، سلامتی وبقاء اورملک کے عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے سول نافرمانی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ بعض جگہوں پر مصلحت سے کام لینا گناہ کبیرہ ہوجاتا ہے۔

  • پشاور: بارشوں سے ہلاکتوں پر الطاف حسین کا اظہار افسوس

    پشاور: بارشوں سے ہلاکتوں پر الطاف حسین کا اظہار افسوس

    لندن : متحد ہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پشاور میں شدید بارش کے باعث متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

    الطاف حسین نے کہا کہ حکومت کی جانب سے قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے موثر انتظام نا ہونے کے سبب قیمتی انسانی جانوں کا ضیا ع قابل افسوس ہے۔ عوام ملک میں مقامی حکومتوں کا نظام نہ ہونے کے سبب پریشانی کاشکا رہیں۔

    انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ زخمی ہونے والوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرے۔ الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بارشوں کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کے درجات بلند اور زخمیوں کو جلد و مکمل صحتیابی عطا فرمائے۔

  • احمد رضا قصوری کا ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے ٹیلیفونک رابطہ

    احمد رضا قصوری کا ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے ٹیلیفونک رابطہ

    کراچی: پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما اورممتازقانون دان بیرسٹراحمدرضاقصوری کا ایم کیو ایم  کے قائد الطاف حسین سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں احمدرضاقصوری نےموجودہ سیاسی صورتحال میں الطاف حسین کے مؤثرکردارکوسراہا، دونوں رہنماؤں کے درمیان موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

    احمدرضاقصوری نے الطا ف حسین سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے معاملے پر ماڈل ٹاؤن میں ایک بڑے تصادم کا خطرہ تھا جس سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی طرح ایک بارپھرشہریوں کاجانی نقصان ہوتالیکن آپ نے بھرپور کوشش کرکے معاملے کوافہام وتفہیم سے حل کرادیا اورملک کوایک بڑے تصاد م سے بچالیاجس کوہرشخص سراہ رہاہے ۔

    متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ایم کیوایم کے بارے میں جن مثبت خیالات کا اظہارکیاجارہا ہے اس کا سہرا تحریک کے ایک ایک پرعزم کارکن کے سرجاتا ہے، انہوں نے کہا کہ ذمہ داران اور کارکنان دکھی انسانیت کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں، الطاف حسین نے ماڈل ٹاؤن میں نامساعد حالات اور مشکلات کے باوجود یوم شہداء کے شرکاء کو کھانا، پانی ، دودھ اور مریضوں کو علاج ومعالجہ کی سہولیات کی فراہمی پرذمہ داروں اورکارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

  • قائد الطاف حسین کی آزادی مارچ کے شرکاء پرفائرنگ اور پتھراؤ کی مذمت

    قائد الطاف حسین کی آزادی مارچ کے شرکاء پرفائرنگ اور پتھراؤ کی مذمت

    لندن :متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے صوبہ پنجاب کے شہرگوجرانوالہ میں آزادی مارچ کے شرکاء پر شرپسند عناصر کی جانب سے مبینہ فائرنگ اور پتھراوٴ کے واقعات پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

    الطاف حسین نے فریقین سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ ایک دوسرے کے وجود کو تسلیم کریں، قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے پرامن رہیں ، ایک دوسرے کے سیاسی، آئینی وقانونی حقوق کا احترام کریں اور ہرقسم کی اشتعال انگیزی سے گریز کریں۔

    الطاف حسین نے مبینہ فائرنگ اور پتھراوٴ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے کارکنوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔

  • الطاف حسین کی کوئٹہ ائیربیسز پر حملوں کی سخت مذمت

    الطاف حسین کی کوئٹہ ائیربیسز پر حملوں کی سخت مذمت

    متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین اور وزیراعلی پنجاب نے کوئٹہ میں سمنگلی ائیربیس اورخالدآرمی ایوی ایشن بیس پردہشت گرد حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسےملک کی سلامتی پر کھلا حملہ قرار دیا ہے ۔

    قائدالطا ف حسین نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے باوجود دہشت گردوں کا سمنگلی ایئر بیس اور خالد آرمی ایوی ایشن پر حملہ کرنا کھلی دہشت گردی ہے اور یہ حملے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی گھناؤنی سازش کا تسلسل ہیں ۔

    انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے سمنگلی ایئر بیس اور خالد آرمی ایوی ایشن بیس پر دہشت گردوں کے حملوں کو جس جواں مردی سے ناکام بنایا اور ان کا قلع قمع کیا اس پر سیکورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کو جس قدر خراج تحسین پیش کیاجائے کم ہے ۔

    انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کے بیک وقت حملوں کی بدترین ناکامی سے ثابت ہوگیا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی بہادری ، جرات اور حب الوطنی کے سامنے دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے ۔

    انہوں نے دہشت گردوں کے حملے میں متعدد سیکورٹی اہلکاروں اور دیگر افراد کے زخمی ہونے پر دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا کی ۔

    الطاف حسین نے وفاقی اور صوبائی حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ میں سمنگلی ایئر بیس اور خالد آرمی ایوی ایشن پر ایک ساتھ حملوں میں ملوث دہشت گردوں کے سر پرستوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور ملک بھر سے دہشت گردی کے نیٹ ورک کے خاتمے کیلئے مثبت اور ٹھوس اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔

  • لاہورمیں رکاوٹیں ہٹانے کے احکامات دیئے جائیں، الطاف حسین

    لاہورمیں رکاوٹیں ہٹانے کے احکامات دیئے جائیں، الطاف حسین

    لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب سے لاہور میں کھڑے کنٹینرز اور رکاوٹوں کو فوری ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لاہور میں مختلف علاقوں میں کھڑی کی گئی رکاوٹوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے جگہ جگہ کھڑی کی گئی رکاوٹوں کے سبب یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور اور محنت کش کے روزگار متاثر ہو رہے ہیں،شاہراؤں کے بند ہونے سے مریضوں کو اسپتال منتقلی میں دشواریوں کا سامنا ہے۔

    الطاف حسین نے انسانی حقوق کی تنظیمیں سول سوسائٹی وکلاٗ برادری سے اپیل کی کہ وہ ان اقدامات کیخلاف احتجاج بلند کریں،انہوں نے وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ کنٹینرز اور رکاوٹیں ہٹانے کے فوری احکامات جاری کریں۔