Tag: MQM Target Killers

  • کراچی میں‌ پولیس کا ایکشن، ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ’چڈا، ببلو اور پیرجی‘ گرفتار

    کراچی میں‌ پولیس کا ایکشن، ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ’چڈا، ببلو اور پیرجی‘ گرفتار

    کراچی: سندھ پولیس نے مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود سے قتل کی متعدد وارداتوں میں ملوث متحدہ لندن کے دو ٹارگٹ کلرز سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا جن کی شناخت عباس عرف چڈا، مسعود عرف ببلو اور شہادت عرف پیرجی کے ناموں سے ہوئی۔

    ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر کراچی کے علاقے مبینہ ٹاؤن سےمتحدہ لندن کے ٹارگٹ کلر کو ساتھی  سمیت گرفتار کرلیا جن کی شناخت عباس عرف چڈا اور مسعود عرف ببلو کے ناموں سے ہوئی۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش ٹارگٹ کلنگ کی متعددوارداتوں کااعتراف کیا، عباس یونٹ 99 کا ٹارگٹ کلر تھا جس کی شاندہی پر اُس کے ساتھی مسعود ببلو کو حراست میں لیا گیا۔

    مزید پڑھیں: پی ایس پی رہنما کے قتل کا معمہ حل، سوتیلی ماں ملوث نکلی، آڈیو میسج کی مدد سے ملزمہ گرفتار

    اُن کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے کلاشنکوف کی درجنوں گولیاں، ایک دستی بم، غیرقانونی اسلحہ، پرس اور موبائل فون برآمد ہوا جسے فرانزک ٹیسٹ کے لیے بھیجا جائے گا۔

    دوسری جانب سی آئی اے پولیس نے شاہراہ فیصل پر فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے مولانا امجد دین پوری کے قتل میں ملوث شہادت عرف پیرجی کو گرفتار کرلیا۔

    ایس پی فدا حسین کا کہنا تھا کہ ملزم نے شاہراہ فیصل پر مولانا امجد دین پوری ، سولجر بازار میں 2 پولیس اہلکاروں کو قتل کیا علاوہ ازیں شہادت عرف پیر جی نے سنی تحریک کے 2 کارکنان کو بھی ساتھیوں کے ساتھ مل کر قتل کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی: ٹارگٹ کلنگ اور 170 سے زائد ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث گینگ وار کا کارندہ وقاص منجن گرفتار

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزم نےساتھیوں کے کے ساتھ مل کر مختلف علاقوں میں ڈکیتیوں کی متعدد وارداتیں کیں جبکہ سی آئی اے نے بینک ڈکیتی میں ملوث ملزم آصف کو بھی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کرلیا۔

  • کراچی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ایم کیو ایم لندن کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا، 8 ملزمان گرفتار

    کراچی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ایم کیو ایم لندن کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا، 8 ملزمان گرفتار

    کراچی: سندھ رینجرز نے ٹارگٹ کلنگ کی حالیہ وارداتوں میں ملوث ایم کیو ایم لندن کے 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا جو واٹس ایپ کے ذریعے بیرون ملک مقیم سلیم بلیجیئم کے احکامات پر کارروائیاں کرتے تھے۔

    کراچی رینجرز ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کرنل فیصل کا کہنا تھا کہ حالیہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ایم کیوایم لندن کے 8ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ ابھی 7 مفرور ہیں جن کو جلد قانون کی گرفت میں‌ لایا جائے گا، حراست میں لیے گئے تمام ملزمان لندن میں مقیم رہنما سلیم بیلجیئم کی ٹارگٹ کلنگ کا حصہ تھے۔

    کرنل فیصل کا کہنا تھا کہ بانی ایم کیوایم کی ہدایت پر سلیم ٹارگٹ کلنگ ٹیم کو کنٹرول کرتا تھا اور انہیں ایم کیو ایم لندن کے حکم پر اسلحہ و مالی امداد فراہم کرتا تھا، ملزمان گرفتاری کے خوف سے موبائل نمبر سے نہیں بلکہ واٹس ایپ استعمال کر کے ایک دوسرے سے رابطے میں رہتے تھے جس کے دوران وہ مختلف چیزوں کے لیے خفیہ الفاظ استعمال کرتے تھے۔

    رینجرز حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان آئی ای ڈی کے لیے ڈبہ،دستی بم کیلئے آلو کوڈ ورڈ استعمال کرتے تھے،ٹارگٹ کلنگ کی ٹیم آصف پاشا نامی ملزم چلا رہا تھا جنہوں نے حالیہ وارداتوں کا اعتراف کیا اور پی ایس پی کے دفتر پر حملے کو بھی قبولا، حالیہ ٹارگٹ کلنگ کامقصدکراچی کے امن کو خراب کرنا تھا۔

    مزید پڑھیں: ایم کیوا یم اور پی ایس پی دفتر پر فائرنگ میں ایک ہی گروہ ملوث نکلا

    اُن کا کہنا تھا کہ سلیم بیلجیئم عرف جنرل نے ملزمان کو موبائل فون استعمال نہ کرنے اور انڈر گراؤنڈ رہنے کی ہدایت کی، مالی معاونت اور رقم کی فراہمی کے لیے خواتین کو بھی استعمال کیا گیا جس کا اعتراف تفتیش کے دوران ملزمان نے خود کیا۔

    کرنل فیصل کا کہنا تھا کہ ملزمان نےگزشتہ چندماہ کےواقعات میں ملوث ہونےکا اعتراف کیا، سلیم بیلجیئم نارتھ کراچی کارہائشی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا ہے، اُسے 2011میں رینجرز نےگرفتار کرکے پولیس کو حوالے کیا تھا جس کے بعد ملزم مقدمات کا سامنا کرکے بیرون ملک فرار ہوگیا تھا۔

    رینجرز حکام کا کہنا تھا کہ ملزم سلیم جنوبی افریقا سمیت دیگر ممالک میں فرار ملزمان کو جمع کرتا ہے اور اُس نے کراچی میں آصف پاشا عرف میجر کو بانی ایم کیو ایم کی ہدایت پر ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا سربراہ بنایا، الطاف حسین نے اپنی حالیہ تقاریر میں علیحدگی اختیار کرنے والے ارکان کو نشانہ بنانے کا ذکر بھی کیا۔

    کرنل فیصل کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم لندن ارکان کو واضح کرتا ہوں کہ اب کراچی میں کوئی نوگوایریا نہیں ہے، متحدہ لندن کے بقیہ رہ جانے والے اراکین بھی قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے،  پاکستان رینجرز سندھ کراچی کا امن برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرےگی۔

    یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم کے دفتر پر فائرنگ، کارکن جاں بحق، پارٹی کا حکومت کو48گھنٹے کا الٹی میٹم

    اُن کا کہنا تھا کہ بانی ایم کیوایم اپنی تقاریر میں فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کررہےہیں، ایم کیوایم پاکستان اور پی ایس پی کے دفاتر پر ہونے والے حملوں میں زیر استعمال اسلحہ ملزم رضا علی کے گھر سے برآمد ہوا جبکہ آصف پاشا کے گھر سے بھی نائن ایم ایم پستول برآمد کیا گیا۔

    رینجرز کے کرنل کا کہنا تھا کہ ملزمان ایم کیو ایم پاکستان کے ممبر شکیل انصاری کے قتل میں بھی ملوث ہیں، اُن کے قتل کے خلاف ایم کیو ایم نے 14 فروری کو احتجاج کا اعلان کیا جس میں بم دھماکا کرنے کی منصوبہ بندی بھی سلیم اور اُس کے ساتھیوں نے کی تاہم وہ سخت سیکیورٹی کی وجہ سے ناکام رہے جبکہ  ملزمان نےفاروق ستار پر حملےکے لیے بھی آئی ای ڈی بنائی لی تھی جسے کارروائی کے دوران برآمد کرلیا گیا۔

    ملزمان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے 23 دسمبر کو پی ایس پی کے دفتر پر حملہ، ایم کیو ایم کے محفل میلاد پر بم دھماکے کا منصوبہ بھی آصف پاشا اور رحمان عرف شارق نامی ملزم نے بنایا۔

    کرنل فیصل کا کہنا تھاکہ ’ آپریشن کےذریعےکراچی میں امن قائم ہوا مگر ملک دشمن عناصر کو شہر کا امن قبول نہیں، ہم شہریوں اور شہر کے حق میں ہر قسم کے اقدامات کریں گے‘۔

    اس موقع پر رینجرز حکام نے ملزمان اور سلیم بیلجیئم کے درمیان ہونے والی واٹس ایپ گفتگو بھی سنائی جس میں واضح طور پر احکامات دیے گئے ہیں۔