Tag: MQM pakistan

  • پی ٹی آئی نے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی ہے، فاروق ستار

    پی ٹی آئی نے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی ہے، فاروق ستار

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھیوں نے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، فاروق ستار نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دوسستوں نے پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا مشورہ دیا ہے اور مجھے پی ٹی آئی سے این اے 247 کا الیکشن لڑنے کا مشورہ دیا ہے۔

    فاروق ستار نے کہا کہ کبھی پارٹی نہیں چھوڑی آج بھی نہیں چھوڑوں گا، میری 35 سال کی جدوجہد عوام کے سامنے ہے جبکہ رابطہ کمیٹی علی رضا عابدی کو جاکر منائے۔

    انہوں نے کہا کہ شرجیل میمن کے معاملے پر قانونی تقاضے پورے ہونے چاہئیں، زیتون کا تیل ہی تھا تو شراب کی بوتل میں کیوں تھا، چیف جسٹس صاحب خود کہتے ہیں شراب کی بوتلیں دیکھیں۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات کی روایت رہی ہے، عدل و انصاف ہونا چاہئے ہم عدالت کا احترام کرتے ہیں، ہمارے خلاف 2 مقدمات کی سماعت تھی، جب کاغذات نامزدگی دائر کیے یہ اس وقت کے مقدمات ہیں۔

    فاروق ستار نے عارف علوی کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے عارف علوی وفاق اور صوبوں کے درمیان تعلقات بہتر بنائیں گے، عارف علوی پارٹی کے نہیں پورے ملک کے صدر بن کر کام کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم جہاں حکومت میں شامل ہوکر ملک کی تعمیر میں کردار ادا کریں وہیں ہمارے خلاف ہونے والی دھاندلی پر بھی کردار ادا کریں، عمران خان حلقے کھولنے کو تیار ہیں لہٰذا ہمیں انتخابی عمل کی ویڈیو دکھائی جائے۔

  • صدارتی امیدوار مولانا فضل الرحمان کی متحدہ رہنماؤں سے ملاقات، تعاون کی درخواست

    صدارتی امیدوار مولانا فضل الرحمان کی متحدہ رہنماؤں سے ملاقات، تعاون کی درخواست

    کراچی : صدارتی مشن پر کراچی میں موجود صدارتی امیدوار مولانا فضل الرحمان ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد جا پہنچے، انہوں نے متحدہ رہنماؤں سے الیکشن میں تعاون کی درخواست کی۔

    تفصیلات کے مطابق جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان وفد کے ساتھ ایم کیو ایم مرکز بہادرآباد پہنچے، انہوں نے متحدہ رہنماؤں سے ملاقات میں صدارتی الیکشن کیلئے تعاون کی درخواست کی۔

    اس موقع پر عامرخان، فیصل سبزواری، کنورنوید جمیل، میئر کراچی وسیم اختر اور دیگر موجود تھے، ملاقات میں سیاسی صورتحال سمیت صدر کےانتخاب سے متعلق گفتگو کی گئی، مولانا فضل الرحمان نے صدارتی الیکشن میں ووٹ کیلئے ایم کیوایم رہنماؤں سے تعاون کی درخواست کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملکی سیاست میں توازن برقرار رکھنے کیلئے متحدہ اپوزیشن نے مجھ پر اعتماد کیا ہے، صدارتی انتخاب میں ایم کیوایم اپوزیشن کے امیدوارکو ووٹ دے، ماضی میں بھی آپ ہمارا ساتھ دیتے آئے ہیں، امید ہے ایم کیوایم میرے حق میں فیصلہ کرے گی۔

    اس موقع پر عامرخان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کراچی کے مسائل حل ہوں، عوام کو ریلیف ملے، حمایت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ رابطہ کمیٹی اجلاس میں کریں گے، مولانا صاحب سے ہمارے بہت اچھے تعلقات رہے ہیں، مستقبل میں بھی تعلقات رکھیں گے۔

    عامر خان نے بتایا کہ مولانا صاحب کی بات رابطہ کمیٹی میں رکھیں گے جو فیصلہ ہوگا آگاہ کردینگے، ہم موجودہ حکومت کا حصہ ہیں، اس کے علاوہ ہماری صدارتی امیدوار عارف علوی سے بھی بات ہوئی تھی۔

    ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایم کیوایم رہنماؤں سے ملاقات کی ہے، انہوں نے سنجیدگی سے ہماری درخواست سنی۔

    ایم کیوایم ہمیشہ پارلیمانی سیاست کا حصہ رہی ہے، وہ ملکی استحکام کیلئے کام کا بڑا تجربہ بھی رکھتی ہے، امید ہے ایم کیوایم ہماری تجویز پر سنجیدگی سے غور بھی کرے گی، اور ایم کیوایم ایسا فیصلہ کرے گی جس کے مثبت اثرات نکلیں گے۔

  • ایم کیوایم کو سندھ کی تقسیم کے ایجنڈے سے دستبردار ہونا پڑے گا، ناصر حسین شاہ

    ایم کیوایم کو سندھ کی تقسیم کے ایجنڈے سے دستبردار ہونا پڑے گا، ناصر حسین شاہ

    کراچی : پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت میں شامل ہونے کیلئے ایم کیوایم کو سندھ کی تقسیم کےایجنڈے سے دستبردار ہونا ہوگا،2023میں بلاول بھٹو ملک کے وزیراعظم بنیں گے۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ اسمبلی کا اجلاس پیر کو ہوگا، جس میں نومنتخب ارکان پیر کو حلف اٹھائیں گے۔

    مراد علی شاہ کو سندھ کے وزیراعلیٰ کیلئے نامزد کیا گیا ہے، جبکہ آغاسراج درانی کو اسپیکر سندھ اسمبلی اور ریحانہ لغاری کو ڈپٹی اسپیکر کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔

    ناصرحسین شاہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے اراکین اسمبلی کو کارکردگی بہتر بنانے کیلئے وارننگ دی ہے، بلاول نے گڈ گورننس ،شفافیت اور میرٹ پر زور دیا ہے، 2023میں بلاول بھٹو ملک کےوزیراعظم بنیں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں ناصرحسین شاہ نے بتایا کہ پی ٹی آئی وفاق میں حکومت بنانےکیلئےجارہی ہے، ملک کیلئے جو چیز بہتر ہوگی اس کی حمایت کریں گے۔

    مزید پڑھیں: پیپلزپارٹی نے وزیراعلیٰ سندھ کے لئے مراد علی شاہ کو نامزد کر دیا

    سندھ میں حکومت سازی کیلئے ہمارے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں، سب سے بات چیت کریں گے، تاہم سندھ کی تقسیم کی بات کسی صورت قبول نہیں کریں گے، حکومت میں شمولیت کیلئے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو سندھ کی تقسیم کے ایجنڈے سے دستبردار ہونا ہوگا۔

  • عمران خان ہماری حمایت کے بغیر وزیراعظم نہیں بن سکتے، وسیم اختر اور فیصل سبزواری

    عمران خان ہماری حمایت کے بغیر وزیراعظم نہیں بن سکتے، وسیم اختر اور فیصل سبزواری

    کراچی : شہر قائد کے مئیر وسیم اختر اور فیصل سبز واری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما اپنی قیادت سے پوچھیں کہ ایم کیو ایم کی کیا اہمیت ہے، عمران خان ہماری حمایت کے بغیر وزیر اعظم نہیں بن سکتے۔

    یہ بات انہوں نے پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی کے حالیہ بیان پر اپنے ردعمل میں کہی۔ کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی نے کہا تھا کہ ایم کیو ایم اپنے میئر کراچی کی وجہ سے الیکشن میں ہاری۔

    گزشتہ 35سال میں متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی والوں سے بہت سارے وعدے کئے گئےجو کبھی پورے نہیں ہوئے، ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی مجبوری میں ایم کیوایم کے پاس گئی کیونکہ تحریک انصاف کو وفاق میں اپنے نمبرز  پورے کرنے تھے، وہ متحدہ پر لگائے گئے اپنے الزامات پر تاحال قائم ہیں۔

    فردوس شمیم نقوی کے بیان پر مئیر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما محض اپنا سیاسی قد بڑھانے کیلئے مجھے تنقید کا نشانہ بناتےہیں، فردوس شمیم نقوی اپنی قیادت سے پوچھیں کہ ایم کیو ایم وفاق میں حکومت بنانے کیلئے کتنی اہمیت رکھتی ہے؟

    اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ کے مرکزی رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کے عوام کو مایوس کیا، اس لیے ہم نے تحریک انصاف سے اتحاد کیا، ہماری حمایت کے بغیر عمران خان وزیراعظم نہیں بن سکتے، اگر یہی معاملات رہے تو آئندہ ساتھ چلنے میں مشکلات پیدا ہوتی رہیں گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیوایم نے بھی مجبوری کی حالت میں پی ٹی آئی سے ہاتھ ملایا ہے، وقت کا تقاضا ہے کہ مجبوریوں کے بجائے منصوبوں کا ذکر ہونا چاہئے، ہمیں مل کر سندھ کے مسائل حل کرنے ہیں۔ خواجہ اظہار الحسن نے عمران خان اور جہانگیر ترین سے مطالبہ کیا کہ وہ فردوس شمیم نقوی کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کریں

    قبل ازیں فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ پی ایس پی، اے پی ایم ایل کے سیکڑوں کارکنان نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ہے، کراچی میں صاف اور شفاف انتخابات ہوئے۔

  • ن لیگ کی ایم کیو ایم کو اپوزیشن میں بٹھانے کیلیے کوششیں تیز، اے پی سی کی دعوت

    ن لیگ کی ایم کیو ایم کو اپوزیشن میں بٹھانے کیلیے کوششیں تیز، اے پی سی کی دعوت

    کراچی : نواز لیگ نے متحدہ قومی موومنٹ کو ایک بار پھر اے پی سی میں شرکت کی دعوت دے دی، ایم کیو ایم رہنما رابطہ کمیٹی سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ن لیگ اور ایم کیوایم کے درمیان ایک بار پھر رابطہ ہوا ہے، ن لیگ نے ایم کیو ایم کو اپوزیشن میں بٹھانے کے لیے کوششیں تیز کردیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ حال ہی میں مستعفی ہونے والے گورنر سندھ محمد زبیر نے ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری کو فون کیا ہے۔

    محمد زبیرنے ایم کیوایم کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ چاہتے ہیں کہ مرکز میں گرینڈ اپوزیشن بنائیں، ایم کیو ایم ہمارا ساتھ دے۔

    ذرائع کے مطابق محمد زبیر نے ایم کیوایم کو لیگی قیادت کا اہم پیغام بھی پہنچایا، دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ اے پی سی میں شرکت سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

    مزید پڑھیں: الیکشن کے طریقہ کار پر ہمارے شدید تحفظات ہیں، محمد زبیر/فیصل سبزواری

    رابطہ کمیٹی سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے، انہوں نے کہا کہ سیاسی صورتحال روز بدل رہی ہے، صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، سوچ سمجھ کر متفقہ فیصلہ کیا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایم کیو ایم کے امیدوار کی رہائی کھٹائی میں پڑ گئی

    ایم کیو ایم کے امیدوار کی رہائی کھٹائی میں پڑ گئی

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار اور کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے سابق چیئرمین جاوید حنیف کی الیکشن سے قبل  رہائی کھٹائی میں پڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جاوید حنیف کی فوری رہائی سے متعلق  دائر درخواست کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کو  یقینی طور پر جواب داخل کرانے کا حکم جاری کیا۔

    نیب وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ’جاوید حنیف پر کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے، ملزم نے کراچی پورٹ ٹرسٹ میں وزیرپورٹ اینڈ شپنگ بابر غوری کی مدد سے 940 غیر قانونی بھرتیاں کیں جس کے باعث قومی خزانے کو 2 ارب سے زائد کے نقصان ہوا‘۔

    معزز جج نے سماعت 27 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے نیب کو آئندہ سماعت پر ہر صورت جواب داخل کرانے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ قومی احتساب بیورو کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد ہی کارروائی آگے بڑھائی جاسکتی ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی پورٹ ٹرسٹ کے سابق چیئرمین جاوید حنیف نیب کے ہاتھوں گرفتار

    واضح رہے کہ جاوید حنیف صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 95 سے متحدہ قومی موومنٹ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔

    قومی احتساب بیورو نے سابق چیئرمین کو 3 جولائی کو حراست میں لیا تھا،  نیب نے گرفتار پر مؤقف اختیار کیا تھا کہ ملزم جاوید حنیف نے اپنے چیئرمین شپ کے دوران بابر غوری کے کہنے پر نو سو چالیس افراد کو غیر قانونی طور پر بھرتی کیا۔

    نیب اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ جاوید حنیف کراچی پورٹ ٹرسٹ کے افسران کے خلاف تحقیقات کے سلسلے میں مطلوب تھے، متعدد بار انہیں طلب کیا گیا مگر  وہ حاضر نہ ہوئے۔

    ایم کیو ایم پاکستان نے سابق چیئرمین کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے امیدوار کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • دوسری جماعتوں کے آدھے امیدوار ایم کیوایم کی پروڈکٹ ہیں، ڈاکٹر فاروق ستار

    دوسری جماعتوں کے آدھے امیدوار ایم کیوایم کی پروڈکٹ ہیں، ڈاکٹر فاروق ستار

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ25جولائی کو مخالفین کا دھڑن تختہ کردینگے، دوسری جماعتوں کے آدھے امیدوار ایم کیوایم کی پروڈکٹ ہیں۔

    یہ بات انہوں نے کراچی کے علاقے لائینز ایریا میں اپنی انتخابی ریلی کے موقع پرشرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی، فاروق ستار جب لائینزا ایریا آئے تو وہاں موجود پیپلزپارٹی کے کیمپ پر بھی گئے۔

    اس موقع پر پی پی کارکنان نے وسعت قبلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کا استقبال کیا، فاروق ستار نے پی پی جیالوں سے ملاقات کی اورسیلفیاں بھی بنوائیں، بعد ازاں لائنز ایریا میں ڈاکٹر فاروق ستار کلیجی کے ٹھیلے پر پہنچ گئے، انہوں نے خود عوام کو کلیجی بنا کر کھلائی۔

    ریلی کے دوران فاروق ستار نے چائے کے ہوٹل پر لوگوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں، فاروق ستار نے ہوٹل میں پراٹھے بنائے، عوام کے ساتھ سموسے اور چپس کھائے، اس موقع پر انہوں نے مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کی۔

    متحدہ رہنما میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کا کہنا تھا کہ مردم شماری اور حلقہ بندیوں میں کراچی والوں سے فراڈ کیا گیا ہے، عمران خان ، شہبازشریف اور بلاول بھٹو سے کہتا ہوں کہ ہمارے مطالبات مان لیں، تینوں شخصیات کراچی میں مردم شماری کا دوبارہ مطالبہ کریں۔
    فاروق ستار نے مزید کہا کہ سو سنار کی ایک لوہار کی، ایک سال کے اندر بلدیاتی اختیارات اور اپنے حقوق لیں گے، اپنے اختیارات اور صوبے کیلئے مزار قائد پر دستخطی مہم چلائیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایم کیوایم پاکستان کی25جولائی کو دیگرجماعتوں سے زیادہ اہمیت ہوگی، فاروق ستار

    ایم کیوایم پاکستان کی25جولائی کو دیگرجماعتوں سے زیادہ اہمیت ہوگی، فاروق ستار

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیوایم پاکستان کی25جولائی کو دیگرجماعتوں سے زیادہ اہمیت ہوگی، اس دن دل والے دلہنیا لے جائیں گے۔

    یہ بات انہوں نے پی آئی بی کالونی میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا سر اٹھا کر چلنا ہے یا سر جھکا کر، عزت سے جینا ہے یا ذلت کے ساتھ؟ یہ فیصلہ25جولائی کے دن آپ کو کرنا ہے۔

    ایم کیوایم پاکستان کی25جولائی کو دیگرجماعت سے زیادہ اہمیت ہوگی، کل بھی سب کچھ ایم کیو ایم کا تھا آج بھی ایم کیو ایم کا ہے، مخالفین کے اندازوں کا خاتمہ ہماری ریلیوں نے کردیا ہے،25جولائی کو دل والے دلہنیا لے جائیں گے۔

    فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیوایم کو حکومت ملی تو کراچی کو خود مختار بنائیں گے اورعوام کو روزگار ملےگا، کراچی کی ترقی کیلئے شہر کو صوبے سے کم ازکم 50ارب روپے ملنے چاہئیں، سینٹرل جیل میں لگے جیمرز کی وجہ سے اطراف کی آبادیوں کے مکینوں کو موبائل فون استعمال کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    مردم شماری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سب کہتے ہیں کہ کراچی کی آبادی ڈھائی کروڑ ہے، لگتا ہے مردم شماری میں صرف مردوں کو ہی گنا گیا ہے، ایم کیوایم پاکستان کا مطالبہ ہے کہ مردم شماری دوبارہ کی جائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • ایم کیو ایم پاکستان نے انتخابی منشور پیش کردیا

    ایم کیو ایم پاکستان نے انتخابی منشور پیش کردیا

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے انتخابات 2018 کے لیے اپنا منشور پیش کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے انتخابی منشور پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کے لیے پلان تیار کرنا چاہیئے۔ جہاں جاگیردارانہ نظام ہوگا وہاں جمہوریت نہیں ہوسکتی۔

    انہوں نے کہا کہ ایسی جمہوریت ہو جہاں مزدوروں کی نمائندگی مزدور کر رہا ہو، جمہوریت کے راستے پر چل کر پاکستان ترقی کر سکتا ہے۔ ایسی جمہوریت چاہتے ہیں جہاں سب کو نمائندگی کا اختیار ہو۔

    خالد مقبول نے کہا کہ غریب بستیوں سے ایم کیو ایم نے نوجوانوں کو ایوانوں میں بھیجا، بنیادی جمہوریت کے لیے ہمیشہ آواز بلند کرتے رہیں گے۔ جمہوریت گلیوں اور محلوں تک پہنچنی چاہیئے، اختیارات نیچے تک پہنچانا ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ میں معذور بلدیاتی نظام دیا گیا۔ پاکستان کو سب سے زیادہ ضرورت گڈ گورننس کی ہے۔ صوبے انتظامی یونٹس ہوتے ہیں ان کی تعداد بھی بڑھائی جائے۔

    خالد مقبول نے کہا کہ آرٹیکل 140 اے کے تحت وسائل ضلعی سطح پر منتقل کیے جائیں۔ پولیس کے نظام میں طویل مدتی اصلاحات لائی جائیں گی، موجودہ جمہوریت خاندانی اور آمرانہ جمہوریت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ درست مردم شماری اور انصاف پر مبنی حلقہ بندیاں بے حد ضروری ہیں، کوٹہ سسٹم اہلیت اور قابلیت کا قتل تھا۔ میرٹ پر مبنی نظام رائج کیا جائے۔

    خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ ریاست کا فرض ہے تعلیم عوام تک پہنچائے کیونکہ یہ ان کا حق ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ہمارا مینڈیٹ تبدیل نہیں ہوگا، ایم کیوایم بکھر نہیں نکھر رہی ہے، خالد مقبول صدیقی

    ہمارا مینڈیٹ تبدیل نہیں ہوگا، ایم کیوایم بکھر نہیں نکھر رہی ہے، خالد مقبول صدیقی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ کےشہری علاقوں کامینڈیٹ تبدیل نہیں ہوگا، ایم کیوایم بکھر نہیں بلکہ نکھر رہی ہے، انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادرآباد دفتر کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کے ہمراہ ڈاکٹر فاروق ستار، عامرخان، فیصل سبز واری اور دیگر بھی موجود تھے۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیوایم کل سے ملک بھر میں انتخابی مہم کا آغازکررہی ہے، ہمارےپاس انتخابی دفاترموجودنہیں ہیں، گھر گھر جاکر مہم چلائیں گے، پرامن جدوجہد سے ہی اپنے مقاصد حاصل کریں گے، ایم کیوایم بکھرنہیں رہی بلکہ نکھررہی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کاووٹ ایم کیوایم کو ہی ملےگا، ان علاقوں کا مینڈیٹ تبدیل نہیں ہوگا، انہوں نے بتایا کہ کئی سیاسی جماعتوں کے سربراہ کراچی سے الیکشن لڑرہے ہیں، سازشوں کے باوجود ایم کیوایم متحد ہوکر انتخابی مہم کا آغاز کررہی ہے، عدم تصادم اورعدم تشدد کی سیاست کے قائل ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ کوٹہ سسٹم کے خلاف عدالتوں تک گئی، اس کیس کا فیصلہ بھی آگیا ہےاب اس پر عمل درآمد ہونا باقی ہے، ہم سے زیادہ اس شہر کے درد کو کون سمجھ سکتا ہے، کراچی کو اس کا حق دیاجائے۔

    قبل ازیں خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس بہادرآباد آفس میں ہوا، اجلاس میں عامرخان، فاروق ستار، فیصل سبزواری سمیت اراکین اور امیدواربھی شریک تھے۔

    اجلاس میں انتخابی مہم، حکمت عملی اور سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایم کیوایم یکم جولائی سے سندھ بھرمیں اپنی انتخابی مہم شروع کرے گی۔

    مزید پڑھیں : آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر ایم کیو ایم الیکشن میں اتر رہی ہے، خواجہ اظہار

    رابطہ کمیٹی اراکین، امیدواروں کو گھرگھر جاکر انتخابی مہم چلانےاور گلی گلی کارنرمیٹنگز کی ہدایت کی گئی، رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ انتخابات میں کسی سےسیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کریں گے البتہ سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں جاری رہیں گی، ذرائع ایم کیوایم کا کہنا ہے کہ اندرون سندھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ یاحمایت کا آپشن کھلا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔