Tag: MQM rabta committe condem

  • رینجرز کو کراچی میں اختیارات دینے پر رابطہ کمیٹی کا اظہار تشویش

    رینجرز کو کراچی میں اختیارات دینے پر رابطہ کمیٹی کا اظہار تشویش

    کراچی : ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے حکومت سندھ کی جانب سے صرف کراچی میں رینجرز کو آپریشن کے اختیارات دینے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ امن وامان کی صورتحال پورے سندھ میں خراب ہے لیکن حکومت سندھ کی جانب سے رینجرز کو صرف کراچی میں آ پریشن کا اختیار دیا گیا ہے جوکہ انتہائی حیران کن اور باعث تشویش ہے۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ صرف کراچی میں آپریشن کا اختیار دینے کا مقصد کراچی کے شہریوں بالخصوص ایم کیو ایم کے کارکنوں اور عوام کو ٹارگٹڈ ایکشن کے نام پر نشانہ بنانے کا قانونی اختیار دینا ہے۔

  • کارکن ساجد کو پولیس اہلکاروں نےاغواکرکے قتل کیا،رابطہ کمیٹی

    کارکن ساجد کو پولیس اہلکاروں نےاغواکرکے قتل کیا،رابطہ کمیٹی

    کراچی:ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نے کہا ہےکہ متحدہ کے کارکن ساجد کو پولیس اہلکاروں نےاغواء کے بعد قتل کرکے لاش ندی میں پھینک دی۔

    ایم کیوایم کارکن ساجد کی ماورائے عدلت قتل کے خلاف رابطہ کمیٹی نے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک چوبیس کارکنان کو ماورائےعدالت قتل جبکہ کراچی آپریشن کے ایک سال کے دوران سوسے زائد کارکنان قتل کیے جاچکے ہیں۔

    کنورنوید جمیل نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ساجد کو دبئی جانےسے قبل ائیرپورٹ کی پارکنگ سے پولیس اہلکاروں نے نشاندہی کے بعد اغواء کیا اور پھر اسے قتل کر دیا۔

    کنور نوید جمیل نے کہا کہ قاتلوں کی عدم گرفتاری اور محافظ کا قاتل بن جانا عدلیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر سوالیہ نشان ہے،کراچی آپریشن اب فوکسڈ نہیں رہا۔

    ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری کارکنان کے ماورائےعدالت قتل میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

  • بابرانیس کی گرفتاری،رابطہ کمیٹی آج شام پریس کانفرنس کرے گی

    بابرانیس کی گرفتاری،رابطہ کمیٹی آج شام پریس کانفرنس کرے گی

    کراچی:متحدہ قومی موومنٹ لاپتہ کمیٹی کے انچارج بابر انیس کی گرفتاری پر رابطہ کمیٹی نے شدید احتجاج کیا اور خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کہیں بابر انیس کو بھی لاپتہ نہ کردیا جائے، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی آج شام پریس کانفرنس کرے گی۔

    ایم کیوایم کا کہنا ہے کہ ان کی مسنگ پرسن کمیٹی کے انچارج بابر انیس کو انکے گھر پر سادہ لباس ملبوس اہلکاروں نے چھاپہ مارکر گرفتار کرکے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا ہے، ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے بابرانیس کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہےکہ کہیں انہیں بھی لاپتہ نہ کردیا جائے۔

    رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ بابر انیس اور وصی احمد کو رینجرز نے فیڈرل بی ایریا میں انکے گھروں سے گرفتار کیا اوران کے بارے میں کچھ نہیں بتایا جارہا کہ انہیں کہاں رکھا گیا ہے، اس کے علاوہ فیڈرل بی ایریا، نارتھ ناظم آباد، کورنگی، لیاری اوراسکیم تینتیس کے علاقوں سے ایم کیوایم کے تیرہ کارکنوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

    رابطہ کمیٹٰی کا کہنا ہے کہ مسلح دہشت گرد متحدہ کے کارکنوں کو سرعام قتل کر رہے ہیں لیکن قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا جارہا، رابطہ کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم کے گرفتار کارکنوں کوفی الفور رہا اور چھاپوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔

    ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کارکنان کی گرفتاری کے خلاف سہ پہر ساڑھے چار بجے اہم پریس کانفرنس کرے گی۔

  • کراچی:دستی بم حملہ پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی اور وزیراعلی سندھ کی مذمت

    کراچی:دستی بم حملہ پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی اور وزیراعلی سندھ کی مذمت

    کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی  نے کراچی میں شارع فیصل کے قریب پولیس چوکی پر دستی بم سے حملہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس کے نتیجے میں متعدد پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کراچی میں شاہراہ فیصل پر واقع پولیس چوکی پر دستی بم سے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ وزیراعلی نے مجرموں کیخلاف سخت اقدام اٹھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ بم حملے میں زخمی پولیس اہلکاروں کو موثر طبی امداد دی جائے، قائم علی شاہ نے شہر میں سخت پیٹرولنگ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

    دوسری جانب رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ملک کی نازک ترین سیاسی صورتحال میں کراچی میں دستی بم حملے کے ذریعے پولیس اہلکاروں کو زخمی کرنے کی واردات کھلی دہشتگردی ہے اور جو عناصر بھی اس میں ملوث ہیں وہ سخت گرفت اور سزا کے مستحق ہیں۔

    رابطہ کمیٹی نے دستی بم حملہ میں شدید زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی۔

    رابطہ کمیٹی نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ شارع فیصل پر پولیس چوکی پر دستی بم حملہ میں ملوث دہشتگردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے اور دہشتگردی میں ملوث عناصر کو حاصل سرپرستی کا عمل بند کرایا جائے۔