Tag: MQM pakistan

  • متحدہ کے دھڑوں کو متحد کرنے کا مشن، گورنر ہاؤس میں اہم ملاقات

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے تمام دھڑوں کو ملا کر ایک کرنے کے کیلئے مشن پر کام تیزی سے جاری ہے اس سلسلے میں گورنر ہاؤس میں بڑی بیٹھک کا اہتمام کیا جارہا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کام کی تکمیل کیلئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری مرکزی کردار ادا کررہے ہیں، گورنر ہاؤس میں خصوصی ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے اراکین اورمتحدہ کے کنوینئیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سر براہی میں ایک وفد گورنر ہاؤس پہنچ گیا۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی اہم ملاقات شروع ہوگئی، ملاقات کنونئیر ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول کی صدارت میں جاری ہے، ملاقات میں رابطہ کمیٹی کے 35 سے زائد اراکین موجود ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور بلدیاتی الیکشن سمیت ایم کیو ایم پی پی معاہدے پر عمل درآمد کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

    ملاقات میں ایم کیو ایم ک ےدھڑوں پی ایس پی اور فاروق ستار کو ملانے کے حوالے سے بھی معاملہ زیر غور آیا، گورنر سندھ نے پی ایس پی رہنماؤں اور فاروق ستار سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے بھی خالد مقبول اور رابطہ کمیٹی کو آگاہ کیا۔

    ایم کیو ایم پاکستان نے گورنر سندھ کو ایک بار پھر حلقہ بندیوں، بلدیاتی ترمیم ایکٹ اور سپریم کورٹ کے 140 اے کے فیصلے پر عمل درآمد کے حوالے سے وزیراعظم اور پیپلز پارٹی سے بات کرنے کا مطالبہ کیا۔

    قبل ازیں گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہمیں ایک دوسرے کا ہاتھ اور سہارا بننا ہے ہمیں اس تقسیم کو ختم کرنا ہوگا،اس ملک اور صوبے کو ہم ہی آگے لے جاسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں سمندر ہے لیکن شہریوں کے لیے پینے کا پانی نہیں، یہ شہر پورے ملک کی معیشت چلاتا ہے لیکن خود پانی، بجلی اور گیس سے محروم ہے۔

    گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ کون ہے جو آگے بڑھ کر ان 3 کروڑ لوگوں کا ہاتھ تھامے گا۔ کراچی میں اسٹریٹ کرائم اور بےروزگاری بڑھ رہی ہے، جب روزگار، بجلی ،پانی نہ ہو تو لوگ سڑکوں پر نہ آئیں تو اورکیا کریں۔

    کامران ٹیسوری نے کہا کہ تباہ کن سیلاب کے بعد صوبہ سندھ تباہ حالی کا شکار ہوگیا ہے، وسائل نہیں ہیں عوام مزید غریب ہوتے جارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں آج اعلان کرتا ہوں کہ گورنر ہاؤس میں ایک سیل بنائیں گے، جو اس شہر کا درد رکھتے ہیں وہ آگے آئیں اور اس شہر کو اپنائیں، ہمیں لاکھوں قربانیوں کے بعد یہ ملک ملا ہے، مایوسی کو ختم کرکے آگے بڑھیں، اس ملک اور صوبے کو ہم ہی آگے لے کر جاسکتے ہیں۔

  • مہاجر پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں، خالد مقبول صدیقی

    مہاجر پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں، خالد مقبول صدیقی

    کراچی : کنوینر ایم کیوایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ مہاجر ملک کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں، ہمارے ہوتے ہوئے پاکستان کے استحقاق کو کوئی خطرے میں نہیں ڈال سکتا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے زیر اہتمام نشتر پارک کراچی میں خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ اپنی عظیم ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی آمریت کے خلاف پاکستان کاسب سے مضبوط مورچہ اور جمہوریت کا سب سے بلند قلعہ ہے، مہاجرقوم حوصلہ رکھے، مہاجروں کو کوئی ختم نہیں کرسکتا آپ کی شناخت کوئی نہیں مٹاسکتا۔

    خالدمقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ جہاں ہم کھڑے ہیں وہ پاکستان ہے، ہم یہاں آئے ہیں تو یہ پاکستان ہے، ایم کیوایم کو ختم کرنے والے اپنا حوصلہ ختم کرچکے ہیں، جو راستہ روکتے تھے وہ اپنا راستہ بھول چکے ہیں۔

    کنوینر ایم کیوایم پاکستان نے کہا کہ ہم پاکستان بنانے والوں کی اولادیں ہیں، ہم نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں، ہم بھارت کو کہتے ہیں کہ ہم تمہاری سرحدوں کو توڑ کر آئے تھے۔

  • ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے درمیان بلدیاتی معاہدہ کھٹائی میں پڑگیا

    ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے درمیان بلدیاتی معاہدہ کھٹائی میں پڑگیا

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور پیپلزپارٹی کے درمیان ہونے والے معاہدے کا معاملہ لٹک گیا، بلدیاتی معاہدے پر تاحال کوئی پیشرفت نہ ہوسکی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ دو روز قبل ہونے والی رہنماؤں کی ملاقات میں بلدیاتی قانون میں ترامیم پر دونوں جماعتوں کا اتفاق ہوا تھا۔

    ذرائع کے مطابق مذکورہ ترامیم کے حوالے سے آج پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان بات چیت کا اگلا مرحلہ ہونا تھا لیکن آج بھی اس معاملے پر پیش رفت نہ ہوسکی۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنماؤں نے پیپلزپارٹی کے ساتھ کیے گئے معاہدوں پر عمل درآمد نہ ہونے پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے موجودہ پی ڈی ایم کی حکومت سے نکلنے کے علاوہ اور دیگر آپشنز پر بھی غور کرنا شروع کردیا ہے۔

    اس سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے اپنے تمام سینیٹرز، ایم این ایز اور اراکین صوبائی اسمبلی کو ہنگامی طور پر اتوار کو کراچی طلب کیا ہوا ہے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کل بروز اتوار کو ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد دفتر میں ہونے والے ہنگامی اجلاس میں ان آپشنز پر رائے اور اہم فیصلے متوقع ہیں۔

    پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے درمیان ہونے والا معاہدہ کئی معاملات پر تعطل کا شکار ہے اور گزشتہ روز اس معاہدے کے حوالے سے گزشتہ روز دونوں جماعتوں کے درمیان ہونے والی دو ملاقاتوں میں بھی اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔

  • کراچی دنیا کی سب سے بڑی کچی آبادی بن چکا ہے، خالد مقبول صدیقی

    کراچی دنیا کی سب سے بڑی کچی آبادی بن چکا ہے، خالد مقبول صدیقی

    کراچی : ایم کیوایم پاکستان کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ملک سیلاب کی تباہ کاریوں جاری ہیں پھر بھی شہر قائد ملکی معیشت کو چلا رہا ہے۔

    ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد میں رابطہ کمیٹی کی نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بارشوں کے بعد کراچی دنیا کی سب سے بڑی کچی آبادی بن چکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مردم شماری میں کراچی کی آبادی کو بہت کم دکھایا گیا ہے، ملک میں اس وقت سب کی توجہ سیلاب متاثرین اور اس کی تباہی کی طرف مرکوز ہے۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ان حالات میں بھی ایک شہر کراچی ہے اس ملک کی معیشت کو چلا رہا ہے، اس ملک کی عدالتیں، پولیس اور تمام معاملات یہ شہر چلا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس شہر میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال انتہائی خراب ہوتی جارہی ہے، جرائم پیشہ افراد اس شہر میں دندناتے پھر رہے ہیں، جرائم پیشہ افراد کا تعلق اس شہر سے نہیں ہے۔

    اس شہر کے 300 سے زائد بیٹے ڈکیتوں نے قتل کردیے ہیں، صوبائی، وفاقی حکومتوں کو اس شہر کے امن و عامہ سے کوئی سروکار نہیں۔

    متحدہ رہنما نے کہا کہ نہ جرائم پیشہ افراد اور نہ ہی پولیس اس شہر سے تعلق رکھتے ہیں، یہ شہر پانی کا بل ادا کرتا ہے، اس شہر کے لوگوں کو ٹینکر مافیا سے پانی خریدنا پڑتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ اس پوری ٹینکر مافیا کا تعلق اس شہر سے نہیں ہے، یہی نہیں اس شہر کے لوگ بجلی کا بل بھی دگنا ادا کرتے ہیں۔

  • واپس کیسے اور کب آنا ہے؟ فیصلہ فاروق ستار بھائی کریں گے، خالد مقبول

    واپس کیسے اور کب آنا ہے؟ فیصلہ فاروق ستار بھائی کریں گے، خالد مقبول

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ بارش کے بعد کراچی کی صورتحال بہتر نہیں اسے بہتر کرنا ہوگا۔

    کراچی میں نماز عید الاضحیٰ کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران خالد مقبول صدیقی سے ایک صحافی نے پوچھا کہ کیا ایم کیو ایم پاکستان میں ڈاکٹر فاروق ستار کی واپسی ہو رہی ہے؟

    جس کے جواب میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ فاروق ستار بھائی سے ملاقاتیں خفیہ نہیں تھیں، واپسی کیسے آنا ہے اور کب آناہے یہ فیصلہ فاروق ستار بھائی نے خود طے کرنا ہے۔

    ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی شہر میں تو ابھی مزید بارشیں ہوں گی، گزشتہ دور میں سابق میئر وسیم اختر کے پاس اختیارات نہیں تھے، ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی صورتحال بہتر نہیں مزید بہتر کرنا ہوگی۔

  • ایم کیو ایم اور پی پی نے کراچی کے لیے کوئی کام نہیں کیا، خرم شیر زمان

    ایم کیو ایم اور پی پی نے کراچی کے لیے کوئی کام نہیں کیا، خرم شیر زمان

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور پی پی نے کراچی کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔

    کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا کارنامہ یہ ہے کہ آج کراچی دنیا کے بدترین شہروں میں شمار ہوتا ہے۔

    خرم شیر زمان نے کہا کہ کراچی کے حوالے سے عالمی رپورٹ پیپلز پارٹی کے 15سالہ بد ترین دور حکومت کی نالائقی کا بڑا ثبوت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شہر قائد پر قبضہ کرنے اور کرپشن کے علاوہ پیپلزپارٹی نے کوئی کام نہیں کیا، پاکستان کا سب سے بڑا شہر پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر تباہ کردیا۔

    پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ سندھ حکومت اور متحدہ قومی موومنٹ صرف مال بنانے کے لیے اپنا اپنا ایڈمنسٹریٹر لگانا چاہ رہے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ شہر کراچی کی عوام کیلئے کوئی بنیادی سہولت موجود نہیں ہے، دونوں سیاسی جماعتوں نے شہر کو رہنے کے قابل نہیں چھوڑا۔

  • بس بہت ہوگیا، اب حالات کی ذمہ داری ہم پر نہیں ہوگی، وسیم اختر

    بس بہت ہوگیا، اب حالات کی ذمہ داری ہم پر نہیں ہوگی، وسیم اختر

    کراچی : ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما وسیم اخترنے کہا ہے کہ اب بس بہت ہوگیا ہم حالات نہیں بگاڑنا چاہتے، ہماری باتوں کا نوٹس نہ لیا گیا تو ذمہ دار الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت ہوگی۔

    کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پیپلزپارٹی سے معاہدہ کیا تھا کہ ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام کریں گے لیکن ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا جارہا، ووٹ سے کھلواڑ کیا جارہا ہے، اپیل ہےہمارے ووٹ چوری نہ کیے جائیں۔

    وسیم اختر نے کہا کہ ہم پوری کوشش کررہے ہیں ہر آپشن کی طرف قدم بڑھایا ہے، ہمیں صدر پاکستان نہیں بننا، ہم چاہتے ہیں کہ کراچی کے مسائل حل ہوں، معاملہ بگاڑنا نہیں چاہ رہا اس لئے پریس کانفرنس نرم لہجے میں کررہا ہوں۔

    اس لیے میرے نرم لہجے کو قبول کریں اور سنجیدگی کا مظاہرہ کریں، ہمارے ساتھ زیادتی نہ کریں کراچی کو آپ نے پہلے ہی آدھا گنا ہے، ہم نے آپ سے معاہدہ کیا ہے معاہدے کی پاسداری نہ کی تو بہادرآباد کو تالا لگا کر سڑکوں پر نکل آئیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اب بس بہت ہوگیا ہے ،ہم نے ہر ادارے کے سامنے اپنی بات رکھی ہے، ہم نے آپ کے ساتھ معاہدہ کیا ہوا ہےامید کرتے ہیں کہ آپ اس پرعمل کرینگے۔

    ہمارے افسران اور الیکشن کمیشن بھی فیئر ہوتے تو ایسی ڈی لمیٹیشن نہیں ہوتی، الیکشن کسی کی جان سے اہم نہیں ہوتا، پورے ملک میں ایسے الیکشن ہوئے تو ایسا نہ ہوکوئی اوراقدام لینا پڑجائیں۔

    بلدیاتی الیکشن میں یہ حال ہورہا ہے توعام انتخابات میں کیا حال ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف صاحب آپ ان معاملات کو سنجیدہ لے لیں، پی پی، ن لیگ سے اتحاد کیا مولانا صاحب سے اچھے تعلقات ہیں۔

    ہم نے ہرطرح سے احتجاج کرلیا، سڑکوں پر جاکر دیکھ لیا، اب آپ ہی بتادیں کہ کیا کریں چین یا روس سے احتجاج کریں، آصف زرداری اور بلاول کے الفاظ پر یقین کرتا ہوں جو ملاقات میں کہے تھے۔

    ہم لڑنا نہیں چاہتے ہم نہیں چاہتے ہیں کہ آپس میں حالات خراب نہ ہوں، ہمارامینڈیٹ ہے اسے قبول کیا جائے، پیپلزپارٹی کے مینڈیٹ کا بھی احترام ہے، ہمیں پتا ہے کہ اندرون سندھ آپ کی سیٹیں ہیں مگر ہماری سیٹوں پر ڈاکا نہ ڈالو۔

  • معاہدے پر قائم ہیں، ایم کیو ایم کو جانے نہیں دیں گے، شرجیل میمن

    معاہدے پر قائم ہیں، ایم کیو ایم کو جانے نہیں دیں گے، شرجیل میمن

    کراچی : صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ انتخابات میں مخالفین کا اتحاد پاش پاش ہوگیا، پیپلز پارٹی نے ریکارڈ کامیابی حاصل کی۔

    کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی پی نے سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں مخالفین کوعبرتناک شکست دی، مخالفین نے جتنے بھی اتحاد بنائے وہ تمام پاش پاش ہوگئے۔

    ایک سوال کے جواب میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات پرامن ہوئے تاہم بدامنی کے صرف ایک دو واقعات پیش آئے۔

    انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان بتائے کن کن پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی ہوئی، ان پر دوبارہ پولنگ کروالیتے ہیں، دو چار واقعات کو بنیاد بنا کر پورے انتخابی عمل کو دھاندلی زدہ نہیں قرار دیا جاسکتا۔

    صوبائی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر قائم ہیں، ہم ایم کیو ایم کو منالیں گے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ اگر ایم کیو ایم کہتی ہے وہ حکومت چھوڑ کر جائے گی تو ہم ان کو جانے نہیں دیں گے۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ لاڑکانہ میں پی پی نے چاروں ٹاؤنز، ڈسٹرکٹ کونسل میں تاریخی فتح حاصل کی، لاڑکانہ کےعوام نے بھٹو دشمن تمام قوتوں کا بوریا بسترگول کردیا۔

    شرجیل میمن نے کہا کہ لاڑکانہ میں تاریخی فتح کے بعد میئر، ڈسٹرکٹ کونسل کا چیئرمین پی پی کا ہوگا، سندھ کےعوام نے پی ٹی آئی، جی ڈی اے ودیگر مخالف جماعتوں کا صفایا کردیا۔

  • ایم کیوایم واپس آنا چاہے تو خوش آمدید کہیں گے، عمران اسماعیل

    ایم کیوایم واپس آنا چاہے تو خوش آمدید کہیں گے، عمران اسماعیل

    کراچی : ایم کیوایم واپس آنا چاہے تو ہم اس کو خوش آمدید کہیں گے، صبح کا بھولا شام کولوٹ آئے تو اسے بھولا نہیں کہتے۔

    سابق گورنر سندھ اور پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کو جو سہانے خواب دکھائے گئے تھے وہ کبھی پورے نہیں ہوں گے۔

    ایک فیصلہ ہے کہ ایم کیوایم پی ڈی ایم کو چھوڑ دے، دوسرا فیصلہ یہ ہے کہ وہ پی ڈی ایم کے ساتھ رہیں چاہے کچھ ملے نہ ملے، تیسرا راستہ یہ ہے کہ وہ ہمارے ساتھ آجائیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم پر ان کے اپنے لوگوں کا دباؤ ہے، ایم کیوایم والے کسی فون کےانتظارمیں نہ رہیں اپنا فیصلہ کریں۔

    صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کراچی کی سب سے بڑی جماعت تحریک انصاف ہے، سندھ میں شفاف انتخاب ہوں توپی ٹی آئی کو کوئی ہرانہیں سکتا۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حلقہ این اے240میں ووٹنگ کا ٹرن آؤٹ دیکھا تھا اب لوگ این اے245میں بھی ٹرن آؤٹ دیکھیں گے۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ہم پر لائے جانے کا الزام لگانے والے آج کہاں بیٹھے ہیں، آج الزام لگانے والے ٹوٹی پھوٹی حکومت چلا رہے ہیں، کیاجادوگری کریں گے یہ کہ ملک ٹھیک ہوجائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ الیکشن کمیشن سے توقع ہے کہ فنڈنگ کیس میں جوسخت فیصلہ ہوگا وہ یہ کرے گا، موجودہ الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر جانبدار ہیں کیونکہ سندھ میں جو ہورہا ہے یہ اس کا نوٹس نہیں لے رہے

    سابق گورنر نے کہا کہ پنجاب میں ویڈیو سامنے لانے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، کیا یہ وہ سب کچھ ہے جس کے لیے پاکستان بنایا گیا۔

    آنے والےانتخابات میں عوام بےخوف ہوکر باہر نکلیں، ہم عوام کاووٹ چھیننے نہیں دیں گے، عوام کے ووٹ نہ دینے سے چوروں کو فرق پڑتا ہے، ٹرن آؤٹ کم ہو تو چوروں کو آسانی ہوجاتی ہے۔

  • بلدیاتی انتخابات روکنے کی درخواستیں مسترد : ایم کیو ایم نے بڑا فیصلہ کرلیا

    بلدیاتی انتخابات روکنے کی درخواستیں مسترد : ایم کیو ایم نے بڑا فیصلہ کرلیا

    کراچی  : سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے بلدیاتی انتخابات روکنے سے متعلق تمام درخواستیں مسترد کیے جانے کے فیصلے کیخلاف ایم کیوایم نے سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کرلیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کرنے کے لیے تیاری شروع کردی۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیوایم کو حلقہ بندیوں پر شدید تحفظات ہیں، اس کا مؤقف ہے کہ حلقہ بندیاں ایک فریق کو فائدہ پہنچانے کیلئےکی گئی ہیں۔

    ذرائع ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ ووٹرز لسٹوں کا کام تاحال مکمل نہیں ہوسکا ہے، ووٹرز لسٹوں پر شدید تحفظات جس میں کئی غلطیاں اور بےضابطگیاں موجود ہیں۔

    ایم کیو ایم کے مطابق بلدیاتی قانون کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہوا، عمل نہ ہونا سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 140 اے کے تحت اختیارات منتقل نہیں کیے گئے، ایسی صورتحال میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد سوالیہ نشان پیدا کرے گا۔

    واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے بلدیاتی انتخابات روکنے سے متعلق تمام درخواستیں مسترد کردیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات وقت پر ہوں گے، تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔