Tag: MQM rabta committe

  • سندھ حکومت متحدہ رہنماؤں کو فوری سیکیورٹی فراہم کرے، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

    سندھ حکومت متحدہ رہنماؤں کو فوری سیکیورٹی فراہم کرے، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ سندھ میں کسی گیم کا حصہ نہیں بنے گی، سندھ حکومت کسی بھی سانحے سے پہلے متحدہ رہنماؤں کو فوری سیکیورٹی فراہم کرے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادرآباد کراچی میں خالد مقبول صدیقی کی زیرصدارت متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

    اجلاس میں علی رضا عابدی کے قتل سے متعلق ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کو تحقیقات سے لاعلم رکھنے اور متحدہ رہنماؤں کو سیکیورٹی فراہم نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

    اراکین کا کہنا تھا کہ علی رضا عابدی کا قتل ایم کیو ایم اور کراچی کے لیے بڑا سانحہ ہے ان کے قاتلوں کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے، سندھ حکومت ایم کیو ایم کو قتل کی تحقیقات اور پیش رفت سے آگاہ نہیں کررہی۔

    رابطہ کمیٹی اراکین کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانا ہمارا جمہوری اور آئینی حق ہے، سندھ میں سیاسی جوڑ توڑ اور موجودہ صورتحال پر پی ٹی آئی سے رابطہ ہوا ہے ، ایم کیو ایم حالات کو  مد نظر رکھتے ہوئے آئندہ کی حکمت عملی سے متعلق کوئی فیصلہ کرے گی لیکن ایم کیو ایم کسی گیم کا حصہ نہیں بنے گی۔

    اجلاس میں مزید کہا گیا کہ سندھ حکومت کو کہنے کے باوجود رہنماؤں کو سیکیورٹی فراہم نہیں کی جارہی، سندھ حکومت کسی بھی سانحے سے پہلے ہوش کے ناخن لے اور ایم کیو ایم رہنماؤں کو فوری طور پرسیکیورٹی فراہم کی جائے ، اس کے علاوہ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں سندھ میں گیس کے بڑھتے ہوئے بحران پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔

     

  • کامران ٹیسوری اب رابطہ کمیٹی کے ممبر نہیں رہے، خالد مقبول صدیقی

    کامران ٹیسوری اب رابطہ کمیٹی کے ممبر نہیں رہے، خالد مقبول صدیقی

    کراچی : ایم کیوایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کامران ٹیسوری اب رابطہ کمیٹی کے ممبر نہیں رہے،  ڈاکٹر فاروق ستار ہی ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر ہیں۔ 

    یہ بات انہوں نے ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادر آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کامران ٹیسوری کو6ماہ کے لئے معطل کیا گیا ہے، ڈاکٹر فاروق ستار ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کامران ٹیسوری کو رابطہ کمیٹی کا ممبر بنانے کی80فیصد لوگوں نے مخالفت کی ہے، عامرخان نےکہہ دیا تھا کہ وہ سینیٹ الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان نے سینیٹ الیکشن کیلئے چھ نام تجویز کئے تھے، جس میں نسرین جلیل، فروغ نسیم، امین الحق کے نام بھی تجویز کیے گئے تھے، اس کے علاوہ شبیر قائمخانی، عامرخان اور کامران ٹیسوری کا نام بھی تجویزکیا گیا۔

    فاروق ستار دو ساتھیوں کی قربانی دے کر کامران ٹیسوری کو سینیٹ ممبر بنانا چاہتے ہیں، فاروق ستار کا یہ فیصلہ بھی سرآنکھوں پر رکھا جاسکتا تھا، کیونکہ فاروق ستارکی کامران ٹیسوری سے طویل رفاقت رہی ہے،لیکن ایم کیوایم میں انفرادی خواہش پر کسی کو کبھی عہدے نہیں دیئےگئے۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیوایم کو ایک بار پھرحیرت انگیز فیصلے کاسامنا کرنا پڑا، اس سے پہلے کامران ٹیسوری کو ڈپٹی کنوینر بنانے کا فیصلہ حیرت انگیز تھا.

    فاروق ستار نے بائیکاٹ کی دھمکی دیکر کامران کو ڈپٹی کنوینر بنایا تھا، حالانکہ اس وقت کامران ٹیسوری کوپارٹی میں آئے ایک سال بھی نہیں ہوا تھا.

    انہوں نے مزید کہا کہ جیلوں میں قربانیاں دینے والے بھی ڈپٹی کنوینر نہیں بنے، کنوینراور ڈپٹی کنوینر کو رابطہ کمیٹی کا فیصلہ تبدیل کرنے کا اختیار نہیں۔

  • بانی ایم کیوایم نے نریندر مودی سے مدد مانگ لی

    بانی ایم کیوایم نے نریندر مودی سے مدد مانگ لی

    لندن : بھارتی مسلمانوں کے قاتل نریندر مودی بانی ایم کیوایم کو مسیحا نظرآنے لگے۔ پاکستان مخالف نعروں کے بعد بانی ایم کیوایم نے بھارت سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے بیان کی مذمت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پرایم کیوایم کے قائد سرزمینِ پاکستان کیخلاف کھل کر سامنےآ گئے۔ بانی ایم کیوایم نے پاکستان کیخلاف بھارت سے مدد مانگ لی۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان بنا کرغلطی کی تھی۔

    اپنے بیان میں بانی ایم کیوایم نے کراچی کے عوام کو پناہ گزین قراردے دیا، انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی ہے کہ وہ مہاجروں کے حق میں آواز اٹھائیں۔

    ایم کیو ایم پاکستان نے بیان کی مذمت کردی 

    دوسری جانب ایم کیوایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے بانی ایم کیوایم کے اس بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک دشمن عناصرکی سازشوں اور مہاجرعوام کی حب الوطنی کیخلاف سازشوں کو ہرسطح پرناکام بنائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ مہاجروں کے آباؤ اجداد نے پاکستان کےحصول کیلئے ہراول دستے کا کردارادا کیا، مہاجروں کی اولادوں کے دل بھی وطن عزیز کیلئے دھڑکتے ہیں۔

    رابطہ کمیٹی پاکستان کا کہنا ہے کہ مہاجرعوام جانتے ہیں کہ نریندرمودی کو گجرات کا قصائی کہا جاتا ہے، مودی نے اترپردیش کا وزیراعلیٰ بھی مسلمان دشمن منتخب کیا ہے۔

    بانی ایم کیو ایم ملک دشمن اورغدار ہے، رہنما پی ایس پی 

    علاوہ ازیں بانی ایم کیو ایم کے بیان پر پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس ایڈووکیٹ، رضا ہارون نے اپنے سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی ایم کیو ایم پاکستان میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، وہ ملک دشمن اورغدار شخص ہے،۔

    رہنماؤں نے کہا کہ بانی ایم کیوایم نے اس بیان سے اپنا ’’را‘‘ کا ایجنٹ ہونا ثابت کردیا ہے، انیس ایڈووکیٹ نے مطالبہ کیا کہ بانی ایم کیوایم کی پاکستانی شہریت منسوخ ہونی چاہیئے۔

    رہنما پی ایس پی رضاہارون نے کہا کہ مجھے بانی ایم کیوایم کے بیان پرکوئی حیرانگی نہیں ہوئی، ہم تو 3 ماہ سے یہی کہہ رہے ہیں کہ بانی ایم کیو ایم "را” کےایجنڈے پر ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نریندر مودی ان ہی کا وزیراعظم ہے، متحدہ قائد اور ان کے لوگ ’’را‘‘کے ایجنڈے کو فالو کرتےہیں۔

  • خواجہ اظہارالحسن ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ممبراورپارٹی ترجمان مقرر

    خواجہ اظہارالحسن ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ممبراورپارٹی ترجمان مقرر

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز گھانچی ہال پی آئی بی میں دوسرا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں رکن صوبائی اسمبلی و اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن کو ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا رکن اور پارٹی ترجمان مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایم کیو ایم نے مختلف شعبوں کا اجلاس آج طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کا پی آئی بی میں واقع عارضی مرکز پر اجلاس منعقد کیا گیا جس میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن کو ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا رکن اور پارٹی ترجمان مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی کے اراکین و رکن صوبائی و قومی اسمبلی نے شرکت کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

    علاوہ ازیں کل ڈاکٹر فاروق ستار کے گھرپراجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں تمام ونگز، لیبر ڈویژن اور دیگر شعبہ جات کے نمائندے شرکت کریں گے۔ اجلاس کی صدارت ایم کیوایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کریں گے۔

     

  • رینجرزکے احکامات مہاجروں کے سیاسی و معاشی قتل کے مترادف ہیں، ایم کیوایم

    رینجرزکے احکامات مہاجروں کے سیاسی و معاشی قتل کے مترادف ہیں، ایم کیوایم

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے رینجرزکی جانب سے سرکاری ونیم سرکاری محکموں سے ایم کیوایم اوراس کی حمایت یافتہ یونینوں کے دفاتر ختم کرنے اور ایم کیوایم کے کارکنوں اور ہمدردوں کو ملازمتوں سے برطرف کرنے کے ظالمانہ احکامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اوران احکامات کوایم کیوایم اور مہاجروں کے سیاسی و معاشی قتل کے احکامات قراردیا ہے۔

    ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ پہلے علاقوں میں ایم کیوایم کے دفاترپرمسلسل چھاپے مار کر اور بڑے پیمانے پرکارکنوں کی گرفتاریاں کرکے ایم کیوایم کے علاقائی دفاتربند کرائے گئے اور اب تمام سرکاری ونیم سرکاری اداروں میں ایم کیوایم اوراس کی حمایت یافتہ ورکرز یونینوں کے دفاتربند کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

    اس کے ساتھ ساتھ تمام اداروں کے حکام کوحکم دیا گیا ہے کہ ایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردوں کوملازمتوں سے برطرف کردیا جائے۔ ساتھ ساتھ جوکارکنان ماورائے عدالت قتل اورگرفتاریوں سے بچنے کیلئے ملازمتوں پر جانے سے قاصرہیں انہیں بھی گھوسٹ ملازم کہہ کرملازمتوں سے نکالاجارہاہے۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کو کچلنے کیلئے اب مہاجروں کے سیاسی اور جسمانی قتل عام کے بعد اب معاشی قتل عام کاسلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ قوم کو بتایا گیا تھا کہ کراچی میں قیام امن کیلئے آپریشن کیاجارہا ہے لیکن رینجرزکے ان تازہ ظالمانہ احکامات نے ایک بارپھر ثابت کردیاہے کہ اس آپریشن کااصل مقصد کراچی میں قیام امن نہیں بلکہ صرف اور صرف ایم کیوایم کو سیاسی طورپرختم کرنا اور مہاجروں کوسیاسی، معاشی اورمعاشرتی طورپرکچلنا ہے ،انہیں ان کے سیاسی، جمہوری ، آئینی قانونی حق سے محروم کرنا اوران کے سیاسی ومعاشی حق پر ڈاکہ ڈالنا ہے ۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ رینجرز کے یہ اقدامات مہاجروں کا کھلا معاشی قتل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

    رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم محمد نواز شریف ،چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف اور وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی سے مطالبہ کیاکہ رینجرز کی جانب سے سرکاری ونیم سرکاری محکموں سے ایم کیوایم اوراس کی حامی یونینوں کے دفاتر ختم کرنے اورایم کیوایم کے کارکنوں کوملازمتوں سے برطرف کرنے کے ظالمانہ احکامات کا فوری نوٹس لیاجائے اور مہاجروں کے معاشی قتل عام کا سلسلہ فی الفور بند کرایا جائے۔

    رابطہ کمیٹی نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ ان غیرقانونی، غیرآئینی اورظالمانہ احکامات کے خلاف آوازبلند کریں۔

     

  • میئرو ڈپٹی میئر کے انتخابات ملتوی، متحدہ رابطہ کمیٹی کا اجلاس طلب

    میئرو ڈپٹی میئر کے انتخابات ملتوی، متحدہ رابطہ کمیٹی کا اجلاس طلب

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کراچی اورسندھ میں میئر، ڈپٹی میئر اورڈسٹرکٹ چیئرمین کے انتخابات ایک بار پھرملتوی کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اوراس معاملے پرآئندہ کا لائحہ عمل تیارکرنے کیلئے رابطہ کمیٹی کاہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔

    اپنے بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی اورسندھ میں بلدیاتی انتخابات ہوئے سات ماہ ہوچکے ہیں لیکن اب تک میئر، ڈپٹی میئر اورڈسٹرکٹ چیئرمین کے انتخابات نہیں کرائے گئے ہیں اوران انتخابات کوایک سازش کے تحت مختلف بہانے بنا کر مسلسل ٹالا جارہا ہے ۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے میئر، ڈپٹی میئر اورڈسٹرکٹ چیئرمین کے انتخابات کے انعقاد کے لئے خود 9 جون کو نوٹیفکیشن جاری کیا تھا لیکن آج الیکشن کمیشن کے چارارکان کی ریٹائرمنٹ کو بھونڈا جواز بنا کر ایک بار پھر الیکشن کو ملتوی کردیا گیا ہے۔

    اس طرح نہ صرف منتخب بلدیاتی نمائندوں کوان کے آئینی وقانونی حق سے محروم کیا جارہا ہے بلکہ سپریم کورٹ کے احکامات اورآئین وقانون کی بھی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ کراچی اورسندھ میں میئر، ڈپٹی میئر اور ڈسٹرکٹ چیئرمین کے انتخابات کو روکنے کیلئے جس طرح بار بار التواء میں ڈالاجارہا ہے اس سے صاف ظاہر ہے کہ اسلام آباد میں بیٹھے ہوئے ارباب اختیار کراچی اور شہری سندھ کو حق حکمرانی دینے کے لئے تیار نہیں ہیں بلکہ انہیں ان کے اس بنیادی حق سے جان بوجھ کر محروم رکھنا چاہتے ہیں۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ کراچی اورسندھ کے شہری اوردیہی علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی صورتحال انتہائی خراب بلکہ ناگفتہ بہ ہے۔

    اس صورتحال کی روشنی میں میئر، ڈپٹی میئر اور ڈسٹرکٹ چیئرمین کے انتخابات بہت ضروری ہیں تاکہ منتخب نمائندے شہری مسائل کے حل کے لئے کام کرسکیں لیکن اسٹیبلشمنٹ میں موجود متعصب ارباب اختیار کراچی اورسندھ کو مسائل میں گھرا رکھنا چاہتے ہیں اسی لئے ایک بارپھر میئر، ڈپٹی میئر اورڈسٹرکٹ چیئرمین کے انتخابات ملتوی کئے جارہے ہیں۔

    رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ کراچی اورسندھ دشمنی بند کی جائے اورمیئر، ڈپٹی میئر اورڈسٹرکٹ چیئرمین کے انتخابات فی الفورکرائے جائیں۔

     

  • کراچی آپریشن ایم کیوایم کرش آپریشن کی شکل اختیارکرچکا ہے، ایم کیو ایم

    کراچی آپریشن ایم کیوایم کرش آپریشن کی شکل اختیارکرچکا ہے، ایم کیو ایم

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے پاک کالونی اورشاہ فیصل کالونی میں ایم کیوایم کے چار کارکنوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیام امن کے نام پر جاری آپریشن مکمل طورپرایم کیوایم کرش آپریشن کی شکل اختیارکرچکا ہے۔

    اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ آج صبح پاک کالونی کے علاقے میں بھی رینجرزنے ایم کیوایم کے کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور پاک کالونی یوسی 6 سے تعلق رکھنے والے تین کارکنوں حیدرعلی ولد ہاشم علی ، عابد شیخ ولد معین الدین اورعمران عزیز ولد عزیزاحمد کو ان کے گھروں سے گرفتارکرلیا۔

    تینوں گرفتار شدگان کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے اوران کے اہل خانہ کو کچھ نہیں بتایا جارہا ہے کہ انہیں کیوں گرفتارکیا گیا ہے اورکہاں رکھا گیا ہے۔

    اسی طرح شاہ فیصل کالونی میں سادہ لباس میں ملبوس سرکاری اہلکاروں نے یوسی 7 سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم کے کارکن نوید علی بیگ ولد ارشد علی بیگ کواس وقت گرفتار کرلیا جب وہ علاقے میں واقع اللہ والی مسجد سے نماز ادا کرکے باہر نکل رہے تھے۔

    رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم کے کارکنوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قیام امن کے نام پر جاری آپریشن مکمل طورپرایم کیوایم کرش آپریشن کی شکل اختیارکرچکا ہے جس کے تحت روزانہ شہرکے مختلف علاقوں سے ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں کوگرفتارکیا جارہا ہے اورگرفتاری کے بعد اسٹیبلشمنٹ کی کرمنلائزیشن پالیسی کے تحت ایم کیوایم کے تمام گرفتارکارکنوں کو ٹارگٹ کلر، دہشت گرد کے طورپر پیش کیا جارہا ہے اوران کاتعلق عسکری ونگ سے ظاہرکیا جارہا ہے اورانہیں جھوٹے مقدمات میں ملو ث کیا جارہا ہے۔

    رابطہ کمیٹی نے اس عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک بار پھر واضح الفاظ میں کہتے ہیں کہ ایم کیوایم میں کسی قسم کاکوئی عسکری ونگ نہیں اوریہ ساراپروپیگنڈہ ایم کیو ایم اوراس کے کارکنوں کو بدنام کرنے اوران کا امیج خراب کرنے کیلئے کیا جارہا ہے جس کاحقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم کے کارکنوں کی گرفتاریوں اور ان کی جبری گمشدگیوں کاسلسلہ بند کیا جائے اورگرفتارکارکنوں کو فی الفوررہا کیا جائے۔

     

  • شوال میں شہید جوانوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں، فاروق ستار

    شوال میں شہید جوانوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں، فاروق ستار

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ شوال میں شہیدجوانوں کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرتےہیں۔

    یہ بات انہوں نے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے زیر اہتمام پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں افواج پاکستان کے کردار کو سراہتے ہیں۔

    آپریشن میں پاک افواج کا کردار فیصلہ کن رہا،پاک فوج کی ایم کیو ایم سے متعلق غلط فہمیاں دورکرناچاہتےہیں، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی بھی عزت کرتی ہے۔

    فاروق ستار نے کہا ہے کہ قائد ایم کیو ایم نے کسی بھی عسکری ادارے کی دل آزاری پر معذرت کی ہے سندھ سمیت پورے ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کیلئے عسکری قیادت سے تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں۔

     

  • قائدایم کیو ایم کےبیانات پرپابندی کیخلاف متحدہ کابھوک ہڑتال کااعلان

    قائدایم کیو ایم کےبیانات پرپابندی کیخلاف متحدہ کابھوک ہڑتال کااعلان

    کراچی: ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم قائد کی تصویر اور تقاریرپرپابندی کے خلاف 19 فروری سے 22 فروری تک چار روزہ علامتی بھوک ہڑتال کااعلان کردیا۔

    کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ نے بھوک ہڑتال صبح گیارہ بجے سے رات گیارہ بجے تک پریس کلب کے باہر کی جائے گی، جس میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں کے شعبہ جات کے اراکین ، اراکین پارلیمنٹ اور نومنتخب امیدواروں سمیت کارکنان شرکت کریں گے۔

    فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم اب احتجاجی ریلیوں کے بعد بھوک ہڑتال کرنے پر مجبور ہے ، انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم دھرنا دینے پر بھی غور کررہی ہے ، اگر ایم کیو ایم نے دھرنا دیاتو صدر اور وزیراعظم ملک سے باہر نہیں جاسکیں گے۔

    فاروق ستار کاکہنا تھا کہ ہمارا موقف سنے بغیر چھ ماہ سے ایم کیو ایم قائد پرپابندی عائد ہے ، ریاستی ادارے، عدلیہ انصاف کرتے ہوئے ظلم کا خاتمہ کرائیں۔حکمران منصفانہ پالیسیاں بنائین نہ کی کسی کے مفاد کیلئے پالیسیان بنائی جائیں۔

    ایم کیو ایم رہنماؤں کاکہنا تھا کہ ملک اس وقت لٹیروں یا پھر دہشت گردوں کے ہاتھوں میں ہے ، ملک میں جمہوریت کے نام پر آمریت قائم کی جارہی ہے۔

  • عوام  15 روز کیلئے روزمرہ استعما ل کی اشیاء کا ذخیرہ کرلیں، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

    عوام 15 روز کیلئے روزمرہ استعما ل کی اشیاء کا ذخیرہ کرلیں، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

    لندن / کراچی : ایم کیو ایم نے کراچی کے عوام سے 15 روز کیلئے اپنی ضروری ادویات اور روزمرہ استعما ل کی اشیاء کا ذخیرہ کرنے کی اپیل کردی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان کے ارکا ن کا مشترکہ ہنگامی اجلاس ہوا ۔ جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، عالمی سطح پر ہونے والی ماحولیاتی تبدیلیوں، پاکستان میں زلزلے ، سیلاب اور دیگرقدرتی آفات کے تناظر میں قائد تحریک الطاف حسین کی محب وطن پاکستانیوں کے نام حالیہ دردمندانہ اپیل پرغوروخوض کیا گیا۔

    اجلاس میں کہاگیا کہ قائد تحریک الطاف حسین نے اپنی 38 سالہ جدوجہدکے دوران جو جو پیش گوئیاں کیں وہ ایک ایک کرکے سچ ثابت ہوتی رہی ہیں ۔

    ایم کیوایم کے خلاف کی جانے والی سازشوں کے علاوہ قائد تحریک الطاف حسین نے کراچی میں طالبائزیشن اور پھر داعش کے خطرے سے ملک بھرکے عوام کو پیشگی آگاہ کردیا تھا لیکن ارباب اقتدار واختیار اور میڈیا کے نمائندوں کی جانب سے الطاف حسین کے خدشات پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کے بجائے ان کا مذاق اڑایا گیا ۔

    اجلاس میں مزید کہاگیا کہ آج پاکستان کے ہر حصے میں طالبانائزیشن ، داعش اور کالعدم جہادی تنظیموں کی موجودگی اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ قائد تحریک الطاف حسین کے خدشات درست تھے لیکن ایم کیوایم دشمنی میں الطاف حسین کی باتوں کو دانستہ نظرانداز کیا گیا جس کا نقصان ملک وقوم کو اٹھانا پڑا۔

    اجلاس میں کہاگیاکہ قائد تحریک الطاف حسین نے اپنے حالیہ بیان میں جن خدشات کا اظہار کیا ہے ، اس پر رابطہ کمیٹی کے مشترکہ اور طویل اجلاس متفقہ طورپر طے کیاگیا کہ ملک وقوم کیلئے آئندہ 15 روز انتہائی اہمیت کے حامل ہیں لہٰذا ایم کیوایم کے تمام ذمہ داران اور کارکنان پر لازم ہے کہ وہ ملک بھر کے عوام میں قائد تحریک الطاف حسین کا پیغام پہنچانے کیلئے اپنا بھرپورکردار ادا کریں ۔

    رابطہ کمیٹی نے ملک بھر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ آئندہ 15 روز اپنی آمدورفت میں انتہائی احتیاط سے کام لیں ، 15 روز کیلئے اپنی ضروری ادویات اور روزمرہ استعما ل کی اشیاء کا ذخیرہ کرلیں۔