اسلام آباد: وفاقی وزیرریلوے اورمسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ سعدرفیق نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے فون پر رابطہ کیا اوران سے ملک کی موجودہ صورتحال پر گفتگوکی۔
خواجہ سعدرفیق نے ملک کے موجودہ سیاسی بحران کے حل کیلئے الطاف حسین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ آپ معاملات کوپرامن طریقے سے حل کرانے کیلئے جو کوششیں کررہے ہیں ہم انہیں قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔
خواجہ سعدرفیق نے کہاکہ ہماری کوشش ہوگی کہ ہم مسئلے کو مذاکرات اوربات چیت سے حل کریں۔ الطاف حسین نے کہاکہ میری خواہش اورکوشش ہے کہ تمام معاملات افہام وتفہیم اورپرامن طریقے سے حل ہوں۔
اسلام آباد : متحد ہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے اراکین حیدر عباس رضوی ، رشید گوڈیل اور اسلم آفریدی نے اسلام آباد میں پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان تحریک انصاف کے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور قائد تحریک الطاف حسین کی ہدایت پر سیونتھ ایونیو چوک پر دونوں جماعتوں کے کارکنان میں غذائی اشیاء ، جوس ، بسکٹ اور ہزاروں کی تعداد میں پانی کی بوتلیں تقسیم کیں ۔
اس موقع پر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن زاہد ملک ،ایم کیوا یم خیبر پختونخوا اورایم کیوایم پنجاب کمیٹی کے ذمہ داران بھی انکے ہمراہ تھے۔ ایم کیوایم کی جانب سے انقلاب اورآزادی مارچ کے شرکاء میں کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی پر شرکاء کی جانب سے خیر مقدم کیا گیااور قائدتحریک الطاف حسین سے دلی تشکر کااظہار کیا ۔
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین آزادی مارچ اورانقلاب مارچ اور آزادی مارچ میں شرکاء سے ملے اوران کی خیریت دریافت کی ۔جلسہ گاہ میں میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کہاکہ ایم کیوایم کا ہمیشہ سے یہی موٴقف رہا ہے کہ سیاسی معاملات کو افہام و تفہیم اوربات چیت سے حل کیا جائے ۔
انہوں نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین انقلاب مارچ اور آزادی مارچ کے شرکاء کیلئے بہت زیادہ فکر مند تھے اوران کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انقلاب اورآزادی مارچ کے شرکاء کو درپیش مسائل کے حل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین نے اہلیان اسلام آباد اور راولپنڈی سے اپیل کی کہ ہزاروں کی تعداد میں آئے ہوئے انقلاب اور آزادی مارچ کے شرکاء آپ کے مہمان ہیں اور ان کی ہرممکن مدد کرنا ہم سب کا فرض ہے ۔رابطہ کمیٹی کے اراکین نے حکومت اورا پوزیشن کے رہنماوٴں سے اپیل کی کہ وہ ملک کی موجودہ نازک صورتحال کے پیش نظر کسی بھی قسم کی محاذآرائی اورتصادم سے گریز کریں اور سیاسی معاملات کو بات چیت اورافہام وتفہیم سے حل کریں
لاہور:حکومت پنجاب نے فیصل چوک پرایم کیوایم کی جانب سے بھیجا جانےوالا راشن احتجاج کےبعد ماڈل ٹاؤن لےجانےکی اجازت دیدی۔
ایم کیوایم کا وفد منہاج القرآن کےباہرجمع افراد کےلئےکھانا اوردیگرامدادی سامان لیکرماڈل ٹاؤن پہنچا توانتظامیہ نےاسےآگےجانےسےروک دیا،ایم کیوایم کےاحتجاج کےبعد حکام نےایم کیوایم کے وفد کو کھانا لے جانےکی اجازت دیدی جس کےبعد ایم کیوایم کے وفد نےکھانا منہاج القرآن کےعہدیداروں کے حوالے کیا۔
پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں نےتمام ترمشکلات کے باوجود کھانا پہنچانےپرایم کیوایم کی قیادت کاشکریہ اداکیا،دوسری جانب گورنرپنجاب چوہدری محمدسرورنے متحدہ قومی موومنٹ کےقائدالطاف حسین سے فون پررابطہ کیا اورموجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے گورنر پنجاب سے گفتگوکرتےہوئےکہا کہ سیاسی بحران کےخاتمے کیلئےتجاویز پیش کرنے کے باوجودمعاملات آگے نہیں بڑھ رہے۔
الطاف حسین نےکہا کہ وفاقی حکومت نےاعلان کے باوجود لاہوراورماڈل ٹاؤن سےاب تک رکاوٹیں نہیں ہٹائیں،انہوں نےموجودہ بحران کو دانشمندی سے حل کرانے کیلئے گورنر پنجاب سے کردار اداکر نے کی اپیل بھی کی، گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ وہ بحران کے خاتمے کیلئےاپنا کردار اداکرنے کو تیار ہیں۔
کراچی میں بجلی کے صارفین کو چار سو چالیس واٹ کا جھٹکا، نیپرا نے فی یونٹ قیمت میں ایک روپے چورانوے پیسے اضافے کی منظوری دے دی ,نیشنل الیکٹریک پاور ریگیولیٹری اتھارٹی نے کے الیکٹرک کیلئے بجلی ایک روپے چورانوے پیسے فی یونٹ تک مہنگی کرنے کی منظوری دے ۔
قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے ۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیلئے کے الیکٹرک کی درخواستوں کی سماعت کے بعد منظوری دی گئی،
نیپرا کے مطابق اکتوبر کیلئے چوالیس پیسے،نومبر کیلئے تریسٹھ پیسے، اورمارچ کیلئے ستاسی پیسے فی یونٹ اضافہ کی منظوری دی گئی ہے، پچاس یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والے صارفین پر اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا
کراچی:متحدہ قومی موومنٹ کےقائد الطاف حسین نےوزیراعظم میاں نوازشریف اوروزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے پرزورمطالبہ کیاہےکہ وہ لاہور کے مختلف علاقوں میں کھڑےکئےگئےکنٹینرز،ٹرالرزاوردیگررکاوٹوں کوہٹانےکےفوری احکامات جاری کریں۔
اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ گزشتہ کئی روزسےلاہورشہرمیں پولیس وانتظامیہ نے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کردی ہیں جس سےروزگار،کاروباراورملازمت پرجانے والے افرادکو شدید مشکلات کاسامناہے۔
ان رکاوٹوں سے سب سے زیادہ متاثر یومیہ اجرت پر کام کرنے والے وہ غریب مزدور اورمحنت کش ہیں جو ہرروزمحنت کرکے اپنے اہل خانہ کاپیٹ پالتے ہیں،اس کے ساتھ ساتھ شاہراہیں دن بندہونےسےمریضوں کواسپتال لانے لیجانےمیں بھی شدید دشواریوںکاسامناہے۔
جناب الطاف حسین نے حقوق انسانی کی تمام تنظیموں،سول سوسائٹی کی تمام انجمنوں، وکلاء برادری اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سےتعلق رکھنےوالےافرادسے بھی اپیل کی کہ و ہ حکومت کی جانب سےاٹھائے گئے ان ظالمانہ اورآمرانہ اقدامات کےخلاف اپنے ظرف و ضمیرکے مطابق آواز احتجاج بلندکریں۔
لندن: ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین ملی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے آج کی رات بہت نازک ہے، اطلاعات مل رہی ہیں کہ ڈاکٹرطاہر القادری اور عمران خان کو گرفتار یا حفاظتی تحویل میں لیا جاسکتا ہے۔
ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے موجودہ ملکی سیاست کو انتہائی تشویش ناک قرار دیا ہے،ایم کیوایم کے قائد کا کہنا ہے جمہوریت کی بقاء کیلئے محاذآرائی سے بچنے کا واحدراستہ بات چیت ہے، بات چیت سے بڑے سے بڑے مسائل حل ہوسکتے ہیں، انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف ،عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری سے اپیل کی ہے کہ معاملات کے حل کے لیے فوری طور ہربات چیت کا آغاز کریں اور اس وقت تک نہ اٹھیں جب تک کسی نتیجے پر نہ پہنچ جائیں ۔
الطاف حسین کا کہنا ہے جوبھی مارچ کرناچاہے حکومت کو اسے مارچ کرنے دیناچاہیے، اگر حکومت کسی عوامی مارچ کے خلاف ایکشن لے گی تو حالات مزید بگڑنے اور تصادم کا کا اندیشہ ہے اور ایم کیوایم کسی تصادم کی حمایت نہیں کرسکتی ۔
راولپنڈی: ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے شیخ رشید کے گھرلال حویلی پرحملے کی کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نےٹیلی فون پر شیخ رشید سے رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی، الطاف حسین نے کہا حکومت ایسے ہتھکنڈے اختیار نہ کرے، یہ انتہائی مذموم حرکت ہے، ایسی حرکتوں سے کبھی کوئی مثبت نتیجہ نہیں نکلا، حکومت طاقت کے استعمال کے بجائے افہام وتفہیم کا راستہ اختیارکرے، شیخ رشید نے خیریت دریافت کرنے الطاف حسین کا شکریہ ادا کیا۔
تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے بھی شیخ رشید کے گھر پتھراؤ کی مذمت کرتے ہوئے کہا حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے، ن لیگ غنڈوں کے ذریعے اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف نفرت انگیز اقدامات کررہی ہے، صوبے میں انتشار کی ذمہ دار پنجاب حکومت اور ن لیگ ہوگی۔
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے شیخ رشید کو فون کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکمران ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل رہے ہیں
لاہور: عمران خان کہتے ہیں طاہر القادری سے انتخابات کے ذریعے انقلاب کی بات کی جائے گی، چودہ اگست کے بعد وہ خود وزیراعظم کو ملاقات کی دعوت دیں گے۔
چودہ اگست کو آزادی مارچ اور انقلاب مارچ ساتھ ساتھ ہوگا اور عمران خان نے آزادی مارچ کے بعد اپنی پہلی ترجیح بھی بتا دی،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں یہ پورے پاکستان کی آزادی کا معاملہ ہے۔ علامہ طاہر القادری سے بات کی جائے گی کہ وہ انتخابی انقلاب کے ذریعے اٹھارہ کروڑ عوام کی زندگیوں میں انقلاب لائیں۔
عمران خان علامہ طاہر القادری سے انتخابی عمل میں اصلاحات کی بات کریں گے، کپتان پہلے ہی کہہ چکے ہیں وزیراعظم نواز شریف کے استعفے اور وسط مدتی انتخابات کے مطالبات کی منظوری تک وہ اسلام آباد میں بیٹھے رہیں گے،عمران خان کہتے ہیں چودہ اگست کے بعد وہ خود وزیراعظم کو ملاقات کی دعوت دیں گے۔
لاڑکانہ: جسقم کے مرکزی سینیئر وائس چیئرمین ڈاکٹر نیاز کالانی نے کہا ہے کہ ملک کے حکمران سندھ کے وسائل پر لڑ رہے ہیں، 14اگست کو ہونے والے عمران خان کے آزادی مارچ اور علامہ طاہرالقادری کے انقلاب مارچ اس لئے کئے جارہے ہیں کہ سندھ کی لوٹ کھسوٹ میں کس کا کتنا حصا ہونا چاہئے۔ ان تحریکوں اور مارچ سے سندھی عوام کا کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی اس سے سندھ کو کوئی فائدہ ملے گا۔
ہماری جماعت ان سے لاتعلق ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گیس پیداوار میں سندھ کا حصہ 82فیصد اور پنجاب کا حصہ صرف 4 فیصد ہے اس کے باوجود سندھ میں گیس کی قلت برقرار ہے جبکہ قدرتی وسائل سے مالا مال سندھ دھرتی کی 80فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گذارنے پر مجبور ہے۔
جس کے خلاف ہماری جدوجہد جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن متاثرین کی سندھ آمد کے خلاف سندھ بچاؤ کمیٹی کی جانب سے 29 ستمبر کو کراچی میں سندھ اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا جائے گا،جس میں ہمارا مطالبہ ہوگا کہ سندھ میں دوسرے صوبوں کی آبادی کو روکنے کے لئے مستقل طور پر قانون سازی کی جائے۔
اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک آج سانحہ ماڈل ٹاؤن اور ضرب ِ عضب میں شہید ہونے والے شہدا کی یاد میں یوم شہدامنارہی ہے جس کی مرکزی تقریب لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں واقع منہاج القرآن سیکریٹیریٹ میں منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کےسربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ظلم کی انتہا ہوچکی ہے اور اب نہ ظلم رہے گا اور نہ ہی ظالم بچے گا۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے اہنے کارکنان سے تین دن تک ماڈل ٹاؤن میں جمع رہنے کا حکم دیتے ہوئے تاریخ ساز اعلان کیا کہ تین دن تک یہاں شہدا کی قرآن خوانی ہوگی اور چودہ اگست کو انقلاب مارچ روانہ ہوگا جو عمران خان کے آزادی مارچ کے ساتھ مل کر اسلام آباد جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ساتھ مل کر حکمرانوں کے خلاف جدوجہد کریں گے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ضرب ِ عضب کے شہدا ، سانحۂ ماڈل اور ملک بھر میں دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے شہدا سے خراج ِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔
علامہ ڈاکٹر طاہر القادری نے خطاب کے آغاز میں پاکستانی قوم کے چنیدہ مسائل کا ذکر کرتے ہوئے ان کے حل کے لئے اللہ تعالیٰ سے مدد کی دعامانگی۔
انہوں نے جلسے کے شرکاء کے جذبے کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب کوئی پھل نہیں جو آسانی سے جھولی میں ڈال دیا جائے ، دنیا بھر میں جہاں کہیں آج ترقی اور آزادی ہے اس کے پیچھے قربانیوں کی طویل اور لازوال قربانیوں کی داستانیں ہیں۔ ظالم ابھی اور ظلم کریں گے لیکن پاکستان عوامی تحریک کی تاریخ ہمیشہ پر امن رہی ہے اور انقلاب کے راستے پرامن سفر کریں گے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ حکومت ان کے قتل کی سازش تیار کر چکی ہے اور عنقریب مجھے شہید کردیا جائے گا، انہوں نے حکمرانوں کو للکارتے ہوئے کہا کہ مجھے شہادت سے ڈر نہیں لگتا ، میں کسی کنٹینر میں نہیں بیٹھا ہوا جس کو مارنا ہے ا بھی آجائے۔ میں اس ملک کے عوام کے فلاح و بہبود کے لئے اور ان کے حقوق کے لئے فخر سے شہید ہوں گا۔
یوم ِ شہدا کی تقریب کے مناظر
ان کا کہنا تھا کہ میں پچھلے تیس سال سے ماڈل ٹاؤن کے اس ایک کنال کے مکان میں رہ رہا ہوں حکومت نے مجھ پر منی لانڈرنگ کے الزامات لگائے ، تحقیقات کرائیں اور آخر کار خود شرمندہ ہوئے کہ دنیا بھر میں میرے کوئی اثاثے نہیں ہے۔
انہوں نے اپنے کارکنوں سے کہا کہ انقلاب کی منزلیں بے پناہ سخت ہیں اور جو جانا چاہتا ہے وہ چلا جائے میں کسی پر زبردستی نہیں کروں گا۔ انہوں نے یوم ِ شہدا کی تقریب کے بعد کارکنوں کو مزید تین دن تک بیٹھنے کے لئے کہا جس پر شرکا ء نے انتہائی جوش و خروش سے ان کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔
ڈاکٹرطاہر القادری کا کہنا تھا کہ روز مجھ پر مقدمے قائم کئے جارہے ہیں کبھی اغوا کا ، کبھی کسی ایکسیڈنٹ میں مارے جانے والے کو ہمارے حساب میں ڈال دیا جاتا ہے لیکن آج دو مہینے بعد بھی ہمارے شہدا کے قتل کی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔
حکمرانوں تحفظ کے نام پر ماڈل ٹاؤن کو غزہ بنادیا ہے سات روز سے شہری یہاں محصور ہیں اور کسی کو ان کی مدد نہیں کرنے دی جارہی یہاں تک کہ ایم کیو ایم کے وزرا کو کھانا لے کر بھی نہیں آنے دیا گیا۔
ڈاکٹر قادری نے کہا کہ ہم پاکستان کی سیاسی سماجی اور ہر سطح پر ہونے والی دہشت گردی کے مخالف ہیں اور ہم اس ملک سے دہشت گردوں سے پاک کر کے دم لیں گے۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے حدیث کے حوالے سے کہا کہ ظالم حکومت کے خلاف ڈٹ جانا سب سے بڑا جہاد ہے اور اس وقت جتنی جماعتیں اور افراد اس حکومت کے خلاف ہمارے ساتھ ہیں وہ جہاد ِ افضل کررہے ہیں۔
ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ ہماری ساری جدوجہد انصاف اور مساوات کے لئے ہے ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے عوام بھی اسی طرح بہتر زندگی گزاریں جس طرح ساری دنیا کے ترقی یافتہ ملکوں کے عوام گزارتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت غاصب ہے اور ہر وقت پاکستان آرمی کہ خلاف سازشوں میں مشغول رہتی ہے جو کہ ہماری سرحدوں کی محافظ ہے ہم چاہتے ہیں کہ ہم نظام کو تبدیل کرکے پاک فوج کو نیا جذبہ عطا کریں۔
یوم ِ شہدا کی تقریب کے مناظر
علامہ طاہر القادری نے کارکنوں سے کہا کہ انقلاب کے لئے تیار ہوجائیں جو آپ پر ظلم کریں آپ ان کا ہاتھ توڑ دیں ظالم کو ظلم نہ کرنے دیں ، لڑائی نہیں کرنی لیکن جدوجہد کی حفاظت کے لئے دہشت گردوں کو پوری قوت سے پیچھے دھکیل دیں۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنے کارکنوں کو وصیت کی کہ اگر میں اس جدوجہد میں شریف برادران کا سازش کا شکار ہو کر قتل ہوجاؤں تو ان کو چھوڑنا مت۔ خون کا بدلہ خون ہے، میرا بدلہ ضرور لینا ہے۔
عوامی تحریک سے اظہار ِ یکجہتی کے لئے پاکستان تحریک انصاف، عوامی مسلم لیگ۔ متحدہ قومی موومنٹ، آل پاکستان مسلم لیگ ، مجلس وحدت المسلمین اور پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنماؤں نے بھی تقریب کے شرکاء سے خطاب کیا۔