کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ اگر عوامی مسائل حل نہ ہوئے، تو لاقانونیت، جرائم پھر سے سراٹھا سکتے.
ان خیالات کا اظہار انھوں نے خصوصی پریس کانفرنس میں کیا. فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی کے بنیادی مسائل حل نہیں ہو رہے.
انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے وفاق اور صوبائی حکومت عوامی مسائل سے لاتعلق ہیں، عوام کے ساتھ سندھ حکومت کی بے حسی، ناانصافی کا سلسلہ جاری ہے، پانی کےنئےمنصوبےتو دور، پرانےمنصوبے بھی تاخیرکا شکار ہیں.
انھوں نے کہا کہ پہلے بھی شہری علاقوں کو نظراندازکیا جاتا رہا ہے، لاڑکانہ میں کم از کم فائلوں میں 90 ارب خرچ ہورہے ہیں، کراچی میں توفائلوں میں بھی فنڈزخرچ نہیں کیے جا رہے، سندھ کی حکومت اوروزیراعلیٰ اس معاملے کا نوٹس لیں.
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ شہری، دیہی سندھ کے درمیان خلیج میں اضافہ ہورہا ہے، جن افسران کا تقرر ہو رہا ہے، ان میں تعصب اور لسانیت واضح ہے، البتہ سندھی بھائیوں کے خلاف نفرت کا کبھی پرچارنہیں کروں گا.
فاروق ستار نے مزید کہا کہ وڈیروں، جاگیرداروں کی بنائی گئی پالیسیوں میں تعصب واضح ہے.
پی ایس ایس 4 سے متعلق انھوں نے کہا کہ کراچی میں میگا ایونٹ کے میچزہوناخوش آئند ہے، ثابت ہوگیا کہ کراچی پُرامن لوگوں کا شہر ہے، فخرہے کہ ہمیں میزبانی کاموقع ملا.
کراچی: سندھ پولیس نے مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود سے قتل کی متعدد وارداتوں میں ملوث متحدہ لندن کے دو ٹارگٹ کلرز سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا جن کی شناخت عباس عرف چڈا، مسعود عرف ببلو اور شہادت عرف پیرجی کے ناموں سے ہوئی۔
ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر کراچی کے علاقے مبینہ ٹاؤن سےمتحدہ لندن کے ٹارگٹ کلر کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا جن کی شناخت عباس عرف چڈا اور مسعود عرف ببلو کے ناموں سے ہوئی۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش ٹارگٹ کلنگ کی متعددوارداتوں کااعتراف کیا، عباس یونٹ 99 کا ٹارگٹ کلر تھا جس کی شاندہی پر اُس کے ساتھی مسعود ببلو کو حراست میں لیا گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے کلاشنکوف کی درجنوں گولیاں، ایک دستی بم، غیرقانونی اسلحہ، پرس اور موبائل فون برآمد ہوا جسے فرانزک ٹیسٹ کے لیے بھیجا جائے گا۔
دوسری جانب سی آئی اے پولیس نے شاہراہ فیصل پر فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے مولانا امجد دین پوری کے قتل میں ملوث شہادت عرف پیرجی کو گرفتار کرلیا۔
ایس پی فدا حسین کا کہنا تھا کہ ملزم نے شاہراہ فیصل پر مولانا امجد دین پوری ، سولجر بازار میں 2 پولیس اہلکاروں کو قتل کیا علاوہ ازیں شہادت عرف پیر جی نے سنی تحریک کے 2 کارکنان کو بھی ساتھیوں کے ساتھ مل کر قتل کیا۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزم نےساتھیوں کے کے ساتھ مل کر مختلف علاقوں میں ڈکیتیوں کی متعدد وارداتیں کیں جبکہ سی آئی اے نے بینک ڈکیتی میں ملوث ملزم آصف کو بھی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کرلیا۔
دوسری جانب کراچی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے پانچ ملزمان کوگرفتارکرلیا جبکہ ایک شخص فائرنگ سے زخمی بھی ہوا۔
پاپوش نگر پولیس نے کارروائی کرکے شہری سے ڈکیتی کی واردات ناکام بنا دی، دو ڈکیت رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیئے جبکہ ساتھی فرار ہوگیا، گرفتارڈکیت سے دوپستول، دو موبائل فونز، شناختی کارڈز، کیش اور دیگر سامان برآمد کیا۔
چاکیواڑہ پولیس نے گودام میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد گینگ وار سے تعلق رکھنے والا ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ دستی بم برآمد ہوا۔
منگھوپیر کے علاقے کنواری کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ الیکشن میں شکست کی وجہ سے تجربہ حاصل ہوا، کچھ لوگ ہمارا ساتھ چھوڑ گئے۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہر لمحہ پرجوش کے کٹہرے میں میزبان وسیم بادامی نے مصطفیٰ کمال سے سوالات کیے۔
ایک سوال کے جواب میں پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ کچھ معاملات ایسے ہوتے ہیں جن کی وجہ سے مقتدر حلقوں سے بات کرنی پڑتی ہے، الیکشن میں شکست کے حوالے سے انیس ایڈوکیٹ نے جو بیان دیا وہ اُن کی ذاتی رائے تھی، میں لاتعلقی کا اعلان کرتا ہوں۔
پی ایس پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ انیس ایڈوکیٹ سے کئی ماہ سے ملاقات نہیں ہورہی، ڈاکٹر صغیر بھی پارٹی اجلاسوں میں شرکت نہیں کررہے جس کی وجہ میرے علم میں نہیں ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ الیکشن ہارنے کے بعد جو تجربہ ہوا شائد وہ پہلے نہ ہوتا، لوگوں نے ہمیں ووٹ دیے اور ہم فتح حاصل نہ کرسکے یہ ایک طویل بحث ہے جسے پیچھے چھوڑ کر اب آگے بڑھنا ہے ساتھ ہی مصطفیٰ کمال نے انکشاف کیا کہ الیکشن میں شکست کے بعد کچھ لوگ ہمیں چھوڑ گئے ،مصطفیٰ کمال
ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ 30 ہزار لوگ مروانے والے کہتے ہیں کہ ہمارے پاس گٹر لائنوں کا اختیار نہیں، ان لوگوں نے 11 الیکشن مہاجر سیاست کے نام پر جیتے مگر آج بے اختیار بن کر گھومتے ہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ حماد صدیقی میری نظر میں دہشت گرد نہیں بلکہ اصل مجرم بانی ایم کیو ایم ہیں، بلدیہ فیکٹری میں ہونے والی آتشزدگی کی رپورٹس میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ آگ حادثے کی صورت میں لگی۔
کراچی: سندھ اسمبلی نے پولیس مقابلے کی زد میں آکر جاں بحق ہونے والی نوجوان طالبہ نمرہ بیگ کو ڈاکٹر کی اعزازی ڈگری دینے کی قرارداد منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رکن اسمبلی وسیم قریشی اور پی پی کی رکن ہیرسوہو نے ایوان میں ایک جیسی قرارداد پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ نمرہ کو طب کی اعزازی ڈگری دی جائے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا تھا کہ نمرہ ڈاکٹر بن کر اپنے گھر والوں کا مستقبل بننا اور انسانیت کی خدمت کرنا چاہتی تھی لہذا اب اُس کی والدہ کو تقریب منعقد کر کے مقتولہ کے نام کی ڈاکٹر کی اعزازی ڈگری دی جائے۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس میں نارتھ کراچی کے علاقے انڈا موڑ پر پولیس اور ملزمان کے مقابلے کے دوران اندھی گولی کا نشانہ بن کر جان کی بازی ہانے والی میڈیکل طالبہ کو ڈاکٹر کی ڈگری دینے کی قرار داد منظور کی۔
سندھ اسمبلی میں جمع ہونے والی قرارداد
ایم کیو ایم کے رکن اور رہنما خواجہ اظہار کا اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایک برس قبل امریکا کے علاقے ٹیکساس میں زیر تعلیم کراچی کی ایک بچی سبیکا شیخ کو دہشت گردوں نے قتل کیا تھا جس پر ہم سب نے اُن کے گھر جاکر تعزیت کی تھی، اسی طرح کا واقعہ نمرہ کے ساتھ بھی پیش آیا۔
خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ نمرہ کے اہل خانہ اور عینی شاہدین نے بتایا کہ نمرہ رکشے میں سوار تھی اور اُس کے پیچھے ڈاکو جبکہ اُن کے پیچھے پولیس تھی۔ ایم کیو ایم رہنما نے پولیس اہلکاروں کی ناتجربے کاری پر بھی سخت سوالات اٹھائے۔
ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کو موٹرسائیکلیں اور بڑے ہتھیار دے دیے گئے، وہ عام شہریوں کو روک کر خوف و ہراس پھیلاتے ہیں، ایسی کیا جنونیت ہے کہ وہی اہلکار اپنی تربیت مکمل کرنے کے بعد امن و امان قائم کرنے کے بجائے شہر میں خوف و ہراس پھیلا رہے ہیں۔
خواجہ اظہار نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے وہاں سے کسی چور کو گرفتار نہیں کیا اور نہ ہی اُن کی موٹر سائیکل قبضے میں لی گئی مگر غیر تربیت یافتہ اہلکاروں کی فائرنگ سے 23 سالہ نوجوان طالبہ شہید ہوگئی۔ ایم کیو ایم رہنما نے نمرہ کے اہل خانہ سے تعزیت کرنے والے اراکین اور وزرا کا شکریہ ادا کیا جبکہ بقیہ لوگوں سے استدعا کی کہ وہ مقتولہ کی ماں کے زخموں پر مرہم رکھیں کیونکہ نمرہ کراچی اور سندھ کی بیٹی تھی۔
اس موقع پر قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ پولیس عوام کے سامنے خوف کی علامت بن چکی اس لیے شہری اب انہیں دوست کی نظر سے نہیں دیکھتے، سندھ حکومت نمرہ بیگ کے نام پر پولیس اسٹیشن قائم کرے۔
کراچی: سندھ رینجرز نے ٹارگٹ کلنگ کی حالیہ وارداتوں میں ملوث ایم کیو ایم لندن کے 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا جو واٹس ایپ کے ذریعے بیرون ملک مقیم سلیم بلیجیئم کے احکامات پر کارروائیاں کرتے تھے۔
کراچی رینجرز ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کرنل فیصل کا کہنا تھا کہ حالیہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ایم کیوایم لندن کے 8ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ ابھی 7 مفرور ہیں جن کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا، حراست میں لیے گئے تمام ملزمان لندن میں مقیم رہنما سلیم بیلجیئم کی ٹارگٹ کلنگ کا حصہ تھے۔
کرنل فیصل کا کہنا تھا کہ بانی ایم کیوایم کی ہدایت پر سلیم ٹارگٹ کلنگ ٹیم کو کنٹرول کرتا تھا اور انہیں ایم کیو ایم لندن کے حکم پر اسلحہ و مالی امداد فراہم کرتا تھا، ملزمان گرفتاری کے خوف سے موبائل نمبر سے نہیں بلکہ واٹس ایپ استعمال کر کے ایک دوسرے سے رابطے میں رہتے تھے جس کے دوران وہ مختلف چیزوں کے لیے خفیہ الفاظ استعمال کرتے تھے۔
رینجرز حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان آئی ای ڈی کے لیے ڈبہ،دستی بم کیلئے آلو کوڈ ورڈ استعمال کرتے تھے،ٹارگٹ کلنگ کی ٹیم آصف پاشا نامی ملزم چلا رہا تھا جنہوں نے حالیہ وارداتوں کا اعتراف کیا اور پی ایس پی کے دفتر پر حملے کو بھی قبولا، حالیہ ٹارگٹ کلنگ کامقصدکراچی کے امن کو خراب کرنا تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ سلیم بیلجیئم عرف جنرل نے ملزمان کو موبائل فون استعمال نہ کرنے اور انڈر گراؤنڈ رہنے کی ہدایت کی، مالی معاونت اور رقم کی فراہمی کے لیے خواتین کو بھی استعمال کیا گیا جس کا اعتراف تفتیش کے دوران ملزمان نے خود کیا۔
کرنل فیصل کا کہنا تھا کہ ملزمان نےگزشتہ چندماہ کےواقعات میں ملوث ہونےکا اعتراف کیا، سلیم بیلجیئم نارتھ کراچی کارہائشی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا ہے، اُسے 2011میں رینجرز نےگرفتار کرکے پولیس کو حوالے کیا تھا جس کے بعد ملزم مقدمات کا سامنا کرکے بیرون ملک فرار ہوگیا تھا۔
رینجرز حکام کا کہنا تھا کہ ملزم سلیم جنوبی افریقا سمیت دیگر ممالک میں فرار ملزمان کو جمع کرتا ہے اور اُس نے کراچی میں آصف پاشا عرف میجر کو بانی ایم کیو ایم کی ہدایت پر ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا سربراہ بنایا، الطاف حسین نے اپنی حالیہ تقاریر میں علیحدگی اختیار کرنے والے ارکان کو نشانہ بنانے کا ذکر بھی کیا۔
کرنل فیصل کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم لندن ارکان کو واضح کرتا ہوں کہ اب کراچی میں کوئی نوگوایریا نہیں ہے، متحدہ لندن کے بقیہ رہ جانے والے اراکین بھی قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے، پاکستان رینجرز سندھ کراچی کا امن برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرےگی۔
اُن کا کہنا تھا کہ بانی ایم کیوایم اپنی تقاریر میں فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کررہےہیں، ایم کیوایم پاکستان اور پی ایس پی کے دفاتر پر ہونے والے حملوں میں زیر استعمال اسلحہ ملزم رضا علی کے گھر سے برآمد ہوا جبکہ آصف پاشا کے گھر سے بھی نائن ایم ایم پستول برآمد کیا گیا۔
رینجرز کے کرنل کا کہنا تھا کہ ملزمان ایم کیو ایم پاکستان کے ممبر شکیل انصاری کے قتل میں بھی ملوث ہیں، اُن کے قتل کے خلاف ایم کیو ایم نے 14 فروری کو احتجاج کا اعلان کیا جس میں بم دھماکا کرنے کی منصوبہ بندی بھی سلیم اور اُس کے ساتھیوں نے کی تاہم وہ سخت سیکیورٹی کی وجہ سے ناکام رہے جبکہ ملزمان نےفاروق ستار پر حملےکے لیے بھی آئی ای ڈی بنائی لی تھی جسے کارروائی کے دوران برآمد کرلیا گیا۔
ملزمان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے 23 دسمبر کو پی ایس پی کے دفتر پر حملہ، ایم کیو ایم کے محفل میلاد پر بم دھماکے کا منصوبہ بھی آصف پاشا اور رحمان عرف شارق نامی ملزم نے بنایا۔
کرنل فیصل کا کہنا تھاکہ ’ آپریشن کےذریعےکراچی میں امن قائم ہوا مگر ملک دشمن عناصر کو شہر کا امن قبول نہیں، ہم شہریوں اور شہر کے حق میں ہر قسم کے اقدامات کریں گے‘۔
اس موقع پر رینجرز حکام نے ملزمان اور سلیم بیلجیئم کے درمیان ہونے والی واٹس ایپ گفتگو بھی سنائی جس میں واضح طور پر احکامات دیے گئے ہیں۔
کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے اندرونی مسائل ختم نہیں ہوئے، فاروق ستار پارٹی قیادت کے لیے تاحال پریشانی کا باعث بنے ہوئے ہیں.
تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم پاکستان رابطہ کمیٹی نے سابق کنوینر اور سینئر رہنما فاروق ستارکوایک اورنوٹس ارسال کر دیا ہے.
نوٹس میں فاروق ستار کی جانب سے ایم کیوایم پاکستان کا نام، پرچم ، انتخابی نشان استعمال کرنے بازپرس کرتے ہوئ ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پارٹی نام، پرچم، انتخابی نشان کا استعمال بند کر دیں.
یاد رہے کہ گذشتہ برس کے وسط میں ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان شدید اختلافات منطر عام پر آئے تھے، پارٹی پی آئی بی اور بہادر آباد میں تقسیم ہوگئی.
قیادت اور اختیارات کے لیے شروع ہونے والی اس جنگ کے اختتام میں بہادر آباد میں موجود قیادت نے خالد مقبول صدیقی کو کنوینر منتخب کر لیا.
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد فاروق ستار پارٹی میں غیرمتعلقہ ہوگئے، البتہ انھوں نے اپنی سرگرمیوں کے لیے پارٹی کا نام استعمال کرنا جاری رکھا، جس کی وجہ سے اختلافات سامنے آتے رہے، اب ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کی جانب سے فاروق ستار کو ایک اور نوٹس جاری کیا گیا ہے.
خیال رہے کہ گذشتہ روز ایم کیو ایم کے دفتر پر حملہ ہوا تھا، جس میں ایک کارکن جاں بحق جب کہ ایک شدید زخمی ہوا.
کراچی: صدر پاکستان عارف علوی اور ایم کیو ایم کے وفد کے درمیان گورنر ہاؤس کراچی میں اہم ملاقات ہوئی ہے.
تفصیلات کے مطابق یہ ملاقات قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کے حوالے سے ایم کیوایم پاکستان کے تحفظات کی تناظر میں ہوئی.
گورنر ہاؤس میں صدرپاکستان عارف علوی ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملے، اس موقع گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے.
ملاقات میں صدر نے ایم کیو ایم کو تمام تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چلیں گے ، تمام تحفظات دور کیے جائیں گے.
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے قائمہ کمیٹیوں میں نمائندگی کے بجائے چیئرمین شپ کا مطالبہ کیا ہے. خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ایم کیوا یم کو شماریات کی قائمہ کمیٹی کی پیش کش کی گئی تھی، مگر ایم کیو ایم نے اس پیش کش کو قبول کرنے سے انکار دیا.
ایم کیو ایم پاکستان نے نے داخلہ، انسانی حقوق اور توانائی کی کمیٹیوں کا مطالبہ کیا ہے، صدر پاکستان اور پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے ایم کیو ایم کو یقین دلایا ہے کہ ان کے تحفظات دور کیے جائیں گے.
یاد رہے کہ گذشتہ روز نعیم الحق نے ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی تھی، جس میں عمران خان کا ساتھ دینے اور عثمان بزدار کے خلاف تمام سازشیں ناکام بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا.
کراچی : ایم کیو ایم پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی میں مناسب نمائندگی نہ ملنے پر اختلافات میں اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعت متحدہ قومی موؤمنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے اپنے اراکین قومی اسمبلی کو اسلام آباد جانے سے روک دیا۔
ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ کوئی بھی اراکین اسمبلی قائمہ کمیٹی اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا، پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ چلنا ہے یا نہیں یہ رابطہ کمیٹی اجلاس میں طے کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موؤمنٹ شماریات کی قائمہ کمیٹی لینے سے انکار کرتے ہوئے توانائی ،داخلہ یا انسانی حقوق کی قائمہ کمیٹی لینے پر اصرار کررہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے تحفظات سے حکومت اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو آگاہ کردیا ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ قومی موؤمنٹ پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان گزشتہ دو ماہ سے مختلف موضوعات پر اختلافات سامنے آنے آرہے ہیں۔
گزشتہ برس دسمبر میں میئر کراچی وسیم اختر نے پی ٹی آئی رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے انھیں مونٹیسوری میں پڑھنے والے بچے قرار دے دیا تھا، جس کے بعد دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان لفظوں کی جنگ چھڑ گئی۔
پی ٹی آئی رہنما خرم زمان کی وسیم اختر پر تنقید کے بعد پی ٹی آئی قیادت کا پیغام ہے کہ ایم کیو ایم پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت ہے، ایسے بیانات سے گریز کیا جائے جس سے اختلافات پیدا ہوں۔
کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی اسامہ قادری کو بھتے کی کال موصول ہوئی ہے.
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما کو بھتے کی کال موصول ہوئی اور دھمکیاں دی گئیں، اسامہ قادری کے مطابق واٹس ایپ پر دبئی نمبرسے بھتے کی کال اور میسجز موصول ہوئے.
اسامہ قادری کے مطابق انھیں 25 لاکھ روپے امریکی ڈالرکی شکل میں ساؤتھ افریقا بھیجنے کا کہا گیا، میسج میں رقم نہ دینے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں.
ایم این اےاسامہ قادری کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق وزیرمملکت برائے داخلہ کو ایک ہفتہ قبل آگاہ کیا، کمشنرکراچی کو بھی آگاہ کردیا، مگر نہ تو سیکیورٹی دی گئی، نہ ہی کوئی مؤثرکارروائی ہوئی.
ان کا کہنا تھا کہ جان سے مارنےکی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، فوری سیکیورٹی دی جائے.