Tag: mqm protest

  • نیا بلدیاتی قانون: ایم کیو ایم کا سندھ حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

    نیا بلدیاتی قانون: ایم کیو ایم کا سندھ حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ اسمبلی میں بلدیاتی نظام سے متعلق ترمیمی بل 2021 کثرت رائےسے منظور ہونے پر ایم کیو ایم نے شدید ردعمل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق سندھ میں نئےبلدیاتی قانون کی منظوری پر ایم کیو ایم نے سخت احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کئی آپشنز پر غور شروع کردیا ہے، جن میں اسمبلی کی طرف مارچ اور گھیراؤ، بھوک ہڑتال اور شہر شہر احتجاج کےآپشنز زیرغور ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم نے ساری صورتحال پر آج کارکنوں کا جنرل ورکرز اجلاس بھی طلب کرلیا ہے، اجلاس میں کارکنان کے سامنےتمام صورتحال اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز سندھ اسمبلی میں بلدیاتی نظام سے متعلق ترمیمی بل 2021 کثرت رائےسے منظور کیا گیا تھا، ایم کیو ایم، پی ٹی آئی اور جی ڈی اے ارکان نے ایوان میں احتجاج، شور شرابا اور کارروائی کا بائیکاٹ کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: سندھ اسمبلی میں بلدیات ترمیم بل 2021 منظور

    لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل2021 کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے بڑے شہروں میں کارپوریشنز اور ٹاونز کا نظام ہو گا، یونین کمیٹیز کےوائس چیئرمینز ٹاؤن میونسپل کونسل کےرکن ہوں گے۔

    ٹاؤن میونسپل کونسل کےارکان میں سےمیئر ڈپٹی میئر کا انتخاب ہوگا، پیدائش و اموات اور انفیکشز ڈیزیز کا شعبہ بلدیاتی اداروں سے واپس لے لیا گیا۔ کم از کم 50 لاکھ کی آبادی پر میٹروپولیٹن کارپوریشن ہوگی اور بلدیاتی نمائندوں کی مدت چار سال ہو گی۔

    سندھ کے نئے بلدیاتی نظام کے تحت کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے زیر انتظام میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج سمیت عباسی شہید اسپتال، سوبھراج اسپتال، لیپروسی سینٹر اور سرفراز رفیقی اسپتال کا انتظام سندھ حکومت سنبھالے گی۔

  • ہماری سیاسی آزادی پر پابندی عائد کردی گئی ہے، ڈاکٹر فاروق ستار

    ہماری سیاسی آزادی پر پابندی عائد کردی گئی ہے، ڈاکٹر فاروق ستار

    کراچی : ایم کیو ایم کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی کا سب سے بڑا مینڈیٹ ہونے کے باوجود ہماری سیاسی آزادی پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار کے گھر پر چھاپے کے خلاف ایم کیو ایم کی جانب سے کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں ایم کیو ایم رہنماؤں سمیت خواتین اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’میرے گھر پر چھاپہ غیر آئینی اور غیر قانونی تھا، اس محاصرے کے ذریعے لوگوں کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارا میڈٰا ٹرائل کر کے یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ ایک طبقہ جرائم میں ملوث ہیں، لوگوں نے ہماری احتجاج کی کال پر ازخود کاروبار بند رکھ کر اپنے مینڈیٹ کا اعلان کردیا۔

    رہنماء ایم کیو ایم نے مزید کہا اداروں کا کام کاروبار کھلوانا نہیں ہے، احتجاج جمہوریت کا حسن ہے اور عوام و سیاسی جماعتوں کو اس کا پورا حق حاصل ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنان کو گرفتار کر کے لاپتہ کرنے اور دورانِ حراست تشدد سے قتل کرنے والوں کے خلاف کبھی کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

     رجسٹرڈ جماعت ہونے کے باجود ایم کیو ایم کو زکوۃ فطرہ جمع کرنے پر غیر اعلانیہ پابندی لگا دی گئی ہے، جبکہ جن جماعتوں کے لیڈران کے گھروں سے القاعدہ اور طالبان کے کمانڈر پکڑے گئے ہیں ان کو زکوۃ فطرہ جمع کرنے کی مکمل آزادی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ’’ آرمی چیف آف اسٹاف جنرل راحیل شریف ، کورکمانڈر کراچی نوید مختار اور ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر سے ملاقات کر کے پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کو دور کریں۔

     واضح رہے ایم کیو ایم کی جانب سے ڈاکٹر فاروق ستار کے گھر پر چھاپے کے خلاف آج احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا۔

  • کراچی : رینجرز نے زبردستی کاروبار بند کرانے کی کوشش ناکام بنادی

    کراچی : رینجرز نے زبردستی کاروبار بند کرانے کی کوشش ناکام بنادی

    کراچی : ترجمان رینجرز کا کہنا کہ ہے تیئس مقامات پر زبردستی کاروباربند کرانے کی کوشش ناکام بنادی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز نے تیئس مقامات پر زبردستی کاروباربند کرانے کی کوشش ناکام بنادی، رینجرز کے مطابق زبردستی کاروبار بند کرانے کی اطلاع ہیلپ لائن پر دی گئی تھی۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ جمہوری حق دہشت کے زور پر حاصل نہیں کرنے دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کے گھر رینجر کے محاصرے کے خلاف ایم کیو ایم احتجاج کر رہی ہے، رابطہ کمیٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آج احتجاج کے طور پر اپنا کاروبار اور ٹرانسپورٹ بند رکھیں اور پرامن اندازمیں اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔

    دوسری جانب ڈی جی رینجرز کا کہنا ہے کہ آج کسی قسم کی ہڑتال نہیں ہوگی، شہری مکمل آزادی کے ساتھ کاروبار کھولیں، تحفظ دیا جائیگا۔

  • کراچی:فاروق ستار کے گھرکا محاصرہ، ایم کیوایم کا آج احتجاج کا اعلان

    کراچی:فاروق ستار کے گھرکا محاصرہ، ایم کیوایم کا آج احتجاج کا اعلان

    کراچی : ایم کیو ایم نے رہنما فاروق ستار کے گھر پر محاصرے کیخلاف آج یوم احتجاج منانے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ڈاکٹرفاروق ستارکے گھرکے محاصرے کی مذمت کرتے ہوئے آج کراچی سمیت سندھ بھرمیں یوم احتجاج منانے کا اعلان کیا ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کاروباراورٹرانسپورٹ بند رکھیں۔

    رابطہ کمیٹی نے بیان میں کہا کہ گزشتہ شب رینجرز کی بھاری نفری نے پی آئی بی کالونی میں ڈاکٹرفاروق ستار کے گھر اور پورے علاقے کا کئی گھنٹے تک محاصرہ کیا لوگوں کو تراویح کی ادائیگی تک کیلئے گھروں سے باہرنکلنے نہیں دیا گیا۔

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کارکنوں کی گرفتاریوں اور ڈاکٹر فاروق ستار کے گھر کا محاصرہ ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ کراچی میں آپریشن صرف اورصرف ایم کیوایم کے خلاف کیا جارہا ہے، رابطہ کمیٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آج احتجاج کے طور پر اپنا کاروبار اور ٹرانسپورٹ بند رکھیں اور پرامن اندازمیں اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔

    رابطہ کمیٹی نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ مہاجر عوام کے خلاف کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ گذشتہ دنوں ڈاکٹر فاروق ستار کے کوآرڈینیٹر آفتاب احمد کو گرفتار کرکے ماورائے عدالت قتل کردیاگیا جس میں ملوث اہلکاروں کوگرفتار کرنے کے بجائے ڈاکٹرفاروق ستار کے گھر کا محاصرہ گیا گیا، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

    کراچی میں نظام زندگی معمول کے مطابق جاری ہے، ٹریفک رواں دواں، پیٹرول پمپس بھی کھلے ہیں۔

    دوسری جانب ڈی جی رینجرز کا کہنا ہے کہ آج کسی قسم کی ہڑتال نہیں ہوگی، شہری مکمل آزادی کے ساتھ کاروبار کھولیں، تحفظ دیا جائیگا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ شہرمیں دکانیں بند کرانے والوں سے سختی سے نمٹیں گے، شہری مکمل آزادی کے ساتھ گاڑیاں سڑکوں پر لائیں، رینجرز شہریوں کے تحفظ کے لئے سڑکوں پر موجود ہوگی۔

    یاد رہے کہ کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی میں رینجرز نے ایم کیو ایم کے سینیئر رہنما فاروق ستار کے گھر کا محاصرہ کر کے علاقے کو سیل کردیا تھا اور آنے جانے والوں سے پوچھ گچھ کی، زرائع کا کہنا تھا کہ رینجرز اہلکاروں نے فاروق ستار کے گھر کا محاصرہ وہاں رکن سندھ اسمبلی کامران فاروقی کے موجود ہونے کی اطلاع پر کیا تھا، رینجرز اہلکار کچھ دیر بعد محاصرہ ختم کرکے واپس چلے گئے۔

    فاروق ستار کا کہنا تھا کہ وہ ملک دشمن نہیں، ارکان پارلیمنٹ کے گھروں کے محاصرےٹھیک نہیں، انہوں نے کہا ضمانت دیتا ہوں کہ میرے گھر پر کوئی مطلوب شخص موجود نہیں۔

  • سندھ حکومت سے مذاکرات کامیاب، متحدہ کا دھرنا ختم

    سندھ حکومت سے مذاکرات کامیاب، متحدہ کا دھرنا ختم

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ نے سندھ حکومت سے مذاکرات کے بعد پانی کی قلت کے خلاف وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا، متحدہ رہنمائوں نے کہا ہے کہ پانی کامسئلہ اگر ایک ہفتے میں حل نہ ہوا تو دوبارہ دھرنا دیں گے۔

    وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ احتجاج رابطہ کمیٹی کی ہدایت پر ختم کیا جارہا ہے، حکومت کو پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے ایک ہفتے کا وقت دے دیا ہے اگر ایک ہفتے میں نتائج نظر نہ آئے تو دوبارہ دھرنا دیں گے۔

    دھرنے میں فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی، وسیم اختر اور دیگر رہنمائوں سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی جنہوں نے تمام رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے وزیراعلیٰ ہائوس پہنچ کر دھرنا دیا۔

    سندھ حکومت نے متحدہ قومی موومنٹ کو غیر قانونی واٹر کنکشنز کے ٰخلاف آپریشن کا یقین دہانی دلایا ہے ۔ سندھ حکومت نے کہا ہے کہ ہنگامی طور پر پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، تمام علاقوں کو پانی کی منصفانہ تقسیم کا از سرنو جائزہ لیں گے۔

  • متحدہ کا وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا، مذاکرات جاری

    متحدہ کا وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا، مذاکرات جاری

    کراچی : شہر قائد میں پانی کی قلت کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ کے دھرنے کے دوران سندھ حکومت کا وفد ناصر حسین شاہ کی سربراہی میں فریقین سے مذاکرات کے لیے پہنچ گیا، ایم کیو ایم کی جانب سے مذاکرات کے لیے خالد مقبول صدیقی، سلمان مجاہد بلوچ، خواجہ اظہار الحسن اور محمد حسین کو نامزد کیا گیا ہے۔

    اس موقع پر ایم کیو ایم رہنماؤں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سندھ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور مطالبہ کیا کہ اگر حکومت سندھ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہے تو اُسے عہدوں پر بیٹھنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ سندھ حکومت پانی فروخت کرکے پیسہ کما رہی ہے اور پھر اسی پیسے سے دبئی میں جائیدادیں خریدی جاتی ہیں، ایم کیو ایم کے نامزد میئر وسیم اختر کا کہنا ہے کہ ہمیں اختیارات نہیں دیے جارہے، پانی نہ دے کر کراچی پر ظلم کیا جارہا ہے،کراچی کے ساتھ ساتھ پورے سندھ کو پانی دلوائیں گے،خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت تمہارا خرچہ بند ہونے والا ہے،  جو آزادی دلواسکتے ہیں وہ آزادی چھین بھی سکتے ہیں، خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ دنیا ترقی کررہی ہے اور کراچی کا پانی تک بند ہے۔

    ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ دفعہ 144 کے نفاذ کے سبب ریڈ زون میں کسی جماعت کو جلسہ جلوس کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ایم کیو ایم کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کے اعلان کے بعد وزیر اعلٰی ہاؤس جانے والے تمام راستے بند کردیئے گئے تھے۔

    راستے بند ہونے کے باوجود ایم کیو ایم کے کارکنان کی بڑی تعداد پریس کلب کےباہر جمع ہوگئی جہاں پر قیادت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر ہر صورت میں مظاہرہ کیا جائے گا۔

    مظاہرین کو روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کیا گیا تھا۔

    ایم کیو ایم کی جانب سے وزیر اعلی ہاؤس پیش قدمی کے بعد پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے انہیں جانے کی اجازت دے دی۔

    وزیر اعلیٰ ہاؤس کے قریب تعینات پولیس اہلکاروں کو مستعد کردیا گیا ہے اور اعلیٰ حکام کی جانب سے پولیس کو حکم نامہ جاری کیا گیا ہے کہ مظاہرین کسی بھی صورت میں وزیراعلیٰ ہاؤس نہ پہنچ سکیں۔

    وزیر اعلی ہاؤس کے قریب کنٹینرز لگا کر سڑک کو سیل کردیا گیا ہے اور اُن پر اسپیشل فورس کے اہلکاروں کو الرٹ کردیا گیا ہے، مظاہرین کی جانب سے شدید نعرے بازی کی جارہی ہے۔

    پولیس حکام سے مذاکرات کے بعد ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے کنٹینرز کی دوسری جانب اپنے کارکنان کو بٹھانا شروع کردیا ہے، پولیس حکام نے متحدہ کی قیادت کو آگاہ کیا ہے کہ اگر کسی نے حد کو عبور کرنے کی کوشش کی تو اُسے گرفتار کرلیا جائے گا۔

  • سکھر : کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف ایم کیو ایم کا احتجاجی کیمپ نصب

    سکھر : کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف ایم کیو ایم کا احتجاجی کیمپ نصب

    سکھر : ایم کیو ایم کی جانب سے کارکنوں کی گمشدگی اور بلاجواز گرفتاریوں کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ نصب کر دیا گیا۔

    اس موقع پر رُکن رابطہ کمیٹی و صوبائی اسمبلی کے ممبر عبدالحسیب نے ایم اپی اے ناہید اختر کے ہمراہ پریس کلب پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ متحدہ قومی مومنٹ کے گمشدہ کارکنان کو فوری طور پر بازیاب کروا کر عدالتوں میں پیش کیا جائے‘‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ’’حیدرآباد کے سابق زونل انچارج ندیم قاضی کو اُن کے دفتر سے سادہ لباس اہلکاروں نے حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ہے، جبکہ وہ دہشت گرد نہیں بلکہ سرکاری ملازم ہیں‘‘۔

    رابطہ کمیٹی کے ممبر نے آرمی چیف آف اسٹاف سے التماس کی کہ وہ کارکنوں کی گمشدگی کے حوالے سے نوٹس لیں اور لاپتہ کارکنان کو بازیاب کروانے میں اپنا کردار ادا کریں، ہم محب وطن ہیں ہمارے کارکنان کو بازیاب کروایا جائے تاکہ اُن کے اہل خانہ کی بے چینی ختم ہوسکے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کرنا فضول ہے، کیونکہ وہ خود کہیں اور سے مشورہ لینے کے بعد حکومتی معاملات چلاتے ہیں۔

    واضح رہے دو روز قبل متحدہ قومی مومنٹ کی جانب سے کارکنوں کی کمشدگی اور بلاجواز گرفتاریوں کے خلاف سندھ کے مختلف علاقوں حیدرآباد، میرپورخاص، ٹھٹہ، سکھر سمیت اندورنِ سندھ کے مختلف علاقوں میں پریس کلب کے باہر 6 روز تک احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا گیا تھا۔

  • بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کیخلاف ایم کیو ایم کا احتجاجی مظاہرہ

    بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کیخلاف ایم کیو ایم کا احتجاجی مظاہرہ

    کراچی : عوامی مسائل ، بلدیاتی اختیارات، پانی کی عدم فراہمی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف ایم کیو ایم کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

    اس موقع پر مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اٹھائے ہوئے تھے، مشتعل مظاہرین نے سندھ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔

    یونیورسٹی روڈ پر ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے متحدہ رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ایک طرف طالبان مار رہے ہیں تو دوسری طرف سندھ حکومت پیاسا ما رہی ہے،اختیارات نہ ملے تو چھینا بھی جانتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ لگتا ہے حکومت نے کراچی کو گروی رکھ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سول نافرمانی شروع ہوئی تو حکومت کیلئے صورتحال پر قابو پانا مشکل ہو جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ کا بس چلے تو عوام سے سانس لینے کا اختیار بھی لے لیں، انہوں نے کہا کہ خدارا تعصب کا برتاؤ بند کیا جائے۔

    ایم کیوایم رہنماؤں کا کہنا تھا کہ نااہل سندھ حکومت کو مستعفی ہو جانا چاہئیے،جمہوریت کے نام پر لوگوں سے مذاق کیا جارہا ہے۔

    متحدہ رہنماؤں اور نو منتخب بلدیاتی امیدوراوں کا کہنا تھا کہ اگر اختیارات نہ ملے تو سندھ اسمبلی کا گھیراؤ بھی کیا جاسکتا ہے۔

    اس موقع پر نامزد ڈپٹی مئیر، اپوزیشن لیڈر، متحدہ کارکنان ، منتخب بلدیاتی نمائندے اورعوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

  • کراچی: ایم کیوایم کا صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج

    کراچی: ایم کیوایم کا صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج

    کراچی:ایم کیوایم کا صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج جاری ہے۔

    ایم کیو ایم کا سندھ میں میئر اور ڈپٹی میئر اور اقلیتوں،خواتین اورنوجوانوں کی مخصوص نشستوں کے انتخابات میں تاخیری حربوں، بلدیاتی اداروں کو ان کے اختیارات سے محروم کرنے اور سندھ حکومت کے غیرآئینی وغیرقانونی ہتھکنڈوں کے خلاف صوبائی الیکشن کمیشن آفس کے سامنے پرامن احتجاج کر رہی ہے۔

    احتجاج میں رابطہ کمیٹی، منتخب بلدیاتی نمائندے کونسلرز، یوسی چیئرمین ،وائس چیئرمین ،خواتین سمیت تنظیمی شعبہ جات کے ذمہ داران وکارکنان شریک ہے، مظاہرین حکومت سندھ کیخلاف شدید نعرے بازی کر رہے ہیں۔

    مظاہرین کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ میئر ڈپٹی میئر،چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات کرانے میں تاخیرکررہی ہے، چیف جسٹس فوری طوراس پر سوموٹو ایکشن لیں ، الیکشن کمیشن فی الفور مخصوص نشستوں پر انتخابات کے شیڈول کا اعلان کریں، بلدیاتی امورمیں وزیر بلدیات مسلسل مداخلت کررہے ہیں اسکابھی نوٹس لیا جائے، بڑے بڑے جعلی بلز پاس کراکرخزانہ خالی کیاجارہا ہے، من پسند ٹھیکیداروں کو ٹھیکے دیے جارہے ہیں۔

  • ایم کیوایم کا چھاپوں اور گرفتاریوں کے خلاف آج احتجاج کا اعلان

    ایم کیوایم کا چھاپوں اور گرفتاریوں کے خلاف آج احتجاج کا اعلان

    کراچی: متحدہ قومی موؤمنٹ نے کراچی میں مختلف مقامات پر چھاپوں اورکارکنوں کی گرفتاری پر آج احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایم کیوایم نے چھاپوں اور گرفتاریوں کے خلاف آج احتجاج کا اعلان کیا ہے، احتجاجی ریلی لیاقت آباد10 نمبر سے ڈاکٹر ضیاء الدین روڈ تک جائے گی، ایم کیو ایم پاکستان اور لندن کے رات گئے ہنگامی اجلاس میں احتجاج کا فیصلہ کیا گیا.

    اس سے قبل کورنگی میں رینجرز نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران ایم کیوایم کے سیکٹر آفس میں موجود دس افراد کو حراست میں لے لیا، گرفتار افراد میں سیکٹر انچارج وسیم شمع، فنانس سیکریٹری اصغر یعقوب بھی شامل ہیں.

    ذرائع کے مطابق زیرحراست افراد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا، ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے ڈی جی رینجرز کا فون کر کے چھاپے سے متعلق تحفظات سے آگاہ کیا، جس پر ڈی جی رینجرز نے جواب دیا کہ بے گناہ افراد کو چھوڑ دیا جائے گا۔