Tag: MQM rabta committe meeting

  • ایم کیوایم نے فوجی عدالتوں کے قیام کی مخالفت کردی

    ایم کیوایم نے فوجی عدالتوں کے قیام کی مخالفت کردی

    کراچی : رابطہ کمیٹی متحدہ قومی موومنٹ نے کہا ہے کہ ایم کیوایم دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے فوجی عدالتوں کے قیام کی کسی بھی قیمت پر حمایت نہیں کرے گی، اس سے بہتر ہے کہ ملک میں مارشل لا نافذ کر دیا جائے۔

    متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کراچی ، لندن اور اسلام آباد میں موجود ایم کیوایم کے سینیٹرز اور ارکان قومی اسمبلی کا ایک مشترکہ ہنگامی اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

    اجلاس میں کہا گیا کہ ایم کیو ایم ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ چاہتی ہے اور وہ سمجھتی ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے تمام تر ریاستی وسائل استعمال کئے جائیں۔

    اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ایم کیوایم دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے فوجی عدالتوں کے قیام کی کسی بھی قیمت پر حمایت نہیں کرے گی۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ اگر سول حکومت دہشت گردی سے نمٹنے سے قاصر ہے تووہ اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے اقتدار چھوڑ دے، فوجی عدالتیں قائم کرنے سے بہترہے کہ پورے ملک میں مارشل لاء نافذ کر دیاجائے۔

  • فوج جب پکارے گی ہم ایک لمحہ ضائع نہیں کریں گے، الطاف حسین

    فوج جب پکارے گی ہم ایک لمحہ ضائع نہیں کریں گے، الطاف حسین

    لندن : ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ ملک کیلئے فوج جب پکارے گی ایک لمحہ ضائع کئے بغیر اپنی خدمات پیش کرنے کیلئے حاضر ہونگے۔

    رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے مشترکہ اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ اورملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، قائد ایم کیو ایم نے اجلاس میں ریٹائرڈ فوجی افسران پر مشتمل ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز سے بھی اتفاق کیا، کمیٹی دہشت گردی کے خلاف جنگ کو کامیابی کے ساتھ آگے بڑھانے کیلئے اعلیٰ فوجی حکام کو سفارشات بھیجے گی۔

    اس موقع پرالطاف حسین کا کہنا تھا کہ وطن کی سلامتی کیلئے فوج جب پکارے گی ہم ایک لمحہ ضائع نہیں کریں گے، الطاف حسین نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے باعث اپنے گھروں سے نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کو درپیش مشکلات پران سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مخیرحضرات سے اپیل کی وہ آگے بڑھیں اور متاثرین کا ہاتھ تھامے ۔

    اس موقع پر الطاف حسین نے رکنیت سازی مہم کی تفصیلات بھی معلوم کیں۔