Tag: MQM rabta committe

  • کراچی ، معمولات زندگی بحال ہونے لگے

    کراچی ، معمولات زندگی بحال ہونے لگے

    کراچی : شہر قائد میں ایک روز تعطل کے بعد معمولات زندگی بحال ہونے لگے ہیں، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ آج کاروبار اور گاڑیاں بند رکھنے کی اپیل نہیں کی جبکہ پرائیویٹ اسکولز منیجمنٹ نے تمام نجی اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

    کراچی کے کشیدہ حالات کے باعث پرائیویٹ اسکول مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے صدر شرف الزماں نے آج شہر کے تمام نجی اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے، اس کے علاوہ نجی اسکولوں میں آج ہونے والے پرچے بھی ملتوی کردیئے گئے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ملتوی پرچے ہفتے اور اتوار کو لئے جائیں گے۔

    اس سے قبل ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپے کے بعد ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کراچی اور لندن کے طویل مشترکہ اجلاس میں رینجرز کے چھاپے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر رینجرز کے چھاپہ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کراچی اور لندن کےطویل مشترکہ اجلاس میں اہم فیصلے کرلیے گئے، اجلاس میں گرفتار ہونے والے کارکنان اور نقصانات کے حوالے سے لسٹ بھی مرتب کرلی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان آج وقاص کی تدفین کے بعد کرے گی، ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے آج کسی قسم کے یوم سوگ ، احتجاج یا عوام سے کاروبار ٹرانسپورٹ بند رکھنے کی اپیل نہیں کی ہے۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایم کیو ایم پُرامن احتجاج کرتے ہوئے بازوؤں پر سیاہ پٹی باندھے گی اور یونٹ اور سیکٹر آفسر پر سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے۔ رینجرز فائرنگ سے ہلاک والے کارکن وقاص کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر لال قلعہ گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی اور تدفین شہداء قبرستان یاسین آباد میں ہوگی۔

  • اسٹبلشمنٹ 40سال سے ایم کیوایم سے ناراض ہے، الطاف حسین

    اسٹبلشمنٹ 40سال سے ایم کیوایم سے ناراض ہے، الطاف حسین

    کراچی: ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ تمام سیاسی قیادت اپنے حقوق کی بات کرتی ہے لیکن مہاجروں پر اعتراض ہوتا ہے، اسٹیبلشمنٹ چالیس سال سے ایم کیو ایم سے ناراض ہے۔

    سینیٹ الیکشن میں ایم کیو ایم کے امیدواروں کی کامیابی کی خوشی میں نائن زیرو اکٹھے ہونے والے کارکنوں سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا نواز شریف نے جاگ پنجابی جاگ کا نعرہ لگایا تھا، محمود اچکزئی بلوچستان کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کی بات کر رہے ہیں، آصف زرداری اور بے نظیر خود کو سندھی کہنے میں فخر محسوس کرتے ہیں، کیا عمران خان اپنے آپ کو پٹھان نہیں بولتے۔

    الطاف حسین کا کہنا تھا اپنے حقوق کی بات کریں تو غدار کہا جاتا ہے کارکنوں کو بلاجواز گرفتار کیا جا رہا ہے، عدالتوں میں جاتے ہیں لیکن انصاف نہیں ملتا ۔

    الطاف حسین نے کہا اسٹیبلشمنٹ چالیس سال سے ایم کیو ایم سے ناراض ہے، سپریم کورٹ نے کہا تمام جماعتوں کے عسکری گروپس ہیں۔

    الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کی لاشیں سڑکوں پر پھینکی جاتی ہیں،ایم کیو ایم کے کارکنوں کو بلاجواز گرفتار کیا جارہا ہے، آخر متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنوں کا قصور کیا ہے، غلطی ہوجائےتوکہاجاتاہےماروورنہ یہ دہشتگردبنیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ٹی وی پر حملہ کرنے والے خود کو بہادر کہتے ہیں جب حملہ کیا گیا تو کہا گیا کہ بچے ہیں انہیں مت مارو،  جبکہ ہمارے کارکن اور بچے گرفتار اور لاپتا ہیں۔

  • سید علی حسنین بخاری کے قاتل گرفتار کئے جائیں، متحدہ رابطہ کمیٹی

    سید علی حسنین بخاری کے قاتل گرفتار کئے جائیں، متحدہ رابطہ کمیٹی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کورنگی نمبر ڈیڑھ میں مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم لیگل ایڈ کمیٹی اور متحدہ لائرز فورم کے سینئر رکن سید علی حسنین بخاری ایڈووکیٹ ولد سید ستار شاہ بخاری کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ شہر میں ایم کیوایم کے عہدیداران ، کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے سفاکانہ قتل کی وارداتیں معمول کا حصہ بن چکی ہیں۔

    ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ سید علی حسنین بخاری ایڈووکیٹ آج اپنی رہائشگاہ سے دفتر جانے کیلئے جیسے ہی گاڑی میں سوار ہوئے مسلح دہشت گردوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی شہید ہوگئے ۔

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ سید علی حسنین بخاری ایڈووکیٹ کے دن دیہاڑے سفاکانہ قتل سے وکلاء برادری سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد میں گہری تشویش پائی جارہی ہے اور وہ بھی اپنی جان و مال کے عدم تحفظ کے احساس میں مبتلا ہوگئے ہیں ۔

    رابطہ کمیٹی نے مزید کہاکہ یہ امر بھی باعث تشویش ہے کہ سید علی حسنین بخاری ایڈووکیٹ شہید ایم کیوایم کے لاپتہ کارکنان کے کیسوں کی پیروی کررہے تھے اور ان کا بہیمانہ قتل گہری سازش ہے ۔

    رابطہ کمیٹی نے سید علی حسنین بخاری ایڈووکیٹ شہید کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے۔

    رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف ، وفاقی وزیرد اخلہ چوہدری نثار علی خان ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم لیگل ایڈ کمیٹی اور متحدہ لائرز فورم کے سینئر کے رکن سید علی حسنین بخاری ایڈووکیٹ کے بہیمانہ قتل میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتارکیاجائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے ۔

  • وزیراعظم کراچی آئے لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی، حیدرعباس رضوی

    وزیراعظم کراچی آئے لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی، حیدرعباس رضوی

    کراچی: متحدہ قومی مومنٹ کے رہنماحیدر عباس رضوی کاکہنا ہے کہ وزیراعظم کراچی آئے لیکن کالعدم تنظیموں کے خلاف کوئی کارروائی نہ ہوئی،انہوں نے آرمی چیف،وفاق اور وزیراعلی سندھ سے سنگین حالات کی جانب توجہ دینے کی اپیل کی ہے ۔

    ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن حیدر عباس رضوی کا کہنا ہے کہ کالعدم مذہبی جماعتوں کے دہشت گرد کراچی میں دندناتے پھر رہے ہیں، لیکن حکمرانوں کی آنکھیں بند ہیں، ایم کیو ایم کے بے گناہ کارکنان کے گھروں پر روزانہ کی بنیادوں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    حیدر عباس رضوی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکنان اور مسلک کی بنیاد پر شہریوں کو قتل کیا جارہا ہے، لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رٹ کو چیلج کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کو قتل کا لائسنس دے دیا گیا ہے۔

  • ملک میں حقیقی تبدیلی صرف ایم کیوایم ہی لائے گی ، الطاف حسین

    ملک میں حقیقی تبدیلی صرف ایم کیوایم ہی لائے گی ، الطاف حسین

    کراچی: ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ بیرسٹر سیف کا سینیٹر بننا ثابت کرتا ہے کہ ایم کیوایم کسی تعصب پر یقین نہیں رکھتی ، ملک میں حقیقی تبدیلی صرف ایم کیوایم ہی کے ذریعے آئے گی۔

    نائن زیرو پر کارکنان سے خطاب میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے  کہا کہ ہم پر جھوٹے الزامات لگائے گئے،ہمیں پٹھانوں سندھیوں بلوچوں کا دشمن کہا گیا،جھوٹے الزامات لگا کر جیلوں میں بند کیا گیا،ہمارےخلاف جھوٹی کہانیاں بنائی گئیں اورسازشیں کی گئیں،لیکن ہم کسی بھی حال میں مایوس نہیں ہوئے،حق پرستی کا پیغام ملک کے کونے کونے میں پہنچائیں گے۔

    الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم ہی وہ جماعت ہے جو اسٹیٹس کو کی مخالف ہے،گھریلو خاتون کا سینیٹر بننا ہماری فراخ دلی ہے،ایم یو ایم ملک میں انقلابی تبدیلی لائے گی، نگہت مرزا نے کہا کہ ہم کوئی ایسا کام نہیں کرنا چاہتے جس سے الطاف حسین کو ٹھیس پہنچے، کسی بھی مشکل سے منہ نہیں موڑیں گے۔

    بیریسٹر سیف نے کہا کہ ایم کیو ایم کے خلاف پھیلائے گئے پروپیگنڈے ختم ہو جائیں گے،الطاف حسین کے اعتماد پر پورا اتروں گا۔

    متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہونے پر نگہت مرزا اور بیرسٹر سیف اور کارکنان کو مبارکباد دی ہے، الطاف حسین کہتے ہیں ایم کیو ایم ہی وہ جماعت ہے جو اسٹیٹس کو کی مخالف ہے،ایم کیو ایم ہی ملک میں انقلابی تبدیلی لائے گی۔

  • کراچی میں ٹارگٹ کلنگ گھنائونی سازش کا حصہ ہیں، رابطہ کمیٹی

    کراچی میں ٹارگٹ کلنگ گھنائونی سازش کا حصہ ہیں، رابطہ کمیٹی

    کراچی: ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ ورنگی ٹاؤن میں فائرنگ سے شہید ہونے والے محمدسلیم ایم کیوایم کاکارکن اورعلی رضا زیدی ہمدرد تھا۔

     ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ کراچی میں تسلسل کے ساتھ ہونے والے فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات ایک گھناوٴنی سازش کاحصہ ہیں ، اور عوام یہ سوچنے پر مجبورہیں کہ کراچی کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت غیرمستحکم کیا جارہا ہے۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ کراچی میں فرقہ وارانہ کالعدم تنظیموں کی سرگرمیاں کراچی میں ماضی کے مقابلے میں بہت بڑھ گئی ہیں،کیا فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کرنے والے یہ عناصر ریاست سے زیادہ طاقتورہیں کہ وہ اس طرح کھل کر کارروائیاں کررہے ہیں۔آخران کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹاکیوں نہیں جارہاہے۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ گھناوٴنی سازش کامقصد کراچی میں فرقہ وارانہ فساد کی آگ بھڑکانا اورکراچی کے عوام کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرکے ان کے اتحادکوکمزورکرناہےکراچی کے عوام اس سازش کوسمجھیں ، اوراپنے اتحادسے اس گھناوٴنی سازش کوناکام بنادیں

    دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے اورنگی ٹاوٴن میں مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم کے ہمدرد د علی حیدرزیدی ولد مسکین کی شہادت اور اورنگی ٹاوٴن یونٹ 131 کے کارکن محمد سلیم اصغرولد محمد علی کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے۔

  • ایم کیوا یم کا اے آروائی نیوز کا بائیکاٹ ختم کرنے اعلان

    ایم کیوا یم کا اے آروائی نیوز کا بائیکاٹ ختم کرنے اعلان

    کراچی: ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے اے آر وائی کا بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے آج ہونے والے تمام مظاہرے منسوخ کردیئے ہیں۔

    ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی اینکر پرسن یا ٹی وی چینل سے ذاتی اختلاف نہیں رکھتے ، اینکر پرسنز آداب صحافت کا خیال رکھتے ہوئے شائستہ الفاظ کا استعمال کریں، الطاف حسین کی ہدایت پر رات دیر گئے تک ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کا مشترکہ اجلاس جاری رہا۔

    جس کے بعد رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت نے رابطہ کمیٹی کے متفقہ فیصلے کے مطابق اے آر وائی کے بائیکاٹ کا فیصلہ واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔

    الطاف حسین کی توثیق کے بعد رابطہ کمیٹی نے پاکستان بھر کے پریس کلبوں کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہروں کی منسوخی کا بھی اعلان کیا ہے ۔

    الطاف حسین نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی اینکر پرسن یاٹی وی چینل سے ذاتی اختلاف نہیں رکھتے اورساتھ ساتھ اینکر پرسنز سے بھی دردمندانہ درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنے پروگراموں میں آداب صحافت کا خیال رکھتے ہوئے شائستہ الفاظ کا استعمال کریں، کسی بھی جماعت یا رہنماء کی کردار کشی نہ کریں، غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کریں اور غیر جانبدارنہ حمایت یا تنقید کا عمل صحافتی اصولوں کے مطابق کریں۔

  • ندیم نصرت ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر مقرر

    ندیم نصرت ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر مقرر

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی اور ایم کیوایم کے سینئر رکن ندیم نصرت کو متفقہ طور پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کا سینئر ڈپٹی کنوینر مقررکردیا ہے، ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے اس فیصلے کی توثیق کردی ہے۔

    یہ فیصلہ تنظیم نو کے سلسلے میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے اراکین کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا ، ندیم نصرت گزشتہ ستمبر تک ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر کے عہدے پر فائز تھے تاہم بے پناہ تنظیمی مصروفیات کے باعث وہ شدید علیل ہوگئے تھے اور علاج کے لیے امریکہ چلے گئے تھے ۔

    امریکہ میں کئی مہینے علاج کے بعد ان کی صحت میں قدرے بہتری آگئی ہے اور ڈاکٹروں نے انہیں دوبارہ کام کرنے کی اجازت دیدی ہے، جس کے بعد وہ امریکہ سے لندن پہنچ گئے ہیں اور انہوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں ۔

    ڈاکٹر نصرت شوکت اور کیف الوریٰ رابطہ کمیٹی کے جوائنٹ انچارجز کی حیثیت سے حسب معمول کام کرتے رہیں گے۔

  • ایم کیو ایم کا آج الطاف حسین سے اظہار یکجہتی ریلی نکالنے کا اعلان

    ایم کیو ایم کا آج الطاف حسین سے اظہار یکجہتی ریلی نکالنے کا اعلان

    کراچی: خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایم کیوایم نے الطاف حسین سے یوم اظہار یکجہتی منانے کا اعلان کیا ہے۔

    ایم کیوایم اور تحریک انصاف کے رہنماوں کی بیان بازی مختلف شہروں میں کشیدگی بن کر پھیل گئی، عمران خان کے بیان کے بعد ایم کیوایم کےمرکزنائن زیروپرکارکنان کی بڑی تعدادجمع ہوگئی۔

    متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کی آواز کوئی دبا نہیں سکتا،انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کل الطاف حسین سے یوم اظہار یکجہتی منائے گی۔

    ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ شہر قائد آج ثابت کردیگا کہ وہ ایم کیو ایم کے قائد کو کتنا چاہتے ہیں، الطاف حسین محروموں اور مظلوموں کی آواز ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کےلئے آج عائشہ منزل سے مزار قائد تک ریلی نکالی جائیگی۔

    دوسری جانب مختلف شہروں میں ایم کیو ایم کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے اورتحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف شدید احتجاج کیا ۔

  • تحریک انصاف طالبان کی سیاسی ونگ ہے، حیدرعباس رضوی

    تحریک انصاف طالبان کی سیاسی ونگ ہے، حیدرعباس رضوی

    کراچی: حیدرعباس رضوی نے کہا ہے کہ عمران خان کی اشتعیال انگیز پریس کانفرنس قابل مزمت ہے ۔

    متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما حیدر عباس رضوی کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کا ایک ایک کارکن غمگین اور آفسردہ ہے، عمران خان کی تقریر دھرنوں کی طرح پہلے سے طے شدہ ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ جب بلدیہ فیکٹری میں آگ لگی تو پی ٹی آئی اور عمران خان کہاں تھے؟ دنیا جانتی ہے الطاف حسین کے خلاف بازاری زبان استعمال کرنے والے کا کردار کیا ہے، کھلے عام منشیات اور نشہ آور ادویات کون استعمال کرتا رہا؟اسلام آباد دھرنے میں کیا کیا ہوتا رہا ہے دنیا جانتی ہے، پورا پاکستان جانتا ہے کہ سازش کیا ہے، کہیں ایم کیو ایم کو مائنس ون فارمولے کی جانب لے جانے کی کوشش تو نہیں کی جا رہی ۔

    حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ عمران خان لندن جاکر شوق پورا کرلیں، ہم اور عوام موجودہ صورتحال کو سمجھ سکے ہیں، تحریک انصاف طالبان کا سیاسی ونگ ہے، اس صورتحال کو دیکھ کر لگتا ہے ایم کیو ایم کو کچلا جارہا ہے، نفرت کا جواب نفرت سے نہیں بلکہ قائد سے محبت کا اظہار ہے۔

    ان کاکہنا تھا عمران خان کے دھرنوں میں صحافیوں پر تشدد اور خواتین صحافیوں کے ساتھ برا سلوک کیا گیا ، ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کا مقدمہ الطاف حسین سمیت ایم کیو ایم کےکسی رہنما پر نہیں،الطاف حیسن کو بزدلی کاطعنہ دینے والے طالبان کی گود میں بیٹھ کر سیاست کرتے ہیں۔

    متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ملک بھر میں الطاف حسین کے چاہنے والے عوام اور ایم کیو ایم کے کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی اشتعال انگیز تقریر کے جواب میں اپنے قائد الطاف حسین کی تعلیمات کے مطابق صبر و برداشت کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی افوا ہ پر کان نہ دھریں اپنے معمولات زندگی و کاروبار معمول کے مطابق جاری رکھیں۔