Tag: MQM rabta committe

  • بے گناہ کارکنان کی گرفتاریاں بند کی جائیں، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

    بے گناہ کارکنان کی گرفتاریاں بند کی جائیں، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے لیاقت آبادکے علاقے غریب آبادمیں بڑے پیمانے پر چھاپوں اورایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردوں کی گرفتاریوں کی شدیدمذمت کی ہے۔

    ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ گزشتہ ہفتہ ایم کیوایم لیاقت آباد سیکٹر کے کارکن خرم کومسلح دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے شہید کیا، جبکہ اورنگی ٹاؤن میں ایم کیوایم کے کارکن محمدعلی کوشہید کردیا گیا لیکن ان کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کیاگیا بلکہ الٹاروزانہ ایم کیوایم کے کارکنوں کوگرفتارکیاجارہاہے۔

    آج علی الصبح بھی لیاقت آبادکے علاقے غریب آبادمیں پولیس ورینجرزنے پورے علاقے کامحاصرہ کرکے ایم کیوایم کے کئی کارکنوں اورہمدردوں کوگرفتارکرلیا۔

    جن میں یونٹ 158کے کارکنان شفیق صدیقی ولد عبد السلام ، زاہد اقبال ولد محمد اقبا ل ، ندیم عظیم ولد محمد عظیم ، شہزاد مرزا ولد عبد الرشید، افضال ولد مہر دین ، محمد صغیر ولد نور محمد ،محمد وسیم ولد محمد متین، محمد شوکت ولد محمد شاہ کوگرفتارکرلیا۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ یونٹ158کے کارکن رئیس گھرپرنہ ملے توسرکاری اہلکاروں نے ان کے 13سالہ صاحبزادے محسن کوگرفتارکرلیا،جبکہ اسی طرح یونٹ 158کے ضعیف العمر ہمدرد70سالہ قمر الدین اور ہمدرد کمال کوبھی گرفتارکرلیا۔

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم کے شہید کارکنوں کے قاتلوں کوگرفتارکرنے کے بجائے ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں اورہمدردوں کی ان اندھا دھند گرفتاریوں اورچھاپوں سے صاف ظاہرہے کہ آپریشن کی آڑمیں ایم کیوایم کونشانہ بنایاجارہاہے اور ایم کیوایم کے کارکنوں اورذمہ داروں کوگرفتارکرکے جھوٹے مقدمات میں ملوث کیاجارہاہے۔

    رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیاکہ بستیوں کے محاصروں اورایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان ، ہمدردوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بندکیاجائے اورگرفتارشدگان کو فی الفوررہاکیاجائے۔

  • کراچی کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پرچھوڑدیا گیا، رابطہ کمیٹی

    کراچی کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پرچھوڑدیا گیا، رابطہ کمیٹی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے گلستان جوہر پہلوان گوٹھ میں مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے سابق ایس ایس پی حیدرآباد اعجاز حیدر کے بہیمانہ قتل اور ان کی اہلیہ کو زخمی کئے جانے کے واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔

    ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی میں پولیس افسران اور اہلکاروں کو تواتر کے ساتھ نشانہ بنایاجارہا ہے جو باعث تشویش ہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکار ہی دہشت گردوں کے نشانے پر ہوں گے تو عوام میں عدم تحفظ کا احساس بڑھے گا جس کے باعث شہر کی معاشی اور اقتصادی ترقی کی رفتار سست ہوگی ۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ شہر میں جس پیمانے پر قتل و غارتگری اور دہشت گردی جاری ہے اس تناظر میں اگر دیکھاجائے تو حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی زیرو ہے اور وہ ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر سب ٹھیک ہے کے دعوے کرکے اپنے آپکو بری الذمہ تصور کررہے ہیں ۔

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ گزشتہ دنوں صفورا گوٹھ میں اسماعیلی برادری کی بس کو دہشت گردوں نے جس بربریت اور سفاکیت سے نشانہ بنایا اس کے بعد ایس ایس پی حیدرآباد اعجاز حیدر کے بہیمانہ قتل کی واردات سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر کراچی کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔

    رابطہ کمیٹی نے اعجاز حیدر کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ، سوگواران کو صبرجمیل عطاکرے اور مقتول کی بیوہ کو جلد از جلد صحت یابی عطا فرمائے ۔

    رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ سابق ایس ایس پی حیدرآباد اعجاز حیدر کے بہیمانہ قتل اور ان کی اہلیہ کو زخمی کرنے کے واقعہ میں ملوث درندہ صفت دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور شہر کراچی میں دہشت گردوں اورجرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹھوس اور عملی کارروائی عمل میں لاکر عوام کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنایاجائے ۔

  • گورنرسندھ عشرت العباد استعفیٰ دیں، ایم کیوایم کا مطالبہ

    گورنرسندھ عشرت العباد استعفیٰ دیں، ایم کیوایم کا مطالبہ

    کراچی:  ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے استعفے کا مطالبہ کردیا، ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ گورنرسندھ کو کارکنوں پرمظالم سے باخبر رکھاگیا لیکن انہوں نے آنکھیں پھیر لیں۔

    کراچی میں متحدہ قومی مومنٹ کی لندن اور پاکستان رابطہ کمیٹی کی مشرکہ پریس کانفرنس میں رابطہ کمیٹی کے رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ آج کی پریس کانفرنس بھرپور پریس کانفرنس ہے، مخلوط حکومت کے بعد عشرت العباد  گورنر سندھ  بنے، ابتداء میں گورنر سندھ نے اچھے کام کئے کچھ عرصے بعد ان کا طرز عمل تبدیل ہوگیا، پی پی حکومت کے بعد ایم کیوایم کے کارکنان کی قتل میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ ٹارکٹ کلنگ اور اغوا کی لمحہ با لمحہ کی خبر گورنر کے علم میں لائی گئی ۔

    ان کا کہنا تھا کہ  گورنر سندھ کو بجا طور پر ایم کیوایم کا ہی خواہ ہی سمجھا جاتا ہے، تمام تر ناانصافیوں کی کی باتیں گورنر کی علم میں لائی جاتی رہیں،  لیکن پانی اب سر سے بڑھ چکا ہے، گورنر سندھ کی  نے تمام تر حالات میں آنکھیں بند رکھیں، ہمیں نمائشی عہدہ کی ہمیں کبھی ضرورت نہیں ہے۔

    رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ کارکنان کے قتل پر گورنر سندھ کو نوٹس لینا چاہیئے، آپریشن کی مانیٹرنگ کے لئے کمیٹی قائم کرنا وزیراعظم کا وعدہ تھا، لیکن کراچی آپریشن کی کمیٹی آج تک قائم نہ ہوسکی، ڈاکٹر عشرت العباد کراچی آپریشن کی کمیٹی بنانے میں ناکام رہے، ہمیں طعنے ملتے ہیں کہ صوبے کا گورنر آپ کا ہے لیکن عشرت العباد ظالم رکوانے میں ناکام رہے۔

    رابطہ کمیٹی کے رکن فاروق ستار نے کہا کہ آپریشن کے نام پر مہاجربستیوں کے محاصرے ہورہے ہیں، ہمارے 1200 کارکنان کے قاتل دندناتے پھرتے پھر رہے ہیں، ان کی کوئی جے آئی ٹی نہیں بنتی ہے، کارکنان کو زبردستی کیسوں میں ملوث کیا جارہا ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کی کوئی سیاسی تنظیم نہیں ہوتی کوئی مسلک نہیں ہوتی، ایم کیوایم میں جرائم پیشہ افراد کی کوئی جگہ نہیں ہے، سیاسی کاموں میں ملوث کارکنان کو گرفتار کیا جارہا ہے، کارکنوں کی پکرے جانے کے بعد ایف آئی درج کی جاتی رہیں اور گورنر سندھ خاموش بیٹھے رہے۔

    اس شہر میں سب سے زیادہ الطاف حسین بھائی کا اسٹیک ہے اگر شہر میں جرائم ختم ہوگا تو سب سے زیادہ فائدہ ہمارے ووٹر کو ہوگا، آج کراچی میں پانی کا بحران پیدا کیا گیا ہے۔

  • الطاف حسین کیخلاف کاروائی ہونی چاہیئے، وزیردفاع خواجہ آصف

    الطاف حسین کیخلاف کاروائی ہونی چاہیئے، وزیردفاع خواجہ آصف

    اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھی الطاف حسین کے خلاف محاذ کھول دیا ۔ان کا کہنا تھا کہ را سے مدد مانگنا کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے،الطاف حسین کیخلاف کارروائی ہونی چاہیئے۔

    وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ وہ الطاف حسین کے خلاف کاروائی کی حمایت کریں گے، بھارتی ایجنسی را سے مدد کا مطالبہ کسی صورت برداشت نہیں کیاجاسکتا۔

    وزیر دفاع نے کہا کہ را پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کر نے میں مصروف ہے،انہوں نے کہا کہ اگر آج الطاف حسین کو معاف کیااور کل انہوں نے پھر یہ زبان استعمال کی تو حکومت کے پاس کا کیا بچے گا۔

    وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ دوسروں کے خلاف کاروائی ہو سکتی ہے تو الطاف حسین کے خلاف کیوں نہیں،خواجہ محد آصف نے کہا کہ مسلح افواج کے جوان ملک و قوم کیلئے جانیں دے رہے ہیں،ریاستی اداروں پر منفی تنقید قبول نہیں کی جا سکتی۔

  • خواجہ آصف پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

    خواجہ آصف پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

    کراچی : ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے الطا ف حسین کے بارے میں وفاقی وزیردفاع خواجہ آصف کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ آصف کوقائدتحریک الطاف حسین پر تنقید کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکناچاہیے ۔

    اپنے بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کے ایوان میںمسلح افواج کے خلاف جس قسم زہریلی اورشرانگیز تقاریرکی ہیں وہ آج بھی قومی اسمبلی کے ریکارڈاورمیڈیاکی لائبریری میں موجود ہیں.

    جن کو سن کرہرفرد بخوبی اندازہ لگاسکتاہے کہ خواجہ آصف مسلح افواج کے بارے میں کس قسم کے خیالات رکھتے ہیں۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ خواجہ آصف کوقائد تحریک الطاف حسین کے بارے میں لب کشائی کرنے سے پہلے مسلح افواج کے خلاف اپنی زہریلی اورشرانگیزتقاریرپرمسلح افواج اورقوم سے معافی مانگنی چاہئیے پھرانہیں اس حوالے سے دوسروںپر تنقیدکرنے کاحق ہے۔

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین کواپنی حب الوطنی ثابت کرنے کیلئے کسی کے سرٹیفکیٹ کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین اورایم کیوایم کے کارکنان بانیان پاکستان کی اولادیں ہیں اوران پر ملک دشمنی کے بیہودہ الزامات بانیان پاکستان کی قربانیوں کی توہین کرنا ہے۔

  • متحدہ رابطہ کمیٹی کا اجلاس، مذمتی قراردادوں کی شدید مذمت

    متحدہ رابطہ کمیٹی کا اجلاس، مذمتی قراردادوں کی شدید مذمت

    کراچی : ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے الطاف حسین کی تقریر پر مختلف سیاسی رہنماؤں کے بیانات اور اسمبلیوں میں مذمتی قراردادوں کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے۔

    متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی پاکستان اورلندن کے ارکان کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں ملک کی موجودہ صورتحال کاتفصیلی جائزہ لیاگیا۔

    اجلاس میں قائد تحریک الطاف حسین کی حالیہ تقریرپر بعض سیاسی ومذہبی جماعتوں کی جانب سے بیانات اور اسمبلیوں میں مذمتی قراردادوں کی شدیدالفاظ میں مذمت کی گئی ۔

    اجلاس میں کہاگیا کہ ایک جانب غیرملکی قوتیں بالخصوص بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ صوبہ بلوچستان ، سندھ ،فاٹااورملک کے دیگر حصوں میں مداخلت کرکے انتشار پھیلارہی ہے اورامن وامان کی صورتحال خراب کرکے پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی سازش کررہی ہے۔ ْ

    دوسری جانب بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی بھی کی جارہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔اجلاس میں پاکستان کے استحکام ، دہشت گردی کے خاتمے اورآپریشن ضرب عضب کی کامیابی کیلئے دعاکی گئی۔

  • اراکین بلوچستان اسمبلی بلوچوں کے خون کا سودا نہ کریں، ندیم نصرت

    اراکین بلوچستان اسمبلی بلوچوں کے خون کا سودا نہ کریں، ندیم نصرت

    لندن : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت نے اپنے ایک بیان میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے خلاف بلوچستان اسمبلی کی قرارداد کی انتہائی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    ندیم نصرت نے کہاکہ اگر بلوچستان اسمبلی کے ارکان واقعتا سچا بلوچ خون رکھتے ہیں تو پہلے وہ اس سوال کا جواب دیں کہ بلوچستان اسمبلی کے ان نام نہاد بہادر ارکان اسمبلی نے بلوچستان کے ہزاروں شہید اورلاپتہ افراد کیلئے کب اور کتنی مذمتی قراردادیں پیش کی ہیں؟

    انہوں نے کہاکہ اگر بلوچستان اسمبلی کے یہ نام نہاد غیرت مند ارکان واقعی غیرت مند ہوتے تو بلوچستان میں بہائے جانے والے معصوم بلوچوں کے خون ناحق پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے نہیں رہتے اور سرکاری ایجنسیوں کے ترجمان بن کر قائد تحریک الطاف حسین کے خلاف بیان نہیں دیتے۔

    جنہوں نے ہمیشہ ملک کے مظلوم عوام کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے عوام کے حقوق کی حمایت کی اوران پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف ہمیشہ احتجاج کیا۔

    احتجاجی ریلیاں اور اجلاس کئے اور سینکڑوں بیانات بھی دیئے ہیں۔ندیم نصرت نے کہاکہ بلوچستان کے غریب بلوچوں کے خون کا سودا کرکے بلوچستان اسمبلی کے ارکان بننے والےالطاف حسین کے جرات مندانہ بیانات اور تقاریر پر انگلی اٹھانے کے بجائے بلوچستان کے عوام سے معافی مانگیں ۔

  • ایم کیوایم پر ملک دشمنی کا الزام مسترد کرتے ہیں، حیدرعباس رضوی

    ایم کیوایم پر ملک دشمنی کا الزام مسترد کرتے ہیں، حیدرعباس رضوی

    کراچی: متحدہ قومی مومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ ایم کیوایم پر ملک دشمنی کا الزام مسترد کرتے ہیں، راؤانوارکی پریس کانفرنس میں سوائےجھوٹ کےاورکچھ نہیں تھا۔

    متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما حیدرعباس رضوی کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج پھر ایم کیوایم پر ایک ایس پی لیول سے الزام لگایا گیا، راؤانوارکی پریس کانفرنس میں سوائےجھوٹ کےاورکچھ نہیں تھا، ماضی میں لگائے جانے والے الزامات پر مافی مانگی گئیں ہیں ۔

    انہوں نے کہا کہ ایک بارپھر 90 کی دہائی والی صورتحال نظرآرہی ہے، ماضی میں لگائےگئےالزامات دہرائےجارہےہیں، ایم کیوایم پر ماضی میں بھی الزامات لگتے رہے ہیں، کونسا ایسا الزام ہے جو ایم کیوایم پر نہیں لگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ جس شخص نے الزام لگایا اس کے کردارسے سب واقف ہیں،آج ہم پرملک دشمنی کا الزام عائد کیا گیا، حکیم سعید کیس میں ہمارے کئی کارکن ماورائے عدالت مارے گئے، راؤ انوار نوئے کی دہائی میں ایم کیوایم کے ہزاروں کارکنان کے ماروائے عدالت قتل کے ذمہ دار ہیں۔

    حیدرعباس رضوی نے کہا کہ این اے 246 کو پاکستان کاسب سے بڑا ضمنی انتخاب بناکر پیش کیاگیا،لیکن تیئس اپریل کو ضمنی انتخاب میں ایم کیوایم کو بھاری مینڈیٹ ملا اور کراچی کے شہریوں نے ایم کیوایم پر لگائے گئے الزامات کومسترد کردیا۔

    رابطہ کمیٹی کا میڈیا سے کہنا تھا کہ گزشتہ رات وزیراعلیٰ ہاؤس میں بھی ایک اہم ملاقات ہوئی،وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات میں زرداری صاحب بھی موجود تھے، وزیراعلیٰ ہاؤس ملاقات میں ایک اہم شخصیت بھی موجود تھی،میڈیا تیسری شخصیت کا پتا لگالیں،آج کی پریس کانفرنس سمجھ میں آجائیگی۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کی تیسری بڑی جماعت پر الزامات لگائے جا رہے ہیں،ہمارا اپوزیشن بنچوں پربیٹھنا کس کو برا لگ رہا ہے؟کس کی ایما پریہ جھوٹی پریس کانفرنس کی گئی؟پرانی کہانی اورپرانا کردار ہے،پولیس افسرکی پریس کانفرنس سیاسی ڈراما لگ رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ راؤ انوار کے مطابق جنید کو گزشتہ رات گرفتار کیا گیا جبکہ جنید کو 24 مارچ 2015 کو گرفتار کیا گیا،جنید کے اہلخانہ کی جانب سے  28 مارچ کو ہائیکورٹ میں پٹیشن داخل کی گئی تھی۔

    حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ کب تک سرکاری افسرایم کیوایم پرالزامات لگاتےرہیں گے؟ سارا معاملہ سیاسی ڈرامہ لگتا ہے، ہم ہرقسم کی قانونی چارہ جوئی کریں گے، کل بھی پاکستانی ہونےپرفخرتھااورآج بھی ہے۔

  • بابر چغتائی کی گرفتاری قابل مذمت ہے، رہا کیا جائے، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

    بابر چغتائی کی گرفتاری قابل مذمت ہے، رہا کیا جائے، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے رینجرز کی جانب سے ایسوسی ایشن آف بلڈراینڈڈیویلپرز( آباد ) کے سابق چیئرمین اورممتاز بزنس مین بابرچغتائی کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے اوراسے کھلی انتقامی کارروائی قراردیاہے۔

    اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ بابرچغتائی ایک بڑے بزنس مین اور بلڈر ہیں جنہوں نے” آباد“ کے چیئرمین کی حیثیت سے کراچی کی تعمیروترقی میں اہم کرداراداکیاہے لیکن انہیں محض اس بنیادپر گرفتار کیا گیاہے کہ انہوں نے ایم کیوایم کوچندہ کیوں دیا؟

    رابطہ کمیٹی نے سوال کیاکہ کیا کسی بھی بزنس مین کاکسی بھی سیاسی یا مذہبی جماعت یااس کے فلاحی ادارے کو چندہ دینا کوئی جرم ہے ؟

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کاکونسا ایساتاجر، صنعتکار یا بینکارہے کہ جوالیکشن یاجلسہ جلوس یاکسی ایونٹ کے موقع پرکسی سیاسی یا مذہبی جماعت کو چندہ نہ دیتا ہو؟

    اسی طرح اگرکسی بزنس مین نے ایم کیوایم یااس کے فلاحی ادارے کوچندہ دیاہوتوکیایہ ایساخلاف قانون عمل یاسنگین جرم ہے کہ اس کی پاداش میں اس بزنس مین کو گرفتار کرکے عادی مجرموں جیسا سلوک کیاجائے؟

    رابطہ کمیٹی نے بابرچغتائی کی گرفتاری کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل کرکے کراچی سے تعلق رکھنے والے تمام تاجروں،صنعتکاروں اوربزنس مینوں کویہ پیغام دیاگیاہے کہ وہ ایم کیوایم سے کسی بھی قسم کی ہمدردی یا تعلق نہ رکھیں اوراگروہ ایساکریں گے توان کواسی قسم کے سلوک کاسامنا کرنا پڑے گاجو سلوک بابرچغتائی کے ساتھ کیا گیاہے۔

    رابطہ کمیٹی نے صدرممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف،وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار اوروزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے سوال کیاکہ کراچی میں آپریشن دہشت گردی اورجرائم کے خاتمے کیلئے ہے یاشہر کی نمائندہ سیاسی جماعت ایم کیوایم کوکچلنے اور اس سے ہمدردی رکھنے والے شہریوں کے خلاف کیاجارہاہے خواہ وہ شہرکی تعمیروترقی میں حصہ لینے والے تاجر اور صنعتکارہی کیوں نہ ہوں ۔

    رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیاکہ بابرچغتائی کوفی الفوررہاکیاجائے اورایم کیوایم اوراسکے ہمدردوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کاسلسلہ بندکیاجائے۔

  • کنورنوید جمیل کی گاڑی پرحملہ سوچی سمجھی سازش ہے، رابطہ کمیٹی

    کنورنوید جمیل کی گاڑی پرحملہ سوچی سمجھی سازش ہے، رابطہ کمیٹی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے عائشہ منزل کے قریب جماعت اسلامی کے کارکنوں کی جانب سے ایم کیو ایم کے نامزد حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل کی گاڑی پر حملے اور ایم کیو یم کے کارکنان پر حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔

    اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ نامزد حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل کریم آباد دہلی اسکول کے قریب کارنر میٹنگ میں شرکت کیلئے جارہے تھے کے عائشہ منزل کے قریب جماعت اسلامی کی ریلی میں شریک شرپسند عناصر نے کنور نوید کی گاڑی پر حملہ کیا ۔

    شرپسندوں نے گاڑی کے شیشے توڑ دیئے گاڑی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی اور ایم کیو ایم کے ہمدردوں و کارکنان پر پتھراؤ شروع کردیااور اشتعال انگیز نعرے لگائے جس کی بناء پر ناخوشگوار واقعہ رونماء ہوا ۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت این اے 246کے ضمنی انتخاب کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد جناب الطاف حسین کے ہدایت کے مطابق ایم کیو ایم ضمنی انتخاب کے سلسلے میں تمام سیاسی سرگرمیاں قطعی طورپر امن انداز میں جاری رکھے ہوئے ہے ۔

    رابطہ کمیٹی نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے کارکنان کو پابند کریں کہ وہ کسی دوسری سیاسی جماعت اور اس کے رہنماؤں کے خلاف اشتعال انگیز نعرے بازے سے گریز کریں ۔

    نامزد حق پرست امیدوار برائے این اے 246 کنور نوید جمیل اور رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیو ایم اپنی جانب سے کے جماعت اسلامی اور تمام جماعتوں کو مکمل تعاون کی پیش کش کررہی ہے آئے اس شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اپنا کردار اداکریںاور اپنے اپنے کارکنان کو پابند کریں کہ وہ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیز کاروائی سے گریز کریں۔

    رابطہ کمیٹی نے جماعت اسلامی ، کے رہنماؤں سے اپیل کی کہ ضمنی انتخاب کے حلقہ این اے 246میں الیکشن پرامن طریقے ہونے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔

    رابطہ کمیٹی نے عوام اور کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ صبرتحمل سے کام لیں اور ہر قیمت پر امن رہیں اگر کسی بھی جماعت کے کارکنوں کی جانب سے اشتعال انگیز نعرے بازی بھی کی جائے تو آپ ہرگز مشتعل نہ ہوں اپنے جذبات کو قابو میں رکھیں ۔

    رابطہ کمیٹی نے حکومت اورپولیس وانتظامیہ سے بھی مطالبہ کیاکہ وہ انتخابی مہم کے دوران امن وامان برقرار رکھنے اورصورتحال کوقابومیں رکھنے کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلائیںاور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔